Tag: اسپیکر قومی اسمبلی

  • ایاز صادق کا اضافی تنخواہ لینے سے انکار، معاملہ وزیراعظم پر چھوڑ دیا

    ایاز صادق کا اضافی تنخواہ لینے سے انکار، معاملہ وزیراعظم پر چھوڑ دیا

    اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اضافی تنخواہ لینے سے انکار کرتے ہوئے معاملہ وزیراعظم پر چھوڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق تنخواہ میں اضافے پر وزیر دفاع خواجہ آصف کی تنقید کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔

    ذرائع نے بتایا خط میں اسپیکر قومی اسمبلی نے تنخواہ کا معاملہ وزیراعظم پرچھوڑدیا اور مؤقف اپنایا میرا تنخواہ سے کوئی تعلق نہیں، نہ دلچسپی ہے۔

    ذرائع اسپیکرآفس کا کہنا تھا کہ تنخواہ بڑھانے کا فیصلہ وفاقی کابینہ اور وزیراعظم کا اختیار ہے، بے شک میری تنخواہ نہ بڑھائیں، میرا کوئی مطالبہ نہیں۔

    ذرائع نے کہا کہ اسپیکر نے خواجہ آصف کے الزامات کا جواب دینے سے گریز کیا اور اضافی تنخواہ لینے سے انکار کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تنخواہ کے معاملے پر حتمی فیصلہ اب وزیراعظم شہباز شریف کریں گے،ذرائع

    یاد رہے وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسپیکر کی تنخواہ ساڑھے 21 لاکھ ہونے پر اسے مالی فحاشی قرار دیا تھا جب کہ وزیراعظم نے بھی اس معاملے کا نوٹس لیا تھا۔

  • اسپیکر قومی اسمبلی کا گرفتار پی ٹی آئی ایم این ایز کو رہا کرنے کا حکم

    اسپیکر قومی اسمبلی کا گرفتار پی ٹی آئی ایم این ایز کو رہا کرنے کا حکم

    اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے گرفتار پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کورہا کرنے کاحکم دے دیا اور کہا معززارکان کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے طلب کرنے پر آئی جی اسلام آباد فوری پہنچے۔

    ایاز صادق نے آئی جی اسلام آباد ناصر رضوی کو گرفتار ایم این ایزکو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے گزشتہ رات پیش آنے والے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

    اسپیکر نے کہا ایوان کے معزز ارکان کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کروں گا اور گرفتار تمام ایم این ایز کو پارلیمنٹ ہاؤس لانے کی ہدایت کردی۔

    مزید پڑھیں : پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری، اسپیکر قومی اسمبلی کا واقعے پر ایکشن لینے کا اعلان

    اس سے پہلے اسپیکر نے آئی جی اسلام آباد کے ساتھ آئی جی آپریشنزسیدعلی رضا اور ایس ایس پی آپریشنز کو بھی فوری طلب کیا تھا۔

    یاد رہے اسپیکر  ایاز صادق نے گزشتہ روز اسلام آباد پولیس کے پارلیمنٹ ہاؤس سے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کی گرفتاری کے واقعے پر ایکشن لینے کا اعلان کیا تھا۔

    ایاز صادق نے اپنی رولنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ کل رات جو کچھ ہوا ہے، اس پر یقینی طور پر ایکشن لینا پڑے گا۔ میں نے کل رات کی تمام فوٹیجز منگوا لی ہیں۔ ان فوٹیجز کو دیکھ کر ذمے داروں کا تعین کیا جائے گا اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی

  • وزارت عظمیٰ کا تاج کس کے سر سجے گا؟ فیصلہ آج ہوگا

    وزارت عظمیٰ کا تاج کس کے سر سجے گا؟ فیصلہ آج ہوگا

    اسلام آباد: نومنتخب قومی اسمبلی آج کے خصوصی اجلاس میں قائد ایوان اور ملک کے نئے وزیراعظم کا انتخاب کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے نئے وزیر اعظم کا انتخاب آج کیا جائے گا، قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں دن گیارہ بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جہاں نئے قائد ایوان کیلئے ووٹنگ ہوگی۔

    انوار الحق کاکڑ نے وزیر اعظم ہاؤس خالی کر دیا

    وزارت عظمیٰ کیلئے اتحادی جماعتوں کے امیدوار سابق وزیراعظم شہبازشریف جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب خان ہیں، شہباز شریف کو پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم، آئی پی پی اور دیگر جماعتوں کی حمایت حاصل ہے جبکہ جے یو آئی نے وزیراعظم کے انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

    336 رکنی ایوان میں وزیر اعظم بننے کیلئے ایک 179 ووٹ کی ضرورت ہے، ایوان میں اتحادیوں کو209  ارکان کی حمایت حاصل ہے جبکہ قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی تعداد 91 ہے اس کے علاوہ مخصوص نشستیں ابھی نہیں دی گئی ہیں۔

    نئے وزیر اعظم کا انتخاب کس طرح ہوگا؟

    اسپیکر کے حکم پر وزیراعظم کا انتخابی عمل شروع ہونے سے قبل پانچ منٹ تک گھنٹیاں بجائی جائیں گی، گھنٹیاں بجانے کا مقصد تمام ارکان کو اسمبلی کے اندر جمع کرنا ہوتا ہے، گھنٹیاں بجائے جانے کے بعد ایوان کے دروازے بند کر دیے جائیں گے، قائد ایوان کے انتخاب تک قومی اسمبلی ہال سے نہ کوئی باہر جا سکتا ہے نہ کسی کو آنے کی اجازت ہوتی ہے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی وزارت عظمیٰ کے نامزد امیدواروں کے نام پڑھ کر سنائیں گے، ایک نامزد امیدوار کیلئے دائیں اور دوسرے کیلئے بائیں جانب لابی مختص کردیں گے، قومی اسمبلی کا ہر رکن لابی کے دروازے پر اپنے ووٹ کا اندراج کرائے گا اور انتخابی عمل مکمل ہونے تک لابی میں رہے گا۔

    وزیراعظم کی تقریب حلف برداری پیر کو منعقد کرنے کا فیصلہ

    بعدازاں اسپیکر قومی اسمبلی ووٹنگ مکمل ہونے کا اعلان کریں گے، جس کے بعد ایک بار پھر دو منٹ تک گھنٹیاں بجائی جائیں گی تاکہ ارکان لابی سے ایوان میں واپس آجائیں پھر اسپیکر قومی اسمبلی ایوان کے اتنخابی نتائج کا اعلان کریں گے۔

    اس طرح کامیاب امیدوار قومی اسمبلی میں قائد ایوان اور ملک کا نیا وزیراعظم بن جائے گا، انتخاب کے بعد وزیر اعظم منتخب ہونے والے امیدوار کی تقریب حلف برداری پیر کو ایوان صدر میں ہوگی۔

  • اسپیکر قومی اسمبلی کو توہین پارلیمنٹ کارروائی کیلئے پہلی درخواست موصول

    اسپیکر قومی اسمبلی کو توہین پارلیمنٹ کارروائی کیلئے پہلی درخواست موصول

    اسلام آباد : پارلیمانی کمیٹی برائے متاثرہ سرکاری ملازمین نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو خط میں بڑے بیورو کریٹس کے خلاف توہین پارلیمنٹ کارروائی کی سفارش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو توہین پارلیمنٹ کارروائی کیلئے پہلی درخواست موصول ہوگئی ، اسپیکر کو پارلیمانی کمیٹی برائےمتاثرہ سرکاری ملازمین کی جانب سے درخواست بھیجی گئی۔

    کمیٹی نےعارضی ملازمین سےمتعلق سفارشات پرعمل نہ ہونے پر درخواست کی ، چیئرمین متاثرہ ملازمین کمیٹی نے اسپیکر قومی اسمبلی کے نام خط لکھا۔

    جس بتایا گیا کہ 10وزارتوں، اداروں کےافسران توہین پارلیمنٹ کے مرتکب قرار دیئے گیے ہیں ، کمیٹی نے بڑےبیوروکریٹس کے خلاف توہین پارلیمنٹ کارروائی کی سفارش کردی۔

    ذرائع کا کہا تھا کہ خط میں 10وزارتوں، اداروں کے افسران کیخلاف توہین پارلیمنٹ کارروائی کی سفارش کی گئی جبکہ سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری توانائی ، سیکرٹری، ڈی جی سول ایوی ایشن اور سی ای او پی آئی اے کے خلاف بھی توہین پارلیمنٹ کارروائی کی سفارش کی۔

    کمیٹی کی جانب سے سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی ، سیکرٹری کابینہ ڈویژن، صدر نیشنل بینک ، سیکرٹری تعلیم، ڈی جی ایف ڈی ای ، :سیکرٹری ریلوے، جی ایم ایچ آر ، سی ای او اسٹیل مل، ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز سی ای او کے الیکٹرک اور سی ای اوز سمیت ڈی جی پیمرا سہیل آصف کے خلاف توہین پارلیمنٹ کارروائی کی سفارش کی گئی۔

    خط میں بتایا گیا کہ خصوصی پارلیمانی کمیٹی متاثرہ ملازمین کے 72 اجلاس منعقد ہوئے تھے، متاثرہ ملازمین کمیٹی نے 5 لاکھ سے زائد ملازمین کیلئے احکامات جاری کئےتھے۔

    متاثرہ ملازمین کمیٹی نے ہزاروں عارضی ملازمین کی مستقلی کی سفارش کرتے ہوئے ہزاروں برطرف ملازمین کی بحالی کےاحکامات جاری کئے، اسپیکر قومی اسمبلی متاثرہ ملازمین کمیٹی احکامات پر رولنگ دے چکے ہیں

  • اسپیکر قومی اسمبلی کا یونان میں کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے ڈوبنے کے واقعے کا نوٹس

    اسپیکر قومی اسمبلی کا یونان میں کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے ڈوبنے کے واقعے کا نوٹس

    اسلام آباد : اسپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے یونان میں کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے ڈوبنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مطالبہ کیا تحقیقات کرکے ذمے داران کو سزا دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں مولانا عبدالاکبر چترالی نے نقطہ اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ لیبیا سے یونان جاتے 310 پاکستانی سمندر میں ڈوب گئے، وزیرداخلہ اس حوالے سے ایوان کو اعتماد میں لیں۔

    مولاناعبدالاکبر چترالی نے مطالبہ کیا کہ کشتی حادثے کے واقعے کی تحقیقات کرائی جائے۔

    اجلاس کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی نے کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے ڈوبنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کرکےذمے داران کو سزا دی جائے۔

    خیال رہے یونان میں ڈوبنے والی تارکین وطن کی کشتی میں سوار بارہ پاکستانیوں کو بچالیا گیا ہے جبکہ مختلف ملکوں کے ساڑھے سات سو میں سے اٹھہتر افراد کی لاشیں نکال لی گئیں اور مزید ساڑھے پانچ کا اب تک کچھ پتا نہ چل سکا۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے ایسے حادثات میں شناخت بڑاچیلنج ہوتی ہے، ڈی این اے کےذریعےشناخت کی جارہی ہے۔

  • اسپیکر قومی اسمبلی کا سپریم کورٹ کو عدالتی اصلاحات بل سے متعلق ریکارڈ فراہم نہ کرنےکا فیصلہ

    اسپیکر قومی اسمبلی کا سپریم کورٹ کو عدالتی اصلاحات بل سے متعلق ریکارڈ فراہم نہ کرنےکا فیصلہ

    اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سپریم کورٹ کو عدالتی اصلاحات بل سے متعلق ریکارڈ فراہم نہ کرنےکا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجربل کیس میں ریکارڈ فراہمی کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کو ریکارڈ فراہم نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    رجسٹرار نے ریکارڈ فراہمی کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا تھا ، رجسٹرار نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کی کارروائی اور قائمہ کمیٹی کا ریکارڈ طلب کیا تھا۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے معاملہ ایوان پر چھوڑ دیا تھا تاہم ایوان نے تاحال ریکارڈ فراہمی کی اجازت نہیں دی۔

    خیال رہے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف کیس کی سماعت آج ہوگی چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 8 رکنی لارجر بینچ سماعت کرے گا۔

    سپریم کورٹ آف پاکستان نے تمام فریقین سے بل پر تحریری رائے مانگ رکھی ہے جبکہ سپریم کورٹ رولز اینڈ پروسیجر بل پر پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ طلب کر رکھا ہے جبکہ قائمہ کمیٹی میں ہونیوالی بحث کا ریکارڈ بھی عدالت عظمی نے پیش کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

    یاد رہے قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا جس میں سپریم کورٹ کے ججز کے معاملے پر گرما گرم بحث جاری رہی۔

    قومی اسمبلی کے ارکان نے ایک بار پھر اسپیکر پر زور دیا تھا کہ پارلیمنٹ کا ریکارڈ سپریم کورٹ کو فراہم کرنے سے انکار کردیا جائے۔

  • ‘ اسپیکر قومی اسمبلی نے  چیف جسٹس کو خط  کس کے کہنے پر بھجوایا’

    ‘ اسپیکر قومی اسمبلی نے چیف جسٹس کو خط کس کے کہنے پر بھجوایا’

    لاہور : اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی جانب سے چیف جسٹس پاکستان کو لکھے خط کو واپس لینے کیلئے مراسلہ لکھ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اور ماہر قانون اظہر صدیق نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو مراسلہ بھجوایا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھ کر آئین کے منافی اقدام کیا، چیف جسٹس پاکستان کو سوموٹو لینے بارے میں خط لکھنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔

    مراسلے میں سوال کیا گیا بتایا جائے کہ یہ خط کس کے کہنے پر بھجوایا گیا، اسپیکر نے جان بوجھ کر توہین آمیز خط بھیجا جس پر ان کے خلاف کاررواٸی بھی ہو سکتی ہے ۔

    مراسلے کے متن میں کہنا تھا کہ راجہ پرویز اشرف اپنی خط فوریب واپس لیں اگر ایسا نہ کیا گیا تو اعلی عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔

  • جب آمر آتے ہیں تو ‘سوموٹو نوٹس ‘ سوجاتا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

    جب آمر آتے ہیں تو ‘سوموٹو نوٹس ‘ سوجاتا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ سیاست سیاستدانوں پر چھوڑ دی جائے، سپریم کورٹ پارلیمان کی ہےاورپارلیمان سپریم کورٹ کا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایف یو جے کی ایگزیکٹو کونسل سےخطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ملکرجمہوریت کی بحالی کےلیےجدوجہد کی، صحافیوں پرکوڑے برسائے گئےلیکن اپنےموقف سےپیچھےنہیں ہٹے،میں صحافیوں کےحقوق کے لیے ان کے ساتھ کھڑا ہو۔

    پارلیمنٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پارلیمان کی پروقارحیثیت کومانناپڑےگا، اسے ڈکٹیٹ نہیں کیاجاسکتا، پارلیمان کو عوام منتخب کرتی ہے، سپریم کورٹ سےگلہ نہیں ،پارلیمنٹ میں آئینی ترمیم کی جا سکتی ہے۔

    راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ آمروں کو آئین میں ترمیم کی اجازت دی گئی، جب آمر آتے ہیں تو ‘سوموٹو’ نوٹس سورہاہوتاہے،آئین کی پاسداری سب پر لازم ہے جسے دوتہائی اکثریت کےسوانہیں بدلا جاسکتا۔

    اسپیکر نے تقریب سے خطاب میں شکوہ کیا کہ نوے دن میں انتخابات کا کہا گیا،پارلیمان کوسائیڈ لائن کردیا، عمران خان کہتے ہیں کہ باجوہ کےکہنےپراسمبلی توڑی،کسی کےکہنے پراسمبلی توڑنے کی اجازت کونساقانون دیتاہے؟پارلیمنٹ کی سپرمیسی سپریم کورٹ فیصلےکےبعد کہاں گئی؟

    انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ سیاست سیاستدانوں پر چھوڑ دی جائے،سپریم کورٹ پارلیمان کی ہےاورپارلیمان سپریم کورٹ کا ہے۔ پاکستان کیخلاف کہیں اسکرپٹ لکھاجارہاہے صحافی کھوج لگائیں۔

  • پی ٹی آئی ارکان کی قومی اسمبلی آمد پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف  کا ردعمل سامنے آگیا

    پی ٹی آئی ارکان کی قومی اسمبلی آمد پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف کا ردعمل سامنے آگیا

    اسلام آباد : پی ٹی آئی ارکان کی قومی اسمبلی آمد پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ فیصلہ کامتن پڑھنے کے بعد ماہرین سے رائے اور لائحہ عمل طے کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی ارکان کی قومی اسمبلی آمد پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف کا ردعمل سامنے آگیا۔

    اسپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا حکم موصول نہیں ہوانہ تفصیلات ملیں، فیصلہ کامتن پڑھنے کے بعد ماہرین سے رائے اورلائحہ عمل طے کریں گے۔

    اس سے قبل پی ٹی آئی ارکان کی قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے معاملے پر ذرائع قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے کہا ہے کہ لاہورہائی کورٹ کے فیصلے کی کاپی موصول نہیں ہوئی، پی ٹی آئی ارکان کو ایوان میں آنےکی اجازت نہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف کے 43 ارکانِ اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹی فیکیشن معطل کردیا تھا۔

  • تحریک انصاف کے ایم این ایز کا اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ

    تحریک انصاف کے ایم این ایز کا اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے ایم این ایز نے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی ایم این ایز استعفوں کے سلسلے میں قومی اسمبلی کے اسپیکر کے سامنے پیش ہوں گے، پی ٹی آئی قیادت آج عمران خان سے مشاورت کے بعد حتمی تاریخ کا تعین کرے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان آج پارٹی مشاورت میں حتمی تاریخ کی منظوری دیں گے، تحریک انصاف نے یہ فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے، خط پر جواب نہ ملنے پر کیا۔

    پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کچھ روز قبل اسپیکر کو خط لکھ کر اپنی جانب سے ان کے سامنے استعفوں کی تصدیق کرنے کے لیے وقت مانگا تھا، لیکن تاحال اسپیکر نے استعفوں کی تصدیق کے لیے وقت نہیں دیا۔

    پی ٹی آئی نے 23 دسمبر کو اسمبلیاں توڑنے کے بعد کی تیاری شروع کر دی

    پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب ایم این ایز خود تاریخ کا اعلان کر کے قومی اسمبلی کے اسپیکر کے سامنے پیش ہوں گے۔

    ادھر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدھ یا جمعرات کو ہم قومی اسمبلی جا رہے ہیں، اسپیکر سے ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمارے تمام استعفے منظور کیے جائیں، انھوں نے کہا کہ ہم اسمبلی جاتے ہیں اور اسپیکر صاحب پھڑک کر ادھر سے نکل جاتے ہیں، اور پھر ٹی وی پر کہا جاتا ہے کہ ہم تنخواہیں لے رہے ہیں، اپریل کے بعد سے تو کسی کو تنخواہ نہیں ملی۔

    وزیر اعظم کا پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر نواز شریف کو اہم فون

    فواد چوہدری نے کہا ہمارے پاس پنجاب اسمبلی میں ارکان کی تعداد 188 ہے، پی ڈی ایم کے پاس ارکان کی تعداد 178 ہے، ن لیگ تحریک عدم اعتماد لے آئے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

    انھوں نے مطالبہ کیا کہ تمام نشستوں پر فوری طور پر انتخابات کرائے جائیں، یہ انتخابات صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے ساتھ ہی کرائے جائیں، فواد چوہدری نے کہا میں ن لیگ کو کہتا ہوں کہ الیکشن کمیشن کو پارٹنر کے طور پر استعمال نہ کریں، الیکشن ہونے دیں، پوری امید ہے یہ قومی اسمبلی توڑ دیں گے کیوں کہ الیکشن کے بعد ن لیگ کو امیدوار بھی نہیں ملیں گے۔