Tag: اسپیکر قومی اسمبلی

  • گندم کٹائی کے دوران کسانوں کو سہولتیں فراہم کی جائیں،اسد قیصر

    گندم کٹائی کے دوران کسانوں کو سہولتیں فراہم کی جائیں،اسد قیصر

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ گندم کٹائی کے دوران کسانوں کو سہولتیں فراہم کی جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی فخر امام نے ملاقات کی جس میں خصوصی کمیٹی برائے زرعی اجناس کی سفارشات سمیت لاک ڈاؤن اور موجودہ صورت حال کے باعث کسانوں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نےگندم کٹائی کے دوران کسانوں کو سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بجٹ میں خصوصی توجہ دے کر زرعی شعبے کو ترقی دی جاسکتی ہے،وزارت آئندہ بجٹ کے لیے اپنی سفارشات مرتب کرے۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ زراعت کا شعبہ قومی غذائی تحفظ، غربت کے خاتمے کے لیے اہم ہے،زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کسان دوست پالیسی زرعی شعبےکی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے،زراعت کے شعبے کی ترقی کے لیے بڑا پیکج ضروری ہے،کمیٹی سفارشات کو پالیسی کا حصہ بنا کر کسانوں کا تحفظ کیا جا سکتا ہے۔

    دوسری جانب وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی فخر امام کا کہنا تھا کہ ملک میں خوراک کی کوئی قلت نہیں،زرعی معیشت کو ترقی دینے کے لیے خصوصی کمیٹی کی سفارشات پر عمل کیا جائے گا،بہتر رابطے سے زرعی ترقی کے لیے صوبوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہوگی۔

  • کرونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس  آج ہوگا

    کرونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرصدارت کرونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج دوپہر 12 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر25 رکنی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ اور مشیر تجارت وصنعت عبدالرزاق داؤد کرونا وائرس کی وجہ سے ملکی معیشت اور تجارت پر پڑنے والے اثرات اور معیشت کی بحالی پر پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔

    معاون خصوصی ظفرمرزا، چیئرمین این ڈی ایم اے محمدافضل کرونا پر بریفنگ دیں گے۔اجلاس میں کمیٹی کے ممبران ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بھی شریک ہوں گے۔

    پارلیمانی کمیٹی کرونا سے متعلق معاملات کا جائرہ، مانیٹرنگ، نگرانی کے لیے قائم کی گئی ہے، پارلیمانی کمیٹی میں قومی اسمبلی سے 12، سینیٹ سے 13 پارلیمانی لیڈرز شامل ہیں۔

    پارلیمانی کمیٹی کرونا وائرس سے متعلق سرگرمیوں پر نظر رکھےگی، اسد قیصر

    یاد رہے کہ دو روز قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی کرونا وائرس سے متعلق سرگرمیوں پر نظر رکھےگی، جہاں پر بھی کوتاہی نظر آئےگی کمیٹی ایکشن لےگی۔

  • پارلیمانی کمیٹی کرونا وائرس سے متعلق سرگرمیوں پر نظر رکھےگی، اسد قیصر

    پارلیمانی کمیٹی کرونا وائرس سے متعلق سرگرمیوں پر نظر رکھےگی، اسد قیصر

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کرونا وائرس سے متعلق سرگرمیوں پر نظر رکھےگی۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کرونا وائرس سے متعلق سرگرمیوں پر نظر رکھےگی، جہاں پر بھی کوتاہی نظر آئےگی کمیٹی ایکشن لےگی۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی حکومت کو مثبت تجویز دےگی، معاشی مسائل پر بھی حکومت اپنی پالیسی پارلیمانی کمیٹی کے سامنے رکھےگی۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہمارا ملک کرفیو کا متحمل نہیں ہو سکتا،وزیر اعظم کو عام آدمی کی فکر ہے، اس وقت بہت زیادہ ذمہ دارانہ رویوں کی ضرورت ہے۔

    واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے کرونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس 6 اپریل کو طلب کر رکھا ہے۔اجلاس دوپہر کو 12 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔ اسد قیصر 25 رکنی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ اور مشیر تجارت وصنعت عبدالرزاق داؤد کرونا وائرس کی وجہ سے ملکی معیشت اور تجارت پر پڑنے والے اثرات اور معیشت کی بحالی پر پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔

  • یہ وقت سیاست کا نہیں ابھی نہ سنبھلے توخدانخواستہ بڑا حادثہ ہوسکتا ہے،اسدقیصر

    یہ وقت سیاست کا نہیں ابھی نہ سنبھلے توخدانخواستہ بڑا حادثہ ہوسکتا ہے،اسدقیصر

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ابھی نہ سنبھلے توخدانخواستہ بڑا حادثہ ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ طے کیا تھا ایسا میکنزم بناتے ہیں پارلیمنٹ بھی صورت حال میں کردار ادا کرے،اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کیا، کوشش کی سب کو ایک میز پر لاؤں۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، ممبران اجلاس میں شرکت کریں گے، پارلیمانی کمیٹی میں تمام پارٹیوں کے سینئر عہدیداران شامل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کا مقابلہ کوئی پارٹی یا حکومت تنہا نہیں کرسکتی، عالمی سطح پر دیکھ لیں کرونا کی صورت حال کیسی ہے،بڑی بڑی جمہوریتیں بھی کرونا کے سامنے بے بس ہیں۔

    اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ سیاسی لیڈران سےگزارش کروں گا سیاست کو ایک طرف رکھیں،یہ وقت سیاست کا نہیں، متفقہ لائح عمل اور متحد ہونے کا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف ہم سب نے مل کر لڑنا ہے، یہ وقت سیاست کا نہیں ابھی نہ سنبھلے تو خدانخواستہ بڑا حادثہ ہوسکتا ہے، ہمیں مل کر آگے چلنا ہے تاکہ عوام کوع المی وبا سے بچاسکیں۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اس وقت ہیلتھ ایمرجنسی کی صورت حال ہے، ہمیں اس وقت اپنی ہیلتھ کی استعداد بڑھانی ہے، ہمیں اپنے تمام وسائل اس وقت ہیلتھ پر لگانے چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کےشعبےمیں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرناچاہیے، ہمیں موقع ملاہےکہ اپنی ہیلتھ کی سہولتوں پر خصوصی توجہ دیں، ہمیں ملک بھرمیں ہیلتھ ایمرجنسی ڈیکلیئر کرنی چاہیے۔

    ‌اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ جنگ کی صورت حال ہے، معمولات کےمعاملات ترک کر دینے چاہئیں، ماضی میں ہماری ہیلتھ کی صورت حال کو نظرانداز کیاگیا، ماضی میں جس شعبے کو نظرانداز کیاگیا وہ آج توجہ طلب ہے۔

  • مہنگائی سےایک ماہ میں عوام کو نجات مل جائے گی، اسد قیصر

    مہنگائی سےایک ماہ میں عوام کو نجات مل جائے گی، اسد قیصر

    صوابی: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ مہنگائی سےایک ماہ میں عوام کو نجات مل جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق صوابی میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آٹے اور چینی بحران میں ملوث افراد کو نہیں چھوڑیں گے۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ مہنگائی سےایک ماہ میں عوام کو نجات مل جائے گی، حکومت کے ابتدائی فیصلوں کے ثمرات جلد ملنے والے ہیں۔

    حکومت عوام کی مشکلات پر خاموش تماشائی نہیں رہ سکتی،وزیراعظم

    یاد رہے کہ تین روز قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے جہاں تک ممکن ہوسکے ریلیف فراہم کیا جائے، ماضی کے حکمرانوں کے معاہدوں کا بوجھ عوام پر پڑ رہا ہے،حکومت عوام کی مشکلات پر خاموش تماشائی نہیں رہ سکتی۔

    وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے ہر آپشن پر غور کیا جائے گا، قیمتوں میں کمی لانے کی غرض سے جامع روڈ میپ جلد مرتب کیا جائے، تجاویز دیں تاکہ قابل عمل سفارشات پر عمل درآمد کیاجاسکے۔

  • عزیز میمن کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے،اسد قیصر

    عزیز میمن کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے،اسد قیصر

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ عزیز میمن کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں صحافی عزیز میمن کے قتل کی تحقیقات سمیت ملکی مجموعی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے صحافی عزیز میمن کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عزیز میمن کا بہیمانہ قتل آزادی صحافت پر کاری ضرب ہے۔ انہوں نے سندھ کے صحافی عزیز میمن کے قتل کی فوری تحقیقات کی ہدایت کردی۔

    اسد قیصر نے کہا کہ تحقیقاتی عمل میں غیر جانبداری اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے، عزیزمیمن کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔

    دوسری جانب وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ صحافی عزیز میمن کا قتل انتہائی شرمناک اور قابل مذمت فعل ہے، عزیز میمن کے قتل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، صحافی برادری کو فرائض کی انجام دہی پر ہرممکن تحفظ دیا جائے گا۔

  • برطانیہ پاکستانیوں کے لیے اپنی ویزا پالیسی میں نرمی لائے، اسد قیصر

    برطانیہ پاکستانیوں کے لیے اپنی ویزا پالیسی میں نرمی لائے، اسد قیصر

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ برطانیہ پاکستانیوں کے لیے اپنی ویزا پالیسی میں نرمی لائے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے سمیت اہم علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان برطانیہ سے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، برطانیہ سے تجارت، سیاحت دیگر شعبوں میں وسعت لانا چاہتے ہیں، سیاحت کے شعبے میں ترقی کے لیے ویزا پالیسی میں نرمی لا رہے ہیں۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ شاہی جوڑے کی پاکستان میں سیروتفریح سے پرامن تشخص اجاگر ہوا، سیاحوں کو پاکستان کے سیاحتی مقامات کی طرف راغب کرنا چاہتے ہے، برطانیہ پاکستانیوں کے لیے اپنی ویزا پالیسی میں نرمی لائے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں نے ملک میں امن کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، برطانیہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے کردار ادا کرے۔

    مقبوضہ کشمیر سے متعلق اسد قیصر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کا ظالمانہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے، نام نہاد بھارتی جمہوریت میں بڑھتے ہوئے فاشزم کو دنیا نے دیکھ لیا ہے، بھارت میں اقلیتیں غیرمحفوظ، خاص طور پرمسلمانوں کو شدید خطرات ہیں۔

    برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان برطانوی سفارت کاروں، شہریوں کے لیے محفوظ ملک ہے، دہشت گری کے خاتمے کے لیے پاکستان کے اداروں نے ناقابل فراموش قربانیاں دیں۔

    کرسچن ٹرنر نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورت حال بہت بہترہے، برطانیہ پاکستان سے تجارتی تعلقات کو بڑھانے کا خواہش مند ہے۔

  • ماضی کی حکومتوں کی ناقص پالیسیوں سے آج عوام کو مشکلات ہیں، اسد قیصر

    ماضی کی حکومتوں کی ناقص پالیسیوں سے آج عوام کو مشکلات ہیں، اسد قیصر

    صوابی: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ماضی کی حکومتوں کی ناقص پالیسیوں سے آج عوام کو مشکلات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پنج پیر ضلع صوابی میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بعض سیاست دان سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے مذہبی عقائد کو بنیاد بناتے ہیں۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مخالفین مذہب کارڈ کے بجائے موجودہ اور ماضی کی حکومتوں کا موازنہ کریں۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں کی ناقص پالیسیوں سے آج عوام کو مشکلات ہیں، مہنگائی، بیروزگاری سمیت دیگرمسائل کا پیش خیمہ ماضی کی غلط پالیسیاں تھیں۔

    اسپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ35 سالوں کی پالیسیاں اب منفی اثرات مرتب کر رہی ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو بحرانوں کی دلدل سے نکالیں گے۔

    سی پیک پاکستان اور پاکستان کے عوام کا منصوبہ ہے، اسد قیصر

    یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان اور پاکستان کے عوام کا منصوبہ ہے، سی پیک منصوبے کی تکمیل میں قومی اسمبلی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

  • اسپیکر قومی اسمبلی اور پارلیمانی وفد سعودی عرب روانہ

    اسپیکر قومی اسمبلی اور پارلیمانی وفد سعودی عرب روانہ

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور پارلیمانی وفد سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے، اسپیکر قومی اسمبلی سعودی عرب میں اعلیٰ حکام اور پاکستانیوں سے ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پارلیمانی وفد سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے، اسپیکراسد قیصر چیئرمین شوریٰ کونسل کی دعوت پرسعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔

    ڈپٹی اسپیکرمحمد قاسم خان سوری  قائم مقام اسپیکر کے فرائض سرانجام دیں گے، قاسم سوری 22 دسمبر سے قائم مقام اسپیکر کے فرائض سرانجام دیں گے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سعودی عرب میں اعلیٰ حکام اور پاکستانیوں سے ملاقاتیں کریں گے۔

    وزیراعظم 14 دسمبر کو دورہ سعودی عرب کے پہلے مرحلے میں مدینہ منورہ پہنچے۔ وزیراعظم عمران خان نے روضہ رسولﷺ پر حاضری دی اور نوافل کی ادائیگی کی جس کے بعد وہ ریاض روانہ ہوئے۔

    وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی اہم ملاقات

    بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مشرق وسطی کے تنازعات کو سیاسی اورسفارتی ذرائع سے حل کرنے پر زور دیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان مشرق وسطی میں تنازعات ختم کرنےمیں کردار ادا کرتا رہے گا، اس کے علاوہ پاکستان خطے اور دنیا کےامن کیلئے کوششوں میں مدد بھی فراہم کرتا رہے گا۔

  • وزیر خارجہ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات

    وزیر خارجہ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے درمیان ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے معاملے پر افہام و تفہیم سے مسئلہ حل کرنے اور تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے درمیان ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تعیناتی پر پیشرفت سے متعلق تبادلہ خیال ہوا۔

    ملاقات میں الیکشن کمیشن ارکان اور چیف الیکشن کمشنر کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    وزیر خارجہ نے اسپیکر کو اپوزیشن سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ اسپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے معاملے کو پارلیمانی سطح پر حل کرنا ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت میں معاملے پر اتفاق رائے کے لیے کردار جاری رکھوں گا، تمام سیاسی جماعتوں کو وسیع القلبی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن کے معاملے کا افہام و تفہیم سےحل چاہتی ہے۔

    دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں بھارت کے متنازعہ شہریت بل سے پیدا ہونے والی خطے کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت کو بے نقاب کرنے کے لیے پارلیمانی سفارت کاری اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔