Tag: اسپائڈر مین

  • اسٹین لی:‌ کامکس کی دنیا کا ناقابلِ‌ فراموش نام

    اسٹین لی:‌ کامکس کی دنیا کا ناقابلِ‌ فراموش نام

    کامکس کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں اور ان مداحوں‌ میں بچّے یا نوجوان ہی‌ نہیں‌ بڑے بھی شامل ہیں۔ ان میں کچھ کامکس کے کرداروں کے گرویدہ ہوتے ہیں اور اکثریت ان پر مشتمل کہانیاں شوق سے پڑھتی ہے، اور جب سے یہ کردار اسکرین پر نظر آنے لگے ہیں، ان کی مقبولیت اور پذیرائی بڑھ گئی ہے۔ اسپائڈر مین، آئرن مین اور دی ہلک جیسے شہرۂ آفاق کردار کتابوں‌ سے نکل کر سنیما کے پردے پر مقبولیت کے ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔

    ہم نے یہاں‌ جن کرداروں کا ذکر کیا ہے، کئی دہائیوں قبل اسٹین لی نے اپنے ذہن میں ان کا خاکہ بنایا تھا اور پھر ان کے تخلیق کردہ یہ کردار کہانیوں کے ساتھ قارئین تک پہنچے اور ہر دل عزیز ٹھیرے۔ آج ان کامکس کے خالق آرٹسٹ اور مصنّف اسٹین لی کا یومِ وفات ہے۔ وہ 95 برس جیے۔

    ایک طرف تو کامکس کے پرستار ان کرداروں کو اُن کی زبردست اور کرشماتی قوّتوں‌ کی وجہ سے پسند کرتے ہیں‌ اور دوسری طرف وہ کہانیوں‌ میں‌ انھیں بدی اور شر کی طاقتوں‌ کے خلاف لڑتے ہوئے دیکھنے میں بہت دل چسپی لیتے ہیں۔ اسٹین لی وہ آرٹسٹ تھے جس نے انسانی فطرت اور دل چسپی کے اسی پہلو کو پیشِ‌ نظر رکھتے ہوئے ایسے شان دار کردار تخلیق کیے اور کہانیاں‌ لکھیں۔

    اسٹین لی کو بیسویں صدی کا شان دار تخلیق کار کہا گیا، کیوں کہ ان کے مارول کامک بکس نے صرف بچّوں یا نوجوانوں ہی نہیں بڑوں کو بھی اپنے سحر میں‌ جکڑ لیا تھا۔ اسٹین لی کا تعلق امریکا سے تھا۔ 1940ء کے عشرے میں اسٹین لی نے لکھنے کا آغاز کیا تھا اور بعد میں کامک بک کی اشاعت سے اور بالخصوص اسکرین تک اس مصنّف نے شان دار کام یابیاں اپنے نام کیں۔ وہ ایک باصلاحیت فن کار اور منفرد تخلیق کار تھے۔

    اپنے اس سفر آغاز میں اسٹین لی نے ایک چھوٹا چھاپہ خانہ قائم کرکے مارول کامک بکس شایع کیں۔ اسٹین لی کے تخلیق کردہ کردار بچّوں کی نفسیات پر حاوی ہو جاتے ہیں۔ ناقدین نے اس بات کو سراہا ہے کہ اسٹین لی کی سبق آموز کہانیوں کی بدولت بچّے خود کو انہی کرداروں میں ڈھلا ہوا دیکھتے ہیں‌ اور خیالی دنیا آباد کرکے بدی کی طاقتوں کو شکست دینے لگتے ہیں۔ اسٹین لی کو اپنے مارول کرداروں پر مبنی کہانیوں کے سبب ایک لیجنڈ کا درجہ حاصل ہوا۔ وہ فلم ساز اور مکالمہ نویس بھی تھے۔

    سپرمین کے بارے میں بات کرتے ہوئے ایک بار اسٹین لی نے کہا تھا کہ وہ میرے لیے کبھی بھی دل چسپی کا باعث نہیں رہا، کیوں کہ میں کبھی اس کے بارے میں فکرمند نہیں ہوا۔ اگر آپ اپنے ہیرو کے لیے فکرمند نہیں ہوتے تو اس میں کوئی جوش نہیں ہوتا۔

    اسٹین لی کا ساتھی آرٹسٹ جیک کربی تھا جنھوں نے مل کر 1961ء میں کمپنی مارول کامکس بنائی تھی۔ انھوں نے فینٹیسٹک فور نامی سیریز سے آغاز کیا تھا اور بعد میں ان کے کامک بک کے کردار اسپائیڈر مین اور دی ہلک انتہائی مقبول ہوئے۔

    اسٹین لی 28 دسمبر 1922ء کو امریکا، نیویارک میں‌ پیدا ہوئے۔ ان کی زندگی کا سفر 12 نومبر 2018ء تک جاری رہا۔

    ہالی وڈ میں اسٹین لی کے تخلیق کردہ کرداروں پر فلمیں بنائی گئیں جو بے حد مقبول ہوئیں اور فلم سازوں نے اس سے زبردست مالی منافع سمیٹا۔ آج ڈیجیٹل دور میں ہم ایسے کئی کردار تخلیق ہوتا دیکھ رہے ہیں اور اب ہر ملک میں‌ جدید ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئرز کی مدد سے بہت سہولت سے یہ کام کیا جارہا ہے، لیکن اس زمانے میں‌ جب یہ سب ایک ‘کلک’ یا کسی سافٹ ویئر پر ایک ‘کمانڈ’ کے تابع نہیں‌ تھا، اسٹین لی نے دن رات محنت اور لگن سے وہ کام کیا جس کا جواب نہیں‌۔ اسٹین لی کو فن کی دنیا کبھی فراموش نہیں‌ کرسکے گی۔

  • اسپائیڈر مین کا ہتھیار’ویب شوٹر‘ حقیقت میں تیار ہو گیا

    اسپائیڈر مین کا ہتھیار’ویب شوٹر‘ حقیقت میں تیار ہو گیا

    سنگاپور: اسپائیڈر مین کا ہتھیار ’ویب شوٹر‘ حقیقت میں تیار ہو گیا، سنگا پور کے ایک شخص نے اسپائیڈر مین کا جال پھنکنے والا ہتھیار بنا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سنگاپور میں ایک شخص نے اسپائیڈر مین کا مشہور ہتھیار تیار کر لیا، یہ ایک ایسا ویب شوٹر ہے جس سے سہولت کے ساتھ جال پھینکا جا سکتا ہے۔

    جال پھینکنے کا آلہ بنانے والے شخص نے ویب شوٹر کا عملی مظاہرہ بھی کیا، یہ ہتھیار کلائی پر باندھ کر اس سے اسپائیڈر مین کی طرح جال فائر کیے جاتے ہیں۔

    یہ ویب شوٹر مکمل طور پر کام کر رہا ہے، اس سے پھنکے جالے والے میں چیزوں کو پکڑنے کی خصوصیت بھی موجود ہے، یہ ویب شوٹر چالیس سالہ شخص نے گھر میں بنایا۔

    ویب شوٹر کو فروخت کے لیے بھی پیش کر دیا گیا ہے، اور اس کی قیمت 139 سنگاپورین ڈالر رکھی گئی ہے، لوگوں نے بڑی تعداد میں اسے خریدنے میں دل چسپی ظاہر کر دی ہے۔

    ویب شوٹر بنانے والے شخص نے سنگاپور کے ایک پبلک پارک میں اس کا عملی مظاہرہ بھی کیا، لوگوں نے دیکھا کہ وہ کلائی کو ایک جھٹکا دیتا ہے اور شوٹر سے ایک جال نکل کر اپنے ہدف تک پہنچتا ہے۔

    خیال رہے کہ فلموں میں اب تک کئی اسپائیڈر مینز جلوہ گر ہو چکے ہیں، ٹوبی میگوائر، ٹام ہولینڈ اور اینڈریو گارفیلڈ، تاہم ٹوبی سے شروع ہونے والا یہ سفر تنزلی کی طرف ہی گیا، ناظرین کو ٹوبی میگوائر ہی بہ طور اسپائیڈر مین پسند آیا۔