Tag: اسپوٹیفائی

  • اسپوٹیفائی کے ملازمین کے لیے بری خبر

    اسٹاک ہوم: متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے بعد اب سوئیڈن کی مشہور آڈیو اسٹریمنگ اور میڈیا سروسز کمپنی اسپوٹیفائی نے بھی ملازمین نکالنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    امریکی ٹیکنالوجی نیوز ویب سائٹ دی وَرج کے مطابق اسپوٹیفائی کے سی ای او ڈینیئل ایک نے گزشتہ روز عملے کے میمو میں اعلان کیا کہ کمپنی اپنی عالمی افرادی قوت کا 6 فی صد فارغ کر رہی ہے۔

    اسپوٹیفائی کے پاس اپنی آخری آمدنی کی رپورٹ کے مطابق کل وقتی ملازمین کی تعداد 9,800 ہے، جس کا مطلب ہے کہ جن ملازمین کو فارغ کیا جا رہا ہے ان کی تعداد 600 کے قریب بنتی ہے۔

    کمپنی میں کنٹینٹ اور اشتہارات کے سربراہ ڈان آسٹروف بھی کمپنی چھوڑ رہے ہیں، انھوں نے کمپنی کے پوڈ کاسٹنگ کے کاروبار کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    اسپوٹیفائی کا کہنا ہے کہ ملازمین کو نکالنے کی وجہ کمپنی کی کارکردگی کو بہتر بنانا، اور ٹیکنالوجی اخراجات کو کم کرنا ہے۔ توقع ہے کہ رواں ہفتے ہی ملازمین کو فارغ کر دیا جائے گا۔

    اس اعلان کے بعد اسپوٹیفائی بھی الفابیٹ اِنک، ایمیزون ڈاٹ کام، مائیکروسافٹ، ایپل اور گوگل کے ساتھ صف میں شامل ہو گئی ہے، ان کمپنیوں نے بھی حال ہی میں ہزاروں ملازمین کو فارغ کیا ہے۔

    سی ای او کا کہنا تھا کہ انھوں نے کمپنی کی تنظیم نو کے لیے ملازمین کی برطرفی کا اعلان کیا ہے، تاکہ کارکردگی میں اضافہ ہو، اخراجات کم ہوں، اور فیصلہ سازی میں تیزی آئے، انھوں نے کہا یہ مشکل لیکن ضروری فیصلہ ہے۔

    مائیکرو سوفٹ بھی ٹوئٹر کے نقش قدم پر، ملازمین پریشان

    انھوں نے کہا متاثرہ ملازمین کو 5 ماہ کی تنخواہ کے برابر رقم دی جائے گی اور اتنے مہینوں تک ان کے میڈیکل اخراجات بھی ادا کیے جائیں گے۔ ڈینیئل ایک نے کمپنی کی موجودہ حالات کی ذمہ داری بھی قبول کی، اور کہا کہ وہ آمدنی میں اضافے سے پہلے ہی سرمایہ کاری کرنے میں بہت زیادہ پرجوش رہے۔

  • اسپوٹیفائی کا متعدد پوڈ کاسٹس کے حوالے سے اہم فیصلہ

    اسپوٹیفائی کا متعدد پوڈ کاسٹس کے حوالے سے اہم فیصلہ

    میوزک اسٹریمنگ سروس اسپوٹیفائی اگلے ماہ سے اپنی 10 پوڈ کاسٹ منسوخ کر رہا ہے، گزشتہ چند برسوں میں اسپوٹیفائی کمپنی نے پوڈ کاسٹ سروسز میں اہم سرمایہ کاری کی ہے۔

    اسپوٹیفائی اگلے مہینے سے ان ہاؤس اسٹوڈیوز میں پرکاسٹ اور گیملٹ (امریکی پوڈکاسٹ نیٹ ورکس) کے تیار کردہ 10 اصل پوڈ کاسٹ منسوخ کر رہا ہے۔

    ہالی ووڈ کے ایک رپورٹر نے بتایا کہ جو شو اختتام پذیر ہوں گے ان میں گیملٹ سے ہاؤ ٹو سیو اے پلینٹ، کرائم شو اور ایوری لٹل تھنگ شامل ہیں۔

    پرکاسٹ نیٹ ورک کے اختتام پذیر ہونے والے شوز میں میڈیکل مرڈرز، فیمیل کرمنلز، کرائمز آف پیشن، ڈکٹیٹر، میتھولوجی، ہانٹڈ پلیسز اور اربن لیجنڈز شامل ہوں گے۔

    پرکاسٹ نیٹ ورک کی جانب سے جاری پوڈ کاسٹ ہوروسکوپ ٹوڈے بھی ختم کر دیا گیا ہے تاہم آئندہ برس کی دوسری سہ ماہی میں اس کی نئی اقساط جاری کی جائیں گی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان سروسز کے خاتمے سے پوڈ کاسٹ کے لیے کام کرنے والا 5 فیصد سےبھی کم عملہ متاثر ہوگا، باقی اسٹاف کو کچھ دوسرے پروجیکٹس کے لیے مزید کام کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ اسپوٹیفائی میوزک سٹریمنگ سروسز کی جانب سے 500 سے زیادہ خصوصی شوز تیار کیے جا رہے ہیں۔

    گزشتہ چند برسوں میں اسپوٹیفائی کمپنی نے پوڈ کاسٹ سروسز میں اہم سرمایہ کاری کی ہے، بتایا جاتا ہے کہ کمپنی نے 2019 میں پرکاسٹ اور گیملٹ کے ساتھ مل کر پوڈ کاسٹنگ میں ایک بلین ڈالر کی سرمایہ کاری سے کئی دیگر پوڈ کاسٹ سروسز کا آغاز کیا۔