Tag: اسکردو

  • شمالی علاقہ جات میں سردی کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    شمالی علاقہ جات میں سردی کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    اسکردو: ملک کے بالائی علاقوں میں پارہ منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا جس کے بعد سردی کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسکردو سمیت بالائی علاقوں میں سردی نے 20 سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس سے قبل 1999 میں اسکردو میں درجہ حرارت منفی 21 ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    گزشتہ چند روز سے بلتستان میں شدید سردی ہے اور پارہ منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ بالائی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    شدید سردی کے سبب شمالی علاقوں کے ندی، نالے اور دریا جم گئے ہیں، آئندہ 24 گھنٹے کے بعد موسم میں تبدیلی کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ کل سے بالائی علاقوں میں ایک بار پھر برفباری کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی اسکردو ملک کا سرد ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ ٹھنڈ بڑھنے سے بلتستان کے بالائی علاقوں میں شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

    شیلا، گلتری اور شغر تھنگ کا زمینی رابطہ ایک ماہ سے بدستور بند ہے اور لوگوں نے حکومت سے فوری امداد کا مطالبہ کیا ہے۔

  • بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 25 ریکارڈ، دریائے شیوک منجمد

    بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 25 ریکارڈ، دریائے شیوک منجمد

    اسکردو: گلگت بلتستان کے شہر اسکردو میں درجہ حرارت منفی 20، جب کہ بالائی علاقوں میں منفی 25 ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث دریائے شیوک منجمد ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو سمیت بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد خشک سردی نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، شدید سردی کے سبب دریائے شیوک اور ندی نالے بھی جم گئے ہیں۔

    بالائی علاقوں میں پائپ لائنوں میں پانی جمنے سے مختلف مقامات پر پانی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے، جب کہ شیلا، شغرتھنگ اور گلتری میں دواؤں اور غذائی قلت کا سامنا ہے۔ اسکردو، شغرتھنگ، گلتری اور شیلا کا زمینی رابطہ بھی بحال نہیں ہو سکا ہے۔

    کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زیارت اور قلات میں درجہ حرارت منفی 5 ریکارڈ کیا گیا، 24 گھنٹے کے دوران بالائی علاقوں میں شدید سردی کا امکان ہے۔

    کراچی میں محکمہ موسمیات کے مطابق آج موسم خشک اور سرد رہے گا، موجودہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، آج درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے، جب کہ کراچی میں سردی کی لہر آیندہ چند روز تک برقرار رہے گی۔

  • وزیراعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر اسکردو جائیں گے

    وزیراعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر اسکردو جائیں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کل ایک روزہ دورہ پر اسکردو جائیں گے جہاں وہ عوامی اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر اسکردو پہنچیں گے جہاں وہ 250 بستروں کے اسپتال کا افتتاح کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم کل دوپہر اڑھائی بجے اسکردو میونسپل کمیٹی گراؤنڈ میں عوامی اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔

    وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور انتظامات کا جائزہ لینے اسکردو پہنچ گئے ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کو سات روزہ دورہ امریکہ کی کامیابی پر ہر طرف سے مبارکباد پیش کی جا رہی ہیں، خاص طور پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے شاندار خطاب پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے، ان کی پاکستان واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا تھا اور ٹویٹر پر خوش آمدید عمران خان کا ٹرینڈ ٹاپ پر رہا تھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال 17 جون کو وزیراعظم عمران خان نے اسکردو ایئرپورٹ کا دورہ کیا تھا جہاں چیف آپریٹنگ آفیسر نے انہیں توسیعی منصوبے سے متعلق بریفنگ دی تھی۔

  • بلاول بھٹو کا دشوار گزار پہاڑی راستوں پرسفر، دیوسائی استور پہنچ گئے

    بلاول بھٹو کا دشوار گزار پہاڑی راستوں پرسفر، دیوسائی استور پہنچ گئے

    استور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اسکردو سے براستہ دیوسائی استور پہنچ گئے، راستے میں جگہ جگہ ان کا پر جوش استقبال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے دورے کے موقع پر آج بلاول بھٹو زرداری دشوار گزار راستوں پر سفر کرتے ہوئے استور پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ عید گاہ کے مقام پر پارٹی کنونشن سے خطاب کریں گے۔

    دیوسائی کے راستے استور کے سفر کے دوران جگہ جگہ ان کا پر جوش استقبال کیا گیا، بلاول بھٹو نے دیوسائی میں بڑا پانی کے مقام پر مختصر قیام بھی کیا۔

    سفر کے دوران پی پی چیئرمین کا چیلم، داس کھیرم، نوگام اور گوری کوٹ پر کارکنوں نے پُر تپاک استقبال کیا، داس کھیرم میں بلاول بھٹو نے کارکنوں سے ہاتھ ملایا اور گلے ملے، بچوں سے بھی ہنستے ہوئے مصافحہ کرتے رہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مودی ہندوتوا کا نظریہ رکھتا ہے، اسے ویزا تک نہیں ملتا تھا: بلاول بھٹو

    گزشتہ روز بلاول بھٹو نے پیپلز پارٹی بلتستان ڈویژن ضلع اسکردو کے عہدے داران سے ملاقات کی تھی، پی پی چیئرمین نے کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی کی وجہ سے ملک میں اسلامی جمہوری نظام ہے، اسلام آباد تک لانگ مارچ کرنا پڑا تو پورا گلگت بلتستان میرے ساتھ ہوگا۔

    پی پی چیئرمین 22 اگست کو اسکردو اور 24 اگست کو گھانچے میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

  • اسکردو میں آسمانی بجلی گرنے سے 5 افراد جاں بحق

    اسکردو میں آسمانی بجلی گرنے سے 5 افراد جاں بحق

    اسکردو: گلگت بلتستان کے شہر اسکردو میں آسمانی بجلی گرنے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 7 سے زائد مکانات جل گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو کے ضلع شگر کے نواحی گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 بچوں سمیت 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور 5 افراد کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کے باعث 7 سے زائد مکانات جل گئے۔

    صوبہ بلوچستان کے ضلع شیرانی میں تین روز قبل آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ حافظ آباد کے علاقے پریم کوٹ، دھاڑیوال اور پیرکمال میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ دو نوجوان زخمی ہوگئے تھے۔

  • وزیر اعظم کے سیاحت کو فروغ دینے کے وژن کے ثمرات آنا شروع

    وزیر اعظم کے سیاحت کو فروغ دینے کے وژن کے ثمرات آنا شروع

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے سیاحت کو فروغ دینے کے وژن کے ثمرات آنا شروع ہوگئے، سیاحتی مقامات پر لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے سیاحت کو فروغ دینے کے وژن کے ثمرات آنا شروع ہوگئے۔ یکم جون سے 16 جون تک 4 ہزار 500 سیاحوں نے اسکردو کا رخ کیا۔ ساڑھے 7 ہزار فٹ بلندی پر قائم اسکردو ایئرپورٹ سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنا رہا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی جانب سے مسافروں کے لیے ایئر بس اے 320 کا استعمال کیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے خود بھی عید کی تعطیلات پر سیاحتی مقام کا دورہ کیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان نے اسکردو ایئرپورٹ کا دورہ بھی کیا تھا جہاں چیف آپریٹنگ افسر نے انہیں توسیعی منصوبے سے متعلق بریفنگ دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سی اے اے اسکردو اور سیدو شریف ایئر پورٹ کی اپ گریڈیشن کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ سی اے اے نے سیاحت کے فروغ کے لیے 40 سیٹوں پر مشتمل چھوٹے طیاروں کے لائسنس کا اجرا شروع کردیا۔

    اس ضمن میں سول ایوی ایشن اتھارٹی ایئر نیوی گیشن آرڈر بھی جاری کردیا گیا، 5 سال کے لیے مستند ٹی پی آر آئی لائسنس کا اجرا کیا جائے گا۔ ٹی پی آر آئی آپریٹرز 40 نشستوں والے طیارے کو بھی آپریٹ کر سکتے ہیں۔

  • کراچی میں صبح ہی صبح گرمی کی شدت میں اضافہ

    کراچی میں صبح ہی صبح گرمی کی شدت میں اضافہ

    کراچی: ملک بھر میں شدید سردی کے بعد آج موسم گرما نے اپنی جھلک دکھا دی۔ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں صبح کے اوقات میں گرمی کی شدت میں واضح اضافہ دیکھا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج صبح ہی درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج دن بھر مطلع صاف رہے گا۔ آج کے دن ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

    دوسری جانب بالائی علاقوں میں سردی کی شدت باقی ہے، گزشتہ رات کالام میں منفی 04 اور استور میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    آج بھی بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں ہوگا جہاں کم سے کم درجہ حرارت صفر اور زیادہ سے زیادہ سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

    اس سے قبل ملک بھر میں موسم سرما اپنے عروج پر تھا اور ملک کے مختلف حصوں میں برف باری اور شدید بارشیں جاری تھیں۔ کراچی میں بھی موسم جزوی طور پر ابر آلود تھا جبکہ خشک ہوائیں بھی چل رہی تھیں۔

  • کراچی سمیت مختلف شہروں میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ

    کراچی سمیت مختلف شہروں میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ

    کراچی : شہر قائد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں رات گئے بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، کئی شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش کے باعث خشک سردی اور فوگ کا خاتمہ ہوگیا۔

    شہر قائد اور مضافاتی علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، گزشتہ رات 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ریکارڈ موجودہ درجہ حرارت 15 ڈگری ہے جبکہ آج درجہ حرارت 30 سے 31 ڈگری تک رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں اگلے ہفتے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔

    لاہور کی قومی شاہراہوں پر اکثر مقامات پر بوندا باندی کی وجہ سے پھسلن پیدا ہوگئی ہے، موٹر وے پولیس کی جانب سے قومی شاہراہوں پر احتیاط سے سفر کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، کے الیکٹرک کا نظام جواب دے گیا

    موٹر وے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری اپنی گاڑیوں کے وائپرز درست حالت میں رکھیں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں، کسی مشکل کی صورت میں ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔

    محمکہ موسمیات کی جانب سے پنجاب کے میدانی علاقوں میں 48 گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش

    ذرائع کے مطابق ڈی آئی خان مضافات میں شدید دھند ،حد نگاہ صفررہ گئی جبکہ گذشتہ شب بارش کے بعد سے معطل بجلی کی سپلائی تاحال نہ بحال نہیں ہوسکی ہے۔

    دوسری جانب وہاڑی، خان پور، ڈسکہ، کالاباغ، جلالپور بھٹیاں، بہاولپور، حویلی لکھا، احمد پور شرقیہ میں بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

    ملک کے  پہاڑی  علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری، درجہ حرارت منفی ہوگیا

    اسکردو شہر اور گردونواح میں آج موسم سرما کی پہلی برفباری شروع ہوئی ہے جس کے بعد پورے علاقے نے برف کی چادر اوڑھ لی ہے۔

     

    محکمہ موسمیات کی جانب سے اسکردو میں آئندہ 24 گھنٹے برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، اسکردو میں درجہ حرارت منفی 8 جبکہ بالائی علاقوں میں منفی 14 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

    دوسری جانب ملکہ کوہسار مری میں ابھی آج علی الصبح موسم سرما کی پہلی برفباری کا آغاز ہوگیا۔

    ملکہ کوہسار میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

    گلیات نے مسلسل برفباری کے بعد سفید چادر اوڑگ لی ہے، مذکورہ علاقے میں 4 سے 5 انچ تک برف پڑچکی ہے۔

    جی ڈی اے کی جانب سے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور گاڑی اضافی پیٹرول و دھاتی زنجیر ساتھ رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

  • گلگت اوراسکردو کے لوگ ہم سے زیادہ محب وطن ہیں‘ چیف جسٹس

    گلگت اوراسکردو کے لوگ ہم سے زیادہ محب وطن ہیں‘ چیف جسٹس

    اسلام آباد : سپریم کورٹ میں شمالی علاقہ جات کے لیے پی آئی اے کے زائد کرائے سے متعلق سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ گلگت اوراسکردو کے لوگ ہم سے زیادہ محب وطن ہیں، ان علاقوں میں ہرپتھرپرپاکستان لکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں شمالی علاقہ جات کے لیے پی آئی اے کے زائد کرائے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

    چیف جسٹس آف پاکستان نے سماعت کے دوران اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے معاملے پرمعاونت کرنی ہے۔

    انہوں نے ریمارکس دیے کہ گلگت اوراسکردو کے لوگ ہم سے زیادہ محب وطن ہیں، ان علاقوں میں ہر پتھر پرپاکستان لکھا ہے۔

    چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ گلگت میں 2سال میں نہ چوری ہوئی نہ قتل ہوا، اتنے پیارے لوگوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

    اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ 2018 میں وفاق نے گلگت بلتستان کوملے تمام حقوق واپس لے لیے، اقدام وہاں کے لوگوں کے ساتھ بہت زیادتی ہے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ کا ایک حکم نامہ ہے اس پرعمل نہیں ہوا، انہوں نے کہا کہ ہم دو ہفتوں کے لیے سماعت ملتوی کر رہے ہیں، آپ اٹارنی جنرل نہ بھی ہوئے پھر بھی آپ نے معاونت کرنی ہے۔

    بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے شمالی علاقہ جات کے لیے پی آئی اے کے زائد کرائے سے متعلق سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • اسکردو: پی آئی اے کی پرواز میں تاخیر، مسافر سراپا احتجاج، عدالت کا نوٹس

    اسکردو: پی آئی اے کی پرواز میں تاخیر، مسافر سراپا احتجاج، عدالت کا نوٹس

    کراچی : پی آئی اے کی اسکردو میں ائیر سفاری کی پرواز میں تاخیر کا معاملہ معمہ بن گیا، مشتعل مسافروں نے ڈی جی سی اے اے کو کھری کھری سنا دیں، سپریم کورٹ نے سی ای او کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق باکمال لوگوں کی لاجواب سروس کے دعویداروں کا ایک کارنامہ سامنے آگیا، پی آئی اے کو نانگا پربت کی پرواز مہنگی پڑ گئی، اسکردو ایئرپورٹ پر پی آئی اے نے پرواز کی تاخیر کو موسم کی خرابی قرار دیا، وی آئی پی فلائٹ کو موسم کی خرابی بنا کر مسافروں کو گھنٹوں انتظار کروایا گیا، مذکورہ پرواز میں ڈی جی سول ایوی ایشن حسن بیگ بھی موجود تھے۔

    اس موقع پر خواتین مسافروں نے ڈی جی سی اے اے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا، ڈی جی سی اے اے نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ تاخیر کی ذمہ دار پی آئی اے انتظامیہ ہے، میں تو خود ایک مہمان کی حیثیت سے یہاں موجود ہوں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی جانب سے سیاحت کے فروغ کیلئے وی آئی پی ائیر سفاری کا آغاز کیا گیاہے جس کی افتتاحی پرواز کیلئے ڈی جی سی اے اے کو مدعو کیا گیا تھا، فلائٹ لیٹ ہونے کا معاملہ مبینہ طور پر ان کے دوست کی آمد میں تاخیر تھا۔

    اس حوالے سے ڈی جی سی اے اے کا مؤقف تھا کہ ائیر سفاری جانے والی فلائٹ میں میرا کوئی دوست نہیں تھا، مجھے تو خود پی آئی اے سی ای او نے دعوت دی تھی  البتہ انکوائری لیٹر بھیج دیا ہے، حسن بیگ نے کہا کہ ایئرسفاری کامیاب کرنے کیلیے مجھے بلایا گیا تھا اور دیگر مہمانوں کو بھی، اگر کوئی رکاوٹ پیدا ہوئی یا فلائٹ لیٹ ہوئی تو یہ پی آئی اے کی ذمے داری ہے۔

    احتجاجی مسافروں سے گفتگو میں ڈی جی کا کہنا تھا کہ میں نے سی او او پی آئی اے کو اس سلسلے میں لیٹر بھی لکھ دیا ہے، ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی،  ایئرلائنز کو ریگولیٹ اور مسافروں کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمے داری ہے۔

    میں ذاتی طور پر کسی چیز کا ذمے دار نہیں تھا،صرف اس موقع پر موجود تھا، میں چائے نہیں پیوں گا اور آپ کے ساتھ احتجاج میں شامل ہوں گا،۔

    دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ تاخیر سے متعلق آگاہ کردیا گیا تھا، مسافروں تک پیغام کیوں نہیں پہنچا اس کی انکوائری کررہے ہیں۔

    علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے اسکردو ایئر پورٹ پر فلائٹ میں تاخیر کا نوٹس لے لیا ہے، سپریم کورٹ نے پی آئی اے کے طیارے کے ذاتی استعمال اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکیرٹری ایوی ایوی ایشن اور سی ای او پی آئی اے مشرف رسول سیاں کو طلب کرلیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔