Tag: اسپیکر مک کارتھی

  • امریکی ہاؤس اسپیکر مک کارتھی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    امریکی ہاؤس اسپیکر مک کارتھی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    واشنگٹن: ڈیموکریٹس سے تعاون پر ریپبلکنز نے برہم ہو کر ہاؤس اسپیکر کیون مک کارتھی کو عہدے سے ہٹا دیا۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان نے کیون مک کارتھی کو اسپیکر شپ سے ہٹا دیا ہے، مک کارتھی کا کہنا ہے کہ وہ اب دوبارہ اسپیکر کے عہدے کا انتخاب نہیں لڑیں گے۔

    امریکا کی 234 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایوان نے اسپیکر کے خلاف ووٹ دے کر اس طرح کسی اسپیکر کو عہدے سے ہٹایا، ری پبلکن اکثریت والے ایوان میں اسپیکر کے خلاف 210 کے مقابلے میں 216 ووٹ آئے۔ ہاؤس اسپیکر کو ایسے وقت فارغ کیا گیا ہے جب الیکشن میں ایک سال باقی ہے۔

    ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس سے تعاون پر سخت گیر ریپبلکن اراکین مک کارتھی سے سخت ناراض تھے، ری پبلکن پارٹی کے میٹ گیٹس نے اسپیکر کو عہدے سے ہٹانے کی تحریک پیش کی تھی۔

    سابق ہاؤس اسپیکر کیون مک کارتھی کا کہنا تھا کہ حکومتی شٹ ڈاؤن کو روکنے کے لیے دو طرفہ بات چیت پر انھیں کوئی افسوس نہیں ہے، انھوں نے کہا ’’میں اسپیکر کے انتخاب میں دوبارہ حصہ نہیں لوں گا۔‘‘

    ری پبلکن پارٹی کے پیٹرک مک ہینری نے قائم مقام اسپیکر کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔

  • اسپیکر مک کارتھی نے صدر بائیڈن کے مواخذے کی دھمکی دے دی

    اسپیکر مک کارتھی نے صدر بائیڈن کے مواخذے کی دھمکی دے دی

    واشنگٹن: اسپیکر مک کارتھی نے امریکی صدر جو بائیڈن کے مواخذے کی دھمکی دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے معاملے پر ریپبلکنز کا غصہ بڑھتا جا رہا ہے، اور ان کی جانب سے جو بائیڈن پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ انھوں نے نائب صدارت کے دوران اپنے بیٹے ہنٹر کو فائدہ پہنچایا۔

    ریپبلکنز کا کہنا ہے کہ جس طرح سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ رویہ اختیار کیا گیا، اس طرح ہنٹر بائیڈن کے ساتھ نہیں اختیار کیا گیا، یہی وجہ ہے کہ اسپیکر مک کارتھی نے اب کہا ہے کہ ہنٹر بائیڈن کے معاملے میں سچائی تک پہنچنے کا واحد راستہ صدر کا مواخذہ ہے۔

    اسپیکر نے کہا امریکی عوام بزنس ڈیلز میں بائیڈن کے کردار سے متعلق جاننا چاہتی ہے، واضح رہے کہ صدر بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کی بزنس ڈیلز سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، ریپبلکنز کا کہنا ہے کہ نائب صدارت کے دوران بائیڈن نے بیٹے کو فائدہ پہنچایا تھا۔

    مک کارتھی نے یہ بھی کہا ہے کہ ہنٹر بائیڈن کو الیکشن کے دوران بھی فائدہ پہنچایا گیا تھا، اور جو بائیڈن کے امریکی صدر بننے کے بعد بھی وہ مسلسل مالی فوائد حاصل کرتے رہے ہیں۔