Tag: اسٹیٹ بینک

  • اسٹیٹ بینک نے سسٹم کے لحاظ سے اہم ملکی بینکوں کا تعیّن کر دیا

    اسٹیٹ بینک نے سسٹم کے لحاظ سے اہم ملکی بینکوں کا تعیّن کر دیا

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سسٹم کے لحاظ سے اہم ملکی بینکوں کا تعیّن کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بینک دولت پاکستان (ایس بی پی) نے ’فریم ورک فار ڈومیسٹک سسٹمیکلی امپورٹنٹ بینکس‘ کے تحت، جسے اپریل 2018 میں متعارف کرایا گیا تھا، 2022 کے لیے نظام کے لحاظ سے اہم ملکی بینکوں (D-SIBs) کے تعیّن کا اعلان کر دیا۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ فریم ورک عالمی معیارات اور روایات کے مطابق ہے، اس میں مقامی حرکیات کا لحاظ رکھا گیا ہے، اور اس میں نظام کے لحاظ سے اہم ملکی بینکوں کی شناخت اور تعین کا طریقہ کار، ضابطہ کاری اور نگرانی کی بہتر شرائط اور عمل درآمد کے لیے رہنما ہدایات نوٹ کی گئی ہیں۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ان بہتر شرائط کا مقصد نظام کے لحاظ سے اہم بینکوں کی دھچکوں (shocks) کے خلاف لچک کو مزید بہتر بنانا اور ان کے انتظامِ خطر کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔

    نظام کے لحاظ سے اہم ملکی بینکوں کی شناخت دو مراحل پر مشتمل ہے، پہلے مرحلے میں مقداری اور معیاری پیمانوں کی بنیاد پر ہر سال نمونے کے بینکوں کو شناخت کیا جاتا ہے، دوسرے مرحلے میں نمونے کے اِن بینکوں میں سے ان اداروں کے حجم، باہمی روابط، تبادلہ کی قابلیت کی بنیاد پر ڈی ایس آئی بیز کا تعین کیا جاتا ہے۔

    اسٹیٹ بینک نے بینکوں کے 31 دسمبر 2021 تک کے مالی امور کی بنیاد پر سالانہ جانچ کی ہے، اس جانچ کے مطابق تین بینکوں یعنی حبیب بینک لمیٹڈ، نیشنل بینک آف پاکستان اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کو نظام کے لحاظ سے اہم ملکی بینک متعین کیا گیا ہے۔

  • ملکی معیشت کیلئے اچھی خبر : سعودی عرب نے  پاکستان کو  بڑا ریلیف دے دیا

    ملکی معیشت کیلئے اچھی خبر : سعودی عرب نے پاکستان کو بڑا ریلیف دے دیا

    اسلام آباد : سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں موجود 3 بلین ڈالر کی مدت میں توسیع کردی، ڈپازٹ کی مدت میں توسیع سعودی عرب کی پاکستان کیلئے مدد کا تسلسل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں موجود3 بلین ڈالرکی مدت میں توسیع کردی۔

    اسٹیٹ بینک کی جانب سے اعلامیے میں کہا ہے کہ سعودی عرب نےمعاشی استحکام کیلئے ایس ایف ڈی کے ذریعے رقم دی ہے،حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کہا کہ اللہ پاکستان کی حفاظت فرمائے۔

    مرکزی بینک نے بتایا کہ ڈپازٹ کی مدت میں توسیع سعودی عرب کی پاکستان کیلئےمدد کا تسلسل ہے، ڈپازٹ کا مقصد بینک میں غیر ملکی کرنسی ذخائر کو بڑھانا ہوتا ہے۔

    ڈپازٹ کی مدت میں توسیع سےپاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنے میں مدد ملے گی، سعودی عرب نے 3ارب ڈالرنومبر2021 کے معاہدے کے تحت ڈپازٹ کئے تھے۔

    یاد رہے اگست میں سعودی عرب نے پاکستان کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے 3 ارب ڈالر سیف ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا تھا۔

    ذرائع وزارت خزانہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ 3 ارب ڈالر سیف ڈیپازٹ کی مدمیں توسیع مزید ایک سال کیلئے کی جائے گی۔

  • ملکی زرمبادلہ ذخائر میں 13 کروڑ 38 لاکھ ڈالر کی کمی

    ملکی زرمبادلہ ذخائر میں 13 کروڑ 38 لاکھ ڈالر کی کمی

    اسلام آباد: ملک میں حالیہ ایک ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 13 کروڑ 38 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 7 ارب 82 کروڑ 57 لاکھ ڈالر رہ گئے۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق حالیہ ہفتے میں ملک کے پاس مجموعی طور پر13 ارب 64 کروڑ 50لاکھ ڈالر کے ذرمبادلہ کے ذخائر ہیں۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس مجموعی طور پر7 ارب 82کروڑ 57 لاکھ ڈالر جبکہ دیگر بینکوں کے پاس مجموعی طور پر5 ارب81 کروڑ 93لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ موجود تھا۔

    اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ اس ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں تیرہ کروڑ چالیس لاکھ ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے۔

  • ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ اضافہ

    ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ اضافہ

    اسلام آباد: ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 7 کروڑ  50 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے زرمبادلہ کے ذخائر سے متعلق ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کئے ہیں۔

    اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گیارہ نومبر دوہزار بائیس تک پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں سات کروڑ باون لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق 4 نومبرکو پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب 72 کروڑ ایک لاکھ ڈالرتھے، ایک ہفتے کے دوران غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق 11 نومبر کو اسٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 7 ارب 95 کروڑ 90 لاکھ ڈالرتھے، 4 سے 11 نومبر کے دوران زرمبادلہ کے ذخائرمیں 20 لاکھ 50 ہزار ڈالر کا اضافہ ہوا۔

    11 نومبر کو کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 83 کروڑ 60 لاکھ 70 ہزار ڈالر تھے۔

    ایک جانب تو کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ بتایا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔

  • معاشی پریشانیوں کا شکار پاکستان قرض کے پہاڑ تلے دب گیا

    معاشی پریشانیوں کا شکار پاکستان قرض کے پہاڑ تلے دب گیا

    کراچی : پاکستان کے قرض اور واجبات 62 کھرب پچاس ارب روپے تک پہنچ گئے، گزشتہ سال قرض اور واجبات کی رقم اکیاون اعشاریہ ایک کھرب تھی۔

    تفصیلات کے مطابق معاشی پریشانیوں کا شکار پاکستان کے قرض اور واجبات میں تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    اسٹیٹ بینک نے پاکستان کے قرضوں سے مطالق اعدادوشمار جاری کر دیئے ، جس میں بتایا گیا کہ رواں سال ستمبر تک پاکستانی قرضوں اور واجبات میں بارہ کھرب روپے کا اضافہ ہوا جو 23.7 فیصد ہے۔

    مرکزی بینک کا کہنا تھا کہ ملکی قرض اور واجبات باسٹھ کھرب پچاس ارب روپے تک پہنچ گئے، گزشتہ سال قرض اور واجبات کی رقم اکیاون اعشاریہ ایک کھرب تھی۔

    اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال اس رقم میں نواعشاریہ سات فیصد اضافہ ہوا تھا جبکہ رواں سال اس میں تئیس اعشاریہ سات فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ پچھلے تین ماہ کے دوران پاکستان نے تین کھرب چھپن ارب روپے کی ادائیگیاں کی ہیں اور بیرونی قرض انتیس کھرب ستر ارب روپے سے بڑھ کر چھبیس کھرب پچاس ارب روپے ہو گیا۔

    مرکزی بینک کے مطابق تین ماہ میں حکومتی قرض تیرہ کھرب بیاسی ارب سے بڑھ کر تقریبا اٹھارہ کھرب روپے پر پہنچ گیا، آئی ایم ایف کا قرض جو جولائی ستمبر دوہزار بائیس میں ایک کھرب بیس ارب روپے پر تھا وہ بڑھ کر رواں سال تین ماہ میں ایک کھرب تہتر ارب روپے پر چلا گیا ہے.

    اس حوالے سے ماہر معاشیات مزمل اسلم نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کو قرض اتارنے کیلئے قرض لینا پڑتا ہے، پی ٹی آئی حکومت نے قرض لیا لیکن آمدنی ،ایکسپورٹ بڑھائی۔

    مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دورمیں قرض کی ادائیگی بھی ہورہی تھی اورآمدنی بھی بڑھ رہی تھی ، موجودہ حکومت نے جوقرض 6ماہ میں لیا یہ یومیہ 35ارب روپے بنتاہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ دیکھنا یہ چاہیے کہ ملک کی معاشی صورتحال پر اعدادوشمار کیا بتا رہےہیں ، ڈیفالٹ رسک کےاعدادوشمار بتا رہے ہیں کہ پاکستان بری طرح پھنس گیا ہے۔

  • چینی بینک سے معاہدہ : پاکستانی سرمایہ کاروں کے لئے اچھی خبر

    چینی بینک سے معاہدہ : پاکستانی سرمایہ کاروں کے لئے اچھی خبر

    کراچی : اسٹیٹ بینک نے چینی کرنسی آر ایم بی کلیئرنگ کیلئے پیپلز بینک آف چائنا کے ساتھ معاہدہ کرلیا۔

    گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمداور پیپلزبینک آف چائنا کے گورنر یی گانگ نے دستخط کیے۔۔ معاہدے سے چینی اور پاکستانی سرمایہ کاروں کو سرحد پار ٹرانزیکشنز، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کا چینی کرنسی آرایم بی کلیئرنگ کیلئے پیپلز بینک آف چائنا کے ساتھ معاہدہ ہوگیا۔

    گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمداور پیپلزبینک آف چائنا کے گورنر یی گانگ نے دستخط کیے۔

    معاہدہ سے چینی اورپاکستانی سرمایہ کاروں کو سرحدپارٹرانز یکشنزمیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا۔

    اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین میں ان کے ہمراہ وفد کا حصہ تھے۔

  • اسٹیٹ بینک آج  نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان  کرے گا

    اسٹیٹ بینک آج نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرے گا

    کراچی : اسٹیٹ بینک آج نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرے گا ، شرح سود مسلسل دوسری بار 15 فیصد پر برقرار رہنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک اگلے ڈیڑھ ماہ کیلئے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کرے گا، اس سلسلے میں مانیٹری پالیسی اجلاس گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کی صدارت میں ہوگا۔

    مانیٹری پالیسی کمیٹی کےاجلاس کےبعدمانیٹری پالیسی کااعلان کیا جائے گا ، اسٹیٹ بینک مانیٹری پالیسی کا اعلان پریس ریلیز کے ذریعے کرے گا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ مانیٹری پالیسی میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے موجودہ شرح سود مسلسل دوسری بار پندرہ فیصد پربرقرار رہنے کی توقع ہے۔

    ماہرین نے کہا ہے کہ ملک میں رواں سال ترقی کی شرح ایک سے دو فیصد پر رہنے کی توقع ہے جبکہ موجودہ مہنگائی کی شرح ستمبر میں تیئیس اعشار دو فیصد رہی۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں سال یہ مہنگائی کی شرح انیس سے بیس فیصد پر رہنے کی توقع ہے۔

  • خطرے کی گھنٹی:  پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 8 ارب ڈالرز کی سطح  سے بھی نیچے گرگئے

    خطرے کی گھنٹی: پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 8 ارب ڈالرز کی سطح سے بھی نیچے گرگئے

    کراچی : پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 8 ارب ڈالرز کی سطح سے بھی نیچے آگئے، ذخائر میں 10 کروڑ 60لاکھ ڈالر کمی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی زرمبادلہ ذخائر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے ، اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادو شمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں 17 کروڑ 31 لاکھ ڈالر کمی ہوئی جس سے ذخائر 13 ارب 58 کروڑ 88 لاکھ ڈالر رہ گئے۔

    مرکزی بینک کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر دس کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر کمی کے بعد سات ارب نواسی کروڑ اٹھانوے لاکھ ڈالر رہ گئے۔

    کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 6 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی اور ذخائر پانچ ارب اڑسٹھ کروڑ نوے لاکھ ڈالر پر آگئے۔

    اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے پاکستان نے بیرونی قرضوں اور یوروبانڈ کی ادائیگیاں کیں ہیں۔

    گذشتہ ماہ بھی ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں 23 ستمبر تک 30 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی تھی۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب 76 کروڑ 19 لاکھ ڈالر کے رہ گئے۔

  • الیکشن کمیشن نے اسٹیٹ بینک سے عمران خان کے اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگ لیں

    الیکشن کمیشن نے اسٹیٹ بینک سے عمران خان کے اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگ لیں

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے اسٹیٹ بینک سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگ لیں۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے عمران خان کا توشہ خانہ سے لیے گئے تحائف مالی گوشواروں میں ظاہر نہ کرنے معاملے پر اسٹیٹ بینک سے عمران کے بینک اکاوئنٹس کی تفصیلات مانگ لیں۔

    ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے اسٹیٹ بینک کو عمران خان کے اکاؤنٹس کی تفصیلات کیلئے خط خط لکھ دیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک عمران خان کے بینک اکاوئنٹس کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کرے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی طرف سے تفصیلات ملنے کے بعد جائزہ لیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن اسٹیٹ بینک سے بینک اکاوئنٹس کا جائزہ لینے کے بعد توشہ خانہ ریفرنس پر اپنا محفوظ فیصلہ سنائے گا۔

    یاد رہے 19 ستمبر کو الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

  • ملکی زرمبادلہ ذخائر میں 30 کروڑ ڈالرز کی کمی

    ملکی زرمبادلہ ذخائر میں 30 کروڑ ڈالرز کی کمی

    کراچی: ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں 30 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد مجموعی ذخائر 13 ارب 76 کروڑ 19 لاکھ ڈالر کے رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں 23 ستمبر تک 30 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب 76 کروڑ 19 لاکھ ڈالر کے رہ گئے۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 23 ستمبر تک 34 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر 8 ارب 59 لاکھ ڈالر رہ گئے۔

    علاوہ ازیں بینکوں کے پاس زرمبادلہ ذخائر میں 3 کروڑ 25 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد بینکوں کے پاس زرمبادلہ ذخائر 5 ارب 75 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ہوگئے۔