Tag: اسپن آف

  • سیریز ختم لیکن شو ابھی باقی ہے: برلن واپس آرہا ہے

    سیریز ختم لیکن شو ابھی باقی ہے: برلن واپس آرہا ہے

    دنیا بھر میں مقبول ترین نیٹ فلکس سیریز منی ہائسٹ کا آخری حصہ آج ریلیز ہوچکا ہے جس کے بعد یہ مقبول ترین سیریز اختتام پذیر ہوجائے گی تاہم اس کے تخلیق کاروں نے اس کے اسپن آف کا اعلان کردیا جس کے بعد مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

    منی ہائسٹ سیریز کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر کیے گئے ٹویٹ میں اعلان کیا گیا کہ سیریز کے مشہور ترین کرداروں میں سے ایک برلن پر اسپن آف یعنی الگ سے سیریز بنائی جائے گی جو سنہ 2023 میں نیٹ فلکس پر پیش کی جائے گی۔

    برلن کا کردار ہسپانوی اداکار پیڈرو اولنزو ادا کر رہے ہیں، برلن سیریز میں دکھائی گئی ڈکیتیوں کے ماسٹر مائنڈ پروفیسر کا بھائی ہے جو خود بھی ایک ذہین اور چالاک شخص ہے۔

    برلن کی دوسرے سیزن میں موت دکھائی جاچکی ہے تاہم اگلے سیزنز میں فلیش بیکس میں اس کی زندگی دکھائی جاتی رہی۔

    اسپن آف سیریز کے تخلیق کار بھی ہسپانوی پروڈیوسر ایلکس پینا ہوں گے جنہوں نے پوری منی ہائسٹ پروڈیوس کی ہے جبکہ دیگر پروڈیوسرز اور ہدایتکار بھی وہی ہوں گے۔

    دوسری جانب منی ہائسٹ کے پانچویں سیزن کا دوسرا حصہ آج ریلیز کیا جاچکا ہے اور اس کے ساتھ ہی یہ مقبول ترین سیریز اپنے اختتام کو پہنچ جائے گی۔

  • منی ہائسٹ: کیا پروفیسر پر الگ سے سیریز تخلیق کی جائے گی؟

    منی ہائسٹ: کیا پروفیسر پر الگ سے سیریز تخلیق کی جائے گی؟

    شہرہ آفاق ویب سیریز منی ہائسٹ کا ویسے تو ہر کردار نہایت منفرد اور انوکھا ہے، تاہم اس کا مرکزی کردار پروفیسر نہایت مقبول ہے جس نے اپنی ذہانت سے مداحوں کو حیران کر رکھا ہے۔

    پروفیسر یعنی سرجیو مارکینا کا کردار ہسپانوی اداکار الوارو مورٹے ادا کر رہے ہیں، ویب سیریز میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح وہ 2 بڑی ڈکیتیوں کا دماغ ہیں، وہ مجرمانہ دماغ کے لوگوں کو اکٹھا کرتے ہیں، ان کی تربیت کرتے ہیں اور ان کے پاس ہر وقت پلان بی موجود ہوتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Álvaro Morte (@alvaromorte)

    ہر صورتحال میں ان کی حاضر دماغی اور ذہانت پوری ٹیم کو کسی مشکل میں پھنسنے سے بچا لیتی ہے۔

    حال ہی میں سیریز کے پروڈیوسرز سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ پروفیسر کی الگ سے کوئی سیریز یعنی اسپن آف تخلیق کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟

    شو کے ڈائریکٹر اور ایگزیکٹو پروڈیوسر جیسس کولمنر سے جب ایک ورچوئل گفتگو کے دوران یہ سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ پروفیسر کا اسپن آف تو خود یہی سیریز ہے، بس اس کے لیے سیریز کو غور سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔

    کولمنر کا کہنا تھا کہ پروفیسر کا اسپن آف کیوں بنایا جائے؟ اس کی ساری کہانی تو منی ہائسٹ میں ہی موجود ہے، اس کا پس منظر، اس کی عادات، اس کی شخصیت سب ہی کچھ اس سیریز میں پہلے سے موجود ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Álvaro Morte (@alvaromorte)

    انہوں نے کہا کہ اسپن آف ایسے ثانوی کردار کا بنایا جاتا ہے جسے بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوجائے اور آپ اس کی کہانی پر نئی سیریز بنا سکیں۔ منی ہائسٹ کا ہر کردار ایسا ہے کہ اس پر اسپن آف بنایا جاسکتا ہے، ہر کردار اپنی الگ تہہ در تہہ زندگی کی کہانی رکھتا ہے۔

    یاد رہے کہ دنیا بھر میں شہر حاصل کرنے والی ویب سیریز منی ہائسٹ کا آخری سیزن دو حصوں میں ریلیز کیا جائے گا، پہلا حصہ 3 ستمبر اور دوسرا حصہ 3 دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔