Tag: اسکالر شپ

  • ویب پورٹل پر طلبہ گھر بیٹھے اسکالر شپ کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں

    ویب پورٹل پر طلبہ گھر بیٹھے اسکالر شپ کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں

    لاہور: پنجاب میں نادار اور ذہین طلبہ کے لیے رحمت اللعالمینﷺ اسکالر شپ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی آئی ٹی بی کی ویب پورٹل پر طلبہ گھر بیٹھے اسکالر شپ کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔

    عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انٹر میڈیٹ رحمت اللعالمینﷺ اسکالر شپ میٹرک کے نتائج کی بنیاد پر دی جائے گی، جب کہ انڈرگریجویٹ رحمت اللعالمینﷺ اسکالر شپ انٹر میڈیٹ کے نتائج کی بنیاد پر فراہم کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ نے وضاحت کی کہ طلبہ کو 14 ہزار انٹر میڈیٹ اسکالر شپس اور 891 انڈر گریجویٹ اسکالر شپس ملیں گی، 50 فی صد رحمت اللعالمینﷺ اسکالر شپ ضرورت مند بچوں کو دی جائیں گی، جب کہ 50 فی صد میرٹ کی بنیاد پر طلبہ کو ملیں گی۔

    انھوں نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رحمت اللعالمین ﷺ اسکالر شپ درجہ چہارم تک سرکاری ملازمین کے بچوں کو بھی دی جائے گی، ہر طالب علم کو سالانہ 25 ہزار روپے انٹر میڈیٹ اسکالر شپ کی مد میں ادا کیےجائیں گے، جب کہ مجموعی طور پر انٹرمیڈیٹ اسکالر شپ کی مد میں ہر سال 700 ملین روپے ادا کیے جائیں گے۔

    وزیراعظم کا طلبا کیلئے ساڑھے 3لاکھ اسکالر شپس دینے کا اعلان

    30 سرکاری یونی ورسٹیوں میں زیر تعلیم طلبہ کو انڈر گریجویٹ اسکالر شپس دی جائیں گی، حکومت پنجاب ہر یونی ورسٹی کے ٹاپر کے پورے اکیڈمک سیشن کی فیس ادا کرے گی، انڈر گریجویٹ اسکالر شپ میں مکمل اکیڈمک سیشن کی فل ٹیوشن فیس بھی شامل ہوگی۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا ہر سال 6 کروڑ 70 لاکھ روپے جب کہ مجموعی طور پر 26 کروڑ 80 لاکھ روپے اسکالر شپس کی مد میں ادا کیے جائیں گے۔

    انھوں نے واضح کیا کہ رحمت اللعالمین ﷺ اسکالر شپ کسی خاص مذہب یا طبقے کے لیے نہیں، ہر ہونہار اور ضرورت مند طالب علم اس سے مستفید ہو سکے گا، اس کا مقصد طلبہ کو معاشی سپورٹ فراہم کرنا ہے، تاکہ مراعات یافتہ اور محروم طبقات کے درمیان معاشی تفاوت کم ہو۔

  • بلوچستان، گلگت اور سابق فاٹا کے طلبہ کے لیے بڑی خوش خبری

    بلوچستان، گلگت اور سابق فاٹا کے طلبہ کے لیے بڑی خوش خبری

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بلوچستان، سابق فاٹا اورگلگت کے اسکالر شپ بحال کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان، گلگت بلتستان اور قبائلی اضلاع کے طلبہ کے لیے 50 فی صد اور 100 فی صد اسکالر شپ کے اعلانات کیے گئے ہیں۔

    پنجاب کی سرکاری جامعات بلوچستان، گلگت اور سابق فاٹا کے طلبہ کو 50 فی صد اسکالرشپس دیں گی، ان کے تمام طلبہ کا ہاسٹل کرایہ 50 فی صد کم ہوگا۔

    پنجاب حکومت نے 2 کروڑ گرانٹ دینے کا اعلان بھی کیا ہے، جب کہ ہر سال گرانٹ میں 2 کروڑ کا اضافہ ہوگا، مخیر حضرات رواں سال 200 بچوں کو مفت تعلیم کے لیے گرانٹ دیں گے، 4 سال میں 100 فی صد فیس معافی کی 800 بچوں کوگرانٹ ملےگی۔

    واضح رہے کہ بلوچ طلبہ نے بہاالدین زکریا یونی ورسٹی ملتان میں اسکالر شپ ختم ہونے کے خلاف احتجاج شروع کر دیا ہے، آج یونی ورسٹیز میں کوٹہ بحالی کے لیے احتجاج کرنے والے طلبہ کوگورنر پنجاب نے طلب کر کے ان سے ملاقات بھی کی۔

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پبلک یونی ورسٹیز 50 فی صد اپنے خرچے سے اسکالرشپس دیں گی، بلوچستان حکومت نے کہا ہے کہ باقی 50 فی صد وظائف وہ پورا کریں گے۔ گورنر نے یہ بھی کہا کہ وہ طلبہ کے وظائف کا خاتمہ نہیں چاہتے لیکن سرکاری جامعات کو مالی دشواریوں کا سامنا ہے۔

    ادھر آج پنجاب اسمبلی میں بہاالدین ذکریا یونی ورسٹی میں بلوچ طلبہ کا کوٹہ ختم کرنے کے خلاف قرارداد بھی جمع کرائی گئی ہے، قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔

    دریں اثنا، آج ن لیگ کی رہنما مریم نواز بھی چیئرنگ کراس پر بلوچ طلبہ کے احتجاجی کیمپ پہنچ گئی تھیں، انھوں نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے، یہ اسٹوڈنٹس 12 دن سے سڑکوں پر رُل رہے ہیں، کسی کو اتنی توفیق نہیں ہوئی کہ ان سے آ کر پوچھے۔

    مریم نواز نے کہا کہ جو سمجھتے ہیں کہ پنجاب بڑا بھائی ہے، میں انھیں کہتی ہوں بلوچستان بڑا بھائی ہے، ان اسٹوڈنٹس کا کوٹہ، فیس اور اسکالر شپ بحال ہونے چاہیئں۔

  • گرین کارڈ کے لیے جھوٹی شادی کرنے والے سعودی نوجوان کا انجام کیا ہوا؟

    گرین کارڈ کے لیے جھوٹی شادی کرنے والے سعودی نوجوان کا انجام کیا ہوا؟

    واشنگٹن: امریکا میں اسکالر شپ پر زیر تعلیم سعودی نوجوان کو گرین کارڈ کے لیے امریکی خاتون سے فرضی شادی کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔

    سعودی حکام کو موصول اطلاعات کے مطابق مذکورہ طالبعلم پر امریکی حکام نے جعلسازی اور دروغ بیانی کے الزامات عائد کیے ہیں۔

    امریکی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی طالب علم نے امریکی لڑکی سے فرضی شادی کے بعد گرین کارڈ کی درخواست دی تھی اور اس کے لیے جعلسازی اور دروغ بیانی سے کام لیا۔

    گرفتاری کے بعد سعودی طالب علم پر جعلسازی کے الزام میں فوجداری کا مقدمہ چلایا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق وزٹ ویزے یا تعلیمی ویزے کو گرین کارڈ میں تبدیل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مزکورہ غیر ملکی کسی امریکی خاتون سے شادی کر چکا ہو۔

    اس کے لیے امیدوار کا ٹیکس ریکارڈ دیکھا جاتا ہے، اس کا انٹرویو لیا جاتا ہے جبکہ اس کے سیکیورٹی ریکارڈ کی بھی چھان بین کی جاتی ہے۔

    امریکی حکام مذکورہ شخص کی سوشل میڈیا پر سرگرمیاں چیک کرتے ہیں، اس کا فوجداری ریکارڈ دیکھا جاتا ہے اور مالیاتی ریکارڈ بھی طلب کیا جاتا ہے۔

    درخواست گزار کی شادی کے بارے میں یہ اطمینان بھی حاصل کیا جاتا ہے کہ یہ فرضی نہیں بلکہ حقیقی شادی ہے۔

  • چین 20 ہزار پاکستانی طلبا کو اسکالر شپ دے گا، چینی سفیریاؤ جنگ

    چین 20 ہزار پاکستانی طلبا کو اسکالر شپ دے گا، چینی سفیریاؤ جنگ

    اسلام آباد : چینی سفیریاؤ جنگ کا کہنا ہے وزیراعظم عمران خان بیلیٹ اینڈروڈ فورم سے خصوصی خطاب کریں گے ، دورہ چین میں دونوں ممالک میں تجارتی معاہدے پردستخط کا امکان ہے، تین سال میں بیس ہزار پاکستانی طلبا کو اسکالرشپ دی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق چینی سفیریاؤ جنگ نے اسلام آباد میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم پرپریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ بیلیٹ اینڈروڈ فورم پچیس سے ستائیس اپریل تک بیجنگ میں ہوگا، وزیراعظم عمران خان فورم سے خصوصی خطاب کریں گے۔

    چینی سفیر کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان ستائیس اپریل کوچینی نائب صدرسے ملاقات کریں گے، دونوں ممالک میں تجارتی معاہدے پردستخط کا امکان ہے۔چین دھابیجی میں دوسرا خصوصی اقتصادی زون قائم کرنا چاہتا ہے۔پاکستان سے صنعتی تعاون کا مزید فروغ چاہتے ہیں۔

    یاؤ جنگ نے مزید کہا پاکستان سے صنعتی تعاون کا مزید فروغ چاہتے ہیں، تین سال میں بیس ہزار پاکستانی طلبا کو اسکالرشپ دی جائیں گی۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان 25 سے 27 اپریل تک چین کا دورہ کریں گے

    خیال رہے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا وزیر اعظم عمران خان 25 سے 27 اپریل تک چین کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، وزیر اعظم بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کریں گے اور چین کے صدر اور وزیر اعظم سے بھی ملاقات کریں گے۔

    وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے جبکہ وہ عالمی ہارٹی کلچر نمائش میں بھی شرکت کریں گے۔