Tag: اسپیکر اسد قیصر

  • اسپیکر کے لیے قومی اسمبلی اجلاس چلانا ناممکن ہو گیا

    اسپیکر کے لیے قومی اسمبلی اجلاس چلانا ناممکن ہو گیا

    اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تناؤ کے باعث قومی اسمبلی کی کارروائی بے معنی ہو کر رہ گئی ہے۔

    آئے روز کے احتجاج، ہنگامہ آرائی اور واک آوٹ کے باٰعث اسپیکر کے لیے اجلاس کی کارروائی چلانا ناممکن ہو گیا، ایوان میں واضح اکثریت کے باوجود حکومت کے لیے کورم پورا کرنا مشکل ہو گیا۔

    آج جمعے کے روز ہونے والا قومی اسمبلی کا اجلاس اپوزیشن کے احتجاج، واک آوٹ اور کورم پورا نہ ہونے کے باعث بغیر کارروائی کے ملتوی کر دیا گیا۔

    اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت آج کا اجلاس شروع ہوا تو پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر نوید قمر نے کہا کہ پارلیمان ٹھیک طرح سے عوام کی نمائندگی نہیں کر رہا، جس طرح ایوان کی کارروائی چلائی جا رہی ہے وہ مناسب نہیں، ہم ایسے ایوان کی کارروائی کا حصہ نہیں بن سکتے۔ اس کے بعد اپوزیشن نے ایوان سے واک آوٹ کر لیا۔

    پارلیمانی امور کے مشیر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جس انداز سے ایوان میں احتجاج کر رہی ہے اور اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا گیا وہ بھی کوئی پارلیمانی انداز نہیں۔

    انھوں نے کہا کہ اسپیکر کی جانب سے جو بھی اجلاس بلایا جاتا ہے اپوزیشن اس میں شرکت نہیں کرتی، قومی سلامتی کمیٹی اور ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا بھی اپوزیشن نے بائیکاٹ کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کا رویہ غیر جمہوری اور غیر پارلیمانی ہے۔

    ن لیگ کے شیخ فیاض الدین نے اس موقع پر کورم کی نشان دہی کی، کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس پیر کی شام 5 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

  • عوامی مفاد کے لیے پارلیمانی پارٹیز کو قانون سازی میں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں: وزیر اعظم

    عوامی مفاد کے لیے پارلیمانی پارٹیز کو قانون سازی میں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوامی مفاد کے لیے پارلیمانی پارٹیز کو قانون سازی میں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، قوانین میں درکار اصلاحات میں اراکین کردار ادا کرتے رہیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کے دوران کیا، ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے قانون سازی اور اقدامات پر گفتگو کی گئی۔

    گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آئین و قانون کے تحت عوامی حقوق کا تحفظ کرنا مقننہ کا اہم ترین کردار ہے، قوانین میں درکار اصلاحات میں اراکین کردار ادا کرتے رہیں گے، عوامی مفاد کے لیے ہم پارلیمانی پارٹیز کو قانون سازی میں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں شفافیت کے لیے پر عزم ہیں، شفاف انتخابات کے لیے پارلیمنٹ بھرپور کردار ادا کرنے کو تیار ہے، پارلیمانی رہنماؤں کو مشاورت کے لیے بلایا ہے، انتخابی اصلاحات پر الیکشن کمیشن سے بھی بریفنگ لی جائے گی۔

    واضح رہے کہ اسپیکر اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس 28 ستمبر کو طلب کیا ہے، ن لیگ نے اس اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے، مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ اسپیکر پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس طلب کرنے کا اختیارنہیں رکھتے، اے پی سی کے فیصلوں کو مفلوج کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

  • بھارت کا کشمیر سے متعلق غیر قانونی اقدام، اسپیکر اسد قیصر کا ایرانی ہم منصب کو فون

    بھارت کا کشمیر سے متعلق غیر قانونی اقدام، اسپیکر اسد قیصر کا ایرانی ہم منصب کو فون

    اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ایران نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی، توقع ہے کہ وہ اب بھی عالمی سطح پر بھرپور کردار ادا کرے گا۔ 

    یہ بات انہوں نے ایران کی مجلس اسلامی کے سربراہ ڈاکٹرعلی لاریجانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی پارلیمانی سفارت کاری کا آغاز کرتے ہوئے دوسرے دن بھی دیگر ممالک کے پارلیمان کے سربراہوں سے رابطے تیز کردیئے۔

    کشمیر کی موجودہ صورتحال سے متعلق اسپیکر اسد قیصر نے ایران کی مجلس اسلامی کے سربراہ ڈاکٹرعلی لاریجانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے اقدام سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں ظلم وستم کا بازار گرم کر رکھا ہے، اب تک لاکھوں بےگناہوں کو قتل کیا گیا، پیلٹ گنز کے ذریعے نوجوانوں کی بینائی چھینی گئی لیکن بھارتی مظالم آزادی کشمیر کی تحریک کو سرد نہیں کرسکے۔

    اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو آئندہ اسپیکر کانفرنس کے ایجنڈے میں رکھا جائے، ایران اور کشمیر کے صدیوں پر محیط لسانی، ثقافتی اور مذہبی روابط ہیں، ایرانی قیادت نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی، توقع ہے ایران مسئلہ کشمیر سے متعلق عالمی سطح پر بھرپور کردار ادا کرے گا۔

    مجلس اسلامی ایران کے سربراہ ڈاکٹرعلی لاریجانی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران کا عزیز برادر ملک ہے، مشکل گھڑی میں ایران کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا، ایران کشمیر کے معاملے پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے، ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے عالمی فورمز پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر اتفاق کیا۔

  • اسپیکر اسد قیصر نے صوابی، بام خیل اور ٹوپی میں گیس منصوبوں کا افتتاح کردیا

    اسپیکر اسد قیصر نے صوابی، بام خیل اور ٹوپی میں گیس منصوبوں کا افتتاح کردیا

    صوابی : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوابی کے علاقے بام خیل اور ٹوپی میں گیس فراہمی کے منصوبوں کا افتتاح کردیا، ان کا کہنا ہے کہ عوام کی خدمت میرا مشن ہے،ہر گھر کو گیس کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر صوابی پہنچے اور صوابی کے علاقے بام خیل اور ٹوپی میں تقریبا دس کروڑ روپے کی لاگت سے بڑے گیس کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔

    گیس فراہمی کے منصوبے سے تقریبا دس ہزار گھرانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست سے بالا تر ہو کر صوابی کے عوام کی خدمت میرا مشن ہے۔ گیس کی دستیابی علاقے کے عوام کا بنیادی حق ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ضلع کے ہر گھر کو گیس کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ بام خیل اور ٹوپی میں گیس کی فراہمی کے ایک بہت بڑا تحفہ ہے۔ گیس فراہمی کی افتتاحی تقریب میں اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

    تقریب سے رکن صوبائی اسمبلی عاقب اللہ، رنگیز خان، تحصیل ناظم سہیل خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

  • اسپیکر اسد قیصر پر شاہد خاقان عباسی کا الزام بے بنیاد ہے، ترجمان قومی اسمبلی

    اسپیکر اسد قیصر پر شاہد خاقان عباسی کا الزام بے بنیاد ہے، ترجمان قومی اسمبلی

    اسلام آباد : ترجمان قومی اسمبلی نے شاہد خاقان عباسی کی جانب سے اسپیکر اسد قیصر پر لگائے جانے والے الزام کو یکسر مسترد کردیا ہے، ترجمان نے واضح کیا کہ  وہ کسی کے دباؤ میں کام نہیں کرتے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان قومی اسمبلی نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ان الزامات کو یکسر مسترد کردیا ہے کہ جس میں ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر حکومت اور پی ٹی آئی کے دباؤ میں کام کرتے ہیں۔

    اس حوالے سے ترجمان قومی اسمبلی نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ اسپیکر پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں اور نہ ہی وہ کسی کے دباؤ میں کام کرتے ہیں، اس بات کا ثبوت دیا جائے کہ اسپیکر نے کس سے کہا تھا کہ وہ دباؤ میں کام کررہے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق اسد قیصرغیر جانبدارانہ اور آزادانہ طور پر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، اسپیکر اسد قیصر پردباؤ میں کام کرنے کا الزام سراسر بے بنیاد ہے۔
    اسپیکرقومی اسمبلی پرحکومت اورپی ٹی آئی کا دباؤ ہے، شاھد خاقان عباسی 

    یاد رہے کہ شہبازشریف کی زیرصدارت مشترکہ اپوزیشن کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پرحکومت اور پی ٹی آئی کا دباؤ ہے، جس کی وجہ سے وہ ایوان کو چلا نہیں سکتے۔

    شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کہتے ہیں کہ پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کرسکتا. اس کے علاوہ وہ ایوان میں کوئی ڈیبیٹ تک نہیں کراسکتے، قانون میں کسی بھی تبدیلی کے لئے اسمبلی میں بحث ضروری ہے۔