Tag: اسٹیٹ بینک

  • آن لائن ادائیگی : بینک صارفین کیلئے بڑی خوشخبری

    آن لائن ادائیگی : بینک صارفین کیلئے بڑی خوشخبری

    کراچی : اسٹیٹ بینک نے صارفین کے لیے ادائیگی کے عمل کو آسان بناتے ہوئے بذریعہ ’راست‘ فرد تا دکاندار ادائیگی کی سہولت کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بذریعہ ’راست‘ فرد تا دکاندار ادائیگی کی سہولت دینے کی ہدایات جاری کردیں۔

    اسٹیٹ بینک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بینک ودیگر ادارے صارفین کو ’راست فرد تا مرچنٹ‘ ادائیگی کی سہولت فراہم کریں اور ادائیگی کی سہولت دینے والے ادارے اپنی ایپس میں یہ سہولت مارچ2024 تک شامل کریں۔

    مرکزی بینک کا کہنا تھا کہ راست پی ٹو ایم سہولت سے صارفین دکاندار کو مختلف ذرائع سے رقوم ادا کر سکیں گے اور لین دین کیلئے راست سے ادائیگی پر صارفین پر کوئی فِیس عائد نہ کی جائے۔

    ان طریقوں میں یونیفائڈ کوئیک رسپانس (کیو آر) کوڈز، راست کے مختلف طریقے (جیسے موبائل فون)، بینک اکاؤنٹ (آئی بی اے این)، اور ادائیگی کی درخواست (آر ٹی پی) شامل ہیں۔

    اسٹیٹ بینک کے ڈجیٹل فنانس گروپ کا سرکلر 5 دسمبر 2023ء کو جاری کیا گیا، جس میں تمام زیرِ نگرانی اداروں یعنی بینکوں، مائکرو فنانس بینکوں، الیکٹرانک منی انسٹی ٹیوشن (ای ایم آئی) اور ادائیگی کی سہولت دینے والے (پی ایس پی) اداروں کو اپنی متعلقہ ایپس میں یہ استعداد مارچ 2024ء تک شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    (i) ’راست‘ کیو آر کوڈ پڑھنے/ اسکین کرنے کی استعداد، (ii) آر ٹی پی کو (فوراً یا بعد میں) پراسیس کرنے کی استعداد، (iii) راست کے مختلف طریقوں اور آئی بی اے این سے دکاندار کو پُش پیمنٹ، اور (iv) ریٹرن/ ریفنڈ کی درخواست بھیجنے کی استعداد۔

    زیرِ نگرانی اداروں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے صارفین کو مستعد، بلا رکاوٹ، اور استعمال میں آسان انٹرفیس (interface) دیں۔

  • پاک سعودی عرب ڈپازٹ معاہدے میں بڑی پیشرفت

    پاک سعودی عرب ڈپازٹ معاہدے میں بڑی پیشرفت

    کراچی : سعودی حکومت نے پاکستان کے ساتھ 3 ارب ڈالرز کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی ہے اس بات کی تصدیق اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے بھی کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی ہے۔

    مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے ڈپازٹ میں توسیع دی، سعودی عرب کی طرف سے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت مزید ایک سال بڑھائی گئی ہے۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ سعودی فنڈ برائے ڈیولپمنٹ نے 5 دسمبر کو مدت مکمل کرنے والے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کی، یہ رقم پاکستان کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع ہے۔

    تین ارب ڈالر کے ڈپازٹ معاہدے پر سال2021 میں دستخط ہوئے تھے، تین ارب ڈالر کے ڈپازٹ معاہدے پر 2022میں دوسرا اجراء ہوا تھا۔

  • خواتین کے روزگار کیلئے بلا سود قرضہ کی سہولت

    خواتین کے روزگار کیلئے بلا سود قرضہ کی سہولت

    فیصل آباد : ڈپٹی منیجر اسٹیٹ بنک آف پاکستان قرۃ العین بلال نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک میں مردوں کے شانہ بشانہ خواتین ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں سے ملکی ترقی میں کردار ادا کر رہی ہیں۔

    اسٹیٹ بنک آف پاکستان نے خواتین کو ذاتی کاروبار کے لیے بلاسود قرضہ سہولت کا اجراء کیا ہے، اب خواتین گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کر وا کر پانچ لاکھ روپے تک کا قرضہ باآسانی حاصل کر کے بہتر روزگار کا سلسلہ شروع کر سکتی ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسٹیٹ بنک آف پاکستان کی لائبہ آصف،حبیب بنک سے مومنہ انجم اور فریحہ صفدر، ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری محمد ارشد قاسمی سمیت خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

    ڈپٹی منیجر اسٹیٹ بنک آف پاکستان قرۃ العین بلال نے کہا کہ خواتین ملک میں 48فیصد ہیں مگربہت تھوڑی تعداد بلکہ نہ ہونے کے برابر خواتین اس وقت اپنا ذاتی کاروبار کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے لازم ہے کہ خواتین دوسروں پر انحصار کرنے کی بجائے اپنے ذاتی کاروبار کو ترجیح دیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت فوڈ آئٹم اور گھریلو زراعت کے شعبہ میں آگے بڑھنے کے وسیع امکانات موجود ہیں جن کو اختیار کرکے خواتین اپنے گھرانے میں بہتر روزگار کا سلسلہ شروع کرسکتی ہیں بلکہ ان کے کاروبار سے کئی ایک افراد کے روزگار کا بھی بندوبست ہو جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ خواتین کو چاہیے کہ بنک میں ذاتی اکاؤنٹ لازمی کھولیں تاکہ تھوڑی تھوڑی بچت بھی ان کے آنے والے کل میں کام آسکے۔

  • مہنگائی پر قابو کیلئے اسٹیٹ بینک کا اہم اقدام

    مہنگائی پر قابو کیلئے اسٹیٹ بینک کا اہم اقدام

    کراچی : گورنر اسٹیٹ بینک نے 5 سالہ اسٹریٹجک پلان ایس بی پی وژن 2028 جاری کردیا، جس کا مقصد مہنگائی اور دیگر مسائل پر قابو پانا ہے۔

    اس حوالے سے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا ہے کہ کچھ ترمیم کے بعد یہ پہلا اسٹریٹجک پلان ہے، جس میں مرکزی بینک کا نصب العین، مشن، متعین اہداف بیان کیے گئے ہیں۔

    گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق وژن2028قیمتوں، مالی استحکام کے فروغ اور معاشی ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، پلان میں موسمیاتی تبدیلی، ڈیجیٹل جدت ،سائبر سیکورٹی خطرات کو پیش نظر رکھا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وژن کے اہداف میں مہنگائی کو وسط مدتی ہدف تک برقرار رکھنا شامل ہے، اہداف میں مالی نظام کی کارکردگی اور استحکام بڑھانا بھی شامل ہے۔

    جمیل احمد کا کہنا تھا کہ مالی خدمات تک شمولیتی اور پائیدار رسائی کا فروغ اہداف میں شامل ہے،
    شریعت سے ہم آہنگ بینکاری نظام میں منتقلی بھی اہداف میں شامل ہیں۔

    گورنراسٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل مالی خدمات کے ایکو سسٹم کی تشکیل بھی اہداف میں شامل ہے، اسٹیٹ بینک کو ہائی ٹیک اور مرکز ادارے کا روپ دینا بھی ہمارا ہدف ہے۔

  • ڈالر کی قیمت کو جھٹکا لگ گیا، روپیہ مستحکم

    ڈالر کی قیمت کو جھٹکا لگ گیا، روپیہ مستحکم

    کراچی : ڈالر کی قیمت میں گزشتہ کئی روز سے جاری اضافے کے بعد آج کاروبار کے آخری روز امریکی ڈالر کو جھٹکا لگ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹربینک میں ڈالر سستا ہوگیا، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق آج انٹربینک میں ڈالر کے بھاؤ میں 88 پیسے کی کمی سامنے آئی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری تفصیلات کے مطابق آج مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 286 روپے 50 پیسے پر بند ہوا ہے جبکہ گزشتہ روز ڈالر کا بھاؤ 287 روپے38 پیسے پر بند ہوا تھا۔

    اس حوالے سے فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ بینکوں نے درآمد کنندگان کو ڈالر287 روپے میں فروخت کیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر75 پیسے سستا، 288 روپے میں فروخت ہوا۔

  • ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ

    ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ

    کراچی : اسٹیٹ بینک کے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کئی ہفتے بعد 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس ہفتے ملکی زرمبادلہ ذخائر میں 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق ملکی زرمبادلہ ذخائر12ارب 61کروڑ40لاکھ ڈالر جبکہ سرکاری ڈالر ذخائر 40لاکھ ڈالربڑھ کر7ارب 51کروڑ 20لاکھ ڈالر ہوگئے۔

    اسٹیٹ بینک کا مزید کہنا ہے کہ کھاتے داروں کے ڈالرڈپازٹس5ارب 10کروڑ 30لاکھ ڈالر ہوگئے ہیں۔

  • اوورسیز پاکستانیوں نے کتنا زرمبادلہ بھیجا؟ رپورٹ میں اہم انکشاف

    اوورسیز پاکستانیوں نے کتنا زرمبادلہ بھیجا؟ رپورٹ میں اہم انکشاف

    اسلام آباد : سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں اکتوبر کے دوران ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ  کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھیجے جانے والی رقوم میں اکتوبر کے دوران ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر بالترتیب 11.5 اور 9.6 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری کر دہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں اوورسیز پاکستانیوں نے 2.5 ارب ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیا جو ستمبر کے مقابلہ میں 11.5 اور گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلہ 9.6 فیصد زیادہ ہے۔

    ستمبر میں اوورسیز پاکستانیوں نے 2.2 ارب ڈالر اور گزشتہ سال اکتوبر میں بھی 2.2 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ میں سمندر پارپاکستانیوں نے مجموعی طور پر 8.8 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا ہے۔

    اکتوبر میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 616.8 ملین ڈالر، متحدہ عرب امارات 473.9 ملین ڈالر، برطانیہ 330.2 ملین ڈالراور امریکا میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 283.3 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا۔

  • پاکستان میں بینک ڈپازٹس کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

    پاکستان میں بینک ڈپازٹس کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

    کراچی : اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ایک سال میں بینکنگ ڈپازٹس میں 2699ریکارڈ اضافہ سامنے آیا ہے جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مرکزی بینک نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ بینکنگ ڈپازٹس ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے، اکتوبر 22 کے مقابلے اکتوبر23میں بینکنگ ڈپازٹس میں 17.80 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق اکتوبر22کے مقابلے اکتوبر23میں بینکنگ ڈپازٹس میں3986ارب روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد اکتوبر23میں بینکنگ ڈپازٹس 26398ارب روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے۔

    رپورٹ کے مطابق اکتوبر22میں بینکنگ ڈپازٹس 22ہزار412ارب روپے تھے، شرح سود22 فیصد کی بلند سطح پر ہونے کی وجہ سے ڈپازٹس بڑھ رہے ہیں۔

    اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ پرکشش منافع سے سرمایہ کاروں کو اب بینکنگ سسٹم سے بہتر منافع مل رہا ہے، کریک ڈاؤن کی وجہ سے بھی سونے اور ڈالر میں سرمایہ کاری مشکل ہوگئی ہے۔

  • ڈالر کی اڑان مسلسل جاری، روپے کی قدر میں مزید کمی

    ڈالر کی اڑان مسلسل جاری، روپے کی قدر میں مزید کمی

    پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں گزشتہ 12روز سے مسلسل اضافے کا رجحان برقرار ہے، انٹربینک مارکیٹ میں آج بھی روپے کی قیمت مزید گرگئی۔

    اسٹیٹ بینک کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری اعداد و شمار کے مطابق آج روپے کے مقابلے میں انٹر بینک میں ڈالر 51 پیسے مہنگا ہوا ہے۔

    انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ 286 روپے 90 پیسے پر ہوا جبکہ گزشتہ روز انٹربینک تبادلہ میں ڈالر کا بھاؤ کاروبار کے اختتام پر 286 روپے 39 پیسے تھا۔

    اس کے علاوہ انٹربینک میں رواں ہفتے ڈالر 2 روپے 59 پیسے مہنگا ہوا ہے۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 287 روپے 50 پیسے پر برقرار ہے۔

  • امریکی ڈالر بے قابو، روپیہ پھراپنی قدر کھونے لگا

    امریکی ڈالر بے قابو، روپیہ پھراپنی قدر کھونے لگا

    نگراں حکومت کی تمام تر کوششوں کے باوجود امریکی ڈالر قابو سے باہر ہوتا جارہا ہے، آج بھی روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ برقرار رہا۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی تبادلہ منڈیوں میں ڈالر کی قدر میں اضافے کا رجحان نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز بھی برقرار رہا۔

    اسٹیٹ بینک کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری رپورٹ کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 98 پیسے بڑھ گیا۔جس کے بعد ڈالر 285.29 پر بند ہوا۔ اس سے قبل انٹربینک میں ڈالر 284 روپے31 پیسے پر بند ہوا تھا۔

    16اکتوبر سے ڈالر کی شرح میں 2.9 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت مزید بڑھ گئی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے سے بڑھ کر 286 روپے پر ٹریڈ کررہا ہے۔

    انٹربینک میں 16 اکتوبر کو ڈالر 276 روپے 83 پیسے پر بند ہوا تھا، ڈالر اکتوبر کی کم ترین سطح سے 8 روپے 46 پیسے مہنگا ہوا ہے۔

    دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے مہنگا ہوا ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالرکا بھاؤ 287 روپے ہے۔