Tag: اسپتال

  • جمہوریہ چیک کے اسپتال میں فائرنگ، 6 افراد ہلاک

    جمہوریہ چیک کے اسپتال میں فائرنگ، 6 افراد ہلاک

    پراگ: وسطی یورپ کے ملک جمہوریہ چیک کے اسپتال میں فائرنگ سے 2 خواتین سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق جمہوریہ چیک کے شہر اوسٹراوا کے اسپتال میں مسلح شخص نے فائرنگ کرکے 6 افراد کو ہلاک کر دیا، فائرنگ کے واقعے کے بعد بندوق بردار شخص نے خود کو بھی گولی مار لی۔

    جمہوریہ چیک کے وزیرداخلہ جان ہماسک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ اوسٹراوا فیکلٹی اسپتال کے ٹراما وارڈ میں صبح سات بجے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

    جمہوریہ چیک کے وزیراعظم اینڈریج بابس نے بتایا کہ اسپتال میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ سے 4 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے تھے تاہم بعد میں زخمی بھی دوران علاج چل بسے۔

    خیال رہے کہ اوسٹراوا شہر دارالحکومت پراگ سے 300 کلو میٹر دور واقع پے اور اپنی اسٹیل کی صنعت کے لیے مشہور ہے۔

    امریکا، نیول بیس پر حملہ، جانی نقصان کی اطلاع

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے 6 دسمبر کو امریکی ریاست فلوریڈا کے نیول بیس کیمپ پر مسلح شخص نے فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوا تھا جبکہ نیوی اہلکار کی فائرنگ سے حملہ آور مارا گیا تھا۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب کے والد کے نام سے اسپتال منسوب کرنے کی قرارداد منظور

    وزیر اعلیٰ پنجاب کے والد کے نام سے اسپتال منسوب کرنے کی قرارداد منظور

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے والد فتح محمد بزدار کے نام سے امراض قلب کا اسپتال منسوب کرنے کی قرارداد منظور کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ناروے میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی گئی۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے والد فتح محمد بزدار کے نام سے امراض قلب کا اسپتال منسوب کرنے کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔

    اسپیکر اسمبلی نے کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کو مسترد کردیا۔

    اجلاس میں وزیر قانون راجہ بشارت اور مسلم لیگ نواز کے رکن سمیع اللہ خان کے درمیان آرڈیننس جاری کرنے اور وزیر اعلیٰ کی تبدیلی پر نوک جھونک بھی ہوئی۔

    ایوان میں 8 مختلف رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔ وزیر قانون نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے 5 سال میں 106 آرڈیننس جاری کیے۔

    پنجاب اسمبلی کا اجلاس اگلے روز تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

  • راولپنڈی میں 200 کنال پرسب سے بڑا اسپتال بنا رہے ہیں، شیخ رشید

    راولپنڈی میں 200 کنال پرسب سے بڑا اسپتال بنا رہے ہیں، شیخ رشید

    راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ میری کوشش ہےکہ چین کی کمپنی ریلوے ٹریک ڈال دے، ریلوے میں کوتاہی سے میری کوشش پر پانی پھرجاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ راولپنڈی 10سال سے تعلیم میں پہلے نمبر پر ہے، راولپنڈی واحد شہر ہوگا جہاں 4 یونیورسٹیز ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں 200 کنال پر سب سے بڑا اسپتال بنا رہے ہیں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم ایل ون اسی مہینے شروع ہو جائے گا، میری کوشش ہے کہ چین کی کمپنی ریلوے ٹریک ڈال دے، ریلوے میں کوتاہی سے میری کوشش پر پانی پھرجاتا ہے۔

    شیخ رشید احمد نے کہا کہ چین کی مدد سے ریلوے یونیورسٹی بنائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی دورکرنے کے لیےعمران خان کام کر رہے ہیں۔

    شیخ رشید نے 100 سال پرانی اسٹیم انجن ٹرین چلا دی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے سیاحت کے فروغ کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 100 سال پرانی اسٹیم سفاری ٹرین کا افتتاح کیا تھا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 100سال پرانے اسٹیم انجن بحال کیے جا رہے ہیں، تمام ممالک کا شکریہ جنہوں نے پاکستان ریلوے کی اسٹیم انجن کی بحالی میں مدد کی۔

  • محکمہ صحت پنجاب نے اسپتالوں میں احتجاج اور ریلیوں پر پابندی لگا دی

    محکمہ صحت پنجاب نے اسپتالوں میں احتجاج اور ریلیوں پر پابندی لگا دی

    لاہور: محکمہ صحت نےاسپتالوں میں احتجاج،ریلیوں پرمکمل پابندی عائد کر دی، اسپتالوں میں بینر، پمفلٹ، پوسٹر لگانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نےاسپتالوں میں احتجاج اورریلیوں پرپابندی لگادی، اسپتالوں میں سیاسی اجتماع،حکومت مخالف بینر، پمفلٹ، پوسٹرلگانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔

    مراسلے میں اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے سربراہوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس پابندی پر مکمل عمل درآمد کریا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔

    مراسلے میں علاج معالجےمیں خلل ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں محکمہ صحت پنجاب نے تمام سرکاری اسپتالوں کو مراسلہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ تعلیمی قابلیت پرپورا نہ اترنے والے ڈاکٹرز آئندہ ڈیوٹی اوقات میں گاؤن نہیں پہنیں گے۔

    محکمہ پنجاب نے متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو پابند کیا تھا کہ وہ ملازمین کو کارڈ جاری کریں، ڈیوٹی کے دوران سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور عملے کا ملازمت کارڈ پہننا ضروری ہوگا۔

    نوٹی فکیشن میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ کارڈ پر ڈاکٹر اور دوسرے ملازم کا عہدہ سمیت دیگر تفصیلات درج ہوں گی، متعلقہ حکام اسپتالوں کا اچانک دورہ کر کے معائنہ کریں گے۔

  • ڈی آئی خان میں اسپتال کے گیٹ پرخودکش دھماکا، 4 افراد جاں بحق

    ڈی آئی خان میں اسپتال کے گیٹ پرخودکش دھماکا، 4 افراد جاں بحق

    ڈی آئی خان: ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر اسپتال کے دروازے پر خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی خان میں کوٹلہ سیداں پولیس چیک پوسٹ پردہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ شہید اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل جہانگیر اور کانسٹیبل انعام کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق شہید پولیس اہلکاروں کی لاشیں ڈسٹرکٹ اسپتال لائی گئیں تو اسپتال کے دروازے پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔

    دھماکے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کے لیے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے ہیں۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو کمبائنڈ ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    ڈی ایس پی افتخار شاہ کے مطابق دھماکا خودکش تھا اور خدشہ ہے کہ خودکش حملہ آور خاتون ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں پشاور میں صدر کے علاقے کالا باڑی میں دھماکے سے خاتون سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • شوکت خانم اسپتال کیلئے 24 کروڑ روپے کا چندہ، وزیراعظم کا اہلیان کراچی سے اظہارِ تشکر

    شوکت خانم اسپتال کیلئے 24 کروڑ روپے کا چندہ، وزیراعظم کا اہلیان کراچی سے اظہارِ تشکر

    کراچی: وزیراعظم عمران خان نے شوکت خانم اسپتال کے لیے چوبیس کروڑ روپے کا چندہ دینے پر کراچی کے عوام سے اظہارِ تشکر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے لکھا کہ شوکت خانم اسپتال کے فنڈریزنگ افطار میں کراچی کے عوام نے 24 کروڑ روپے کا عطیہ دیا گیا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میری قوم کی سخاوت کبھی میرے لیے حیران کن نہیں رہی، انہوں نے کہا کہ انشااللہ جلد رقم اکٹھا کرکے قرضے ادا کردیں گے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز کراچی میں شوکت خانم اسپتال کی فنڈریزنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ شوکت خانم اسپتال میں 75 فی صد غریبوں کا مفت علاج ہوتا ہے، شوکت خانم اسپتال کوفنڈز دینے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آپ کے عطیات غریب عوام کے علاج پر خرچ ہوتے ہیں۔

    دو سے تین ماہ میں ہر بحران سے نکل جائیں گے: وزیر اعظم

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ابتدا میں لوگ کہتے تھے کہ شوکت خانم اسپتال نہیں بن سکتا، اس خواب کو سچ کرنے پر آپ کا شکریہ گزار ہوں، اچھا وقت نہیں، بلکہ برا وقت آپ کو اوپر جانا سکھاتا ہے۔

  • بھارت کے ایک اسپتال میں نرس کا نوزائیدہ بچوں کی فروخت کا انکشاف

    بھارت کے ایک اسپتال میں نرس کا نوزائیدہ بچوں کی فروخت کا انکشاف

    نئی دہلی : بھارتی ریاست تامل ناڈو میں نوزائیدہ بچوں کی فروخت کا مکروہ دھندہ سامنے آگیا، ایک نرس نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ 30 برس سے شیر خوار بچوں کو فروخت کررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی ریاست تامل ناڈو کی ایک خاتون نے بچوں کی فروخت سے متعلق ہولناک انکشافات کیے ہیں، سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پروائرل ہونے والی ایک آڈیو کلپ میں ایک بھارتی نرس نے انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ 30سال سے شیرخوار بچے بغیر کسی دشواری کے فروخت کررہی ہے۔

    نرس کا کہنا تھا اس کام میں ان کا 30 سالہ تجربہ ہے، آڈیو کلپ کے وائرل ہوتے ہی تامیل ناڈو کے سیکرٹری صحت بیلا راجیش نے محکمہ صحت اور دیہی بہبود کے ڈائر یکٹر کو معاملے میں نظرثانی کا حکم جاری کردیا۔

    خاتون نے آڈیو کلپ میں بتایا کہ ’اگر آپ کو لڑکی کی چاہیے‘ تو اس کی قیمت 2 لاکھ 70 ہزار ہے اور اگر بچی تین کلو کے برابر ہو، رنگ صاف ہو تو اس کی قیمت تین لاکھ روپے ہوگی۔

    دوسری جانب نرس خاتون نے بتایا کہ اگر آپ کو نوزائیدہ لڑکا چاہیے تو اس کی قیمت 3 لاکھ روپے جبکہ خوبصورت اور صاف رنگ کے لڑکوں کی قیمت ساڑھے 3 سے 4 لاکھ ہوگی۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ صرف یہی نہیں بلکہ خاتون نے یہ بھی بتایا کہ وہ 70 ہزار روپے میں برتھ سرٹیفیکٹ بھی بنوا کر دیتی ہے۔

    تامیل پولیس کے مطابق یہ خاتون بھارت کے ایک سرکاری اسپتال کی سابقہ نرس ہے جسے اسپتال کے عملے کے ساتھ مل کر بچوں کی فروخت میں ملوث ہونے کے الزام میں نوکری سے نکالا گیا تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق تامیل ناڈو پولیس وائرل آڈیو کلپ کی مزید تحقیقات میں مصروف ہے۔

  • شہباز شریف کی سخت سیکیورٹی میں پمز اسپتال آمد، مکمل طبی معائنہ

    شہباز شریف کی سخت سیکیورٹی میں پمز اسپتال آمد، مکمل طبی معائنہ

    لاہور: نیب کے زیر حراست صدر  مسلم لیگ ن شہباز شریف کا آج پمز اسپتال میں طبی معائنہ ہوا.

    تفصیلات کے مطابق آج سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا طبی معائنہ ہوا، اس سلسلے میں شہباز شریف کو سخت سیکیورٹی میں پمز اسپتال لایا گیا.

    شہبازشریف سے ٹیسٹوں کے لئے نمونے لئے گئے، شعبہ معدہ و جگر کے ڈاکٹرز  نے شہباز شریف کا چیک اپ کیا، شعبہ آرتھو، نیورولوجی کے ڈاکٹرز  نے ان کا معائنہ کیا.

    اس موقع پر شعبہ ریڈیالوجی کے ڈاکٹرز نے بھی شہبازشریف کا معائنہ کیا، ان کا بلڈ پریشر اور شوگر ٹیسٹ کیا گیا.

    اسپتال ذائع کے مطابق شہبازشریف کی ای سی جی، الٹرا ساؤنڈ کیا گیا، شہباز شریف طبی معائنے کے بعد پمز اسپتال سے روانہ ہوگئے.

    یاد رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اس وقت بدعنوانی کے مختلف الزامات کے تحت نیب کے زیر حراست ہیں، انھوں نے گذشتہ دونوں‌ طبیعت کی خرابی اور معدے میں تکلیف کی شکایت کی تھی.

    مزید پڑھیں: آشیانہ اقبال اسکینڈل کیس، شہباز شریف سمیت ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 دن کی توسیع

    اس ضمن میں آج انھیں‌ سخت سیکیورٹی میں پمز اسپتال لایا گیا، جہاں ان کا مکمل طبی معائنہ ہوا.

    خیال رہے کہ اس وقت مسلم لیگ ن کے قائد میاں‌محمد نواز شریف بھی جیل میں ہیں. گذشتہ دنوں‌ ان کی صاحب زادی کی جانب سے ان کی طبیعت بگڑی کا دعویٰ کیا گیا تھا.

  • سپریم کورٹ نے اسلام آباد میں اسپتالوں کی کمی سے متعلق کیس نمٹا دیا

    سپریم کورٹ نے اسلام آباد میں اسپتالوں کی کمی سے متعلق کیس نمٹا دیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ میں اسلام آباد میں اسپتالوں کی کمی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے قومی ادارہ احتساب (نیب) کو زمین کی الاٹمنٹ میں مداخلت نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسپتالوں کی کمی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین کیوں نہیں آئے، کیا ہر بار چیئرمین سی ڈی اے کو بلانا پڑے گا؟

    انہوں نے کہا کہ سیکریٹری صحت پیش ہو سکتے ہیں تو چیئرمین سی ڈی اے کیوں نہیں۔

    انہوں نے حکم دیا کہ نیب کسی قسم کی مداخلت نہیں کرے گا، نیب افسران کی مداخلت عدالتی کارروائی میں رکاوٹ سمجھی جائے گی۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ اسپتال کے لیے زمین کی الاٹمنٹ مکمل کی جائے، چیئرمین سی ڈی اے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، نیب اتھارٹی زمین کی الاٹمنٹ میں مداخلت نہ کرے، نیب کو کارروائی کرنی ہو تو عدالت کی اجازت لی جائے۔

    اس سے قبل سماعت میں سی ڈی اے کے وکیل نے بتایا تھا کہ قومی ادارہ احتساب (نیب) نے اسپتال کے لیے زمین فراہم کرنے سے روک دیا تھا جس پر چیف جسٹس نے چیئرمین نیب کو طلب کیا تھا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ نیکی کا کام بھی شروع ہوتا ہے تو نیب ٹانگ اڑا دیتا ہے۔ بعد ازاں چیف جسٹس نے سی ڈی اے کو اسپتال کے لیے ایک دن میں زمین الاٹ کرنے کا حکم دیا تھا۔

  • اسلام آباد میں اسپتالوں کی کمی سے متعلق کیس: چیف جسٹس نے چیئرمین نیب کو طلب کرلیا

    اسلام آباد میں اسپتالوں کی کمی سے متعلق کیس: چیف جسٹس نے چیئرمین نیب کو طلب کرلیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ میں اسلام آباد میں اسپتالوں کی کمی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس قومی ادارہ احتساب (نیب) پر برہم ہوگئے اور چیئرمین نیب کو طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ کل تک اسپتال کے لیے زمین الاٹ کی جائے ورنہ توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں اسلام آباد میں اسپتالوں کی کمی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ (کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی) سی ڈی اے نے اسپتال کے لیے زمین فراہم کرنا تھی، اس کا کیا ہوا؟

    سی ڈی اے کے وکیل نے کہا کہ قومی ادارہ احتساب (نیب) نے زمین فراہم کرنے سے روک دیا جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ بلائیں نیب کے چیئرمین کو۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ ایک درخواست پر نیب لوگوں کی پگڑیاں اچھالنا شروع کر دیتا ہے، ہم نے خود چیئرمین نیب کو پیش نہ ہونے کی رعایت دی تھی۔ ہم چیئرمین نیب سے یہ رعایت واپس لے لیتے ہیں۔ نیب نے سارے پاکستان کو بدنام کرنا شروع کردیا۔

    انہوں نے کہا کہ نیکی کا کام بھی شروع ہوتا ہے تو نیب ٹانگ اڑا دیتا ہے، نیب حکام عدالت میں جواب دیں۔ حکام ناکام رہے تو چیئرمین نیب کو ذاتی حیثیت میں بلائیں گے۔

    عدالت نے چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل نیب اور چیئرمین سی ڈی اے کو چیمبر میں طلب کرلیا۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ لاہور میں نیب کی ایک بی بی بیٹھی ہیں جو لوگوں کو بلیک میل کرتی ہیں۔ چیئرمین نیب کو بتا دیں ممکن ہے ان کو حاصل حاضری سے استثنیٰ واپس لے لیں، نیب نے عدالتی احکامات کی ہی تذلیل شروع کر دی۔

    انہوں نے پوچھا کہ بحرین حکومت نے اسپتال کی تعمیر کے لیے 10 ارب کا تحفہ دیا تھا، اس اسپتال کی تعمیر سے متعلق کیا ہوا؟ وفاقی سیکریٹری برائے صحت نے بتایا کہ اسپتال کی تعمیر سے متعلق کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ سی ڈی اے سے جو کہا تھا 15 دن میں زمین کا فیصلہ کرے۔ سی ڈی اے کے وکیل نے کہا کہ زمین حاصل کرنے کے معاملے کی نیب نے انکوائری شروع کردی۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ سی ڈی اے کے لیے عدالتی حکم اہم ہے یا نیب کا، کل تک زمین الاٹ کریں ورنہ چیئرمین نیب کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔