Tag: اسپیکر

  • اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی اور چوہدری محمد سرور گورنر پنجاب نامزد

    اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی اور چوہدری محمد سرور گورنر پنجاب نامزد

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا ہے کہ چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب اور اسد قیصر کو قومی اسمبلی میں اسپیکر کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اسد قیصر قومی اسمبلی میں اسپیکر کے امیدوار ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اسد قیصر پختونخواہ اسمبلی میں 5 سال اسپیکر رہے۔ وہ پارلیمانی آداب اور روایات سے واقف ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسد قیصر کا پختونخواہ اسمبلی میں اپوزیشن کے ساتھ بھی اچھا رویہ تھا۔ عمران خان نے اسد قیصر کے تجربے کو سامنے رکھتے ہوئے اسپیکر کا فیصلہ کیا۔

    شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب کے لیے نامزد کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چوہدری محمد سرور بطور گورنر پنجاب وفاق کی نمائندگی کریں گے۔ چوہدری سرور پنجاب کی سیاست سے بخوبی واقف ہیں، ان کے سیاسی تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کو واضح اکثریت حاصل ہوچکی ہے، ’تحریک انصاف پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں‘۔

    شاہ محمود نے کہا کہ 13 اگست کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ہے، 13 اگست کو عمران خان قومی اسمبلی ممبران کو مدعو کریں گے۔ قومی اسمبلی میں حمایت کرنے والی جماعتوں کا پھر سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بی این پی مینگل، بلوچستان عوامی پارٹی کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں، شیخ رشید، ایم کیو ایم، مسلم لیگ ق کے بھی مشکور ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی، بہتری کے لیے ایم کیو ایم سے ایم او یو سائن کیا ہے۔ پارٹی، اتحادی ممبران کو عمران خان کی طرف سے دعوت دیتا ہوں۔ مختلف ریجنز کے ممبران سے رابطہ رکھنے کے لیے کچھ لوگوں کو ذمہ داریاں دی ہیں۔

    شاہ محمود نے کہا کہ فاٹا اور پختونخواہ ممبران اسمبلی سے رابطے کے لیے پرویز خٹک کو ذمہ داری دی ہے۔ سندھ کے ممبران سے رابطہ رکھنے کے لیے عارف علوی کو ذمہ داری دی گئی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سینٹرل پنجاب کے ممبران سے شفقت محمود رابطہ رکھیں گے، مغربی پنجاب کے ممبران سے چوہدری سرور رابطے میں رہیں گے، ’شمالی پنجاب کے ممبران سے عامر کیانی رابطے میں رہیں گے، جنوبی پنجاب کے ممبران سے میں رابطے میں رہوں گا‘۔

  • اسپیکروزیراعظم کا کیس بھی الیکشن کمیشن بھیج دیتے تو بہترہوتا، شیخ رشید

    اسپیکروزیراعظم کا کیس بھی الیکشن کمیشن بھیج دیتے تو بہترہوتا، شیخ رشید

    اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر ایاز صادق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ عمران خان کے کیس کے ساتھ وزیراعظم نواز شریف کا کیس بھی الیکشن کمیشن میں بھیج دیتے تو آپ کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوجاتا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں ساڑھے تین سال بعد فلور ملنے پر خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے اسپیکر سردار ایاز صادق کو خوبصورتی بڑھانے کانسخہ بتا تے ہوئے کہا کہ جناب اسپیکر آپ خوبصورت ہیں، آپ نے عمران خان کا کیس الیکشن کمیشن بھیجا، اگرنوازشریف کابھی بھیج دیتے تو آپ کی شان میں اوراضافہ ہوجاتا۔

    شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ہمیں تو پتا بھی نہیں تھا کہ آف شور کمپنی کیا ہوتی ہے ، ہمیں اس کا اس وقت پتا لگا جب ایک محترم ٹی وی چینل پر آئے اور اپنی آف شور کمپنی کا اعتراف کیا جس کے بعد پاناما پیپرز میں مزید انکشافات ہوئے۔ پاناما پیپرز آنے کے بعد پوری دنیا میں کھلبلی مچ گئی اور دنیا میں کسی نے بھی پاناما پیپرز کو نہیں جھٹلایا، پاناما پیپرز آنے کے بعد وزیر اعظم نے ایک ماہ میں جتنی مرتبہ خطاب کیا وہ بھی ایک ریکارڈ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاناما کے ایشو پر ساڑھے سات مہینے یہ لوگ فٹ بال بنے رہے لیکن ٹی او آر ہی نہیں بنے، خورشید شاہ پارلیمنٹ کی بات کرتے ہیں 27 دسمبر کے بعد پیپلز پارٹی کا بھی پتہ چل جائے گا۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ ہمارے بچے بڑی بڑی ڈگریاں لے کر بھی بیروزگار ہیں لیکن ان کے وہ بچے جنہوں نے داخلے بھی سیلف فنانس پر لیے ہیں 19 سال کی عمر میں اربوں کی پراپرٹی بنا لیتے ہیں، پاناما کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ میں وزیر اعظم کے وکیل نے ہاتھ اٹھادیے اور کہا کہ ہمارے پاس کوئی ثبوت نہیں ہیں۔