Tag: اسپیکر سندھ اسمبلی

  • نیب کی طلبی کے باوجود آغا سراج درانی کی پوری فیملی اچانک امریکا روانہ

    نیب کی طلبی کے باوجود آغا سراج درانی کی پوری فیملی اچانک امریکا روانہ

    کراچی : قومی احتساب بیورو کی جانب سے طلب کیے جانے کے باوجود اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے اہل خانہ اچانک  امریکا چلے گئے، کراچی ایئر پورٹ پر صوبائی وزراء نے انہیں رخصت کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثوں اور کرپشن کے الزامات پر گرفتار اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے اہل خانہ اچانک  امریکا چلے گئے۔

    قوی احتساب بیورو نے  آغا سراج درانی کی فیملی کو تفتیش کے لئے طلب کر رکھا تھا، سراج درانی کی اہلیہ ناہید درانی، بیٹیوں سارہ اور شاہانہ درانی کے لاکرز سے برآمد ہونے والے زیورات سے متعلق پوچھ گچھ کرنا تھی۔

    اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ آغا سراج درانی کا خاندان نجی ائیر لائن کے ذریعے کراچی سے امریکا روانہ ہوا، کراچی ایئرپورٹ پر روانگی کے وقت صوبائی وزیر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

    ذرائع نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ آغا سراج درانی کی اہلیہ ناہید اور بیٹیوں نے بزنس کلاس میں سفر کیا، امریکا پہنچنے پر پیپلز پارٹی کے ایک سابق وفاقی وزیر نے ان کا استقبال کیا۔

    مزید پڑھیں: آغا سراج درانی کے جسمانی ریمانڈ میں 21 مارچ تک توسیع

    یاد رہے کہ نیب حکام نے آغا سراج درانی کی فیملی کو تفتیش کے لئے طلب کر رکھا تھا، نیب نے سراج درانی کی اہلیہ ناہید، بیٹیوں سارہ اور شاہانہ درانی سے لاکرز سے برآمد زیورات سے متعلق تفتیش کرنا تھی۔

  • نیب کا آغا سراج درانی کے گھر پر چھاپہ، اہم فائلیں‌ قبضے میں‌ لے لیں

    نیب کا آغا سراج درانی کے گھر پر چھاپہ، اہم فائلیں‌ قبضے میں‌ لے لیں

    کراچی: نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے گھر پر چھاپہ مارا ہے، دوران تلاشی نیب افسران نے اہم فائلیں قبضے میں‌ لے لیں، رینجرز کی نفری بھی موجود تھی۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے آج صبح آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار ہونے والے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے گھر پر چھاپہ مارا ہے، دوران تلاشی نیب افسران نے ان کے گھر سے اہم فائلیں‌ قبضے میں‌ لے لیں، ان کے سیکیورٹی اہلکاروں نے نیب حکام سے بدتمیزی کی جس کے بعد نیب کی ٹیم دستاویزات دکھا کر ان کے گھر کے اندر داخل ہوگئی۔

    رپورٹ کے مطابق چھاپے کے وقت آغا سراج درانی کے اہل خانہ کے گھر کے اندر موجود تھے جبکہ چار گھنٹے سے زائد کارروائی کے بعد نیب کی ٹیم اہم دستاویزات قبضے میں لے کر آغا سراج کے گھر سے روانہ ہوگئی۔

    دوسری جانب اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا ہے، ان کا طبی معائنہ نیب راولپنڈی کے دفتر میں کیا گیا، پولی کلینک کے میڈیکل آفیسر نے اسپیکر سندھ اسمبلی کا طبی معائنہ کیا۔

    مزید پڑھیں: غیرقانونی اثاثہ جات کیس : اسپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی 3 روزہ راہداری ریمانڈ پر نیب کےحوالے

    ذرائع کے مطابق ڈاکٹر نے آغا سراج درانی کو صحت مند قرار دے دیا ہے، ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی نیب کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار ملزم آغا سراج درانی کو نیب کی ٹیم آج رات کو اسلام آباد سے کراچی منتقل کردیا گیا جبکہ احتساب عدالت نے انہیں تین روزہ راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ہے۔

    نیب اعلامیہ میں اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ نیب راولپنڈی اورنیب ہیڈکوارٹرز انٹیلی جنس ونگ کی معاونت سے گرفتارکیا گیا، ملزم پرآمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔

    ذرائع کے مطابق قائم علی شاہ کی سربراہی میں صوبائی وزرا آغا سراج درانی کی رہائش گاہ پہنچ گئے، پی پی رہنماؤں میں مرتضیٰ وہاب، سعید غنی، نثار کھوڑو اور شہلا رضا شامل ہیں۔

    سابق ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے نیب تلاشی کے دوران آغا سراج درانی کے گھر کے اندر نہ دئیے جانے پر باہر ہی دھرنا دے دیا ہے۔

    نیب ہیڈ کوارٹر میں طبی معائنہ، تفتیش کل کی جائے گی

    ذرائع کے مطابق رات اور سفر کی وجہ سے آج آغا سراج سے پوچھ گچھ نہیں کی جارہی۔ صبح ان کو نیب عدالت میں پیش کیا جائے گا، ان پر سندھ اسمبلی کی نئی بلڈنگ تعمیر فنڈز میں بھی خردبرد کے الزامات شامل ہیں۔

  • سندھ اسمبلی میں وزیرِ اعلیٰ کے خلاف تحریکِ التوا مسترد

    سندھ اسمبلی میں وزیرِ اعلیٰ کے خلاف تحریکِ التوا مسترد

    کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درّانی نے وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے جمع کرائی جانے والی تحریکِ التوا مسترد کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے سندھ اسمبلی میں وزیرِ اعلیٰ سندھ کے خلاف تحریک التوا جمع کرائی تھی۔

    [bs-quote quote=”پیپلز پارٹی کی سعدیہ جاوید نے سندھ اسمبلی میں حکومتی ارکان کے خلاف قرارداد جمع کرا دی۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے فنی بنیاد پر تحریکِ التوا رد کر دی۔

    دوسری طرف سندھ اسمبلی میں اہم حکومتی ارکان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی قرارداد جمع کرائی گئی۔

    یہ قرارداد پیپلز پارٹی کی سعدیہ جاوید نے سندھ اسمبلی میں جمع کرائی، قرار داد میں کہا گیا کہ وزیرِ دفاع پرویز خٹک، زلفی بخاری کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالا جائے۔

    قرارداد میں وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم اور وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا بھی ذکر شامل ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا دورہ سندھ ملتوی


    خیال رہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ کے خلاف جمع کرائی گئی تحریکِ التوا میں کہا گیا تھا کہ جے آئی ٹی میں نام آنے پر مراد علی شاہ صادق و امین نہیں رہے۔

    خرم شیر زمان کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریکِ التوا میں وزیرِ اعلیٰ سندھ سے استعفے کا بھی مطالبہ دہرایا گیا، متن میں کہا گیا کہ مراد علی شاہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں، انھوں نے اومنی گروپ کو فائدہ پہنچایا۔

  • شہباز شریف کو مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا، آغا سراج درانی

    شہباز شریف کو مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا، آغا سراج درانی

    مٹیاری: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ دوسروں پر کیس ہوئے تو فرار ہوگئے ہم بھاگنے والے نہیں ہیں جبکہ شہباز شریف کو مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹیاری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ آصف زرداری سمیت پیپلزپارٹی پر تیس سال سے کیس چل رہے ہیں، سارے کیس ختم ہوگئے تھے نیا کیس بنایا گیا جس کا سامنا کریں گے۔

    اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ پہلے بھی مقدمات کا سامنا کیا اب بھی کریں گے دوسروں پر کیس ہوئے تو وہ فرار ہوگئے ہم بھاگنے والے نہیں ہیں، میں بھی گرفتار ہوا اور باعزت بری ہوا۔

    یہ کیس ہے یا احتساب، صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہا کہ یہ تو انہیں کو پتا ہے جو کیس کررہے ہیں، کسی کو ٹارگٹ نہیں کرنا چاہئے۔

    واضح رہے کہ آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام آگے بڑھنے سے ہی مضبوط ہوگا، ایوان قوانین کے مطابق ہی چلے گا کوئی کارروائی چھپائی نہیں جاسکتی سب کچھ ریکارڈ پر ہوتا ہے۔

    مزید پڑھیں: ڈی جی نیب کا آغا سراج درانی اور وسیم اختر کے خلاف تحقیقات کا حکم

    خیال رہے کہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف نیب نے تحقیقات کا حکم دیا تھا، ان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں، غیر قانونی بھرتیوں اور ایم پی اے ہاسٹل، سندھ اسمبلی بلڈنگ کی تعمیر میں کرپشن کی تحقیقات ہوں گی۔

  • اگر کسی کو اعتراض ہے تو سرکاری گاڑیاں بیچنے کے لیے تیار ہیں: آغا سراج درانی

    اگر کسی کو اعتراض ہے تو سرکاری گاڑیاں بیچنے کے لیے تیار ہیں: آغا سراج درانی

    سکھر: سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ اگر کسی کو اعتراض ہے تو سرکاری گاڑیاں بیچنے کے لیے تیار ہیں، میرے ساتھ کوئی بڑا پروٹوکول نہیں ہوتا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اسپیکر سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ کوئی بڑا پروٹوکول نہیں ہے، صرف چند گاڑیاں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اعتراض کرے تو ہم سرکاری گاڑیاں بیچنے کے لیے تیار ہیں۔

    آغا سراج درانی کا یوم دفاع پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یوم دفاع پر تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، فوج کی قربانیوں کی بدولت یہ ملک سلامت ہے۔

    رہنما پی پی شرجیل میمن سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن کے معاملے پر سندھ حکومت جواب دے گی۔

    شرجیل میمن کی شراب کی بوتلوں کی ٹیسٹ رپورٹ جعلی ثابت، سرعام ٹیم نے بھانڈا پھوڑ دیا

    واضح رہے کہ سابق صوبائی وزیرشرجیل میمن پونے چھ ارب روپے کرپشن ریفرنس میں احتساب عدالت کے ہاتھوں جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچے ہیں۔

    گزشتہ دنوں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کو کراچی کے اسپتالوں میں سیاسی قیدیوں کے کمروں پر چھاپوں کے دوران ضیاء الدین اسپتال میں شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں ملی تھیں۔

    یاد رہے کہ شرجیل میمن کے کمرے سے برآمد ہونے والی بوتلیں ٹیسٹ کیلئے سندھ لیبارٹری بھیجی گئی تھیں، بعد ازاں رپورٹ مسترد کردی گئی تھی۔

  • جمہوری سسٹم چلنے ہی سے مضبوط ہوگا: آغا سراج درانی

    جمہوری سسٹم چلنے ہی سے مضبوط ہوگا: آغا سراج درانی

    کراچی : سندھ اسمبلی کے نومنتخب اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ جمہوری سسٹم چلنے ہی سے مضبوط ہوگا.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ اسپیکراورڈپٹی اسپیکرکاانتخاب خوش اسلوبی کےساتھ ہوا، جمہوری عمل  آگے بڑھے گا.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اسمبلی میں تمام رولزکو فالو کیا گیا، سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا، جن کو کل پاسز جاری ہوں گے، وہی آسکیں گے.

    ان کا کہنا تھا کہ ایوان رولزکے مطابق چلے گا،ایوان کی کارروائی چھپ نہیں سکتی،ہرچیزریکارڈپرہوتی ہے.

    یاد رہے کہ آج سندھ اسمبلی میں‌ پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اسپیکر، جبکہ ریحانہ لغاری ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے۔


    سندھ اسمبلی: آغا سراج درانی اسپیکر، ریحانہ لغاری ڈپٹی اسپیکر منتخب

    آغا سراج درانی کا متحدہ اپوزیشن کے جاوید حنیف سے مقابلہ  تھا. آغا سراج کو 96 ووٹ جبکہ ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے  جاوید حنیف کو 59 ووٹ ملے ہیں، تین ووٹ مسترد کیے گئے۔

    آغا سراج درانی اس عہدے پر دوسرے بار فائز ہوئے ہیں. وہ 2013 سے 2018 کے عرصے میں بھی سندھ اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے پر فائز رہے۔

    پیپلز پارٹی کو سندھ اسمبلی میں 75 ارکان کے ساتھ واضح اکثریت حاصل ہے۔

  • اسپیکر سندھ اسمبلی نے تھر کی صورتحال پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی

    اسپیکر سندھ اسمبلی نے تھر کی صورتحال پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی

    کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے تھر کی صورتحال پر سندھ اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ چار ارکان پر مشتمل یہ کمیٹی اپنی رپورٹ سندھ اسمبلی کے ایوان میں پیش کرے گی۔

    سندھ ا سمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے ارکان میں پیپلزپارٹی کی جانب سے ڈاکٹر مہیش ملانی، متحدہ قومی موومنٹ کے ظفر کمالی، مسلم لیگ فنکشنل کے سعید خان نظامانی اور مسلم لیگ (ن) کے امیر حیدر شاہ شامل ہوں گے۔

    کمیٹی تھر میں ہونیوالی اموات اور خوراک کے فقدان اور قحط سالی پر حکومتی کارکردگی کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کرے گی۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہریار مہر نے تحریک التواء جمع کرائی تھی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ تھر پر ارکان اسمبلی پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔ پارلیمانی کمیٹی کو رپورٹ پیش کرنے کیلئے مدت کا تعین کیا گیا ہے۔

  • خیرپور حادثہ انتظامیہ کی غفلت کے باعث ہوا، آغا سراج درانی

    خیرپور حادثہ انتظامیہ کی غفلت کے باعث ہوا، آغا سراج درانی

    کراچی:اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے خیر پور ٹریفک حادثے کو انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

    سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ خیر پور میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، ڈائی ورژن نہیں اور نہ ہی روشنی کا کوئی معقول انتطام ہے،جو حادثے کی اہم وجہ ہے۔

    اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ حادثے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

      دوسری جانب صوبائی وزیرِ اطلاعات شرجیل میمن نے خیرپور حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن رہنماء حادثوں پر بھی سیاست کرتے ہیں، خیر پور کے المناک حادثے نے جہاں کئی گھرانوں کے چراغ گل کر دیئے وہیں شہری سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کی غفلت اور لاپرواہی کا بھی پردہ چاک کر دیا ہے۔

  • کوشش ہوگی کہ ایم کیو ایم اپوزیشن بنچوں پر نہ بیٹھے،آغا سراج درانی

    کوشش ہوگی کہ ایم کیو ایم اپوزیشن بنچوں پر نہ بیٹھے،آغا سراج درانی

    کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا کہنا ہے کہ  پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کو مل کر بیٹھنا چاہیئے، معاملات بیٹھ کر ہی حل کیے جاسکتے ہے، دونوں جماعتوں غلط فہمی کا شکار ہے، میری کوشش رہے گی کہ ایم کیو ایم اپوزیشن بنچوں پر نا بیٹھے۔

    اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سرا ج درانی نے کہا ہےکہ متحدہ اور پیپلز پارٹی چاہیں تو وہ ثالث کا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

    سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سرا ج درانی کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں غیرجانبداری ہونی چاہیے، جب بھی غلط فہمی ہو تو مل بیٹھ کربات کرنی چاہیے۔

    آغا سراج درانی نے کہا کہ حکومت اوراتحادی جماعتوں میں اتفاق ہوناچاہیے،ہمیں سندھ میں رہنا ہے، سندھ کی بہتری کیلئے مل کر کام کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ترمیمی بل آگیا ہے اگرترمیم کی ضرورت ہوئی توکرسکتے ہیں۔