Tag: اسٹوڈنٹ یونینز

  • وفاقی وزیر کا طلبہ یونین سے متعلق اہم بیان

    وفاقی وزیر کا طلبہ یونین سے متعلق اہم بیان

    اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے طلبہ یونین کے معاملے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اصولی طور پر اس کے حق میں ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اپنے ایک بیان میں شفقت محمود نے کہا ہے کہ طلبہ یونین ایک اہم معاملہ ہے اور ہم اصولی طور پر اس کے حق میں ہیں، لیکن ہم نے تعلیمی اداروں کو سیاسی چپقلش کی آماج گاہ نہیں بنانا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے پرانا دور دیکھا ہے جہاں طلبہ یونین کے مثبت پہلو نمایاں تھے، لیکن پھر سیاسی جماعتوں کا یونینز میں بڑا عمل دخل ہوگیا تھا، جس سے تعلیمی ادارے سیاسی چپقلش کی آماج گاہ بنے۔

    شفقت محمود کا کہنا تھا کہ طلبہ یونین سے متعلق جلد کام شروع کر دیا جائے گا، اس سلسلے میں ایسا منصوبہ بنایا جائے گا کہ ماحول تعلیمی رہے اور طلبہ کی سرگرمیاں بھی جاری رہیں۔

    طلبہ یونین کی بحالی کے بل کی تحریک پیش، حکومتی و اپوزیشن ارکان یک زبان

    یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں تعلیمی اداروں میں طلبہ یونینز پر پابندی ختم کرنے کے بل کی تحریک قومی اسمبلی میں پیش کی گئی تھی، جس پر حکومتی اور اپوزیشن اراکین سب یک زبان ہو گئے تھے۔

    اس سے محض ایک دن قبل سندھ کابینہ نے طلبہ یونین کی بحالی کا بل منظور کیا تھا، اسٹوڈنٹ یونین بل2019 میں کہا گیا تھا کہ یونین کا کام تعلیمی ماحول بہتر کرنا اور نظم و ضبط پیدا کرنا ہوگا، طلبہ یونین غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے کام کریں گی، اسٹوڈنٹ یونین 7 سے 11 ممبران پر مشتمل ہوگی، یونین کے ممبرز طلبہ منتخب کریں گے۔

  • اسٹوڈنٹ یونینزکی بحالی کے لیے ملک بھر میں طلبہ کا مارچ

    اسٹوڈنٹ یونینزکی بحالی کے لیے ملک بھر میں طلبہ کا مارچ

    لاہور: ملک کے مختلف شہروں میں طلبہ تنظیموں کی جانب سے اسٹوڈنٹ یونینزکی بحالی کے حق میں طلبہ یکجہتی مارچ کا انعقاد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹوڈنٹ یونینزکی بحالی کے لیے ملک بھر میں طلبہ تنظیموں کی جانب سے مارچ کیے گئے،لاہورمیں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کی انتظامیہ نے طلبہ وطالبات کو مارچ میں شرکت سے روکنے کے لیے کالج کے گیٹ کو تالے لگا دیے۔

    وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں طلبہ یونینز پر پابندی کو جمہوریت کے منافی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ یونین پر پابندی مستقبل کی سیاست کو محدود کرنے کے مترادف ہے، طلبہ سیاست کو تشدد سے پاک بنانے کے لیے اقدامات کیے جاسکتے ہیں لیکن طلبہ سیاست پر پابندی غیرجمہوری اقدام ہے۔

    چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اسٹوڈنٹ یونینز کی حمایت کی، شہید بینظیربھٹو کا اسٹوڈنٹس یونین بحال کرنے کا اقدام واپس لیا گیا جس کا مقصد سوسائٹی کو سیاست سے دور کرنا تھا۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں 35 سال سے طلبہ یونینز پر پابندی عائد ہے اور یہ پابندی جنرل ضیاء الحق کے دور میں لگائی گئی۔