Tag: اسکاٹ لینڈ

  • روبوٹک کیمرا گنجے ریفری کو فٹبال سمجھ بیٹھا

    روبوٹک کیمرا گنجے ریفری کو فٹبال سمجھ بیٹھا

    دنیا بھر میں ہر کام کے لیے مصنوعی ذہانت استعمال ہورہی ہے اور اس کی وجہ سے بہت سے کام پہلے کی نسبت زیادہ آسانی اور کم محنت سے ہونے لگے ہیں، تاہم کہیں نہ کہیں ایسی غلطی ہوجاتی ہے جو ثابت کردیتی ہے کہ مصنوعی ذہانت انسانی ذہانت سے پیچھے ہی رہے گی۔

    حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں مصنوعی ذہانت یعنی آرٹی فیشل انٹیلی جنس کا حامل کیمرا ایک گنجے شخص کے سر کو فٹبال سمجھ بیٹھا اور پورے میچ میں اسی کو فوکس کیے رہا۔

    اسکاٹ لینڈ میں کھیلا جانے والا یہ میچ مقامی کلبز کے درمیان ہو رہا تھا، اس کی 2 منٹ کی وائرل ویڈیو نے فٹبال سے دلچسپی نہ رکھنے والے افراد کو بھی اس میچ میں دلچسپی لینے پر مجبور کردیا۔

    پورے میچ کے دوران کیمرے نے بال کو نظر انداز کیے رکھا اور بال کی حرکت، کھلاڑیوں کی ککس اور گولز پر فوکس کرنے کے بجائے لائنز مین ریفری کو فوکس کرتا رہا جس کے گنجے سر کو کیمرا فٹبال سمجھ بیٹھا تھا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہر چند سیکنڈز کے بعد کیمرا گھومتا ہے اور ریفری کی جانب آجاتا ہے جو ادھر ادھر حرکت کر رہا ہے۔ ریفری کی ہر حرکت کے ساتھ کیمرا بھی حرکت کر رہا ہے اور اس دوران کھلاڑیوں کے کھیلنے کے مناظر پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔

    اس ویڈیو کو جیمز فلٹن نامی ایک شخص نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا جسے کئی ہزار لائیکس اور ری ٹویٹ ملے۔

    مذکورہ میچ ٹائی پر ختم ہوا تھا تاہم میچ کے نتیجے اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کے بجائے اس ویڈیو کی بدولت لوگوں کو زیادہ اس میچ میں دلچسپی رہی۔

  • زمین پر جنت! 32 افراد والا جزیرہ نئے مکینوں کی تلاش میں

    زمین پر جنت! 32 افراد والا جزیرہ نئے مکینوں کی تلاش میں

    ایڈنبرا: اسکاٹ لینڈ کے ایک جزیرے سے متعلق معلوم ہوا ہے کہ وہاں صرف 32 افراد رہائش پذیر ہیں، اور جزیرے کو اب نئے مکینوں کی تلاش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے ضلع لوکابر کے ایک جزیرے کی آبادی اس وقت صرف 32 افراد پر مشتمل ہے، اور نئے مکینوں کے لیے جزیرے پر نئی تعمیرات کی جا رہی ہیں۔

    اس سلسلے میں جزیرے کی ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ جزیرے پر جو مکانات بنائے جا رہے ہیں، اس کے منصوبے میں اسکاٹ لینڈ کی حکومت بڑا تعاون کر رہی ہے۔

    کیا آپ نے کسی دور دراز جزیرے پر خاموش اور پر سکون زندگی کا تصور کیا ہے، جہاں آپ روزانہ ساحل پر لہروں کو سر پٹختا دیکھ سکیں، اگر یہ آپ کا خواب ہے تو اب یہ پورا ہو سکتا ہے، رم نامی یہ اسکاٹش جزیرہ اپنے مکینوں کی تعداد بڑھانا چاہتا ہے اور جزیرے کی جانب سے نئے مکینوں کے لیے اپیل کی گئی ہے۔

    رم جزیرے پر موجود اکلوتے گاؤں کنلوخ کا قلعہ

    جزیرہ رم (Rum) چاہتا ہے کہ باہر والے ان نئے مکانوں کے لیے درخواستیں دیں جو جزیرے کے واحد گاؤں کنلوخ میں تعمیر ہو رہے ہیں، جزیرے پر زیادہ لوگوں کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے بالخصوص بچوں کی جنھیں اسکول میں داخل کیا جا سکے، جزیرے پر موجود لوگوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ایسے نوجوان جوڑے جزیرے پر منتقل ہونا چاہیں گے جو صحت مند اور پرسکون ماحول چاہتے ہیں۔

    ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ جزیرے پر ایک ہی پرائمری اور نرسری اسکول ہے، اب جہاں بچوں کی ضرورت ہے، بتایا گیا ہے کہ جزیرے کی آبادی میں صرف 6 بچے شامل ہیں۔

    جزیرے پر تمام گھروں میں انتہائی اعلیٰ معیار کا فائبر براڈبینڈ موجود ہے، جزیرے پر ملازمتوں کے بھی وسیع مواقع ہیں جن میں سے بچوں کی دیکھ بھال، خوراک کی تیاری، ہاؤس مینٹی نینس، فش فارمنگ، سمندری اور پہاڑی سیاحت کے شعبے شامل ہیں۔

    جزیرے پر جو گھر بنائے جا رہے ہیں وہ ایکو ہوم یعنی ماحول دوست گھر ہیں اور یہ دو بیڈرومز پر مشتمل ہیں۔

  • کرونا کو شکست، نیوزی لینڈ کے بعد ایک اور ملک سے اچھی خبر آگئی

    کرونا کو شکست، نیوزی لینڈ کے بعد ایک اور ملک سے اچھی خبر آگئی

    ایڈنبرگ: اسکاٹ لینڈ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کروناوائرس سے ایک بھی موت واقع نہیں ہوئی، ملک میں مہلک وبا کے پھیلاؤں کے بعد پہلی مرتبہ ’زیرو دیتھ‘ ریکارڈ کی گئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ میں کروناوائرس کو شکست ہوچکی ہے اور اب اسکاٹ لینڈ سے بھی مثبت خبر سامنے آئی ہے، ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ایک بھی موت نہ ہونے پر ڈاکٹرز اور طبی عملے نے کرونا کے خلاف جنگ میں بڑی اہم کامیابی قرار دیا ہے۔

    اسکاٹش حکومت نے ہفتے کے روز ایک اعداد وشمار جاری کیا جس کے مطابق ملک میں مجموعی طور پر 2415 اموات ہوئیں اور اتوار کے دن ان اموات میں ایک بھی اضافہ نہیں ریکارڈ کیا گیا۔

    پہلا ملک جس نے کرونا کو مکمل شکست دے دی، لاک ڈاؤن ختم

    ملک میں کروناوائرس کے 15621 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔ البتہ اسکاٹ لینڈ میں دیگر ممالک کے مقابلے میں مریضوں اور اموات کی تعداد کم ہے، آج بھی چند کیسز سامنے آئیں لیکن کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

    یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے کرونا وائرس کو مکمل شکست دے دی ہے، وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں اب کرونا کا کوئی فعال کیس نہیں رہا۔

  • اولاد کے سامنے نشہ کرنے کا بھیانک انجام

    اولاد کے سامنے نشہ کرنے کا بھیانک انجام

    ایڈنبرگ: والدین کی غفلت کا برا نتیجہ سامنے آگیا، کمسن بچی نے نشہ آور مشروب پی لی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں لاپرواہی برتنے پر گھر میں موجود دو خواتین کو چائیلڈ پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کے مقدمے کا سامنا ہے، مذکورہ عورتیں عدالت میں پیش ہوئیں۔

    شیرخوار یا کمسن بچے ذہنی شعور سے نابلد ہوتے ہیں، انہیں وقت کے ساتھ ساتھ اچھے برے کی تمیز آتی ہے جس میں والدین کی تربیت بہت اہم ہوتی ہے، بچے کا خیال اچھے سے نہ رکھا جائے تو ایسے واقعات رونما ہوتے ہیں۔

    شراب پینے سے انکار، شوہر نے بیوی کے منہ میں کانچ بھر دیا

    اسکاٹ لینڈ کے شہر میڈلوڈھیان کی عدالت نے 22 اور 25 سالہ خاتون کی غیرسنجیدگی پر افسوس ناک واقعہ کی سماعت کی، پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین پر چائیلڈ پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی پر مقدمے کا سامنا ہے۔

    تاہم اب تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ بچی کا ان دونوں خواتین سے کیا رشتہ ہے، البتہ یہ قیاس آرائیاں ہیں کہ ان میں ایک خاتون متاثرہ بچی کی ماں ہے۔ شراب پینے کے فوراً بعد کمسن کی حالت غیرہوگئی بعد ازاں اسے اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ گھر میں موجود دیگر بچوں کو بھی تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

  • اسکول میں طالبہ کو پونی ٹیل سے گھسیٹنے کی افسوسناک ویڈیو وائرل

    اسکول میں طالبہ کو پونی ٹیل سے گھسیٹنے کی افسوسناک ویڈیو وائرل

    اسکاٹ لینڈ کے ایک اسکول میں چند زور آور طالبات کی جانب سے ایک اور طالبہ کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹے جانے کی ویڈیو سامنے آنے پر والدین چیخ اٹھے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک لڑکی اپنی ساتھی طالبہ کو اس کی پونی ٹیل سے پکڑ کر یہاں سے وہاں گھسیٹ رہی ہے۔ ویڈیو میں دیگر کئی طالبات بھی دکھائی دے رہی ہیں جو ہنس رہی ہیں اور مذکورہ لڑکی کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں۔

    مذکورہ ویڈیو کو اسی اسکول میں پڑھنے والی ایک اور طالبہ کے والدین کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا گیا جنہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی بیٹی کو بھی اسی لڑکی نے ہراساں کیا۔

    انہوں نے کہا کہ اس لڑکی نے ان کی بیٹی کا سر دروازے پر دے مارا تھا جس کے بعد مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے انہوں نے اپنی بیٹی کو دوسرے اسکول میں داخل کروا دیا۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مذکورہ اسکول کے کئی والدین نے اس پر غم و غصے سے بھرے کمنٹس کیے جبکہ کچھ نے علاقے کی کونسل اور اسکول انتظامیہ کی توجہ بھی اس جانب دلائی۔

    ایک والد نے لکھا کہ یہ اسکول کے بس کا معاملہ نہیں ہے، ان لڑکیوں کے لیے پولیس کو بلانا چاہیئے۔ تاحال اسکول انتظامیہ نے اس معاملے پر اپنا کوئی مؤقف نہیں دیا۔

  • انڈر 19 ورلڈ کپ: قومی ٹیم 19 جنوری کو اسکاٹ لینڈ سے ٹکرائے گی

    انڈر 19 ورلڈ کپ: قومی ٹیم 19 جنوری کو اسکاٹ لینڈ سے ٹکرائے گی

    لاہور: آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 اگلے ماہ جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا، قومی ٹیم اپنے پہلے میچ میں 19 جنوری کو اسکاٹ لینڈ سے ٹکرائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 17 جنوری سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا جو 9فروری تک جاری رہے گا، 24 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 16 ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

    آئندہ سال 17 جنوری سے شروع ہونے والے ایونٹ کا فائنل بینونی کے جے پی مارک اوول میں کھیلا جائے گا۔

    ایونٹ کے فاتح کا فیصلہ9 فروری کو ہوگا، ایونٹ میں پاکستان کا پہلا میچ 19جنوری کوسکاٹ لینڈ کے خلاف پوچیف اسٹروم میں کھیلاجائے گا، قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 22 جنوری کو زمباوے کے خلاف بلوم فاؤنٹین میں کھیلے گی۔

    گروپ مرحلے میں پاکستان کا آخری میچ بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا۔ دونوں ٹیمیں 24 جنوری کو جے پی مارک اوول میں مدمقابل آئیں گی۔ ہر گروپ سے 2 بہترین ٹیمیں سپر لیگ مرحلے میں رسائی حاصل کریں گی۔

    جبکہ باقی تمام ٹیمیں پلیٹ چمپئن شپ کے لیے نبردآزمائی کریں گی۔ ایونٹ میں سپر لیگ مرحلے کا آغاز 28 جنوری کو ہوگا۔ سپر لیگ مرحلے کے اختتام پر 4 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

  • گلاسگو: پولک شیلڈز کی عمارت میں خوف ناک آتش زدگی، پاکستانی بھی مقیم

    گلاسگو: پولک شیلڈز کی عمارت میں خوف ناک آتش زدگی، پاکستانی بھی مقیم

    گلاسگو: اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو کے ایک علاقے کی رہایشی عمارت میں خوف ناک آتش زدگی کے باعث تین منزلہ عمارت منہدم ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات گلاسگو کے جنوبی علاقے پولک شیلڈز میں البرٹ کراس پر ایک رہایشی عمارت میں خوف ناک آگ بھڑک اٹھی، گراؤنڈ فلور پر موجود دکان سے لگنے والی آگ نے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا تھا۔

    آگ لگنے کے بعد فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا، آگ نے اردگرد کے فلیٹس کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا، رپورٹس کے مطابق پولک شیلڈز کے علاقے میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی بھی مقیم ہیں۔

    حادثے کے بعد ریسکیو ٹیم نے لوگوں کو کرین کی مدد سے عمارت سے اتارا، تاہم آتش زدگی کے باعث پوری تین منزلہ عمارت جل گئی اور بعد ازاں منہدم ہو گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  آسٹریلیا میں بڑی آگ، ایک ہزار فائر انجن آگ بھجانے میں مصروف

    مقامی نیوز رپورٹس کے مطابق آتش زدگی کے اس واقعے میں ایک شخص دھوئیں کے باعث متاثر ہوا ہے جسے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔

    واضح رہے کہ رواں ہفتے آسٹریلیا کی دو مختلف ریاستوں سڈنی اور برسبین میں بھی 80 مقامات میں آگ لگ گئی ہے جس پر تاحال قابو نہیں پایا گیا ہے، اس آتش زدگی میں تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ ایک ہزار فائر انجن، 100 سے زیادہ طیارے اور ہیلی کاپٹر آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

    آسٹریلوی حکام کے مطابق جنگلات میں آگ لگنے کے باعث 150 سے زائد مکانات جل کر تباہ ہو گئے ہیں، مقامی افراد امدادی کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

  • پالتو بلی کے باعث شادی شدہ جوڑا چور بن گیا؟

    پالتو بلی کے باعث شادی شدہ جوڑا چور بن گیا؟

    پرسٹن پنس: اسکاٹ لینڈ میں ایک پالتو بلی کے باعث شادی شدہ جوڑے پر چوری کا الزام عائد کردیا گیا۔

    آپ نے اکثر لوگوں کے منہ سے کسی پر بھی چوری کا الزام لگاتے سنا ہوگا کہ فلاں چور ہے فلاں نہیں، لیکن کبھی کبھی پالتو بلی کے باعث غلط فہمی کے نتیجے میں کسی پر بھی چوری کا الزام عائد ہوسکتا ہے۔

    جی ہاں، ایسی ہی صورت حال کا سامنا اسکاٹ لینڈ کے علاقے پرسٹن پنس میں پیش آیا جہاں ایک شادی شدہ جوڑے پر بلی کی مالکن نے چوری کا الزام دھر دیا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ماجرا یہ تھا کہ اسکاٹ لینڈ کے ایک شادی شدہ جوڑے کو ان کے کسی عزیز نے اپنی بلی گم ہونے کی اطلاع دی اور ساتھ ہی مطلع کیا تھا انہیں کہیں دکھے تو فوری طور پر رابطہ کریں۔

    صوفی جانسن نامی خاتون کی بلی 20 اکتوبر سے لاپتہ ہے، جانسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر پوسٹ بھی کی تھی کہ میری ایک سالہ ’ریگ ڈول‘ لاپتہ ہے جسے ملے فوری مطلع کرے۔

    مذکورہ جوڑے کو وہ لاپتہ بلی دکھی انہوں نے فوری طور پر جانسن کو تصویر کے ساتھ میسج کرکے بتایا کہ ہمیں بلی مل گئی ہے، بدقسمتی وہ بلی اس کی نہیں تھی۔

    اس سے قبل جوڑا کار کی اگلی سیٹ پر بیٹھی بلی اٹھاتا اتنے میں پڑوسی آگیا اور اس نے بتایا یہ بلی وہ نہیں ہے جو آپ سمجھ رہے ہیں یہ گزشتہ ایک سال سے یہیں رہتی ہے۔

    بات یہاں نہیں رکی، بلی کے مالکن نے فیس بک گروپ پر جوڑے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ وہ ہماری بلی چوری کرنا چاہتے تھے، یہ سن کر صوفی جانسن بہت مایوس ہوئی البتہ جوڑے نے تلاش جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

  • کار کے ذریعے فرنیچر منتقل کرنے کی انوکھی کوشش

    کار کے ذریعے فرنیچر منتقل کرنے کی انوکھی کوشش

    گلاسگو: اسکاٹ لینڈ میں ٹرک کے بجائے کار کے ذریعے فرنیچر منتقلی کی انوکھی کوشش پولیس نے ناکام بنا دی۔

    آپ نے ٹرک اور ٹرلوں کے ذریعے گھروں کے فرنیچرز ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوتے دیکھے ہوں گے، لیکن اسکاٹ لینڈ میں ایک شہری نے کار کے ذریعے فرنیچر اپنے مقررہ مقام تک پہنچانے کی ناکام کوشش کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں ایسے شہری کو پولیس نے دھرلیا جو کار کے ذریعے بھاری بھرکم صوفاچیئرز(کرسیاں) ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کررہا تھا۔

    صوفوں کو بغیر کسی حفاظتی انتظامات کے کار کی چھت اور ڈِگی پر باندھا گیا تھا، جو کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا سبب بھی بن سکتا تھا۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق جب شہری سے اس ٹریفک قوائد وضوابط کی خلاف ورزی کے بارے میں پوچھا گیا تھا تو اس نے ازراہ مذاق مشورہ دیا کہ اس قسم کے ٹریفک صوفے ہونے چاہیئیں۔

    چند پیسے بچانے کی خاطر بعض اوقات شہری ایسے اقدامات اٹھاتے ہیں جو کسی بھی حادثے یا ناخوشگوار واقعے کا سبب بن سکتے ہیں۔

  • 1.2 ارب سال  پرانا سب سے بڑا شہابی گڑھا دریافت

    1.2 ارب سال پرانا سب سے بڑا شہابی گڑھا دریافت

    لندن: ماہرین نے تاریخ کا سب سے بڑا شہابی گڑھا دریافت کرلیا، اسکاٹ لینڈ میں برطانوی تاریخ کے سب سے بڑے شہابی تصادم کے آثار ملے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی ماہرین نے دنیا کا سب سے وسیع شہابی گڑھا دریافت کرلیا، جس کی چوڑائی 9 میل ہے اور یہ 1.2 ارب سال قبل ایک شہابِ ثاقب کے زمین سے زوردار تصادم کے باعث بنا تھا۔

    یہ دریافت آکسفورڈ یونیورسٹی کے ارضیات دانوں نے کی ہے، جو اسکاٹ لینڈ کے ساحلوں سے 15 سے 20 کلومیٹر دور سوا ارب سال پہلے ٹکرایا تھا۔

    اس ہولناک تصادم کے باعث 9 میل وسیع گڑھا بنا تھا تاہم ماہرین کو اس کے اولین آثار 2008ء میں بکھری ہوئی ریت اور ملبے کی صورت میں ملے تھے۔

    ارضیاتی تاریخ میں آسمانی پتھراور شہابیے زمین سے ٹکراتے رہے ہیں اور ساڑھے 6 کروڑ سال پہلے ایسے ہے ایک واقعے کے بعد ڈائنوسار صفحہ ہستی سے مٹ گئے تھے، جس کے بعد زمین پر ممالیوں کا ظہور ہوا اور کئی اہم تبدیلیاں رونما ہوئی تھیں، جن میں زمین کی ارضیاتی تشکیل اورشاید پانی کی موجودگی بھی شامل ہے

    تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ کین آمور نے کہا یہ شہابی تصادم منِچ بیسن کی تشکیل کی وجہ بنا ہے اور اس میں ٹکراؤ سے اڑنے والی گردوغبار اور مٹی بھی محفوظ ہے اور ارضیاتی سطح پر ایسا بہت ہی کم ہوتا ہے۔

    اب ماہرین اگلے مرحلے میں اس علاقے کا تفصیلی سروے کریں گے، ماہرین کا خیال ہے کہ اس تصادم سے جو گڑھا بنا ہے اس کا قطر 14 کلومیٹر ہے اور اس نے اسکاٹ لینڈ کی ارضیات پر گہرا اثر ڈالا ہے۔