اسلام آباد : وفاقی حکومت کے قرضے نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے، صرف مئی میں ایک ہزار 109 ارب روپے کے اضافے کا ریکارڈ قائم ہوا۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ مئی 2025 تک وفاقی حکومت کا قرض 76 ہزار 45 ارب روپے کی غیر معمولی سطح پر پہنچ گیا ہے، جو ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔
مرکزی بینک نے بتایا کہ صرف جولائی 2024 سے مئی 2025 کے دوران قرضوں میں 7 ہزار 131 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جبکہ صرف مئی میں ایک ہزار 109 ارب روپے کے اضافے کا ریکارڈ قائم ہوا۔
گزشتہ ایک سال یعنی جون 2024 سے مئی 2025 کے دوران وفاقی قرضے میں مجموعی طور پر8 ہزار 312 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
https://urdu.arynews.tv/dollar-currency-rate-pakistan-today/
موجودہ قرض میں 53 ہزار 460 ارب روپے مقامی، جبکہ 22 ہزار 585 ارب روپے بیرونی قرضے شامل ہیں۔
قرضوں میں یہ اضافہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان کو زیادہ مہنگائی، کم شرح نمو اور آئی ایم ایف کے اخراجات میں کمی کے دباؤ کا سامنا ہے۔
معاشی ماہرین فوری مالی اصلاحات، قرضوں کے سخت انتظام اور مزید معاشی عدم استحکام اور عوامی مشکلات سے بچنے کے لیے محصولات میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔