Tag: اسٹیٹ آف دی یونین

  • اسپیکر نینسی نے امریکی صدر کی تقریر پھاڑ کر پھینک دی

    اسپیکر نینسی نے امریکی صدر کی تقریر پھاڑ کر پھینک دی

    واشنگٹن: اسپیکر نینسی پلوسی نے نہایت جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایوان نمایندگان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریر کی کاپی پھاڑ کر پھینک دی۔

    تفصیلات کے مطابق آج امریکی صدر ٹرمپ نے ایوان نمایندگان میں خصوصی تقریر کی، اس تقریر کو اسٹیٹ آف دی یونین کہا جاتا ہے، تاہم ٹرمپ نے جیسے ہی تقریر ختم کی، ان کے پیچھے کھڑی اسپیکر آف دی ہاؤس نے تقریر کی کاپی پھاڑ کر پھینک دی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امریکی صدر کو بھی اس کا احساس ہو گیا تھا تاہم انھوں نے خود پر قابو پاتے ہوئے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ ویڈیو دیکھنے والوں کو نینسی پلوسی کی اس جرات نے بہت حیران کیا۔ یاد رہے کہ کچھ دیر قبل ٹرمپ نے نینسی سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا۔

    واقعے کے بعد رپورٹرز نے انھیں گھیر لیا، اور پوچھا کہ انھوں نے تقریر کی کاپی کیوں پھاڑی، نینسی پلوسی کا جواب سن کر صحافی اور بھی حیران ہوئے۔ اسپیکر کا جواب تھا کہ انھوں نے کاپی اس لیے پھاڑی کیوں کہ یہی سب سے زیادہ شائستہ رد عمل تھا۔

    ٹرمپ کا خطاب، نینسی پلوسی سے ہاتھ ملانے سے بھی انکار

    نینسی پلوسی نے فوراً بعد مزید کہا کہ اس شائستہ رد عمل کا متبادل بھی زیر غور ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اسپیکر کا ‘متبادل’ سے کیا مراد تھا۔ خیال رہے کہ ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی کے سلسلے میں ان دونوں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوتا رہا ہے، امریکی صدر انھیں تاریخ کی بد ترین اسپیکر قرار دے چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ خطاب کے لیے کیپٹل ہل پہنچے تو متعدد ڈیموکریٹس اراکین کانگریس نے ٹرمپ کے خطاب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا، صدر ٹرمپ نے کانگریس میں خطاب انتہائی کشیدہ ماحول میں کیا، امریکی سنییٹ میں مواخذے کا سامنا کرنے والے صدر ٹرمپ نے اسپیکر نینسی پلوسی کے ہاتھ بڑھانے پر بھی ہاتھ نہیں ملایا، ری پبلکن سینیٹرز کو خطاب کے دوران بار بار سراہتے رہے، گزشتہ ڈیموکریٹ حکومت پر بھی تنقید کے نشتر چلاتے رہے۔

  • امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ آج اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کریں گے

    امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ آج اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کریں گے

    واشنگٹن: امریکا میں حکومتی شٹ ڈاؤن ختم ہونے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج پانچ فروری کو اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کریں گے، اس خطاب میں ممکنہ طورپرصدر ٹرمپ میکسیکو بارڈر پر دیوار کی تعمیر کے موضوع پراظہارخیال کریں گے۔

    اسٹیٹ آف دی یونین وہ خطاب ہے جو امریکا کے صدرعموماََ ہرسال کانگریس کے دونوں ایوانوں سینیٹ اور ایوان نمائندگان کے مشترکہ اجلاس سے کرتے ہیں۔

    امریکی صدر اس خطاب میں ملکی وبین الاقوامی صورت حال اور قانون سازی سے متعلق اپنی حکومت کی پالیسی اور ترجیحات بیان کرتے ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں سال امریکی صدر کو اسٹیٹ آف دی یونین خطاب 29 جنوری کو کرنا تھا لیکن امریکی حکومت کے شٹ ڈاؤن اور میکسیکوکی سرحد پر دیوار کی تعمیر سے متعلق اختلافات کے باعث اسپیکرنینسی پیلوسی نے صدر جو خطاب کی دی گئی دعوت واپس لے لی تھی۔

    نینسی پیلوسی کی جانب سے خطاب کی دعوت واپس لینے کے بعد وائٹ ہاؤس کے حکام نے دھمکی دی تھی کہ صدر کسی متبادل مقام پرعوامی اجتماع میں اپنا یہ سالانہ خطاب کریں گے۔

    امریکی صدرنے کانگریس سے خطاب کی دعوت قبول کرلی

    بعدازں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کانگریس میں ہی کریں گے اور اس کے لیے شٹ ڈاؤن کے خاتمے تک انتظار کرنے کوترجیح دیں گے۔

    واضح رہے کہ 29 جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کی جانب سے 5 فروری کو کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کرنے کی دعوت قبول کی تھی۔