Tag: اسکارلٹ جوہانسن

  • اسکارلٹ جوہانسن کی ہم شکل ٹک ٹاکر رو پڑی

    اسکارلٹ جوہانسن کی ہم شکل ٹک ٹاکر رو پڑی

    ماسکو: ایک روسی ٹک ٹاکر لڑکی، جو مارول اداکارہ اسکارلٹ جوہانسن سے ہو بہو ملتی ہے، نے تنگ آ کر کہا ہے کہ بس اب وہ اپنی زندگی جینا چاہتی ہیں۔

    24 سالہ ٹک ٹاکر ایکَٹرینا شُمسکایا کی شکل ہالی ووڈ اداکارہ سے اتنی زیادہ ملتی ہے کہ انھیں روسی اسکارلٹ جوہانسن بھی کہا جانے لگا ہے، اور اکثر اوقات لوگ انھیں اسکارلٹ سمجھ کر بات کرنے لگتے ہیں۔

    شروع میں تو ایکَٹرینا کو یہ سب اچھا لگا لیکن اب وہ اتنی تنگ آ گئی ہیں کہ انھوں نے کہا میں اپنی زندگی چاہتی ہوں، بلیک وِڈو فلم کی اداکارہ (اسکارلٹ) سے مشابہت اب مجھے رلا دیتی ہے۔

    ٹک ٹاک پر ایک کروڑ 20 لاکھ فالوورز رکھنے کے باوجود، جوہانسن کے ساتھ ان کی غیر معمولی مشابہت کی وجہ سے ایکَٹرینا شُمسکایا نے کہا کہ انٹرنیٹ پر ایسے لوگ ہیں جو مجھے اسکارلٹ کے ساتھ خلط ملط کر دیتے ہیں، حالاں کہ میں بس تھوڑی سی ان کی طرح دِکھتی ہوں۔

    @mimisskate♬ оригинальный звук – Kate Shumskaya

    ایکَٹرینا نے بتایا کہ اسکارلٹ کی مقبول فلم ‘بلیک وِڈو’ کا جب ماسکو میں پریمیئر تھا، تو انھوں نے اس تقریب میں اسکارلٹ کی طرح کاسٹیوم پہن کر اور انھی کی طرح صورت بنا کر اس میں شرکت کی تھی، لیکن تقریب میں جب کسی کو میرے نام کے بارے میں پتا نہ چلا تو میں جذباتی ہو کر بے اختیار رو پڑی۔

    انھوں نے کہا میں اب اپنی زندگی جینا چاہتی ہیں، اسکارلٹ کی نہیں، میرے فالوورز ہمیشہ پوچھتے ہیں کہ کیا میں نے کبھی اسکارلٹ سے بات کی ہے یا انھیں معلوم ہے کہ میں موجود ہوں۔

    واضح رہے کہ شُمسکایا مقبول ہونے کے بعد اپنا آبائی شہر میکوپ چھوڑ کر ماسکو منتقل ہو چکی ہیں، جہاں وہ بہ طور ماڈل اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہو چکی ہیں۔

  • بلیک وڈو عدالت پہنچ گئیں

    بلیک وڈو عدالت پہنچ گئیں

    معروف ہالی ووڈ اداکارہ اسکارلٹ جوہانسن نے اپنی فلم بلیک وڈو کے سینما گھروں میں ریلیز نہ کیے جانے پر عدالت میں مقدمہ دائر کردیا، فلم کی ریلیز نہ کرنے سے اداکارہ کو خاصا مالی نقصان پہنچا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی اداکارہ اسکارلٹ جوہانسن اپنی فلم بلیک وڈو کی سینما گھروں میں خصوصی ریلیز نہ ہونے پر کافی نالاں ہیں۔

    فلم بلیک وڈو کی سینما گھروں میں نمائش کے ساتھ ہی فلم کی اسٹریمنگ سروس ڈزنی پلس پر بھی ریلیز کرنے پر مایوس ہونے والی اداکارہ اسکارلٹ جوہانسن نے ڈزنی کمپنی کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اداکارہ اسکارلٹ جوہانسن کی جانب سے دائر مقدمے میں کہا گیا ہے کہ مس جوہانسن نے ڈزنی اور مارول کو ہر موقع فراہم کیا کہ وہ اپنی اس غلطی کو درست کریں اور مارول اسٹوڈیوز اپنے کیے گئے وعدے پر عمل کرے۔

    مقدمے میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈزنی نے جان بوجھ کر بغیر کسی جواز کے مارول سے کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کی تا کہ مس جوہانسن کو مارول کے ساتھ اس ڈیل کا پورا فائدہ اٹھانے سے روکا جا سکے۔

    فلم بلیک وڈو میں اداکاری کے علاوہ، اسکارلٹ جوہانسن اپنے ایوینجرز کے کردار کی پہلی سولو فلم کی ایگزیکٹو پروڈیوسر بھی ہیں۔ اداکارہ نے لاس اینجلس کاؤنٹی سپیریئر کورٹ میں جمع کروائی گئی شکایت میں معاشی نقصانات کو پورا کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

    اداکارہ کی جانب سے دائر مقدمہ کے مطابق مارول اسٹوڈیوز اور اسکارلیٹ جوہانسن کے مابین اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ وہ قانونی چارہ جوئی کے مطابق فلم بلیک وڈو کے لیے معاوضہ وصول کریں گی۔

    اداکارہ نے اپنے مالی مفادات کی حفاظت کے لیے مارول اسٹوڈیوز سے یہ معاہدہ کیا تھا کہ فلم خصوصی طور پر سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

    اداکارہ کے وکیلوں کا کہنا ہے کہ مارول اسٹوڈیوز کے معاہدے سے بخوبی واقف ہونے کے باوجود بھی کمپنی والٹ ڈزنی نے اسٹریمنگ سروس ڈزنی پلس پر فلم کو ریلیز کیا ہے۔ شکایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کمپنی ناظرین کو اس کی اسٹریمنگ سروس کی طرف راغب کرنا چاہتی ہے جہاں سے آمدنی صرف اس کمپنی کو ہی ملے گی۔