Tag: اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ

  • ’’را‘‘ کا ایجنٹ کراچی میں کب سے اور کیوں مقیم تھا؟ اہم انکشاف

    ’’را‘‘ کا ایجنٹ کراچی میں کب سے اور کیوں مقیم تھا؟ اہم انکشاف

    کراچی: اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے ہاتھوں ’’را‘‘ کے ایجنٹ کی گرفتاری کے بعد اس کے کراچی میں مقیم ہونے کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز نے گرفتار ’’را‘‘ ایجنٹ سلیم سے خصوصی انٹرویو کیا، بھارتی جاسوس کب سے اور کراچی میں کیوں مقیم تھا؟ اس سے متعلق ملزم سلیم نے بتایا کہ مجھے 1989 میں را نے کراچی بھیجا تھا، 2012 اور 2014 میں دوبارہ انڈیا گیا تھا۔

    ملزم نے انکشاف کیا کہ منوڑا میں رہائش پذیر تھا، را کو حساس معلومات فراہم کرتا تھا، بڑے اور چھوٹے بحری جہازوں کی آمد و رفت سے آگاہ کرتا تھا۔

    وسیم کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ جنگی جہازوں سے متعلق بھی معلومات دیتا تھا، منوڑا اور چائنہ پورٹ کے نقش حاصل کیے تھے، پی سی او سے جاکر بھارت فون کرتا تھا۔

    ملزم نے کہا کہ بھارت میں را کے ٹھکر صاحب کو رپورٹ کرتا تھا، ٹھکر صاحب کے سوا کسی کو نام سے نہیں جانتا تھا۔

    ایس ایس پی ایس آئی یو شعیب میمن نے بتایا کہ گرفتار جاسوس کا ریمانڈ حاصل کرلیا ہے، ملزم سے چائنہ پورٹ اور منوڑہ کے نقشے بھی ملے، ملزم سے مختلف ناموں کے پاسپورٹس، شناختی کارڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    شعیب میمن نے کہا کہ گرفتار ملزم سے مختلف محکموں کے سروس کارڈ بھی ملے، ملزم نیپال کے ذریعے بھارت کا سفر کرتا تھا، ملزم کے قبضے سے ہتھیار بھی ملے ہیں۔

  • افغانستان سے تربیت لینے والے القاعدہ برصغیر کے 4 دہشت گرد گرفتار

    افغانستان سے تربیت لینے والے القاعدہ برصغیر کے 4 دہشت گرد گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے ایک علاقے سے القاعدہ برصغیر کے 4 دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے القاعدہ برصغیر کے 4 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں، دہشت گردوں نے افغانستان سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی۔

    ملزمان کو اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ اور وفاقی انٹیلی جنس نے مشترکہ کارروائی میں پکڑا، ایس آئی یو کے ایس ایس پی عرفان بہادر نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا، جو کراچی میں دہشت گردی کارروائیوں کے لیے رکھا گیا تھا۔

    کراچی میں کالعدم تنظیم کے 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

    ایس آئی یو نے انکشاف کیا ہے کہ دہشت گرد کراچی میں کارروائی کی تیاری کر رہے تھے، اس سلسلے میں انھوں نے مختلف علاقوں کی ریکی بھی کی تھی، دہشت گردوں کا تعلق القاعدہ برصغیر کراچی کے نیٹ ورک سے ہے اور القاعدہ برصغیر کے اہم کارندے سمجھے جاتے ہیں۔

    ایس ایس پی اسپیشل یونٹ کا کہنا تھا کہ ملزمان افغانستان سے مکمل عسکری تربیت یافتہ ہیں، ملزمان کے نام محمد عمر، محمد بلال عرف فدا، محمد وسیم اور محمد عامر ہیں۔ اس گروپ کا امیر افغانستان میں مقیم ہے جس کا نام محمد حنیف عرف ضرار عرف ایوب بتایا گیا۔

    اسپیشل یونٹ کے مطابق دہشت گردوں سے برآمد سامان میں مختلف اقسام کا بارودی مواد، 10 ڈیٹونیٹرز، ریموٹ، آئی ڈی رسیور، 2 میٹر بونا کارڈ، 3 دستی بم اور 2 کلاشنکوف شامل ہیں۔

    ایس ایس پی عرفان بہادر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا ہدف پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور سٹی کورٹ تھے، پولیس ٹریننگ سینٹر اور انفورسمنٹ ایجنسی کے دفاتر بھی ان کے ہدف میں شامل تھے۔ اسپیشل یونٹ کے مطابق ملزمان سے تفتیش جاری ہے، امید ہے کہ اہم انکشافات سامنے آئیں گے۔

  • ایس آئی یوکی عزیزآباد میں کارروائی، قتل کے تین ملزمان گرفتار

    ایس آئی یوکی عزیزآباد میں کارروائی، قتل کے تین ملزمان گرفتار

    کراچی : اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی کارروائی میں بھنگوریہ گوٹھ سے قتل اور ڈکیتیوں کی متعدد وارداتوں میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور لوٹی ہوئی رقم برآمد کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد بھنگوریہ گوٹھ میں ایس آئی یو پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے سنگین جرائم میں ملوث تین ملزمان گرفتار کرلئے جبکہ تین ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی طارق دھاریجو نے صحافیوں کو بتایا کہ گرفتار ملزمان قتل، اقدام قتل، ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان نے19ستمبر کو گلشن اقبال موبائل مال میں ڈکیتی کی واردات کی تھی، جس کے دوران ملزمان نے بیٹے کو قتل اور باپ کو زخمی کیا تھا۔

    طارق دھاریجو کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کوسی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سےگرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان سے تمام موبائل فون، لوٹی ہوئی رقم برآمد کرلی گئی ہے۔

    ملزمان نےڈکیتی میں مزاحمت پر ایک چوکیدارکو قتل دوسرے کو زخمی کیا تھا، ملزمان نے دکان کے تالے کاٹ کر50 سے زائد موبائل فون اور نقدی لوٹی، ملزمان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

  • اسلام آباد میں چوریاں کرنیوالا چھ رکنی گروہ گرفتار

    اسلام آباد میں چوریاں کرنیوالا چھ رکنی گروہ گرفتار

    اسلام آباد: پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی کاروائی کرتے ہوئے گھروں میں چوریاں اور شہریوں کو لوٹنے والے خطرناک گینگ کو گرفتارکر لیا۔

    گرفتار گینگ میں تین خواتین سمیت چھ ملزمان شامل ہیں، ایس پی کیپٹن محمد الیاس نے بتایا کہ گرفتار گینگ سے نقدی،زیورات و دیگر سامان برآمد ہوا ہے،ملزمان میں ایک مفرور ملزم بھی شامل ہے۔

    پولیس کے مطابق چھ رکنی گروہ میں دو بہنیں اور ایک بھائی بھی شامل ہے،پولیس نے مزید بتایا کہ تینوں خواتین گھریلو ملازمیں بن کر وارداتیں کرتی تھیں جبکہ مرد مسلح ہوتے تھے۔

    گرفتارچھ رکنی گروہ نے جڑواں شہروں میں ایک درجن سے زائد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔