Tag: اسکردو ایئرپورٹ

  • سیاحت کے فروغ کیلئے سول ایوی ایشن کا اہم فیصلہ

    سیاحت کے فروغ کیلئے سول ایوی ایشن کا اہم فیصلہ

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سیاحت کے فروغ کیلئے اسکردو ایئرپورٹ کو عالمی معیار کا بنانے کیلئے اقدامات  شروع کر دیئے۔

    اے آر وائی نیوز نے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سی اے اے خاقان مرتضٰی نے بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سیاحت کے فروغ کیلئے اسکردو ایئرپورٹ کیلئے اوپن اسکائی پالیسی کا منصوبہ بنایا ہے۔

    اس حوالےسے اسکردو ایئرپورٹ کو عالمی معیار کا بنانے کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا ہے، موسم سرما میں بھی اسکردو اور شمالی علاقہ جات کو سیاحت کا مرکز بنانا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی ایوی ایشن حکام نے شمالی علاقہ جات کی خوبصورتی دیکھ کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا تھا۔

    خاقان مرتضٰی نے کہا کہ سعودی حکام نے اسکردو کیلئے براہ راست پروازوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، کئی غیرملکی ایرلائنز اسکردو کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنا چاہتی ہیں۔

    ڈی جی سی اے اے کا کہنا تھا کہ اسکردو ایئرپورٹ پر طیاروں کی ری فیولنگ کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔ شمالی علاقہ جات میں طیاروں کیلئے تیل کے ذخیرہ بڑھانے کیلئے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔

    CAA

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اسکردو ایئرپورٹ پر موسم سرما میں جب درجہ حرارت منفی ہوتا ہے اس لیے طیاروں کیلئے خصوصی ایندھن کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسکردو آنے والی پروازوں سے دنیا کی بلند ترین چوٹیوں اور دلکش جھیلوں کے نظارے بھی دیکھنے کو ملیں گے۔

    ڈی جی سی اے اے نے کہا کہ 7ہزار فٹ اونچائی پر واقع اسکردو ایئرپورٹ کا شمار دنیا کے بلند اور خوبصورت ترین ایئرپورٹ میں شمار ہوتا ہے

    ذرائع کے مطابق اسکردو ایئرپورٹ پر مرکزی ون وے پر جہازوں کو اتارنے اور اڑانے کیلئے 12ہزار فٹ جبکہ دوسرے رن وے کی گنجائش 8ہزار 5 سو فٹ ہے۔

    شمالی علاقہ جات میں سیاحوں کیلئے اعلیٰ معیار کے ہوٹل اور رہائش گاہوں کی شدید ضرورت ہے۔ ایک وقت میں چند سو غیرملکی سیاح آجائیں تو ان کیلئے اسکردو میں ہوٹل دستیاب نہیں ہوتا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سی اے اے شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے، طیاروں کی بڑھتی ہوئی آمد و رفت کے پیش نظر اسکردو ایئرپورٹ کے رن وے کی توسیع کی جا رہی ہے۔

  • اسکردو کو بین الا قوامی ایئرپورٹ کا درجہ مل گیا

    اسکردو کو بین الا قوامی ایئرپورٹ کا درجہ مل گیا

    اسکردو: قومی ایئر لائن پی آئی اے کی پہلی بین الاقوامی پرواز 234 دبئی سے اسکردو لینڈ کر گئی، پرواز کے اترنے کو بعد اسکردو کو بین الاقوامی ایئرپورٹ کا درجہ مل گیا۔

    پی آئی اے ترجمان کے مطابق مسافروں میں گلگت بلتستان کی روایتی ٹوپی اور تحائف تقسیم کئے گئے، جبکہ طیارے کی آمد پر یئرپورٹ حکام کی جانب سے واٹر کینن سلوٹ بھی پیش کیا گیا۔ کپتان نے یوم آزادی کی مناسبت سے قومی جھنڈا لہرایا۔

    دوسری جانب قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے جشن آزادی کے موقع پر اندرون ملک پروازوں پر 14 فیصد رعایت کا اعلان کردیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے نے بتایا ہے کہ 14اگست کو پی آئی اے کی تمام پروازوں پر 14 فیصد رعایت ہوگی، رعایتی ٹکٹ فوری طور پر جاری کرائے جا سکتے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ رعایتی ٹکٹ 14 اگست کو سفر کرنے کیلئے موثر ہوں گے۔

  • اسکردو ایئرپورٹ پر بین الاقوامی پروازوں کے آغاز  سے قبل   سی اےاے   کا اہم اقدام

    اسکردو ایئرپورٹ پر بین الاقوامی پروازوں کے آغاز سے قبل سی اےاے کا اہم اقدام

    کراچی : اسکردوایئرپورٹ پر بین الاقوامی پروازوں کے آغاز سے قبل سول ایوی ایشن نے طیاروں کی ری فیولنگ سہولت مہیاکردی۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردوایئرپورٹ پر بین الاقوامی پروازوں کے آغاز سے قبل سول ایوی ایشن (سی اےاے ) کا اہم اقدام سامنے آیا۔

    سی اےاے کا کہنا ہے کہ اسکردوانٹرنیشنل ایئرپورٹ پرطیاروں کی ری فیولنگ سہولت مہیاکردی گئی، اسکردوانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 14 اگست سےبین الاقوامی پروازوں کاآغاز ہوگا۔

    پی آئی اے کی اسکردو سے دبئی کے لیے پروازیں شروع ہوں گی۔

    خیال رہے سکردو ایئرپورٹ پر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور پرواز پر بکنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پہلی پرواز پر بلند ترین چوٹیوں، دلکش جھیلوں کے نظارے کرائےجائیں گے۔

    ترجمان کے مطابق پرواز دبئی سے اسکردو اور وہاں سے اسلام آباد آئےگی۔ اسکردو کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے مسافر بھی سفر کر سکیں گے۔

  • اسکردو ایئرپورٹ پر اہم سنگ میل طے کرلیا گیا

    اسکردو ایئرپورٹ پر اہم سنگ میل طے کرلیا گیا

    کراچی : اسکردو ہوائی اڈے نے ایک دن میں 12 ایئر بس اے 320 پروازیں نمٹائیں، پروازیں کراچی، لاہور، اسلام آباد اور اسکردو کےدرمیان آپریٹ ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو ایئرپورٹ پر اہم سنگ میل طے کرلیا گیا، اسکردوہوائی اڈےنےایک دن میں12ایئربس اے320پروازیں نمٹائیں۔

    پروازیں کراچی، لاہور، اسلام آباد اور اسکردو کےدرمیان آپریٹ ہوئیں، بڑھتی پروازیں مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کا اسکردو میں دلچسپی کا ثبوت ہے۔

    یاد رہے دسمبر 2021 میں وزیراعظم کے سیاحت کو فروغ دینے کے ویژن کے فروغ کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسکردو ایئرپورٹ کوعالمی معیار کےہوائی اڈے کا درجہ دیا گیا تھا۔

    خیال رہے سات ہزار فٹ بلندی پر قائم اسکردوائیرپورٹ دنیا کے چند بلند ترین اورخوبصورت ایئرپورٹس میں شمار کیا جاتا ہے جبکہ ائیرپورٹ کو لائف لائن اور k2 کا گیٹ وے بھی کہا جاتا ہے۔

  • اسکردو ایئرپورٹ کوعالمی معیار کے ہوائی اڈے کا درجہ دے دیا گیا

    اسکردو ایئرپورٹ کوعالمی معیار کے ہوائی اڈے کا درجہ دے دیا گیا

    اسلام آباد : ساڑھے7 ہزار فٹ بلندی پر قائم اسکردو ایئرپورٹ کوعالمی معیار کے ہوائی اڈے کا درجہ دے دیاگیا ، کل سے بین الاقوامی فلائٹس اسکردو ایئرپورٹ پر لینڈ کرسکیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے سیاحت کو فروغ دینے کے ویژن کے فروغ کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسکردو ایئرپورٹ کوعالمی معیار کےہوائی اڈے کا درجہ دے دیا۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ 2 دسمبر سے بین الاقوامی فلائٹس کو خوش آمدید کہہ سکیں گے۔

    یاد رہے رواں سال مارچ میں سیاحت کے فروغ کیلئے سول ایوی ایشن نے احسن اقدام کرتے ہوئے اسکردو ایئرپورٹ پرانٹر نیشنل فلائٹ آپریشن شروع کر نے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایئرپورٹ کو عالمی پروازوں کیلئے فعال بنانے کی ہدایت کی تھی۔

    خیال رہے سات ہزار فٹ بلندی پر قائم اسکردوائیرپورٹ دنیا کے چند بلند ترین اورخوبصورت ایئرپورٹس میں شمار کیا جاتا ہے جبکہ ائیرپورٹ کو لائف لائن اور k2 کا گیٹ وے بھی کہا جاتا ہے۔

  • دنیا کے بلند ترین ایئر پورٹ پر برف باری، سیاح محصور ہو کر بیٹھ گئے

    دنیا کے بلند ترین ایئر پورٹ پر برف باری، سیاح محصور ہو کر بیٹھ گئے

    کراچی: دنیا کے بلند ترین ایئرپورٹس میں سے ایک اسکردو ایئر پورٹ پر برف باری کی وجہ سے فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بند ہو گیا ہے، جس کے باعث سیاح اسکردو میں محصور ہو کر بیٹھ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو میں شدید برف باری کے باعث زمینی اور فضائی راستے مکمل طور پر بند ہو گئے ہیں، اسکردو ائیر پورٹ پر 2 فٹ برف جمنے سے رن وے بھی مکمل طور پر بند ہو گیا ہے، جس کے باعث فضائی آپریشن گزشتہ کئی روز سے مکمل طور پر معطل ہے۔

    ڈی جی سی اے اے کی جانب سے اسکردو ائیر پورٹ اور اطراف میں برف ہٹانے کے احکامات جاری ہونے کے بعد رن وے سے برف ہٹانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی کا عملہ ٹریکٹر اور باب کیٹ کے ذریعے رن وے کو کلئیر کر رہا ہے، مقامی انتظامیہ بھی اس سلسلے میں فعال ہو گئی ہے۔

    اسکردو ایئر پورٹ کے رن وے سے برف ہٹائی جا رہی ہے

    خیال رہے کہ اسکردو ائیر پورٹ 7500 فٹ بلندی پر واقع ہے جس کا شمار دنیا کے چند بلند ترین ائیر پورٹس میں ہوتا ہے، ائیر پورٹ بند ہونے کی وجہ سے سیر و تفریح کے لیے آنے والے سیاح بھی پھنسے ہوئے ہیں، اسکردو ائیر پورٹ کو لائف لائن ائیر پورٹ بھی کہا جاتا ہے۔

    ادھر اسلام آباد ایوی ایشن ڈویژن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اتوار سے لے کر منگل تک شدید برف باری سے اسکردو میں ائیر پورٹ بری طرح متاثر ہوا ہے، ائیر فیلڈ پر 18 انچ سے زائد برف جمع ہو چکی ہے، ائیر پورٹ کی کار پارکنگ ایریا، اکسس روڈ، رن وے اور مینورنگ ایریا سے برف ہٹانے کا کام آج صبح 9 بجے شروع کیا گیا ہے، سی اے اے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔

    ترجمان کے مطابق برف ہٹانے کے لیے 1 اسنو پلو مشین (باب کٹ) اور 3 ٹریکٹرز استعمال کیے جا رہے ہیں، 2000 فٹ لمبی رن وے 14 صاف کر دی گئی ہے، رن وے 14/32 ابھی بھی برف کی وجہ سے مسدود ہے۔