Tag: اسکردو

  • اسکردو: دریا میں کشتی الٹنے سے میاں بیوی سمیت 5 افراد ڈوب گئے

    اسکردو: دریا میں کشتی الٹنے سے میاں بیوی سمیت 5 افراد ڈوب گئے

    اسکردو (5 اگست 2025): معروف تفریحی مقام کچورا ثوق ویلی میں دریا کی سیر کے دوران کشتی الٹنے سے میاں بیوی سمیت 5 افراد ڈوب گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے صادق صدیقی کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ اسکردو کے خوبصورت تفریحی مقام کچورا ثوق ویلی میں پیش آیا جہاں کشتی دریا میں الٹنے سے 5 افراد ڈوب گئے۔

    ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ کشتی میں میاں بیوی سمیت 5 افراد سوار تھے کہ اچانک کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں تمام افراد دریا میں ڈوب گئے۔

    ریسکیو عملے نے کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو فوری طور پر بحفاظت ریسکیو کر لیا جب کہ خاتون سمیت دو افراد (میاں، بیوی) کا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا اور ان کی تلاش جاری ہے۔

    ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ بظاہر حادثہ رافٹنگ آپریٹر کی غفلت کا نتیجہ لگتا ہے کیونکہ رافٹنگ آپریٹر کشتی دریا کے تیز بہاؤ والی جگہ تک لے گیا تھا۔ کشتی اسٹاپ سے آگے کھائی تک جانے کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی۔

  • اسکردو میں پاک آرمی کے ریسکیو آپریشن پر سیاحوں کا زبردست خراج تحسین

    اسکردو میں پاک آرمی کے ریسکیو آپریشن پر سیاحوں کا زبردست خراج تحسین

    اسکردو : پاک آرمی کے ریسکیوآپریشن پر سیاحوں کا زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہے تو سکون ہے، ہمیں کوئی ٹینشن نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو میں پاک آرمی کے ریسکیو آپریشن پر سیاحوں نے خراج تحسین پیش کیا۔

    شدید بارش اور لینڈسلائیڈنگ میں پھنسے سیاحوں کو پاک فوج نے ریسکیو کیا، کراچی سے گھومنے جانے والی خاتون سیاح نے سیلابی حالات میں پاک فوج کی کارکردگی کی خوب تعریف کی۔

    خاتون نے بتایا کہ کراچی سے آئے تھے،دیوسائی کے مقام پر سیلاب میں ہماری گاڑیاں ڈوب گئیں، الحمد اللہ پاک فوج نے فوری طور پر ہمیں ریسکیو کیا، میری اور میرے ساتھ آئی خاتون کی طبعیت کافی خراب ہو گئی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاک آرمی کے ہیلی کاپٹر میں ہمیں فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، پاک آرمی نے اس ایمرجنسی میں جس طرح کی خدمات سرانجام دیں وہ الفاظ میں بیان نہیں کی جاسکتیں۔

    خاتون نے کہا کہ پاک فوج ریسکیو کئے گئے سیاحوں کو طبی امداد اور کھانا بھی فراہم کر رہی ہے، ہمیں مکمل بھروسہ ہے کہ کسی طرح کی بھی ناگہانی آفت میں ہماری آرمی ہمیں ریسکیو کرلے گی۔

  • کے ٹو پر مہم جوئی کے دوران کوہ پیما ٹیم برفانی تودے کی زد پر آ گئی، افتخار سد پارہ جاں بحق

    کے ٹو پر مہم جوئی کے دوران کوہ پیما ٹیم برفانی تودے کی زد پر آ گئی، افتخار سد پارہ جاں بحق

    اسکردو: کے 2 پر مہم جوئی کے دوران 4 رکنی کوہ پیما ٹیم برفانی تودے کی زد میں آ گئی ہے، حادثے میں افتخار سدپارہ جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کے ٹو پہاڑ پر مہم جوئی کرنے والی کوہ پیما ٹیم برفانی تودے کی زد میں آ گئی، تین کوہ پیماؤں کو بچا لیا گیا تاہم ایک کوہ پیما اور مقامی پورٹر لاپتا ہو گئے تھے۔

    بعد ازاں ریسکیو حکام نے کوہ پیما کی لاش ڈھونڈ لی، جو افتخار سدپارہ کی تھی، ڈی سی شکر کا کہنا ہے کہ ان کی میت بذریہ ہیلی کاپٹر اسکردو منتقل کی جائے گی۔

    اس حادثے میں 3 کوہ پیما زخمی ہو گئے تھے، تاہم ریسیکیو کا کہنا تھا کہ کوہ پیماؤں کو معمولی خراشیں آئیں، یہ حادثہ کیمپ 1 سے واپسی پر بیس کیمپ سے تقریباً 500 میٹر آگے پیش آیا، ریسکیو ٹیم نے 3 زخمی کوہ پیماؤں کو بہ حفاظت ایڈوانس بیس کیمپ منتقل کیا۔


    ساجد سدپارہ نے بغیر آکسیجن 7 ویں بلند ترین چوٹی سر کر لی


    ریسکیو ذرائع کے مطابق معروف کوہ پیما افتخار سدپارہ برفانی تودے کی زد میں آ گئے تھے، جاں بحق کوہ پیما کی آبائی گاؤں سدپارہ میں تدفین کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر شگر کے مطابق برفانی تودہ گرنے کا واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا، حادثے میں 3 غیر ملکی کوہ پیما زخمی ہوئے تھے۔

  • اسکردو : براڈ پیک پر حادثے کا شکار پاکستانی کوہ پیما مراد سدپارہ  کی تدفین کردی گئی

    اسکردو : براڈ پیک پر حادثے کا شکار پاکستانی کوہ پیما مراد سدپارہ کی تدفین کردی گئی

    اسکردو : براڈ پیک پر حادثے کا شکار پاکستانی کوہ پیما مراد سدپارہ کی تدفین کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق براڈ پیک سے واپسی پر پتھر لگنے سے جاں بحق معروف کوہ پیما مراد سدپارہ کو آبائی گاؤں میں سپردخاک کردیا گیا، تدفین میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

    پاکستانی کوہ پیما 10اگست کوبراڈ پیک پر لینڈ سلائیڈنگ سےزخمی ہوگئےتھے اور حادثے میں براڈ پیک پر ہی جان کہ بازی ہار گئے تھے۔

    براڈ پیک سے جسد خاکی نیچے لانے کیلئے ریسکیو آپریشن میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز نے حصہ لیا۔

    معروف کوہ پیما نے کے ٹو سمیت کئی چوٹیوں پر سبز ہلالی پرچم لہرایا جبکہ چند روز پہلے معروف کوہ پیما نے 6 روز میں دو مرتبہ نانگا پربت سر کیا تھا۔

    یاد رہے معروف ریکارڈ یافتہ کوہ پیما پرتگالی خاتون کوہ پیما کے ہمراہ گزشتہ ہفتے براڈ پیک کی مہم جوئی کیلئے روانہ ہوئے تھے، جہاں ہفتے کے روز براڈ پیک سر کرنے کے بعد گر کر لاپتہ ہو گئے تاہم ان کے ساتھ مہم پر جانے والی پرتگالی خاتون اور نیپالی کوہ پیما محفوظ رہے۔

    جی ایم سد پارہ کا کہنا تھا کہ مراد سدپارہ براڈ پیک جیسے آسان پہاڑ پر خود حادثہ کا شکار ہو چکا ہے، 5ہزار 7 سو میٹر کی اونچائی پر بلندی سے آنے والا پتھر مراد کے سر پر لگا۔

  • کے ٹو مہم جوئی برفباری سے متاثر، خواتین کوہ پیما ثمینہ بیگ، آمنہ شگری بیمار پڑ گئیں

    کے ٹو مہم جوئی برفباری سے متاثر، خواتین کوہ پیما ثمینہ بیگ، آمنہ شگری بیمار پڑ گئیں

    کے ٹو پر مہم جوئی شدید برفباری کے باعث متاثر ہو گئی ہے، مہم جوئی میں شریک پاکستانی خواتین کوہ پیما ثمینہ بیگ اور آمنہ شگری بیمار پڑ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو میں شدید برفباری کے باعث کے ٹو مہم جوئی متاثر ہو گئی ہے، کیوں کہ خواتین کوہ پیماؤں کی صحت خراب ہو گئی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر شگر ولی اللہ کا کہنا ہے کہ شدید برفباری سردی اور موسم کی مسلسل خرابی سے خواتین کی صحت متاثر ہوئی ہے، دونوں کوہ پیما اس وقت بیس کیمپ میں موجود ہیں، جنھیں واپس لانے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ کوہ پیماؤں کی واپسی کے لیے گاڑیوں کی روانگی کے لیے این او سی جاری کر دی گئی ہے، بیس کیمپ سے ماہر ریسکیو ٹیم خواتین کو واپس لائے گی، بیس کیمپ سے نیچے پہنچنے کے بعد گاڑیوں کی مدد سے کوہ پیماؤں کو شگر پہنچایا جائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق ثمینہ بیگ اور آمنہ شگری کی مہم جوئی منسوخ کر دی گئی ہے، واضح رہے کہ کے ٹو پر مہم جوئی کے لیے یہ خواتین 21 جون کو روانہ ہوئی تھیں، ثمینہ بیگ پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں کی سربراہی کر رہی تھیں، کوہ پیماؤں کی اس ٹیم میں 4 پاکستانی اور 4 اطالوی خواتین شامل تھیں۔

  • اسلام آباد سے اسکردو جانے والی کار خوفناک حادثے کا شکار

    اسلام آباد سے اسکردو جانے والی کار خوفناک حادثے کا شکار

    اسکردو: اسلام آباد سے اسکردو جانے والی کار خوفناک حادثے کا شکار  ہوگئی جس میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد سے اسکردو جانے والی کار خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نیتجے میں 2 افراد کی جان چلی گئی جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جاں  بحق ہونے والوں میں خاتون اور مرد شامل ہیں جس کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ حادثہ دوبیر جیجال کی حدود میں پیش آیا،لاشیں اور زخمی افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جاں بحق افراد کی لاشوں کو آبائی گاؤں روانگی کا بندوبست کیا جارہا ہے۔

  • سوات میں برفباری، اسکردو میں پارہ آج بھی منفی 9 ڈگری تک گرنے کا امکان

    پشاور: سوات میں دوسرے روز بھی برف باری جاری رہی، جب کہ اسکردو میں پارہ آج بھی منفی 9 ڈگری تک گرنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں یخ بستہ ہواؤں کا راج برقرار ہے، دیر، سوات، چترال، کوہستان، ایبٹ آباد، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلستان میں کہیں بارش تو کہیں برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

    سوات کے سیاحتی مقامات میں دوسرے روز بھی برف باری جاری ہے، کالام اور مالم جبہ میں برف باری کے بعد وادی کا حسن نکھر گیا، سیاحوں نے بھی بڑی تعداد میں وادی کا رح کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جنت نظیر وادی سوات کے سیاحتی مقامات مالم جبہ اور کالام میں برف باری کے سحر انگیز مناظر نے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر لیا ہے، شدید سردی کے باوجود بڑی تعداد میں سیاح اپنی فیملیز کے ہمراہ برف باری کے حسین مناظر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

    سوات کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا ہے، کالام، گبین جبہ، مدین، بحرین اور مالم جبہ میں ہر سو سفیدی سے رونقیں دو بالا ہو گئی ہیں۔

  • ملک کے بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا

    ملک کے بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا

    پشاور: ملک کے بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا، ملک بھر میں موسم شدید سرد ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں شدید سردی اور بالائی علاقوں میں برف باری ہو رہی ہے، اسکردو، استور، کالام، مالم جبہ، گلگت میں پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا۔

    کوئٹہ سمیت بلوچستان ميں بھی سردی نے ڈیرے ڈال دیے ہیں، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بالائی اضلاع میں شدید سردی کی لہر چل رہی ہے، کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق قلات میں درجہ حرات منفی 7 جب کہ زیارت میں منفی 6 ریکارڈ کیا گیا، جب کہ صوبے کے بیش تراضلاع میں موسم خشک اور کہیں کہیں ابر آلود رہے گا۔

    دوسری طرف پنجاب اور خیبر پختون خوا کے میدانی علاقوں میں دھند کا بھی راج برقرار ہے، موٹر وے کے سیکشنز آج بھی بند ہیں، کراچی میں شمال مشرق سے چلنے والی ہواؤں نے سردی میں اضافہ کیا، اور درجہ حرارت دس ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

  • اسکردو میں زلزلے کے جھٹکے، سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ، متعدد افراد زخمی

    اسکردو میں زلزلے کے جھٹکے، سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ، متعدد افراد زخمی

    گلگت: گلگت بلتستان کے شہر اسکردو کے علاقے روندو میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اب تک 5 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو کے علاقے روندو میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.6 ریکارڈ کی گئی تاہم اس کی گہرائی صرف 10 کلومیٹر تھی۔

    زلزلے کے باعث جگلوٹ اسکردو روڈ کئی مقامات پر بند ہوگئی، ملوپہ کے مقام پر پہاڑی تودہ گرنے سے شاہراہ بند ہوگئی، سڑکوں کی بندش کے باعث مسافر پھنس کر رہ گئے جبکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر روندو محمد اویس کا کہنا ہے کہ زلزلے میں 5 افراد زخمی ہوگئے، 3 زخمیوں کو اسکردو اور 2 کو گلگت منتقل کیا گیا ہے، زلزلے سے جگلوٹ اسکردو روڈ مختلف مقامات پر بند ہوگئی۔

    اے سی کا کہنا ہے کہ علاقے میں سڑکوں اور واٹر چینلز کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، یلبو کے مقام پر آفٹر شاکس کی بھی اطلاعات ہیں، فی الحال سڑکیں بند ہیں حتمی تفصیلات رابطے بحال ہونے پر فراہم ہوسکیں گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہیں۔

    دوسری جانب گلگت بلتستان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (جی بی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ اسکردو میں زلزلے کی وجہ سے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

  • چھٹیوں میں اسکردو  جانے والے افراد کیلئے بڑی خبر

    چھٹیوں میں اسکردو جانے والے افراد کیلئے بڑی خبر

    کراچی : پی آئی اے نے اسکردو جانے والے افراد کیلیے پروازوں میں اضافہ کا اعلان کردیا ، ترجمان کا کہنا ہے کہ عید اوراسکولوں کی گرمیوں کی چھٹیوں کے باعث سیاح بڑی تعداد میں اسکردو جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے اسکردو کے لیے پروازوں میں اضافہ کردیا اور اسلام آباد سے اسکردو ہفتہ وار 12 پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ اسکردو جانے والوں کے لیے ہفتہ پروازوں میں اضافے کا فیصلہ کیا، عید اوراسکولوں کی گرمیوں کی چھٹیوں کے باعث سیاح بڑی تعداد میں اسکردو جا رہے ہیں۔

    خیال رہے سات ہزار فٹ بلندی پر قائم اسکردوائیرپورٹ دنیا کے چند بلند ترین اورخوبصورت ایئرپورٹس میں شمار کیا جاتا ہے جبکہ ائیرپورٹ کو لائف لائن اور k2 کا گیٹ وے بھی کہا جاتا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ سال پی آئی اے نے سیاحت کےفروغ کیلئے تاریخ میں پہلی باراسکردو ائیرپورٹ ‏پر 8، 8 پروازیں آپریٹ کیں، اسکردو پر پروازیں بیک وقت کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے آپریٹ ہوئی تھیں۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے تمام مسافروں سے حکومتی ہدایات پر مکمل ‏عمل درآمد کرایا ، پروازیں بڑھانے کامقصد علاقے کی ترقی، اور سیاحت کافروغ ہے۔