Tag: اسپیشل فورسز

  • پاکستان اور ترکیہ کی بحری افواج کی اسپیشل فورسز کی پہلی دو طرفہ مشق اختتام پذیر

    پاکستان اور ترکیہ کی بحری افواج کی اسپیشل فورسز کی پہلی دو طرفہ مشق اختتام پذیر

    کراچی : پاکستان اور ترکیہ کی بحری افواج کی اسپیشل فورسز کی پہلی دو طرفہ مشق کامیابی سے مکمل ہوگئی، جو دونوں دوست ممالک کے درمیان بحری اشتراک اور دفاعی تعاون کی ایک اہم پیش رفت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کی بحری افواج کی اسپیشل فورسز کے مابین پہلی دوطرفہ مشق کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی، جسے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی اشتراک اور بحری آپریشنل ہم آہنگی کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا اس مشق کے دوران مختلف جنگی اور تربیتی سرگرمیاں انجام دی گئیں جن میں ہتھیاروں کے استعمال، سمندر اور خشکی پر مشترکہ آپریشنز، اور شہری علاقوں میں انسداد دہشت گردی کے عملی مظاہرے شامل تھے۔

    مشق میں لائیو فائرنگ کے ذریعے جنگی حالات سے ہم آہنگ کارروائیاں بھی کی گئیں، جن کا مقصد ساحلی علاقوں میں ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے دونوں فورسز کی تیاری اور حکمت عملی کو بہتر بنانا تھا۔

    اختتامی سیشن میں ایک مخصوص ساحلی مقام پر جامع جنگی مشق کی گئی، جس میں پاکستانی اور ترک اسپیشل فورسز نے سمندری اور زمینی خطرات کے خلاف مشترکہ ردعمل کا مظاہرہ کیا۔

    ترجمان کے مطابق یہ مشق پاکستان اور ترکیہ کے طویل المدتی اور گہرے دفاعی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے، اور اس بات کی واضح علامت ہے کہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کے لیے مسلسل تعاون اور مشترکہ کوششوں کے لیے پرعزم ہیں۔

  • پانچ ممالک کی مشترکہ فوجی تربیتی مشقوں کا اختتام

    پانچ ممالک کی مشترکہ فوجی تربیتی مشقوں کا اختتام

    راولپنڈی : پاکستان، قازقستان، قطر، ترکیہ اور ازبکستان کی مشترکہ فوجی مشقیں اختتام پزیر ہوگئیں، مشقوں کا مقصد برادر ممالک کے درمیان فوجی تعلقات کو مزید بہتر بنانا تھا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق کثیرالقومی فوجی مشقیں 17 سے 30 ستمبر تک بروتھا گیریژن میں جاری رہیں، دو ہفتے تک جاری رہنے والی مشقوں میں پانچوں ممالک کی اسپیشل فورسز نے حصہ لیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آخری روز مشقوں میں شریک ممالک کے فوجیوں نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، مشقوں کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر 11 کور تھے، ڈی جی ملٹری ٹریننگ اور جی سی او اسپیشل سروسز گروپ نے بھی مشقیں دیکھیں۔

    اختتامی تقریب میں دوست ممالک سے تعلق رکھنے والے فوجی افسران بھی موجود تھے۔

    مشقوں کا مقصد برادر ممالک کے درمیان فوجی تعلقات کو مزید بہتر بنانا تھا، مشقوں سے دہشت گردی کیخلاف مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے میں مدد ملی، آئندہ فوجی تعاون بڑھانے کیلئے باہمی دلچسپی کے شعبوں کی نشاندہی بھی ہوئی۔