Tag: اسپتال

  • وزیر اعلیٰ سندھ کا پروٹوکول پر سخت اظہار برہمی

    وزیر اعلیٰ سندھ کا پروٹوکول پر سخت اظہار برہمی

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قومی ادارہ برائے امراض اطفال میں نرسری میں بنائے گئے نئے وارڈ کا افتتاح کیا۔ اسپتال میں لگایا گیا پروٹوکول دیکھ کر ان کا پارہ چڑھ گیا اور انہوں نے متعلقہ افسران کی کلاس لے ڈالی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ قومی ادارہ برائے امراض اطفال میں نرسری میں بنائے گئے نئے وارڈ کا افتتاح کرنے پہنچے تو اپنے شاہی پروٹوکول کو دیکھ کر غصہ میں آگئے۔

    انہوں نے افسران بالا کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ میری آمد پر عوام کو کسی مشکل میں ڈالا گیا تو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    انہوں نے اس بات پر شدید برہمی کا اظہار کیا کہ منع کرنے کے باوجود سڑکوں کو کیوں بند کیا گیا اور اسپتال میں مریضوں کو آنے سے کیوں روکا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس عمل پر خود بھی عوام سے معذرت بھی کی اور متعلقہ افسران کو بھی اس کی ہدایت کی۔

    اسپتال کے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ نے اسپتال کی صفائی کی صورتحال پر خوشی کا اظہار کیا۔

  • شامی فوج کی حلب میں بمباری،34افرادجاں بحق

    شامی فوج کی حلب میں بمباری،34افرادجاں بحق

    حلب: باغیوں کے زیرقبضہ حلب شہر میں روسی اورشامی جنگی طیاروں نے اسپتال پر بمباری کی جس کے نتیجےمیں 34افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کےمطابق ہفتے کے روز باغیوں کے زیر قبضہ حلب شہر کے سب سے بڑے ہسپتال ایم ٹین پرروسی اور شامی جنگی طیاروں نے شدید بمباری کی جس میں 34 افراد جاں بحق ہوئے۔

    سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہےکہ ایم ٹین ہی کے قریبی علاقے میں ایک فیلڈ اسپتال پر بھی فضائی حملہ کیا گیا ہے، جس میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا، جبکہ اس ہسپتال نے بھی کام کرنا بند کر دیا۔

    خیال رہےکہ بدھ کے روز بھی ایک اسپتال پر بمباری کی گئی تھی۔اقوام متحدہ نے بدھ کے روز ہونے والے حملوں کو ’جنگی جرم‘ قرار دے کر ان کی مذمت کی تھی۔

    مزید پڑھیں: دمشق: حلب میں حکومتی افواج کی اسپتال پر بمباری، 50 افراد جاں بحق

    اپوزیشن رہنماؤں نے حلب کے اسپتالوں پر فضائی حملوں کا الزام روس اور اسد حکومت پر عائد کیا ہے۔ان کے مطابق جنگی طیاروں سے حملوں اور بمباری نے زخمیوں کی مرہم پٹی کے مراکز کو برباد کر دیا ہے۔

    طبی امدادی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز اور سیرین آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے ان حملوں کو فوری طور پر بند کرنے کی اپیل کی ہے۔

    مزید پڑھیں: حلب میں فضائی بمباری سے 81 افراد جاں بحق 250زخمی

    ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے مطابق اکیس ستمبر سے چھبیس ستمبر کے درمیان مشرقی حلب کے تمام اسپتال معمول کے فرائض انجام دے رہے تھے لیکن اب تمام طبی مراکز کے ورکرز اپنے کام چھوڑ کر زندگی بچانے کی فکر میں ہیں۔

    واضح رہے کہ شامی اور روسی جنگی طیاروں کی اسپتال پر بمباری کی اقوام متحدہ، جرمنی، امریکا، فرانس اور سویڈن کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔

  • سعودی عرب میں تنخواہیں نہ ملنے پر اسپتال ملازمین کی ہڑتال

    سعودی عرب میں تنخواہیں نہ ملنے پر اسپتال ملازمین کی ہڑتال

    ریاض: سعودی عرب میں تین ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر اسپتال کے ملازمین نےاحتجاجاََ کام بند کریااور ہڑتال پر چلے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے خلیجی ساحلی شہر الخبر میں سعد اسپتال کی نرس نے غیر ملکی خبررساں ادارے کو ٹیلی فون پر بتایا کہ اسپتال کا عملہ ہڑتال پر چلا گیا ہے.انہوں نے اپنی شناخت ظاہر نہ کیے جانے پر بتایا کہ ہمیں ساڑھے تین ماہ سے تنخواہیں نہیں دی گئیں۔

    نرس نے بتایا کہ یہ اسپتال سعد گروپ کا حصہ ہے جن کا ناصرف سعودی عرب بلکہ دنیا بھر میں کاروبار ہے۔

    اسپتال کی نرس نے بتایا کہ تمام طبی عملے جس میں 1200 نرسیں بھی شامل ہیں احتجاجاََ کام روک دیا ہےاور ہڑتال پر ہیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ اسپتال میں صفائی کرنے والے عملے کو تنخواہیں ادا کردی گئی ہیں لیکن ہمیں عید کے بعد تنخواہیں دینے کا وعدہ کیا گیا تھا جو اب تک نہیں دی گئیں۔

    اسپتال کے ملازمین کا کہنا ہے کہ اگر ان کو تنخواہوں کی ادائیگی نہ کی گئی تو وہ گورنر ہاوس کے سامنے احتجاج کریں گے۔

    واضح رہے کہ اسپتال عملےکا کہنا ہے کہ تنخواہیں نہ ملنے تک ہڑتال جاری رہے گی تاہم کسی بھی ایمرجنسی میں عملے کی خدمات دستیاب ہوں گی۔

  • سندھ میں 4500 نئے ڈاکٹرز تعینات کیے جائیں گے،صوبائی وزیر صحت

    سندھ میں 4500 نئے ڈاکٹرز تعینات کیے جائیں گے،صوبائی وزیر صحت

    کراچی: صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر سکندر میندھرو کا کہنا ہے کہ سندھ میں 4 ہزار سے زائد ڈاکٹروں کو ملازمت دی جائے گی۔

    تفصیلات کےمطابق ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کراچی کے مختلف اسپتالوں کا گزشتہ روز دورہ کیا اور کہا کہ محکمہ صحت کو ڈاکٹروں کی شدید کمی کا سامنا تھا،عوام کی صحیح معنوں میں خدمت صرف نجی اسپتالوں اورصحت سے متعلق سہولت فراہم کرنے والے دیگرادارے نہیں کرسکتے۔

    صوبائی وزیرصحت کا کہنا تھا کہ ہم نے سندھ میں صحت کے نظام کو موثر بنانے کے لیے محکمے میں 4ہزار 500 کے قریب ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

    ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا کہ اس حوالے سے عمل درآمد شروع کیا جا چکا ہے جبکہ 250 کے قریب مختلف اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کو تیار کیا گیا ہے۔

    صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ‘ان ڈاکٹروں کو اگلے ہفتے مختلف جگہوں پر تعینات کیا جائے گا’۔

    محکمہ صحت کے لیے درد سر بننے والے اتائی ڈاکٹروں کے حوالے سے میندھرو نے کہا کہ ایسے ڈاکٹروں کے خاتمے کے لیے محکمہ جاتی تفتیش شروع کی جاچکی ہے اور وزارت ان کا جڑ سے خاتمہ کرے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری اسپتالوں میں عوام کو ادویات مہیا نہیں کرنے والے تمام ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

  • بھارت میں خاتون سے زیادتی،ڈاکٹر سمیت 2افراد گرفتار

    بھارت میں خاتون سے زیادتی،ڈاکٹر سمیت 2افراد گرفتار

    نئی دہلی: بھارت کی مغربی ریاست گجرات کےاسپتال میں مبینہ طور پر ایک خاتون کے ساتھ ریپ کے الزام میں ڈاکٹر سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست گجرات میں ڈینگی سے متاثرہ زیر علاج خاتون کو ہفتے میں دو مرتبہ نشہ آور دوا دے کر ریپ کا نشانہ بنانے پر اسپتال کے ڈاکٹر سمیت دو ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا۔

    گاندھی نگر پولیس کے چیف وریندرا یادیو کا کہنا تھا کہ ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں ریپ کی تصدیق ہوئی ہے اور متاثرہ خاتون نے بھی ملزمان کو شناخت کرلیا ہے،ملزمان اس وقت پولیس ریمانڈ میں ہیں۔

    india-post-1

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خون کے نمونے حاصل کر کے فرانزک ٹیسٹ کےلیے بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وہ مذکورہ کیس میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے۔

    انتظامیہ نے ایک جاری بیان میں کہا کہ اسپتال کے جس شعبے میں واقعہ پیش آیا ہے وہاں دن بھر میں اسٹاف کے 14 افراد کام کرتے ہیں اور ان پر سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نظر رکھی جاتی ہے۔

    india-post-2

    یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ہندوستان کے اسپتال میں کسی خاتون کو ریپ کا نشانہ بنایا گیا۔

    مزید پڑھیں: بھارت میں زیادتی کا شکارکم عمرلڑکی سے دورانِ علاج پھرزیادتی

    رواں سال فروری میں مشرقی ریاست جار کھنڈ کے اسپتال میں ریپ متاثرہ لڑکی کو جاری علاج کے دوران اسپتال ہی کے گارڈ نے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

    یاد رہے کہ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کی ایک حالیہ شائع کی گئی رپورٹ کے مطابق سال 2015 میں ہندوستان میں ریپ کے 34000 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اصل ریپ کی تعداد مذکورہ رپورٹ ہونے والے واقعات سے بہت زیادہ ہے کیونکہ بیشتر متاثرہ گھرانے رسوائی کے خوف سے اس طرح کے کیسز رپورٹ نہیں کراتے۔

  • امریکا میں ٹیسلا کار نے اپنے مالک کی جان بچائی

    امریکا میں ٹیسلا کار نے اپنے مالک کی جان بچائی

    میسوری: امریکا میں خودکار ٹیکنالوجی کی مدد سے چلنے والی ٹیسلا کار نے اپنے مالک کی طبعیت خراب ہونے پربحفاظت اسپتال پہنچا دیا.

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست میسوری کے شہر اسپرنگ فیلڈ میں جوشوا نیلے اپنی ٹیسلا کار کے ماڈل ایکس میں دفتر سے گھر جا رہے تھے کہ اچانک راستے میں ان کی طبیعت خراب ہوگئی.

    ایمبولینس کو بلانے کی بجائے 37 سالہ جوشوا نے کار کے خود چلنے کے فیچر (سیلف ڈرائیونگ) استعمال کرنے اور خودکار ٹیکنالوجی کی مدد سے اسپتال پہنچنے کا فیصلہ کیا.

    بیس میل کے فاصلے پر واقع اسپتال تک کار نے جوشوا کو بحفاظت پہنچایا جہاں وہ خود کار پارک کر کے اندر چل کر گئے.

    ڈاکٹرز کے مطابق جوشوا کے پھیپھڑوں کی شریان میں رکاوٹ آگئی تھی اور اگر وہ بروقت اسپتال نہ پہنچتے تو ان کی موت بھی واقع ہوسکتی تھی.

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی ریاست مونٹانا میں ٹیسلا کار کے ماڈل ایکس کو حادثہ پیش آیا،تاہم کار میں موجود شخص اس میں محفوظ رہا.

  • دمشق: شام میں اسپتال پر فضائی حملہ،10افراد ہلاک

    دمشق: شام میں اسپتال پر فضائی حملہ،10افراد ہلاک

    دمشق: شام کے شمال مغربی شہر کے اسپتال پر فضائی حملے میں بچوں سمیت دس افراد جان کی بازی ہار گئے.

    تفصیلات کے مطابق باغیوں کے زیر کنٹرول شام کے شہر عدلب سے پندرہ کلو میٹر کے فاصلے پر اسپتال پر فضائی حملے کے نتیجے میں بچوں سمیت دس افراد جاں بحق ہوگئے.

    خیال رہے کہ شام کی حکومت اور اس کے اتحادی روسی فوجی طیارے بھی شام کے مختلف شہروں میں بمباری کرتے رہے ہیں تاہم یہ پتہ نہیں چل سکا کہ اسپتال پر بمباری کن طیاروں کی جانب سے کی گئی.

    یاد رہے کہ شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی جانب سے متعدد بار شام میں اسپتالوں پر فضائی حملے نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا جبکہ شامی اپوزیشن حلقوں کا کہنا ہے کہ شام اور روس کی افواج کی جانب سے اسپتالوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے.

    شامی امریکی میڈیکل سوسائٹی کے مطابق رواں سال جولائی کا مہینہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران سب سے بدترین ماہ رہا ہے جس میں متعدد اسپتالوں اور صحت کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا.

    واضح رہے کہ رواں سال صرف جولائی کے مہینے میں شام میں صحت کے مراکز پر تینتالیس بار حملے کیے گئے.دن میں ایک سے زائد بار بھی صحت کے مراکز کوفضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا.

  • لاہور : فاطمہ میموریل اسپتال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی

    لاہور : فاطمہ میموریل اسپتال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی

    لاہور: شادمان میں واقع فاطمہ میموریل اسپتال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی،ریسکیو اہلکاروں نے ایک گھنٹے کی کاروائی کے بعد آگ پر قابو پالیا.

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے شادمان میں واقع فاطمہ میوریل اسپتال کے عملے کے مطابق اسپتال کی دوسری منزل پر واقع آئی سی یو وارڈ کےکوریڈور میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے دھواں اسپتا ل کے کمروں میں پھیل گیا،اسپتال میں آگ لگنے سےلوگوں میں بھگڈر میچ گئی.

    ریسکیو نے اطلاع ملتے ہی بروقت موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا،اس آپریشن کے دوران ریسکیو ٹیموں کی تین گاڑیوں نے حصہ لیا.

    آگ لگنے کے دوران باحفاظت تمام مریضوں کو اسپتال سےباہر نکال لیا گیااور آگ بجنے کے بعد واپس منتقل کر دیا گیا،خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا.

  • ماں کےنام سے بنائےجانے والااسپتال تمام ماؤں کے نام کرتا ہوں، عمرشریف

    ماں کےنام سے بنائےجانے والااسپتال تمام ماؤں کے نام کرتا ہوں، عمرشریف

    کراچی: معروف کاميڈين عمر شريف کا کہنا ہے کہ ماں کے نام سے بنائے جانے والا اسپتال دنيا کے تمام ماؤں کے نام کرتا ہوں،يہاں پر تمام بيماريوں کا مفت علاج کيا جائےگا۔

    کراچی میں زير تعمير اسپتال ميں پريس کانفرنس کرتے ہوئے عمر شريف کا کہنا تھا کہ ماں کے نام سے بننے والے اسپتال کا افتتاح گيارہ جولائی کو کيا جائے گا۔

    maa-post-1

    ان کا کہنا تھا کہ دو سو بستروں پرمشتمل اس اسپتال ميں لوگوں کے تمام بيماريوں کا بلکل مفت علاج ہوگا، اسپتال بالخصوص عورتوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کےلئے اہم کردار ادا کرے گا۔

    maa-post-2

    انھوں نے کہا اسپتال ميں ان فنکاروں کے ليے خاص طور پر جگہ رکھی گئی ہے جنھيں طبی سہوليات نہيں ملتی۔

    maa-post-3

    آخر ميں ان کا کہنا تھا کہ ميں حکومت سميت تمام مخير حضرات سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ اس کار خير ميں ہماری مدد کرے۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ  کا آج  کراچی شہر کے مختلف علاقوں، اسپتالوں کا دورہ

    وزیر اعلیٰ سندھ کا آج کراچی شہر کے مختلف علاقوں، اسپتالوں کا دورہ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے آج  کراچی شہر کے مختلف علاقوں، اسپتالوں اور ہیٹ اسٹروک کیمپو ں کا اچانک دورہ کیا ۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے اسپتالوں اور ہیٹ اسٹروک کیمپوں کے انتظامات کا جائزہ لیا اور سرکاری اداروں کی طرف سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ میڈیا سے گفتگو میں قائم علی شاہ نے بتایا کہ سندھ حکومت نے عباسی شہید اسپتال کو 8.5کروڑ روپے جاری کر دیئے ہیں اور اب اسپتال میں انتظامات کافی بہتر ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی طرف سے کے الیکٹرک اور حیسکو کے خلاف لوڈ شیڈنگ کی بے شمار شکایات آر ہی ہیں لیکن آئینی طور پر بجلی ہمارا سبجیکٹ نہیں بلکہ آئینی طور پر وفاق کا معاملہ ہے ۔

    ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ کراچی شہر میں امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہے اور اس حوالے سے تمام کو ششوں کوبروئے کار لا رہے ہیں، پولیس اہلکاروں کے قاتلوں کو کسی بھی صورت نہیں بخشا جائیگا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ شہر میں موجود نالوں کی عدم صفائی پر کے ایم سی کے دو افسران کو معطل کیا تھا اور آج بھی نالوں کی صفائی کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    اس موقعہ پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کے ایم سی اور محکمہ بلدیہ کو بارشوں سے قبل نالوں کی صفائی کے احکامات جاری کئے۔