Tag: اسپورٹس

  • تیزی سے مقبول ہونے والے کھیل پیڈل میں پاکستان کے لیے بڑا اعزاز

    تیزی سے مقبول ہونے والے کھیل پیڈل میں پاکستان کے لیے بڑا اعزاز

    کراچی: پاکستان میں تیزی سے مقبول ہونے والے کھیل پیڈل میں پہلی بار انٹرنیشنل ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑی ملک کی نمائندگی کریں گے، پاکستان کے محمد عزیز خان ایف آئی پی انٹرنیشنل برونز ایونٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

    پاکستان سے پیڈل کے کھلاڑی محمد عزیز خان ایف آئی پی انٹرنیشنل ایونٹ میں باضابطہ طور پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں، اس بات کا اعلان گزشتہ روز پاکستان پیڈل فیڈریشن (پی پی ایف) کے صدر محمد متین نے کیا۔

    ایف آئی پی انٹرنیشنل برونز ٹورنامنٹ 2025 ہانگ کانگ میں 10 سے 16 مارچ تک کھیلا جائے گا، انٹرنیشنل پیڈل فیڈریشن (ایف آئی پی) نے باضابطہ طور پر شرکا کی فہرست اپنی ویب سائٹ پر شائع کر دی ہے، جس میں بیلجیم سے محمد عزیز خان کے ساتھی سیبسٹین گارسیا اورٹیگا کے ساتھ شرکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

    پی پی ایف کے صدر کے مطابق عزیز خان اس وقت ہانگ کانگ میں ایونٹ کی تیاری کے سلسلے میں اپنی پریکٹس میں مصروف ہیں، وہ ایک غیر ملکی کوچ کی نگرانی میں سخت تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

    محمد عزیز خان کا بین الاقوامی سطح پر سفر پاکستان پیڈل فیڈریشن کی جانب سے نیشنل پیڈل لائسنس کے اجرا کے ذریعے ممکن ہوا، جس کے بعد انٹرنیشنل پیڈل فیڈریشن کی جانب سے بین الاقوامی لائسنس کی منظوری سے عالمی مقابلوں میں ان کی شرکت کی راہ ہموار ہوئی۔

    محمد متین نے کہا کہ پی پی ایف گراس روٹ سطح سے لے کر بین الاقوامی میدان تک پیڈل کی ترقی اور فروغ کے لیے وقف ہے، پاکستانی پیڈل ٹیم کے کھلاڑیوں کو ایشین پیڈل چیمپئن شپ 2025 میں بھی بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے، جو روواں سال اکتوبر میں سعودی عرب میں منعقد ہوگی۔

  • تیز رفتار کھلاڑی ‘فلوجو’ آج ہی کے دن زندگی کی دوڑ سے ہمیشہ کے لیے باہر ہوگئی تھی

    تیز رفتار کھلاڑی ‘فلوجو’ آج ہی کے دن زندگی کی دوڑ سے ہمیشہ کے لیے باہر ہوگئی تھی

    فلورنس گرفتھ جوئنر کھیلوں کی دنیا میں ‘فلوجو’ کی عرفیت سے مشہور ہوئی۔ وہ ایک ایسی ایتھلیٹ تھی جس نے تیز رفتار اور یکے بعد دیگرے فتوحات کا ریکارڈ قائم کیا۔ وہ زندگی کی محض 38 بہاریں دیکھ سکی اور 21 ستمبر 1998ء کو زندگی کی دوڑ سے ہمیشہ کے لیے باہر ہو گئی۔

    فلوجو نے لمبی دوڑ کے بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں حصّہ لیا اور کام یابی سمیٹی۔ اسے تیز رفتار کھلاڑی تسلیم کیا گیا اور مسلسل فتوحات نے اسے ایک شہرت یافتہ کھلاڑی بنا دیا۔

    فلورنس گرفتھ جوئنر کا تعلق امریکا سے تھا۔ وہ 1959ء میں پیدا ہوئی۔ لاس اینجلس کی رہائشی فلوجو نے نوعمری میں دوڑ کے مقابلوں میں دل چسپی لینا شروع کردی تھی۔ اس نے اسکول کی سطح پر متعدد مقابلوں میں حصّہ لیا تھا۔ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے کے دوران جب وہ چودہ برس کی تھی تو اسے نیشنل یوتھ گیمز میں حصّہ لینے کا موقع ملا اور یہاں اس نے پہلی بڑی کام یابی اپنے نام کی۔

    1984ء کے لاس اینجلس اولمپکس میں اس نے ایک مقابلہ جیت کر سلور میڈل حاصل کیا اور پھر کچھ عرصہ کھیل کی دنیا سے دور رہی۔ 1987ء میں فلوجو نے مشہور ایتھلیٹ ایل جوئنر سے شادی کر لی۔ اسی سال روم میں ورلڈ چیمپئن شپ منعقد ہوئی جس میں شائقین نے فلوجو کو دوبارہ میدان میں دیکھا۔ اس نے ورلڈ جیمپئن شپ کے مقابلوں میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

    1988ء کے سیول اولمپکس کا میدان سجا تو فلوجو نے اس میں حصّہ لیا اور تین گولڈ میڈل اپنے نام کرنے کے ساتھ ایک کانسی کا ایک تمغہ بھی لے اڑی۔ 1989ء میں اس نے دوڑ کے میدان سے ریٹارمنٹ کا اعلان کردیا۔

    اس لڑکی کی کہانی بہت دل چسپ ہے۔ وہ سیماب صفت اور پُراعتماد تھی جس نے کھیل کی دنیا میں نام و مقام بنانے کے بعد اچانک ہی اپنا راستہ بدل لیا۔ اس پر ماڈلنگ کا جنون سوار ہوگیا۔ اس کے بعد وہ بزنس کی دوڑ میں دکھائی دی اور خود کو کاروباری شخصیت کے طور پر منوانے کی کوشش کی۔ یہ سلسلہ یہیں‌ نہیں‌ رکا بلکہ اچانک ہی شائقین کو معلوم ہوا کہ اب فلوجو تصنیف و تالیف میں مشغول ہوگئی ہیں۔

    مشہور ہے کہ فلوجو ایک زرخیز ذہن کی مالک تھی اور وہ ہر شعبے میں نہایت متحرک اور فعال کردار ادا کرتی رہی۔ اسے ہر روپ میں اور ہر شعبے میں کام یابی ملی اور لوگوں نے بے حد عزّت اور احترام سے اسے یاد کیا۔

    فلورنس گرفتھ جوئنر نے ایک کام یاب زندگی گزاری اور امریکا میں اسے حکومتی سطح پر اعزازات سے نوازا گیا۔ اسے امریکی خواتین کے لیے عزم و ہمّت اور کام یابی کی ایک مثال کے طور پر بھی پیش کیا جاتا ہے۔

  • عالمی سطح پر 2019 پاکستان کی فتوحات کا سال

    عالمی سطح پر 2019 پاکستان کی فتوحات کا سال

    کراچی: کھیلوں کے عالمی سطح پر ہونے والے مختلف ایونٹس میں پاکستان کے باصلاحیت کھلاڑیوں نے کمال کردکھایا اور مختلف عالمی ٹائٹل اپنے نام کیے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک جانب جہاں عالمی سطح پر کھیلوں سے متعلق پاکستان کی پزیرائی تو دوسری طرف ملک میں بھی کرکٹ کے عالمی دروازے کھلے اور دس سال بعد ٹیسٹ کا میدان بھی یہیں سجا۔

    ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، سید عماد علی نے جونیئر اسکریبل ورلڈ کپ جیتنا، محمد آصف اسنوکر چیمپیئن بنے، اسی طرح یہ سال ملک و قوم کے لیے باعث فخر رہا۔

    پاکستان کا نام روشن کرنے والے اسنوکر چیمپئن محمد آصف کیلئے ایک اور انعام

    2019 میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم عالمی سطح پر سربلند رہا، کئی بین الاقوامی مقابلوں میں ٹرافی اور طلائی سے لے کر کانسی کے تمغہ پاکستانی کھلاڑیوں نے جیت کر دکھایا، محمد آصف نے دوسری مرتبہ پاکستان کو عالمی چیمپیئن بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔

    ساؤتھ ایشین گیمز، انعام بٹ نے فائنل کا میدان مار لیا

    انعام بٹ ہر بین الاقوامی ایونٹ میں ملک کی شان بنے، ساوتھ ایشین گیمز کراٹے ایونٹ میں پاکستان کے کراٹے کاز کا راج رہا، ایشین انڈر 21 بیڈمنٹن چیمپیئن شپ میں پاکستان کے راجہ حیدر اور محمد عدنان نے بھارت کو ہرا کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔

    انگریزوں کی سرزمین پر پاکستان کے سید عماد علی کم عمر جونئیر ورلڈ اسکریبل چیمپیئن بنے، کراچی کے تن ساز بھائیوں دانش علی اور رضا باقری دبئی اور ملائیشیا کے مسل مینیا چیمپیئن شپ میں سب پر بھاری پڑے، سہولیات کی کمی کھلاڑیوں کی راہ میں رکاوٹ ضرور بنی لیکن کچھ کردکھانے کی جستجو نےانھیں ملک کی پہچان بنا دیا ہے۔

    دوسری جانب ملک میں عالمی کرکٹ بحال ہوئی، سری لنکن ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا، بعد ازاں بنگلادیش اور ساؤتھ افریقہ کی ٹیمیں بھی پاکستان آنے کے لیے تیار ہوگئی ہیں۔

  • وزیراعظم کا نیشنل یوتھ کونسل کے قیام کا فیصلہ

    وزیراعظم کا نیشنل یوتھ کونسل کے قیام کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیےحکومتی سطح پرہائی پاورڈنیشنل یوتھ کونسل کےقیام کافیصلہ کرلیا ہے، نوجوانوں کو سرکاری سطح پر اونر شپ ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل یوتھ کونسل کےپیٹرن ان چیف خودوزیراعظم ہوں گے اور صوبائی وزرائےکھیل بھی نیشنل یوتھ کونسل کاحصہ ہوں گے۔ کہا جارہا ہے کہ ملکی سطح پر اسپورٹس کےنمایاں ناموں کویوتھ کونسل میں شامل کیاجائےگا۔

    وزیر اعظم نے نیشنل یوتھ کونسل کےقیام کی ذمہ داری اپنے معاون خصوصی عثمان ڈارکوسونپ دی ہے ،نیشنل یوتھ کونسل کےساتھ نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک بنایاجائےگا ۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کونسل کے ذریعےملک بھر میں نوجوانوں کے لئےہونےوالی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائےگی۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے انسدادمنشیات مہم کو آگے بڑھانے کے لیے اسپورٹس کلچرمتعارف کرانےکابھی فیصلہ کیا ہے،تعلیم اوراسپورٹس کوملک گیرسطح پرپھیلایا جائے گا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ سابقہ 5سالوں میں سب سےزیادہ نظراندازپاکستان کےنوجوانوں کوکیاگیا ہے ، وزیراعظم نےہنگامی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ اس پراجیکٹ کے ذریعے نوجوانوں کوسرکاری سطح پراونرشپ ملےگی۔

  • یقین ہے، ہماری بیٹیاں ملک کے لئے مثالی کردار ادا کریں گی: چیف جسٹس

    یقین ہے، ہماری بیٹیاں ملک کے لئے مثالی کردار ادا کریں گی: چیف جسٹس

    لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ یقین ہے، ہماری بیٹیاں ملک کے لئے مثالی کردار  ادا کریں گی.

    ان خیالات کا اظہار چیف جسٹس نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے  کہا کہ حالات جیسے بھی ہوں، مایوسی کو  اپنے سامنے رکاوٹ نہیں بننے دیں.

    چیف جسٹس ثاقب نثار  کے مطابق قوم کی ترجیحات کے لئے بھی ہمیں جدوجہد کرنی ہوگی، دعا ہے کہ ہماری قوم ہمیشہ خوش رہے.

    انھوں نے کہا کہ کھیل سے انسان کو راحت ملتی ہے ، فرد ذہنی طور پر تندرست ہوتا ہے، حکومت کو گراؤنڈز کے لئے ترجیح بنیادوں پر کام کرنا ہوگا.

    چیف جسٹس نے کہا کہ صرف مردوں کے لیے نہیں، ہماری بچیوں کے لئے بھی سہولیات ہونی چاہییں، پاکستان میں گراؤنڈز کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کیے جائیں.


    چیف جسٹس کا بیرون ملک جائیدادیں رکھنے والے کم ازکم 20 افراد کو پیش کرنے کا حکم


    انھوں نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح کھیلوں کو بھی اتنی اہمیت دی جائے، جتنی شعبہ صحت کو دی جاتی ہے، آج جب بچیوں کو اسپورٹس میں دیکھتا ہوں، تو میری خوشی کی انتہا نہیں رہتی، حکومت کو چاہیے فٹبال کھیلنے والی لڑکیوں کو سہولتیں فراہم کرے.

    چیف جسٹس نے کہا کہ بدقسمتی سے ہماری فٹ بال فیڈریشن چار سال سے مشکلات کا شکار تھی، فٹ بال فیڈریشن 4سال غیرفعال تھی دوبارہ بحال ہوگئی ہے.