کراچی : ٹیکسز کی وجہ سے اسٹیشنری سے جڑی اشیاء پینسل، ربڑ،شاپنر، مارکر سب مہنگے ہوگئے، جس سے والدین کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بجٹ کے بعد آنے والے مہنگائی کے نئے طوفان سے جہاں ہر طبقہ ہی متاثر ہورہا ہے وہیں طلبہ کےلیے بھی تعلیمی اخراجات جاری رکھنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔
ٹیکسزکی وجہ سےاسٹیشنری سے جڑی اشیاء جیسے پینسل، ربڑ،شاپنر، مارکر مہنگے ہوچکے ہیں۔
بعض اشیاء میں دس سے تیس فیصد جبکہ کئی اسٹیشنری آئیٹمز کی قیمتوں میں اس سےبھی زیادہ اضافہ دیکھا جارہا ہے، ساتھ ہی ان اشیا کی خریداری پر بھی ضرب لگی ہے۔
اسٹیشنری پر لاگو ہونے والے ٹیکس نے طلبہ کے ساتھ ساتھ والدین کی بھی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔
والدین کا کہنا ہے مہنگائی کے باعث پہلےہی تعلیمی اخراجات آسمان کوچھوچکےہیں، اب اسٹیشنری پرٹیکس عائد کرکےحکومت نےرہی سہی کسربھی پوری کردی ہے۔