Tag: اسٹیٹ بینک

  • اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں ایک ہفتے میں 40 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہو گیا

    اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں ایک ہفتے میں 40 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہو گیا

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ ایک ہفتے میں زر مبادلہ کے ذخائر 40 لاکھ ڈالر اضافے سے 8 ارب 3 کروڑ ڈالر ہو گئے۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق ایک ہفتے میں کمرشل بینکوں کے ذخائر 3.30 کروڑ ڈالر اضافے سے 5 ارب 40 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئے۔

    ایک ہفتے میں اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے ذخائر میں مجموعی طور پر 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، ملکی مجموعی ذخائر بڑھ کر 13 ارب 42 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہو گئے ہیں۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج

    پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج تاریخی دن رہا، انڈیکس 67 ہزار کی سطح عبور کر گیا، مارکیٹ 594 پوائنٹس کے اضافے سے 67 ہزار 142 پوائنٹس پر بند ہوئی، دن بھر مجموعی طور پر 350 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبار ہوا۔

    211 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ جب کہ 110 کے شیئرز میں کمی ہوئی، مارکیٹ میں 41 کروڑ 56 لاکھ سے زائد شیئرز کی لین دین ہوئی، اسٹاک مارکیٹ میں 15 ارب 95 کروڑ سے زائد مالیت کے شیئرز کی لین دین ہوئی، مارکیٹ کی بلند ترین سطح 67,246 جب کہ کم ترین سطح 66,690 پوائنٹس رہی۔

  • اسٹیٹ بینک  آج نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرے گا

    اسٹیٹ بینک آج نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرے گا

    کراچی : نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کیا جائے گا، بینکوں کیلئے شرح سود میں کوئی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔
    .
    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آج اگلے ڈیڑھ ماہ کیلئے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرے گا، معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ بینکوں کیلئے شرح سود میں کوئی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔

    آئی ایم ایف کی جانب سے سخت مانیٹری پالیسی رکھنے کی شرط ابھی برقرار ہے، جس کی وجہ سےشرح سود کو 22 فیصد پر برقرار رکھا جا سکتا ہے۔

    گزشتہ ماہ فروری میں ماہانہ مہنگائی 28.3 فیصد سے کم ہو کر 23.1 فیصد پر ہے، جبکہ جنوری دوہزار چوبیس میں پاکستان کا کرنٹ اکاونٹ خسارہ چھبیس کروڑ نوےلاکھ ڈالر رہا ہے۔

  • اگر صارف کے پاس غلط چھپا ہوا نوٹ آ جائے تو وہ کیا کرے؟ اسٹیٹ بینک نے بتا دیا

    اگر صارف کے پاس غلط چھپا ہوا نوٹ آ جائے تو وہ کیا کرے؟ اسٹیٹ بینک نے بتا دیا

    کراچی: اگر صارف کے پاس غلط چھپا ہوا نوٹ آ جائے تو وہ کیا کرے؟ اسٹیٹ بینک نے اس سلسلے میں اہم سوالات کے جواب دے دیے۔

    سوال 1: ویڈیو میں ایک طرف پرنٹ شدہ نوٹ نظر آ رہا ہے، اگر کوئی صارف پورا پیکٹ لے جاتا ہے، اور کچھ دن بعد اسے پتا چلے کہ ایک سائیڈ تو خالی ہے، تو وہ نوٹ کی تبدیلی کے لیے کہاں جائے گا؟ ایک ہفتے بعد یا چند دن بعد بینک تو نوٹ واپس لے گا نہیں، تو وہ کیا کرے گا، اس کی داد رسی کہاں ہوگی؟

    جواب : عوام یا کمرشل بینکوں کو موصول ہونے والے غلط پرنٹ شدہ نوٹوں کی جگہ درست نوٹ کے تبادلے کا دعویٰ ’’اسٹیٹ بینک آف پاکستان (نوٹ کی واپسی) ریگولیشنز 1963‘‘ کے تحت ملک بھر میں ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے کسی بھی دفتر میں داخل کیا جا سکتا ہے۔

    سوال 2: کیا ماضی میں بھی اس طرح کا کوئی واقعہ ہوا ہے کہ ایک طرف چھپے ہوئے نوٹ بینکوں کو سپلائی ہو گئے ہوں؟

    جواب: بڑے پیمانے کی پروڈکشن کے پروسیس میں ایسے نقائص کا امکان رہتا ہے، لہٰذا ممکن ہے کہ تمام کوالٹی چیکس کے باوجود غلط پرنٹ شدہ بینک نوٹوں میں سے چند بینک نوٹ بینکوں یا عوام تک پہنچ جائیں۔ تاہم جیسا کہ وضاحت کی جا چکی ہے، ایسے نوٹوں کا تبادلہ ایس بی پی بی ایس سی کے کاؤنٹرز سے کیا جا سکتا ہے۔

    سوال 3: فریش نوٹ کی سپلائی کا چیک اینڈ بیلنس کیا ہے، کس طرح یقینی بنایا جاتا ہے کہ نوٹوں میں کوئی فالٹ نہ ہو؟ ایک طرف چھپا ہوا نوٹ بینکوں تک کو سپلائی ہو جانا، کیا سسٹم پر سوالیہ نشان نہیں؟

    نیشنل بینک میں ہزار روپے کے نوٹ دیکھ کر عملہ حیران

    جواب: اسٹیٹ بینک کے پرنٹنگ کے ادارے، پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن (پی ایس پی سی) کے پاس غلط چھپے ہوئے بینک نوٹوں کو عوام کے استعمال میں آنے سے روکنے اور انھیں الگ کرنے کے لیے کوالٹی کنٹرول کا ایک مضبوط نظام موجود ہے۔ کبھی کبھار کچھ نوٹ غلط چھپ جاتے ہیں، لیکن ہمارا چیک اینڈ بیلنس کا نظام ان کی شناخت کر لیتا ہے۔ تاہم یہاں پر یا ترقی یافتہ ممالک سمیت ہر جگہ انسان کا بنایا ہوا کوئی بھی نظام کتنا ہی مضبوط اور مؤثر کیوں نہ ہو، اس میں غلطی کا امکان رہتا ہے۔

    اس معاملے میں این بی پی کی ماڈل کالونی برانچ کو فراہم کیے گئے نوٹوں میں سے صرف 10 غلط پرنٹ شدہ بینک نوٹ سامنے آئے ہیں، اگر ملک میں پرنٹ ہونے والے اور زیر گردش نوٹوں کی مجموعی تعداد سے اس کا تقابل کیا جائے تو یہ مقدار انتہائی معمولی ہے، تاہم مستقبل میں اس قسم کے واقعے کے اعادے سے بچنے کے لیے اندرونی کنٹرولز کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔

  • رمضان میں بینکوں کے اوقات کار کیا ہوں گے؟ اعلان ہوگیا

    رمضان میں بینکوں کے اوقات کار کیا ہوں گے؟ اعلان ہوگیا

    کراچی : اسٹیٹ بینک نے رمضان المبارک کے دوران دفتری اور کاروباری اوقات کا اعلان کردیا، بینکس صبح نو بجے سے سہ پہر ساڑھے تین بجے کھلیں رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے رمضان کیلئے مالیاتی اداروں اور بینکوں کے اوقات کار جاری کردیے، جس میں بتایا یکم رمضان کو ملک کےتمام بینک بند رہیں گے۔

    پیر سے جمعرات مالیاتی ادارے صبح 9 سے سہ پہر ساڑھے 3 تک کھلے رہیں گے، عوام کیلئے بینک صبح9 سے دوپہر 2 بجے تک کھلیں گے۔

    جمعہ کوبینک ،مالیاتی ادارےصبح ساڑھے8سےدوپہر ایک بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ پیر سے جمعرات 2 سےڈھائی بجے تک نماز کا وقفہ ہو گا۔

    مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران بینک دولت پاکستان میں مندرجہ ذیل دفتری اوقات پر عمل کیا جائے گا، جن پر تمام بینک، ترقیاتی مالی ادارے اور مائکروفنانس بینک بھی عمل کریں گے۔

    رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے بعد وہی اوقات کار لاگو ہوجائیں گے، جو رمضان المبارک سے پہلے نافذ تھے۔

  • فنانشل لٹریسی: 27 فی صد پاکستانیوں کو ایمرجنسی فنڈز تک رسائی

    فنانشل لٹریسی: 27 فی صد پاکستانیوں کو ایمرجنسی فنڈز تک رسائی

    کراچی: اسٹیٹ بینک کی جانب سے پاکستان فنانشل لٹریسی ویک منایا جا رہا ہے جو 8 مارچ تک جاری رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے پاکستان فنانشل لٹریسی ویک کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ لوگوں کے لیے فنانشل آگاہی سے ملک کی معیشت کو سہارا ملے گا، اسٹیٹ بینک تعلیمی اداروں میں فنانشل لٹریسی پر کام کر رہا ہے۔

    اسٹیٹ بینک میں منعقدہ تقریب سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے گورنر جمیل احمد نے کہا کہ فنانشل لٹریسی ویک کا مقصد اپنے لوگوں کو مضبوط بنانا ہے، اس کے ذریعے لوگوں کے فنانشل آگاہی سے ملک کی معیشت کو سہارا ملے گا۔

    انھوں نے کہا کہ فنانشل تعلیم سے لوگوں کو آگاہی ملے گی، تعلیمی اداروں کو بھی فنانشل لٹریسی پر توجہ دینا ہوگی، اسٹیٹ بینک تعلیمی اداروں میں فنانشل لٹریسی پر کام کر رہا ہے، ہماری کوشش ہے کہ خواتین کو اس حوالے سے آگاہی زیادہ فراہم کی جائے، کیوں کہ ملکی معیشت میں مستحکم اور پائیدار گروتھ کے لیے خواتین کی شمولیت بہت ضروری ہے، آسان ڈیجیٹل اکاؤنٹ، راست اور دیگر سروسز اسی کا تسلسل ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ جون 2023 تک پاکستان کے 60 فی صد لوگوں کے پاس بینک اکاؤنٹ موجود تھے۔

    تقریب سے خطاب میں ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر میکوئل ڈجمین نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے اب تک کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا، کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ 27 فی صد پاکستانیوں کے پاس ایمرجنسی فنڈز تک رسائی حاصل ہے، ملک میں نئے آنے والوں کو فنانشل سسٹم سے آگاہی دینا بہت ضروری ہے، کیوں کہ فنانشل سسٹم کو جانے بغیر نقصان کا اندیشہ رہتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان میں لوگوں کو ڈیجیٹل فنانشل آگاہی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، تقریب میں مختلف بینکوں کے صدور سمیت دیگر مالیاتی اداروں کے افراد نے شرکت کی۔

  • مرکزی بینک کے ذخائر میں ایک ہفتے میں کتنا اضافہ ہوا؟

    مرکزی بینک کے ذخائر میں ایک ہفتے میں کتنا اضافہ ہوا؟

    اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ پاکستان کے مرکزی بینک کے ذخائر میں 1 کروڑ ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے ذخائر میں 1 کروڑ 30 لاکھ ڈالرزکا اضافہ ہوا ہے۔

    اسٹیٹ بینک کے ذخائربڑھ کر 8 ارب 5 کروڑ 65 لاکھ ڈالرز ہوگئے ہیں۔ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 3 کروڑ 90 ڈالر کا اضافہ ہوا۔

    کمرشل بینکوں کے ذخائر 5 ارب 10 کروڑ ڈالر ہوگئے ہیں۔ ملکی مجموعی ذخائر 5 کروڑ 10 لاکھ ڈالر اضافے سے 13 ارب 14 کروڑ ڈالرز ہوگئے ہیں۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مزید بتایا کہ مرکزی بینک کے پاس ڈیڑھ ماہ کے درآمدی بل کے برابر ذخائر ہیں۔

  • نئے کرنسی نوٹوں کے حوالے سے عوام کے لیے بڑی خبر آگئی

    نئے کرنسی نوٹوں کے حوالے سے عوام کے لیے بڑی خبر آگئی

    کراچی : اسٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے آرٹ مقابلے کے انعقاد کا فیصلہ کرلیا، مقابلے میں حصہ لینے والے تمام اُمیدوار آئندہ ماہ11 مارچ تک اپنے ڈیزائن اسٹیٹ بینک کو بھیج سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پہلی بار نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے لئے عوام سے رائے مانگ لی۔

    اسٹیٹ بینک کی جانب سے نئے نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے آرٹ مقابلے ہونے جارہے ہیں، آرٹ مقابلے میں آرٹسٹ، ڈیزائنرز اور آرٹ کے طلبہ حصہ لینے کے اہل ہیں۔

    ترجمان اسٹیٹ بینک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام مالیت کے نئے کرنسی نوٹ کے اجراء پر کام جاری ہے ، آرٹ مقابلے میں آرٹسٹ مختلف تھیمز پرڈیزائن تیار کرسکتے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ مختلف مالیت کے ہر نوٹ کےلیے تین ڈیزائن منتخب کئےجائیں گے، جنھیں پروفیشنل بینک نوٹ ڈیزائنرز کی مدد سےحتمی شکل دی جائے گی۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق جس کے بعد ڈیزائن حکومت پاکستان کی منظوری کے لیے بھیجا جائے گا ،آرٹ مقابلے میں حصہ لینے والے تمام اُمیدوار آئندہ ماہ گیارہ مارچ تک اپنے ڈیزائن اسٹیٹ بینک کو بھیج سکتے ہیں۔

  • اسٹیٹ بینک نے 3 ایکسچینج کمپنیوں کے لائسنس معطل کردیے

    اسٹیٹ بینک نے 3 ایکسچینج کمپنیوں کے لائسنس معطل کردیے

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے 3 ایکس چینج کمپنیوں کے لائسنس معطل کردیے گئے ہیں۔

    تفصیلا ت کے مطابق اسیٹ بینک کا کہنا ہے کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر ان ایکسچینج کمپنیوں کے اجازت نامے معطل کیے گئے ہیں جو کہ تاحکم ثانی معطل رہیں گے۔

    اسیٹ بینک نے کہا کہ ایکسچینج کمپنیوں کے لائسنس کی منسوخی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ ایکسچینج کمپنیاں کاروباری سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیں گی۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے تمام مالیت کے نئے نوٹ لانے کا اعلان بھی کیا جاچکا ہے۔

    ذرائع اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ جعلی نوٹوں کی شکایتیں زیادہ ہیں جس کے بعد تمام مالیت کے نئے نوٹ لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ نئے کرنسی نوٹ بین الاقوامی سیکیورٹی فیورچرز کے ساتھ ہوں گے۔

    گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کا بتانا تھا کہ نئے نوٹ کی ڈیزائن کا فریم ورک مارچ تک مکمل کرلیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ نئے نوٹوں کو بین الاقوامی سیکیورٹی فیچرز کے ساتھ چھاپا جائے گا، نوٹوں کو نئے سیریل نمبرز، ڈیزائن اور ہائی سیکیورٹی فیچرز کے ساتھ متعارف کروایا جائے گا۔

  • نئے کرنسی نوٹوں سے متعلق بڑی خبر

    نئے کرنسی نوٹوں سے متعلق بڑی خبر

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام مالیت کے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن اور ان کے اجرا پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔

    اسٹیٹ بینک اعلامیے کے مطابق نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے آرٹ مقابلہ منعقد کرایا جائے گا، جس میں مقامی آرٹسٹس، ڈیزائنرز اور طالب علم اپنے ڈیزائن 11 مارچ 2024 تک ارسال کریں گے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مرکزی بینک 15 سے 20 سال بعد نئے کرنسی نوٹ جاری کرتا ہے، نئے کرنسی نوٹ کا اجرا تکنیکی تبدیلی اور سیکیورٹی فیچر کو بڑھانے کے لیے کیا جاتا ہے۔

    اعلامیے کے مطابق ڈیزائن مقابلے میں ہر مالیت کے تین بہترین منتخب کیے گئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کو انعامات دیے جائیں گے، آرٹ مقابلے کی مکمل معلومات کا ویب لنک بھی فراہم کر دیا گیا ہے۔ مقابلے میں منتخب کیے گئے ڈیزائن کو پروفیشنل بینک نوٹ ڈیزائنرز کی مدد سے حتمی شکل دی جائے گی۔

    حکومت پاکستان کی منظوری کے لیے 7 مخلتف مالیت کے ڈیزائن ارسال کیے جائیں گے، نئے نوٹوں کے اجرا میں عموماً 2 سے 3 سال درکار ہوتے ہیں، جب کہ اسٹیٹ بینک نے آئندہ 2 سال میں نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کی پلاننگ کی ہے۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ کرنسی نوٹ کے موجودہ سیریز نئے کرنسی نوٹوں کے ساتھ جاری رہے گی، نئے نوٹوں کے مکمل اجرا کے بعد پرانے کرنسی نوٹوں کی سرکولیشن کو مرحلہ وار ختم کیا جائے گا۔

  • مانیٹری پالیسی، کیا شرح سود میں کمی ہوگی؟

    مانیٹری پالیسی، کیا شرح سود میں کمی ہوگی؟

    کراچی: اسٹیٹ بینک اگلے ڈیڑھ ماہ کے لیے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان آج ہوگا، ماہرین کے مطابق مرکزی بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ میں تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔

    اس وقت بینکوں کے لیے شرح سود 22 فی صد پر ہے، اور تمام معاشی اشاریے شرح سود میں کمی کا اشارہ دے رہے ہیں۔

    ترسیلات زر میں مسلسل کمی، آئی ایم ایف نے خدشہ ظاہر کر دیا

    آئی ایم ایف نے اسٹیٹ بینک سے مانیٹری پالیسی مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے، اسٹیٹ بینک کے مطابق دسمبر 2023 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 29.66 فی صد پر رہی ہے، کرنٹ اکاؤنٹ دسمبر میں 39 کروڑ 70 لاکھ ڈالر سرپلس رہا۔