Tag: اسپتال

  • وزیراعظم کا اسپتالوں، مراکز صحت میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کا حکم

    وزیراعظم کا اسپتالوں، مراکز صحت میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کا حکم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اسپتالوں، مراکز صحت میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت میں صحت کی سہولیات پر شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت کو سرکاری اسپتالوں کی انتظامیہ کو فعال بنانے کی ہدایت کر دی۔

    وزیراعظم پاکستان نے اسپتالوں ،مراکز صحت میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کا بھی حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، صحت کی سہولیات اور ادویات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

    کم آمدنی والے اور غربا کے لیےصنعتوں کا فروغ ترجیح ہے،وزیراعظم

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں بجلی اورگیس کی قیمتوں میں کمی کے لیے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا تھا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کم آمدنی والے اور غربا کے لیےصنعتوں کا فروغ ترجیح ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے مہنگے اور غیرمنطقی معاہدے اور انتظامات کیے، نتیجے میں مہنگی بجلی اورگردشی قرضے کی صورت سامنے آئی۔

  • کرونا وائرس کے لیے تعمیر کیا جانے والا اسپتال صرف 4 دن میں تکمیل کے قریب

    کرونا وائرس کے لیے تعمیر کیا جانے والا اسپتال صرف 4 دن میں تکمیل کے قریب

    چین نے تیزی سے پھیلتے کرونا وائرس کے علاج کے لیے صرف 4 دن قبل ووہان شہرمیں 1 ہزار بستروں کا اسپتال بنانے کا اعلان کیا تھا اور 4 دن بعد یہ اسپتال اپنی تعمیر کے نصف مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔

    چین میں اس وقت کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ووہان شہر ہے جہاں اب تک ساڑھے 4 ہزار سے زائد افراد اس وائرس کا شکار ہو کر اسپتالوں میں داخل ہوچکے ہیں۔

    اس وائرس سے اب تک 106 افراد موت کے منہ میں بھی جا چکے ہیں۔

    چینی حکومت نے چند روز قبل کرونا کے علاج کے لیے مخصوص اسپتال بنانے کا اعلان کیا تھا جو 1 ہزار بستروں پر مشتمل ہوگا اور یہ اسپتال صرف 4 دن میں نصف تعمیر ہوچکا ہے۔

    اسپتال کا نام فائر گاڈ ماؤنٹین ہاسپٹل رکھا جائے گا۔ اسپتال کے لیے 25 ہزار مربع میٹر علاقے میں کھدائی کا کام شروع کیا گیا تھا، اسپتال کو پری فیبری کیٹیڈ مٹیریئل یعنی پہلے سے تیار شدہ اشیا سے بنایا جارہا ہے۔

    اسپتال کی تعمیر مزید 3 سے 4 روز میں مکمل ہوجائے گی اور 3 فروری بروز پیر یہاں پہلا مریض داخل کردیا جائے گا۔

    چین اس سے قبل بھی اسی طرح کی ریکارڈ مدت میں کی جانے والی تعمیرات کا ریکارڈ رکھتا ہے۔

    سنہ 2003 میں بھی سارس وائرس سے نمٹنے کے لیے ایک اسپتال بنایا گیا تھا جسے 4 ہزار افراد نے دن رات کام کر کے صرف 7 روز میں تیار کرلیا تھا۔

    اب مذکورہ اسپتال کی تعمیر کے بعد امکان ہے کہ ملک بھر سے کرونا وائرس کے مریضوں کو یہیں لا کر علاج کیا جائے گا۔

    چین نے فلو کی طرح کے اس وائرس سے نمٹنے کے لیے سفری پابندیاں سخت کر رکھی ہیں اور ووہان سے باہر نکلنے یا شہر میں جانے پر مکمل پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

    اب تک امریکا، جرمنی، جاپان، فرانس اور سنگاپور سمیت 16 ممالک میں کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

  • نواز شریف کو جلد اسپتال میں داخل کیا جائے گا، ڈاکٹر عدنان

    نواز شریف کو جلد اسپتال میں داخل کیا جائے گا، ڈاکٹر عدنان

    لندن : میاں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ چند دنوں میں نوازشریف کو اسپتال میں داخل کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ کارڈیک پی ای ٹی اسکین میں دل کی پیچیدہ بیماری کی تشخیص ہوئی۔

    ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ چند دنوں میں نوازشریف کو اسپتال میں داخل کیا جائے گا، دل کی شریانوں میں بندش ختم کرنے کے لیے آپریشن کیا جائے گا، کارڈیو ویسکولر ٹیم نے آپریشن کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

    نواز شریف کو اگلے ہفتے اسپتال میں داخل کیا جائے گا، حسین نواز

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے مسلم لیگ ن کے قائد کے بیٹے حسین نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اسپال میں داخل کیا جائے گا جہاں اینجوگرام کے ذریعے دل کی بند شریانوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

    حسین نواز کا کہنا تھا کہ انجیوگرام ٹیسٹ میں استعمال ہونے والی ادویات کا گردوں پر اثر پڑتا ہے، گردوں میں تکلیف پر شریانوں کے لیے استعمال ہونے والی ادویات کی مقدار کو کم رکھا جائے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں سابق وزیراعظم نوازشریف اپنے بھائی شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے ہمراہ ایئر ایمبولینس میں علاج کے لیے لندن پہنچے تھے۔

  • لاہور ہائی کورٹ نے وزیر صحت یاسمین راشد کو طلب کرلیا

    لاہور ہائی کورٹ نے وزیر صحت یاسمین راشد کو طلب کرلیا

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے اسپتالوں کا فضلہ نہ اٹھانے کے خلاف درخواست پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو 29 جنوری کو طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مامون رشید شیخ نے اسپتالوں کا فضلہ نہ اٹھانے کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ محکمہ صحت نے کئی ادارے بنا کر لمبے لمبے نام کیوں رکھے ہیں، اتنے لمبے نام رکھنے کا مقصد کیا ہے، اتنے لمبے نام لکھنے سے سیاہی اور وقت ضائع ہوتا ہے۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اسپتالوں کے فضلےکے معاملے پر محکمہ ماحولیات کیوں سویا پڑا ہے، بتایا جائے اسپتال کے فضلے کو ری سائیکل کر کے سرنجیں پھر مارکیٹ میں کیسے آ رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں کی مشینری کی درآمد پر ٹیکس کیوں ادا کرنا پڑتا ہے، اسپتالوں کی مشینری کام نہیں کرتیں اسے چلانے کے لیے کوئی قانون سازی کیوں نہیں کی۔

    سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ نے کہا کہ ملتان اور ساہیوال کے اسپتالوں میں فضلہ ٹھکانے لگانے کے پلانٹس موجود نہیں، پانچ نئے پلانٹس ایک ماہ تک خرید لیے جائیں گے۔

    عدالت نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کیس کو طلب کرتے کیس کی مزید سماعت 29 جنوری تک ملتوی کر دی۔

  • کراچی کے 3 بڑے اسپتال وفاقی وزارت صحت کے ماتحت کردیے جائیں گے: ڈاکٹر ظفر مرزا

    کراچی کے 3 بڑے اسپتال وفاقی وزارت صحت کے ماتحت کردیے جائیں گے: ڈاکٹر ظفر مرزا

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ چند ماہ میں کراچی کے 3 بڑے اسپتال جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ وفاقی وزارت صحت کے ماتحت ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ چند ماہ میں کراچی کے 3 بڑے اسپتال وفاقی وزارت صحت کے ماتحت ہوں گے، فیصلہ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت کیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ وفاقی وزارت صحت کے حوالے کیے جانے والے اسپتال جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ ہوں گے۔ تینوں اسپتالوں کی منتقلی پر سندھ حکومت سے مشاورت جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم سے اختیارات وفاق سے صوبے کو گئے، صوبے سے ضلعی سطح پر بھی اختیارات دیے جانے چاہئیں، مسائل قومی ایمرجنسی کے تحت حل کرنے کی ضرورت ہے۔

    اس سے قبل ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 5 مراحل میں صحت کا نظام موجود ہے، یہ نظام ہیلتھ ورکرز، بی ایچ یو، پرائمری، سیکنڈری اور بڑے اسپتالوں پر مشتمل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 70 فیصد یونیورسل ہیلتھ کوریج کمیونٹی اور بی ایچ یو پر پوری ہو سکتی ہیں، ملک میں 2 مثالیں انڈس اسپتال اور شوکت خانم کی سامنے ہیں۔ قومی معیشت جس حال میں ملی، وہی حال شعبہ صحت کا بھی تھا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ 95 فیصد انجکشن غیر ضروری طور پر لگائے جاتے ہیں۔ بنیادی صحت کے مراکز کو بہتر کرنے تک بہتری ممکن نہیں۔ خصوصی افراد اور خواجہ سراؤں کو بھی ہیلتھ انشورنس فراہم کر رہے ہیں۔

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کے اسپتال بنانے کا فیصلہ

    وزیر اعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کے اسپتال بنانے کا فیصلہ

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر تمام صوبوں میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کے اسپتال بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں پنجاب میں مذکورہ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر بون میرو ٹرانسپلانٹ کے لیے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز (این آئی بی ڈی) اسپتال بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں صوبوں میں 500 بستروں کے بون میرو اسپتال بنائے جائیں گے۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے این آئی بی ڈی کے سربراہ طاہر شمسی سے مشاورت مکمل کرلی۔

    ذرائع کے مطابق سندھ، پنجاب، پختونخواہ اور بلوچستان میں اسپتال قائم ہوں گے، ایک یونٹ کی تعمیر پر 6 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ پہلے مرحلے میں پنجاب میں یونٹ کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔

    مشاورتی عمل کے دوران ڈاکٹر طاہر شمسی نے پنجاب میں 2 سو بستروں سے اسپتال شروع کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کے لیے ماہرین اور انفرا اسٹرکچر کی ضرورت ہے۔

    ڈاکٹر طاہر شمسی کے مطابق پاکستان میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کے اسپتال نجی شعبے میں قائم ہیں، ملک میں سالانہ 10 ہزار بون میرو ٹرانسپلانٹ کے مریض ہوتے ہیں۔ این آئی بی ڈی اب تک 800 بون میرو ٹرانسپلانٹ مکمل کر چکا ہے۔

  • 28 سال کے بعد پنجاب میں پہلی بار اسپتال بن رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب

    28 سال کے بعد پنجاب میں پہلی بار اسپتال بن رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ 28 سال کے بعد پنجاب میں پہلی بار اسپتال بن رہے ہیں، ایک سال کے اندر 9 اسپتال بنائے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں، ماضی کی حکومتوں نےعوام کو مشکلات کی دلدل میں دھکیلا ہوا تھا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی لمبی فہرست ہے، ایک سال کے اندر 9 اسپتال بنائے جا رہے ہیں، 28 سال کے بعد پنجاب میں پہلی بار اسپتال بن رہے ہیں۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہم نے ہر سیکٹرمیں کام کیا ہے، صحافیوں کو پنجاب حکومت ہیلتھ کارڈ میں شامل کرے گی، ڈویژنل سطح پر صحافی کالونی کا اجرا کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی ترقی بنیادی ہدف ہے، 28 سال کے بعد پنجاب میں پہلی بار اسپتال بن رہے ہیں، ایک سال کے اندر 9 اسپتال بنائے جا رہے ہیں۔

    ہنر مند نوجوان ہر ریاست کا اثاثہ ہوتے ہیں: عثمان بزدار

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہنر مند نوجوان پروگرام کے لیے ڈیڑھ ارب رکھے گئے ہیں۔ ایک لاکھ نوجوانوں کو مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق جدید کورسز کروائیں گے۔

  • کراچی: بچے کی انگلی کٹنے کا معاملہ والد اور اسپتال کے مابین 4 لاکھ روپے میں طے

    کراچی: بچے کی انگلی کٹنے کا معاملہ والد اور اسپتال کے مابین 4 لاکھ روپے میں طے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سولجر بازار میں واقع نجی اسپتال میں ڈاکٹر کی غفلت سے بچے کی انگلی کٹنے کا معاملہ بچے کے والد اور اسپتال انتظامیہ کے درمیان 4 لاکھ روپے میں طے ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق 6 ماہ کے بچے منہاج کی گزشتہ رات پٹی کاٹنے کے دوران ڈاکٹر نے انگلی ہی کاٹ دی تھی، بچے کے والد نے اسپتال اور تھانے کے باہر سخت احتجاج بھی کیا تھا، آج اسپتال انتظامیہ اور بچے کے والد کے درمیان مبینہ طور پر معاملہ 4 لاکھ روپے میں طے ہو گیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اسپتال اور متاثرہ فیملی میں بھاری رقم کے عوض معاملہ طے پایا ہے، معاوضے کے علاوہ زندگی بھر مفت علاج کی سہولت کا بھی وعدہ کیا گیا۔ دوسری طرف متاثرہ بچے کو علاج کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیل یہاں پڑھیں:  ڈاکٹر کی سنگین غفلت، 6 ماہ کے بچے کو انگلی سے محروم ہونا پڑ گیا

    یاد رہے کہ کراچی کے علاقے سولجر بازار میں نجی اسپتال کی انتظامیہ کی سنگین غفلت کے باعث گزشتہ رات ایک چھ سالہ بچے کو اپنی انگلی سے محروم ہونا پڑا تھا، اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق چھ ماہ کے بچے منہاج کو اس کے والدین بیمار ہونے پر اسپتال لائے تھے، بچے کو کینولہ لگایا گیا تھا، جسے سپورٹ دینے کے لیے ایک اسٹک ہاتھ پر باندھی گئی تھی۔

    بچے کے والد نے بتایا کہ بچہ ڈسچارج ہونے لگا تو ڈاکٹر اس کے ہاتھ پر بندھی پٹی کاٹ کر ہٹانے لگی، اس دوران ڈاکٹر نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کی انگلی ہی کاٹ ڈالی۔ ڈاکٹر نے ہمیں بتایا بھی نہیں، ہمیں بعد میں پتا چلا، انھوں نے کٹی انگلی بھی پھینک دی تھی۔

  • ملک کے 4 بڑے اسپتالوں کو وفاق کے تحت کرنے کا عمل شروع

    ملک کے 4 بڑے اسپتالوں کو وفاق کے تحت کرنے کا عمل شروع

    اسلام آباد: سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں ملک کے 4 بڑے اسپتالوں کو وفاق کے زیر انتظام کرنے کا عمل شروع ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے جناح اسپتال ،این آئی سی وی ڈی، این آئی سی ایچ اور شیخ زید اسپتال کو وفاق کے تحت چلانے کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے وزارت صحت نے مذکورہ اسپتالوں کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

    وزارت صحت نے انتظامی کنٹرول کیلئےاسپتالوں کے اثاثوں، ملازمین اور بجٹ کی تفصیلات مانگ لیے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: وفاقی اسپتالوں کی صوبوں کو متقلی غیر آئینی قرار، سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ

    سپریم کورٹ نے جناح اسپتال (جے پی ایم سی) اور این آئی سی وی ڈی کی سندھ کو منتقلی غیر آئینی قرار دیتے ہوئے این آئی سی ایچ اور این ایم پی کی صوبے کو منتقلی بھی غیر آئینی قرار دیا تھا۔

    فیصلہ کے مطابق سندھ اسمبلی کا منظور شدہ این آئی سی وی ڈی ایکٹ2014 غیر آئینی ہے، اس کے علاوہ شیخ زید اسپتال لاہور کی صوبائی حکومت کو منتقلی غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا گیاکہ شیخ زید اسپتال صوبے کو دینے کا فیصلہ وزیراعظم نے کیا تھا کابینہ نے نہیں۔

    فیصلہ میں مزید کہا گیا کہ این آئی سی ایچ1990میں جے پی ایم سی سے الگ ہوکر وفاق کو منتقل ہوا، اٹھارہویں ترمیم عمل درآمد کمیشن نے اپنی حدود سے تجاوز کیا تھا، جے پی ایم سی اور این آئی سی وی ڈی کا وفاقی ادارے ہونا پہلے سے تسلیم شدہ ہے۔

  • آصف زرداری کو فوری دوسرے اسپتال منتقل کر رہے ہیں، شیری رحمان

    آصف زرداری کو فوری دوسرے اسپتال منتقل کر رہے ہیں، شیری رحمان

    اسلام آباد : پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کی صحت خراب ہے فوری دوسرے اسپتال منتقل کر رہے ہیں، آصف زرداری عدالتوں سے یقیناً سرخرو ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ آصف زرداری کو کچھ دیر میں اسپتال سے منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری عدالتوں کا سامنا کرچکے ہیں، آصف زرداری عدالتوں سے یقیناً سرخرو ہوں گے۔

    پیپلزپارٹی کی رہنما نے کہا کہ ذاتی معالج تک رسائی ملی، نیب کوعدالت نے کہا رپورٹس دیکھیں۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر کو ضیا الدین اسپتال کے بجائے این آئی سی وی ڈی منتقل کرنے کا امکان ہے۔

    آصف علی زرداری کو رہا کردیا گیا

    واضح رہے کہ احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی ضمانت پر رہائی کی روبکار جاری کرتے ہوئے انہیں رہا کر دیا ہے۔ آصف زرداری پمز اسپتال میں زیر علاج تھے جنہیں آج اڈیالہ جیل حکام نے رہائی کی روبکار جاری کی۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔