Tag: اسپیکر سندھ اسمبلی

  • آغا سراج درانی کیس میں عدالت کا اہم فیصلہ

    آغا سراج درانی کیس میں عدالت کا اہم فیصلہ

    کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران عدالت نے تمام ملزمان کے وکلا کو آیندہ سماعت پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے آغا سراج درانی کی آمدن کی تفصیلات طلب کر لی ہیں، اسپیکر کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے کیس آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دیا۔

    وکلا کے نہ ختم ہونے والے دلائل اور کیسز کے التوا کے حوالے سے سماعت کے دوران ججز کی جانب سے اہم ریمارکس سامنے آئے۔

    چیف جسٹس نے کہا سلمان اکرم راجہ صاحب آپ دو دن سے دلائل دے رہے ہیں، آج اخبار میں ایک آرٹیکل ہے زیر التوا مقدمات کے حوالے سے، ہم اگر کئی کئی دن وکلا کو سنتے رہے تو 20 سال میں بھی زیر التوا کیسز ختم نہیں ہوں گے، امریکا کی طرح تحریری معروضات پر انحصار کرنا ہوگا۔

    جسٹس منصور نے ریمارکس میں کہا امریکا میں وکیل اگر 30 منٹ دلائل دیتا ہے، تو سرخ بتی جل جاتی ہے، چیف جسٹس نے کہا کل اور آج جتنے مقدمات دائر ہوئے، اتنے ہی نمٹانے گئے ہیں، مقدمات نمٹانے کی رفتار کو ڈبل کرنا ہوگا، جو بھی اس حوالے سے تجاویز دیتا ہے، ہم اس کا جائزہ لیتے ہیں۔

    قبل ازیں، وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے سراج درانی کی آمدن کا تعین 2007 سے کیا ہے، اور انھوں نے ٹیکس گوشوارے 2007 سے جمع کرانے شروع کیے ہیں، سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ سراج درانی کی زندگی 2007 سے پہلے بھی تھی، وہ 1985 سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور ایک مال دار گھرانے سے ان کا تعلق ہے۔

    عدالت نے وکلا کو سننے کے بعد تمام ملزمان کے وکلا کو آیندہ سماعت پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دیا۔

  • سندھ اسمبلی کے اسپیکر کی رہائش گاہ سب جیل قرار

    سندھ اسمبلی کے اسپیکر کی رہائش گاہ سب جیل قرار

    کراچی: سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج کی رہائش گاہ کو ان کے لیے سب جیل قرار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ سندھ اسپیکر کےگھر کو سب جیل قرار دینے کا حکم کچھ دیر میں جاری کرے گا، یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی منظوری سے کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق آغا سراج درانی کو آج لانڈھی جیل سے ڈیفنس میں واقع گھر منتقل کیا جائے گا، یہ فیصلہ سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران اسپیکر کی آمد و رفت میں خطرات کے پیش نظر کیا گیا۔

    آغا سراج درانی کے اثاثوں اور بے نامی جائیداد کی تفصیلات سامنے آگئیں

    اسپیکر آغا سراج درانی آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کی حراست میں ہیں، نیب نے انھیں 3 دسمبر کو سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا تھا، سپریم کورٹ نے انھیں سرنڈر کرنے کا حکم دیا تھا، وہ ضمانت کے لیے دائر کیس کی سماعت کے لیے عدالت حاضر ہوئے تھے۔

    آغا سراج درانی کے اثاثوں اور بے نامی جائیداد کی تفصیلات بھی سامنے لائی جا چکی ہیں، نیب کے مطابق ان کی بے نامی جائیداد کی مالیت 1 ارب 4 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔

  • فردوس شمیم نقوی  نے اپنا استعفیٰ اسپیکر سندھ اسمبلی کو جمع کرادیا

    فردوس شمیم نقوی نے اپنا استعفیٰ اسپیکر سندھ اسمبلی کو جمع کرادیا

    کراچی : فردوس شمیم نقوی نے اپنا استعفیٰ اسپیکر سندھ اسمبلی کو جمع کرادیا اور کہا حلیم عادل شیخ نئے قائد حزب اختلاف ہوں گے، انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے اپنا استعفیٰ آج اسپیکر سندھ اسمبلی کو جمع کرادیا اور کہا بطور اپوزیشن لیڈر سندھ اپنا استعفیٰ پیش کرتا ہوں، استعفےکی کاپی کچھ روز قبل وزیراعظم کو بھی واٹس ایپ کی تھی۔

    فردوس شمیم کا کہنا تھا کہ لیڈر اپوزیشن کی ذمہ داری مجھے میری قیادت نے دی تھی ، حلیم عادل شیخ نئے قائد حزب اختلاف ہوں گے انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔

    یاد رہے فردوس شمیم نقوی نے قائد حزب اختلاف کی نشست سےاستعفےکا اعلان کیا تھا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ نئے قائد حزب اختلاف ہوں گے تاہم ایم کیو ایم نے حلیم عادل کی نامزدگی پرتحفظات کا اظہار کیا تھا۔

    خیال رہے فردوس شمیم نقوی کو وفاق میں اہم ذمے داری دیے جانے کا امکان ہے۔

    واضح رہے پاکستان تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی سےاستعفیٰ طلب کیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ فردوس شمیم نقوی کی بہ طور اپوزیشن لیڈر کارکردگی بہتر نہیں تھی جس پر ان سے استعفیٰ طلب کیا گیا ہے، ان کے متنازع بیانات سے بھی مسائل پیدا ہوئے جبکہ کچھ ایم پی ایز کو فردوس شمیم نقوی سے سخت رویے کی بھی شکایات تھیں۔

  • اثاثہ جات کیس: اسپیکر سندھ اسمبلی پر فرد جرم عائد

    اثاثہ جات کیس: اسپیکر سندھ اسمبلی پر فرد جرم عائد

    کراچی: اثاثہ جات کیس میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور دیگر پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر پر اثاثہ جات کیس میں عدالت نے فرد جرم عائد کر دی۔ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا، جس پر احتساب عدالت نے نیب کے گواہوں کو طلب کر لیا ہے۔

    ملزمان میں آغا سراج کی اہلیہ ناہید درانی، صاحب زادے آغا شہباز بھی شامل ہیں، آغا سراج کے بھائی آغا مسیح الدین خان درانی پر بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

    آغا سراج کی بیٹیوں صنم درانی، شہانہ درانی، اور سارہ درانی سمیت طفیل احمد، ذوالفقار، آغا منور علی، غلام مرتضیٰ، اور گلبہار پر بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

    ملزمان پر ایک ارب 60 کروڑ سے زائد کے غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام ہے، صحت جرم سے انکار پر احتساب عدالت نے نیب گواہان کو 22 دسمبر کو طلب کر لیا۔

    پی ڈی ایم کا آج اسٹیڈیم میں ہر صورت جلسے کا اعلان، حکومت بھی ایکشن کے لیے تیار

    یاد رہے کہ مذکورہ کیس میں آغا سراج کو گزشتہ برس دسمبر میں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا تاہم ان کا نام ای سی ایل میں بھی ڈال گیا تھا۔

    عدالت میں پیشی کے موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان پر کافی عرصے بعد فرد جرم عائد کر دی گئی ہے، اس کیس کی صورت حال ہمارے وکلا دیکھیں گے، نیب نے مجھ سمیت کسی سے کوئی انکوائری نہیں کی۔

    آغا سراج کا کہنا تھا کہ نیب کا کوئی افسر ان کے علاقے میں انکوائری کے لیے نہیں آیا، انھوں نے اور ان کے ساتھیوں نے خود نیب افسران کو ریکارڈ فراہم کیا۔

    انھوں نے کہا آج پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس ہے، جیالے آج بہت خوش ہیں، جیالے ملک بھر میں یوم تاسیس جوش و جذبے سے منائیں گے۔

  • اسپیکر سندھ اسمبلی کے گھر کے سیکورٹی گارڈ نے خود کشی کر لی

    اسپیکر سندھ اسمبلی کے گھر کے سیکورٹی گارڈ نے خود کشی کر لی

    کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے گھر پر مامور سیکورٹی گارڈ نے خود کشی کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں زمزمہ میں واقع آغا سراج درانی کے گھر پر تعینات سیکورٹی گارڈ نے خود کشی کر لی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گارڈ کی شناخت 22 سالہ رب نواز کے نام سے ہوئی ہے، رب نواز نے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کیا، ابتدائی طور پر خود کشی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

    متوفی چوکیدار گھر کے باہر بنی چوکی پر تعینات تھا، سینے پر ایس ایم جی کی گولی لگنے سے جاں بحق ہوا، پولیس کو گھر کے ملازمین نے بتایا کہ متوفی نے کبھی پریشانی یا ذہنی دباؤ کا ذکر نہیں کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ گولی چلنے کا واقعہ اتفاقی بھی ہو سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف احتساب عدالت میں ایک ریفرنس بھی زیر سماعت ہے، ریفرنس میں آغا سراج درانی کی اہلیہ 4 بیٹیاں اور 2 بیٹے مفرور ہیں۔

    اس سال پیپلزپارٹی کی حکومت دیکھ رہا ہوں، آغا سراج درانی

    نیب حکام نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس دائر کرنے سے قبل انھیں گزشتہ سال 20 فروری کو اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا، دائر ریفرنس میں آغا سراج سمیت 20 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا، جن پر ایک ارب 60 کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔

    گزشتہ برس دسمبر میں اثاثہ جات کیس میں گرفتار سندھ اسپیکر اسمبلی آغا سراج درانی ضمانت سندھ ہائی کورٹ نے منظور کر لی تھی تاہم ان کا نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کا حکم جاری کر دیا تھا۔

  • وفاق کا نہیں پتا، سندھ میں پی پی حکومت وقت پورا کرے گی: آغا سراج

    وفاق کا نہیں پتا، سندھ میں پی پی حکومت وقت پورا کرے گی: آغا سراج

    کراچی: آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی حالات ہر گھنٹے تبدیل ہوتے ہیں، وفاق کا نہیں پتا لیکن سندھ میں پیپلز پارٹی حکومت اپنا وقت پورا کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاسی حالات ہر گھنٹے تبدیل ہوتے ہیں، وفاق کے حالات کا مجھے پتا نہیں لیکن سندھ میں پی پی حکومت اپنا ٹائم پورا کرے گی۔

    آغا سراج درانی سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ سیاسی ماحول میں کیا تبدیلی کی فضا آ رہی ہے؟ انھوں نے جواب دیا کہ تبدیلی تو ڈیڑھ سال پہلے آ گئی تھی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ضمانت کے بعد اچھا محسوس ہو رہا ہے، آزادی بالآخر آزادی ہوتی ہے، ہماری ضمانتیں ہونا اللہ کی مہربانی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ پڑھیں تا کہ پتا چلے میرے ساتھ کتنی زیادتی ہوئی۔

    آغا سراج نے اسٹوڈنٹ یونین کے حوالے سے کہا کہ یونین ذوالفقار بھٹو نے بنائی اسی سے پیپلز پارٹی کا جنم ہوا، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اسٹوڈنٹ یونین کی بحالی کی بات کی ہے، طلبہ یونین سے نکل کر ہی بچے سیاست اور اقتدار میں آتے ہیں، طلبہ یونین لیڈر شپ ضروری ہے، پارٹی کو مضبوط طلبہ ہی بناتے ہیں۔

    دریں اثنا، آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس پر احتساب عدالت میں سماعت ہوئی، پی پی رہنما اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، اخبارات میں اشتہارات بھی دے دیے گئے۔ بعد ازاں، احتساب عدالت نے ریفرنس پر سماعت 15 جنوری تک ملتوی کر دی۔

  • آغا سراج درانی کیخلاف ریفرنس کی کارروائی روکنے کی استدعامسترد

    آغا سراج درانی کیخلاف ریفرنس کی کارروائی روکنے کی استدعامسترد

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نےاسپیکر سندھ اسمبلی  آغا سراج درانی کے خلاف ریفرنس کی کارروائی روکنے کی استدعامستردکردی، فاضل جج نے وکیل صفائی سے استفسار کیا  آپ نے ہائی کورٹ میں ریفرنس کیوں چیلنج کیا ؟ماتحت عدالت میں ریفرنس کو چیلنج کیوں نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں اسپیکرسندھ اسمبلی سراج درانی کےخلاف ریفرنس منظور کرنے پردرخواست پر سماعت ہوئی۔

    عدالت نےاحتساب عدالت میں ریفرنس کی کارروائی روکنےکی استدعامستردکردی، فاضل جج نے اسپیکر سندھ اسمبلی کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ نے ریفرنس کیوں چیلنج کیا ؟ ماتحت عدالت میں ریفرنس کو چیلنج کیوں نہیں کیا ؟

    وکیل صفائی نے جواب دیا آغا سراج درانی نےکبھی اختیارات کاغلط استعمال نہیں کیا، نیب نے کال اپ نوٹس بھی جاری نہیں کیا جبکہ نیب وکیل کا کہنا تھا آغاسراج درانی نے بطور وزیر اور اسپیکر اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ۔

    مزید پڑھیں : آغا سراج درانی کی نیب کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعامسترد

    عدالت نے دلائل کے بعد نیب کو اکیس اگست کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی جواب طلب کرلیا ۔

    یاد رہے دو روز قبل سندھ ہائی کورٹ نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی کےوارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی استدعامسترد کردی،عدالت نےقراردیا وارنٹ پرتوعمل ہوچکا، اب کیسے معطل کرسکتے ہیں؟.

    خیال رہے آغا سراج درانی آمدن سے زائد اثاثوں کےالزام میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں،  نیب حکام نے اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کاریفرنس دائر کیا تھا ، دائر ریفرنس میں آغاسراج سمیت بیس ملزمان کونامزدکیاگیا، ملزمان پر ایک ارب ساٹھ کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام ہیں۔

    واضح رہے نیب نےاسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کوبیس فروری کواسلام آبادکےہوٹل سےحراست میں لیاتھا جبکہ ان کی درخواست ضمانت سندھ ہائی کورٹ میں زیرسماعت ہے۔

  • سیکیورٹی کے تحت آغا سراج درانی کو بکتر بند گاڑی میں عدالت لے جایا گیا، ترجمان نیب

    سیکیورٹی کے تحت آغا سراج درانی کو بکتر بند گاڑی میں عدالت لے جایا گیا، ترجمان نیب

    کراچی: ترجمان نیب نے کہا ہے کہ آغا سراج درانی کو سیکیورٹی کے تحت بکتر بند گاڑی میں عدالت لے جایا گیا، ان کی سیکیورٹی ہمارے لیے سب سے اہم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آغا سراج درانی کی بکتر بند گاڑی میں عدالت میں پیشی پر پیپلزپارٹی رہنماؤں کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نیب نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کے تحت آغا سراج کو بکتر بند گاڑی میں عدالت لے کر گئے، ان کی سیکیورٹی ہمارے لیے سب سے اہم ہے، انہیں سندھ اسمبلی ڈبل کیبن گاڑی میں لے جایا جاتا ہے۔

    ترجمان نیب نے کہا کہ آغا سراج درانی کی گاڑی سے متعلق گفتگو کو مسترد کرتے ہیں، عدالت پہنچانے کے لیے قانونی تقاضوں کو پورا کیا جاتا ہے، جسمانی ریمانڈ میں آغا سراج کو صاف ماحول میں رکھا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے اسپیکر اسمبلی آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے چوبیس اپریل کوجواب طلب کرلیا۔

    مزید پڑھیں: آغاسراج درانی کی درخواست ضمانت پرنیب کونوٹس جاری ،24اپریل تک جواب طلب

    اسپیکرسندھ اسمبلی نے موقف اختیار کیا ہے 18فروری کوکال اپ نوٹس جاری کرکے 25فروری کوطلب کیاگیا، میں شیڈول بناکر 19فروری کواسلام آبادگیا تو 19 فروری کوچیئرمین نیب نے وارنٹ جاری کردیے اور 20فروری کواسلام آباد سےگرفتارکیاگیا۔

    آغاسراج درانی کا کہنا تھا کہ میری گرفتاری کا طریقہ کار قانون کے برخلاف تھا، مجھے سیاسی انتقام کی خاطرگرفتار کیاگیا، گھر پر چھاپے کے دوران خواتین سے بدتمیزی کی گئی۔

    درخواست میں کہا گیا نیب اب تک میرےخلاف کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کرسکا اور استدعا کی نیب ریمانڈلے رہا ہے مگرجوازاب تک پیش نہیں کرسکا، گرفتاری کے طریقہ کار کو غیرقانونی قرار دیا جائے اور میرے خلاف انکوائری کو ختم اور ضمانت پر رہا جائے، تاہم ان کی ضمانت کی استدعا مسترد کردی گئی۔

  • سندھ حکومت نے اسپیکر آغا سراج درانی کو بلانے کا نیا راستہ نکال لیا

    سندھ حکومت نے اسپیکر آغا سراج درانی کو بلانے کا نیا راستہ نکال لیا

    کراچی : سندھ حکومت نے نیب کے شکنجے میں پھنسے اسپیکر سندھ اسمبلی کو بلانے کا نیا راستہ نکال لیا، آغا سراج درانی کی زیر صدارت بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اجلاس ہو یا نہ ہو آغا سراج درانی کو نیب کی حراست سے نکال کر اسمبلی اجلاس لایا جائے گا، اس کیلئے ایک نیا قانونی راستہ نکال لیا گیا۔

    اسپیکر سندھ اسمبلی کا ایک اور پروڈکشن آرڈر جاری کر کے آج بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا، جس کی صدارت آغا سراج درانی کریں گے،حالانکہ سندھ اسمبلی کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس جو کئی روز سے تعطل کا شکار تھا۔

    یاد رہے کہ سندھ اسمبلی اجلاس کے اکیس مارچ تک مؤخر ہونے کے بعد آغا سراج درانی کا پروڈکشن آرڈر غیر مؤثرہوگیا تھا جس کے بعد یہ نیا راستہ نکالا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: نیب کی طلبی کے باوجود آغا سراج درانی کی پوری فیملی اچانک امریکا روانہ

    یاد رہے کہ آمدن سے زائد اثاثوں اور کرپشن کے الزامات پر گرفتار اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے اہل خانہ اچانک  امریکا چلے گئے۔

    قوی احتساب بیورو نے  آغا سراج درانی کی فیملی کو تفتیش کے لئے طلب کر رکھا تھا، سراج درانی کی اہلیہ ناہید درانی، بیٹیوں سارہ اور شاہانہ درانی کے لاکرز سے برآمد ہونے والے زیورات سے متعلق پوچھ گچھ کرنا تھی۔

     

  • نیب کی جانب سے آغا سراج کے خلاف مشتبہ رقوم کی منتقلی کی نئی تحقیقات شروع

    نیب کی جانب سے آغا سراج کے خلاف مشتبہ رقوم کی منتقلی کی نئی تحقیقات شروع

    اسلام آباد: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف مشتبہ رقوم کی منتقلی کی نئی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، چیئرمین نیب نے نئی تحقیقات کے لیے منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیرِ صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسپیکر آغا سراج درانی کے خلاف مشتبہ رقوم کی منتقلی کی نئی تحقیقات کی منظوری دی گئی۔

    [bs-quote quote=”میئر کراچی وسیم اختر اور سابق وزیر لیاقت جتوئی کے خلاف بھی مشتبہ رقوم کی منتقلی کی تحقیقات ہوں گی۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”نیب اعلامیہ”][/bs-quote]

    اجلاس کے بعد نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آغا سراج درانی، میئر کراچی وسیم اختر اور لیاقت جتوئی کے خلاف نئی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

    اعلامیے کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر کے خلاف بھی مشتبہ رقوم کی منتقلی کی نئی تحقیقات کی جائیں گی، سابق وزیر لیاقت جتوئی کے خلاف بھی مشتبہ رقوم کی منتقلی کی تحقیقات ہوں گی۔

    چیئرمین نیب نے سابق چیئرمین سی ڈی اے کامران قریشی و دیگر کے خلاف بد عنوانی کے ریفرنس کی منظوری بھی دی۔

    نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سابق مشیر ہوا بازی مہتاب عباسی، سابق سیکریٹری سی اے اے عرفان الہٰی، سابق چیئرمین پی آئی اے مشرف رسول، سابق چیئرمین محمد علی ٹبہ و دیگر کے خلاف بد عنوانی کے ریفرنسز کی منظوری بھی دی گئی ہے، نیب کا کہنا ہے کہ ملزمان پر اختیارات سے تجاوز، خلاف قواعد چیئرمین پی آئی اے لگانے کا الزام ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلاول بھٹوزرداری کی آغا سراج درانی سے ملاقات

    اعلامیے کے مطابق سابق وزیر صحت گلگت بلتستان حاجی گلبار، سابق کنزرویٹر گلگت فاریسٹ زمرد خان و دیگر کے خلاف بھی کرپشن ریفرنس کی منظوری دی گئی ہے، ملزمان پر خلاف قانون جنگلات کٹائی اور نقل و حمل کے پاسز جاری کرنے کا الزام ہے۔

    چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے اجلاس میں کہا کہ بد عنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، نیب بد عنوانی کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔

    انھوں نے کہا ’بد عنوانی کے خاتمے کے لیے ’احتساب سب کے لیے‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، قومی احتساب بیورو کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان سے ہے۔‘