Tag: اسپورٹس روم

  • محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کی وجہ بتادی

    محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کی وجہ بتادی

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے پیسے کے لیے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے تاثر کو غلط قرار دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اسپورٹس روم‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا کہ پیسے کے لیے ٹیسٹ کرکٹ نہیں چھوڑی، اگر ٹیسٹ کرکٹ نہیں چھوڑتا تو اب تک کیریئر ختم ہوچکا ہوتا۔

    محمد عامر نے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے منتخب نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید تھی دورہ نیوزی لینڈ کے لیے منتخب ہوجاؤں گا۔

    فاسٹ بولر نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ تکنیک کو ویرات کوہلی سے بہتر قرار دیا۔

    واضح رہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر نے گزشتہ سال جولائی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پابندی کے پانچ سال تک بالکل کرکٹ نہیں کھیلی اور پھر تینوں فارمیٹ کے میچز کھیلے، اتنی کرکٹ سے میری باڈی پر پریشر تھا اور میں تھک جاتا تھا۔

    محمد عامر کا کہنا تھا کہ اگر مجھے اگلے چھ سال مزید کرکٹ کھیلنی ہے تو ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنی ہی تھی۔

    واضح رہے کہ قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے محمد عامر اور وہاب ریاض کے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

  • روہت شرما کو آؤٹ کرنے کے لیے پرجوش رہتا ہوں، محمد عامر

    روہت شرما کو آؤٹ کرنے کے لیے پرجوش رہتا ہوں، محمد عامر

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی اوپنر بلے باز روہت شرما کو آؤٹ کرنے کے لیے پرجوش رہتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اسپورٹس روم‘ میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر اور آل راؤنڈر عماد وسیم نے شرکت کی اور میزبان نجیب الحسنین کے مختلف سوالات کے جوابات دئیے۔

    محمد عامر کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں محمد حسنین اور نسیم شاہ دونوں ہی شاندار بولر ہیں لیکن انہیں نسیم شاہ کی بولنگ نے بہت متاثر کیا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں فاسٹ بولر نے کہا کہ اگر وہ بیٹسمین ہوتے تو انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر کی دھلائی کرتے۔ محمد عامر نے کہا کہ قومی ٹیم میں عماد وسیم ان کے سب سے اچھے دوست ہیں جبکہ وہاب ریاض کنجوس کھلاڑی ہیں۔

    محمد عامر دنیا کے بہترین بولر ہیں، عماد وسیم

    دوسری جانب قومی ٹیم کے آل راؤنڈر اور پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ فہیم اشرف ان کی نظر میں ٹیم کے بہترین آل راؤنڈر ہیں جبکہ حسن علی کو انہوں نے وکٹ ٹیکر قرار دیا۔

    عماد وسیم نے فخر زمان کو تھرلر قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض تیز ترین بولر اور محمد عامر دنیا کے بہترین بولر ہیں۔

    سرفراز احمد اور محمد رضوان سے متعلق پوچھے جانے والے سوال پر عماد وسیم کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد اور رضوان دونوں اپنی جگہ اچھے وکٹ کیپر اور بیٹسمین ہیں، آل راؤنڈر کا مزید کہنا تھا آسٹریلیا سے زیادہ مزہ انہیں انگلینڈ کے خلاف کھیلنے میں آتا ہے۔

    بند دروازوں میں کرکٹ کھیلے جانے سے متعلق عماد وسیم اور محمد عامر کا کہنا تھا کہ تماشائیوں کے بغیر کرکٹ کھیلنے میں مزہ نہیں آتا لیکن ہمیں کرکٹ کھیلنی ہے تو بند دروازوں میں بھی کھیلنی ہوگی۔

  • بیٹنگ تجربہ کار بولنگ ناتجربہ کار ہے جس کا نقصان ہوسکتا ہے، مشتاق احمد

    بیٹنگ تجربہ کار بولنگ ناتجربہ کار ہے جس کا نقصان ہوسکتا ہے، مشتاق احمد

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ بولنگ کے مقابلے میں بیٹنگ میں تجربہ کار کھلاڑی ہیں، بولرز اتنے تجربہ کار نہیں جس کا نقسان ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد نے اسپورٹس روم میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنید خان سب سے سینئر کھلاڑی ہیں انہیں ذمہ داری لینا ہوگی، عامر وکٹ نہیں لیتا لیکن رنز روک کر دباؤ بڑھاتا ہے، عامر انگلینڈ کے خلاف پرفارم کرکے ورلڈ کپ ٹیم میں آئے گا تو فائدہ ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ون ڈے میچ میں بہت منصوبہ بندی کے ساتھ کرکٹ کھیلنا ہوتی ہے، حریف ٹیم عامر کو محتاط ہوکر کھیلنے کا پلان بناتی ہے اس لیے انہیں وکٹ نہیں ملتی، شاداب اپنی مکمل ورائٹی کے ساتھ گیند کرے تو فائدہ ہوگا۔

    [bs-quote quote=”حریف ٹیم عامر کو محتاط ہوکر کھیلنے کا پلان بناتی ہے اس لیے انہیں وکٹ نہیں ملتی” style=”style-8″ align=”left” author_name=”مشتاق احمد”][/bs-quote]

    سابق لیگ اسپنر نے کہا کہ فخر زمان اور امام الحق کی جوڑی بہت اچھی ہے، دونوں اوپنرز کا رول بہت واضح ہے، جیت کے لیے ڈریسنگ روم کا اچھا ماحول بہت ضروری ہے، ہر کھلاڑی کو اپنا روم کا معلوم ہونا چاہئے۔

    ایک سوال کے جواب میں مشتاق احمد نے کہا کہ کرکٹ جنگ نہیں ایک کھیل ہے اور اسے کھیل ہی کی طرح کھیلنا چاہئے، سابق کھلاڑیوں کو پاک بھارت میچ کو جنگ نہیں کہنا چاہئے، قومی ٹیم کو بھارت کے خلاف میچ جیتنے کی کوشش کرنی چاہئے۔

    مشتاق احمد نے کہا کہ ورلڈ سے قبل انگلینڈ سے پانچ ون ڈے سے فائدہ ہوگا، انگلینڈ سے سیریز آرگنائز کرنے پر پی سی بی کو کریڈیٹ دینا چاہئے، اسپنرز مڈل اوور میں وکٹ لیں گے تو کامیابی ملے گی، قومی ٹیم میں ورلڈ کپ جیتنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے، شعیب ملک کا پرفارم کرنا بہت ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 92 ورلڈ کپ جیتنا اعزاز کی بات تھی، عمران خان کی کپتانی میں کھیلنے والوں کا کیریئر بہت زبردست رہا، موجودہ دور میں میچ جیتنے کے لیے جارحانہ کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

  • ورلڈ کپ میں ٹیم فائٹ کرتی دکھائی دے گی، سرفراز احمد

    ورلڈ کپ میں ٹیم فائٹ کرتی دکھائی دے گی، سرفراز احمد

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے ہر میچ پر توجہ ہے، میگا ایونٹ میں ٹیم فائٹ کرتی دکھائی دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں، فٹ رہنے کے لیے سخت محنت کررہا ہوں، ٹیم کا مورال بڑھانے کا منصوبہ موجود ہے۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی، کوچ اور کپتان ایک پیج پر ہیں، ورلڈ کپ اسکواڈ میں زیادہ تبدیلی نہیں ہوگی، جلد کوچ اور سلیکٹرز سے اسکواڈ پر مشاورت ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کا فارمیٹ مشکل ہے، بھارت سے میچ اہم ہوتا ہے، جیتنے کی کوشش کریں گے، ٹیم بہت اچھی ہے، خواہش ہے کہ ہم ورلڈ کپ جیتیں اگر ٹیم ورلڈ کپ نہیں بھی جیتتی تو گراؤنڈ میں فائٹ کرتی ہوئی نظر آئے گی۔

    کپتان قومی کرکٹ ٹیم کا کہنا تھا کہ فاسٹ بولر محمد عامر کو کارکردگی پر فوکس کرنے کی ضرورت ہے جبکہ آسٹریلیا سیریز میں آرام سے بہت فائدہ ہوا ہے۔

    پی ایس ایل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں کامیابی کی خوشی ہے، پی ایس ایل پاکستان کا بڑا برانڈ ہے، اپنے شہر میں کھیلنے کا بہت مزہ آیا، شائقین نے بھرپور سپورٹ کیا جس کی خوشی ہے۔

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ میں قومی ٹیم مایوس نہیں کرے گی: کپتان سرفراز احمد

    واضح رہے کہ چیمپئن کپتان گزشتہ روز اے آر وائی نیوز کے مہمان بنے تھے، اے آر وائی آمد پر قومی ٹیم کے کپتان کو گل دستہ پیش کیا گیا۔ انھوں نے عوام سے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے لیے دعا کی درخواست کی۔

    خیال رہے کہ گرین شرٹس سرفراز کی قیادت میں مشن ورلڈ کپ 2019 کے لیے 23 اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوں گے، جس کے لیے پی سی بی نے پلیئرز فٹنس ٹیسٹ کا اعلان کر دیا ہے اور 23 کھلاڑیوں کو طلب کر لیا گیا ہے۔

  • پاکستان میں کرکٹ بحالی کے دشمن الزامات لگا رہے ہیں، لیگل نوٹس بھیجوا رہا ہوں، نجم سیٹھی

    پاکستان میں کرکٹ بحالی کے دشمن الزامات لگا رہے ہیں، لیگل نوٹس بھیجوا رہا ہوں، نجم سیٹھی

    اسلام آباد : چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ مجھ پر لگائے گئے الزامات میں کوئی نئی بات نہیں ہے دراصل پاکستان میں کرکٹ کی بحالی سے ناخوش اور اہم عہدے و مراعات نہ ملنے کے باعث کچھ لوگ مجھ پر تنقید کر رہے ہیں.

    چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اے آر وائی نیوز کے پروگرام اسپورٹس روم کے میزبان سے بات کر رہے تھے، انہوں نے کہا ہے کہ بے بنیاد الزامات لگانے پر دکھ ہوتا ہے اور جھوٹے الزامات لگانے پر نجی چینل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا.

    انہوں نے بتایا کہ مجھ پرالزام لگایا جا رہا ہے کہ 2011 میں بھارت گیا اور وہاں کسی بکی کے ساتھ رہا حالانکہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں ہی 2013 میں آیا تھا اسی طرح ویسٹ انڈیز سے ہار کا بھی الزام لگایا گیا جب کہ وہ میچ پاکستان جیتا تھا.

    نجم سیٹھی نے کہا کہ الزامات کی منظم سازش اس وقت بنائی گئی جب میں نے ایک سابق باؤلر نے اکیڈمی کے لیے امداد مانگنے اور کوچ بننے کی خواہش کے اظہار کو نظر انداز کرتے ہوئے میرٹ پر فیصلے کیے دراصل پاکستان میں کرکٹ کی بحالی پر بہت سے لوگ ناخوش ہیں.

    انہوں نے کہا کہ مخالفین کے پیسے لگے ہوئے تھے جو میں نے بند کر دیے تو الزامات لگا رہے ہیں، پاناما پیپرز اور بکیز سمیت دیگر بے بنیاد الزامات لگائے گئے لہذا اب الزام لگانے والوں کو نوٹس دوں گا.

    نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اس سے قبل 35 پنکچر کا بھی الزام لگا تھا اسی طرح ایک ٹی وی کے سابق ایم ڈی اپنے گھپلوں کو روکنے کیلئے شاید الزام لگا ر ہے ہیں حالانکہ ایسے الزامات سے نقصان ہوتا ہے، پاکستان میں کھیلوں کے فرغ اور بحالی کے لیے پی سی بی کو سپورٹ کرنا چاہیے.

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی اوت ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بھی نمبرون پر ہے لیکن مخالفین پاکستان کےعوام کی خوشیاں دیکھتے ہیں تو انہیں تکلیف ہوتی ہے کیوں کہ پاکستان میں ایسے لوگ بھی ہیں جن کی حب الوطنی پرشک کیا جاسکتا ہے.