Tag: اسکریننگ

  • الو ارجن کی فلم ’پشپا 2‘ کی اسکریننگ کے دوران ایک اور مداح کی موت ہوگئی

    الو ارجن کی فلم ’پشپا 2‘ کی اسکریننگ کے دوران ایک اور مداح کی موت ہوگئی

    ساؤتھ فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار الو ارجن کی ’پشپا 2: دی رول‘ کی اسکریننگ کے دوران ایک اور مداح کی موت ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق رایادرگام میں ساؤتھ فلم انڈسٹری کے اسٹار اداکار الو ارجن کی فلم پشپا 2 کی نمائش کے دوران ایک اور مداح چل بسا جس سے بڑے پیمانے پر تشویش پھیل گئی ہے۔

    بھارت پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 35 سالہ ہریجن مدھناپ کے نام سے ہوئی ہے، ہریجن دوپہر 2:30 بجے کے قریب رایادرگام میں اسکریننگ میں شرکت کی، تاہم وہ شام 6 بجے کے قریب تھیٹر کے عملے کو مردہ حالت میں ملا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Allu Arjun (@alluarjunonline)

    پولیس کا مزید کہا ہے کہ مذکورہ شخص مبینہ طور پر نشے کی حالت میں آیا اور تھیٹر کے اندر مسلسل شراب پیتا رہا، ہریجن مدھناپ 4 بچوں کا باپ اور شراب نوشی کی لت میں مبتلا تھا۔

    بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اس معاملے میں بھارتی ایکٹ کی دفعہ 194 کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کررہی ہے۔

    الو ارجن کیخلاف خاتون کی ہلاکت کا مقدمہ درج

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت کے شہر حیدرآباد میں کافی انتظار کے بعد جب پشپا 2 ریلیز ہوئی تو الو ارجن خود  بھی حیدر آباد کے سندھیا تھیٹر پر پریمیئر کے دوران پہنچے، جہاں بھگدڑ مچنے سے ایک خاتون دم گھٹ کر ہلاک ہوگئی تھی۔

  • ملک بھر کے شہریوں کی ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ ہوگی

    ملک بھر کے شہریوں کی ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ ہوگی

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک گیر سطح پر ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کا فیصلہ کیا ہے، 5 سال کے دوران نصف آبادی کی مرض کی اسکریننگ کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے ہیپاٹائٹس سی کے بڑھتے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملکی سطح پر ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی آبادی کی ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، اسکریننگ پلان وزارت قومی صحت نے تیار کیا ہے۔ منصوبہ پرائم منسٹر ہیپاٹائٹس سی پروگرام کے نام سے شروع کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق پرائم منسٹر ہیپاٹائٹس سی پروگرام کا 5 سالہ پی سی ون تیار ہے، پروگرام کا باضابطہ اعلان رواں ماہ ہوگا۔ پی ایم ہیپاٹائٹس سی پروگرام کے لیے بجٹ میں 50 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ پروگرام کی فنڈنگ کے لیے مختلف آپشنز زیر غور ہیں، پروگرام کے لیے نصف فنڈنگ وفاق اور نصف صوبے کریں گے۔

    پی ایم ہیپاٹائٹس سی پروگرام کے لیے عالمی ڈونرز سے رابطے کیے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 سال کے دوران نصف آبادی کی اسکریننگ کی جائے گی، 12 سال سے زائد عمر کے شہریوں کا ہیپاٹائٹس سی ٹیسٹ ہوگا، ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ ریپڈ ڈائیگناسٹک ٹیسٹ سے ہوگی۔ ٹیسٹ پازیٹو ہونے پر شہری کی ہیپاٹائٹس سی ویکسی نیشن ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے تک شہری کا علاج معالجہ جاری رہے گا، شہریوں کی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ اور علاج فری ہوگا۔

    یاد رہے کہ پرائم منسٹر ہیپاٹائٹس سی پروگرام سنہ 2015 میں بند کر دیا گیا تھا، قومی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ پلان کا مقصد مرض کا پھیلاؤ روکنا ہے، مرض کا پھیلاؤ روکنے سے شرح اموات میں کمی آئے گی۔

    دوسری جانب ماہر امراض معدہ و جگر ڈاکٹر حیدر عباسی کا کہنا ہے کہ ملکی آبادی کی 5 فیصد آبادی ہیپاٹائٹس سی سے متاثرہ ہے، ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد 80 لاکھ سے زائد ہے۔

    ڈاکٹر حیدر کا کہنا ہے کہ ہیپاٹائٹس سی کے کیسز کا تعلق سندھ اور بلوچستان سے ہے، مرض غیر ضروری انجکشن اور ناقص ڈرپس لگوانے، سرجری کے ناقص آلات اور حجامت کے گندے آلات سے پھیلتا ہے۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ: برطانیہ سے آنے والے مسافروں کی سخت اسکریننگ

    اسلام آباد ایئرپورٹ: برطانیہ سے آنے والے مسافروں کی سخت اسکریننگ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایئر پورٹ پر برطانیہ سے آنے والے مسافروں کی اضافی اسکریننگ کی جارہی ہے، وزارت صحت کی ٹیم برطانیہ سے آنے والے مسافروں کے نمونے حاصل کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کے خدشات کے تحت دارالحکومت اسلام آباد کے ایئرپورٹ پر اسکریننگ کا عمل سخت کردیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانیہ سے آنے والے مسافروں کی ایئرپورٹ پر اضافی اسکریننگ کی جارہی ہے، سول ایوی ایشن کے احکامات پر محکمہ صحت کی ٹیم بھی اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئی۔

    ذرائع کے مطابق وزارت صحت کی ٹیم برطانیہ سے آنے والے مسافروں کے نمونے حاصل کر رہی ہے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں کرونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد دیگر ممالک کی طرح حکومت پاکستان نے بھی برطانیہ سے آنے والوں پر سفری پابندی لگا دی ہے۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق فی الحال ایک ہفتے کے لیے برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کی گئی تاہم ٹرانزٹ پروازوں سے آنے والوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

    پاکستانی پاسپورٹ پر برطانیہ جانے والے شہریوں کو ایئرپورٹ پر کرونا وائرس پی سی آر نیگیٹو ٹیسٹ دکھانا ہوگا جبکہ وطن واپسی پر ایک ہفتے کا لزمی قرنطینہ بھی گزارنا ہوگا۔

  • ایئر پورٹس پر مسافروں کی کرونا وائرس اسکریننگ کا طریقہ کار تبدیل

    ایئر پورٹس پر مسافروں کی کرونا وائرس اسکریننگ کا طریقہ کار تبدیل

    لاہور: ایئر پورٹس پر مسافروں کی کرونا وائرس اسکریننگ کا طریقہ کار تبدیل کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کو فلائٹس کی اسکریننگ کے لیے نیا طریقہ کار موصول ہو گیا، جس کے تحت اب بغیر علامات والے مسافروں کو ایئر پورٹ سے گھر جانے کی اجازت ہوگی۔

    این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ نظرثانی شدہ قواعد کے مطابق کرونا وائرس کے علامات والے مسافروں کو گھر جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ایئر پورٹ پر موجود محکمہ صحت کی ٹیمیں مسافروں کا معائنہ کریں گی۔

    بغیر علامات والے مسافر اپنے گھروں میں 14 دن قرنطینہ رہیں گے جب کہ کرونا علامات والے مسافر ٹیسٹ رپورٹ آنے تک حکومتی قرنطینہ مرکز میں رہیں گے۔

    قواعد کے مطابق علامات والے مسافروں کو منفی رپورٹ آنے پر ہی گھر جانے کی اجازت ہوگی، مثبت رپورٹ آنے والے مریض خود گھر یا اسپتال میں آئسولیٹ ہوں گے، دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے مثبت مریض مسافر 14 دن قرنطینہ میں رہنے کے بعد اپنے صوبے کو سفر کر سکیں گے۔

    نئی گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ 20 جون سے تمام ایئر لائنز جو پاکستان کے لیے روٹین کے مطابق پروازیں چلاتی ہیں، کو پاکستان کے لیے اندرونی ٹریفک آپریٹ کرنے کی اجازت ہوگی، جن کی تعداد ملک کے اندر ہفتے میں 200 سے 275 فلائٹس ہیں۔

  • کرونا وائرس: لاہور کے چڑیا گھر میں جانوروں کی اسکریننگ

    کرونا وائرس: لاہور کے چڑیا گھر میں جانوروں کی اسکریننگ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے چڑیا گھر میں جانوروں کی کرونا وائرس کی اسکریننگ کر لی گئی، چڑیا گھر کے کسی بھی جانور میں کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے ڈائریکٹر چڑیا گھر شفقت علی کا کہنا ہے کہ چڑیا گھر میں جانوروں کی اسکریننگ کر لی گئی، اسکریننگ یونیورسٹی آف ویٹرنری سائنسز کی ٹیم نے کی۔

    ڈائریکٹر شفقت علی کا کہنا ہے کہ چڑیا گھر کے کسی بھی جانور میں کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

    کرونا وائرس کے خدشے کے تحت ملک بھر کے تمام چڑیا گھروں کو پہلے ہی بند کیا جاچکا ہے، حکام کے مطابق صورتحال سنبھلنے کے بعد تفریح گاہوں کو دوبارہ کھولا جائے گا۔

    دوسری جانب جانوروں میں بھی اب کرونا وائرس کے کیسز سامنے آرہے ہیں، چند روز قبل نیویارک کے برونکس چڑیا گھر میں شیر میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

    چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شیر کا کرونا وائرس ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا، جان لیوا وائرس شیروں کا خیال رکھنے والے شخص سے منتقل ہوا تھا۔

    انتظامیہ کے مطابق 4 چیتوں اور 3 شیروں کو خشک کھانسی ہوئی تھی جس کے بعد ان کا کورنا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا، ان میں سے ایک شیر کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد پالتو جانوروں سے دور رہیں تاکہ جانور اس جان لیوا وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔

  • بھارت سے آئے مسافروں کو اسکریننگ کے بعد کرتارپور پر آنے کی اجازت ہوگی

    بھارت سے آئے مسافروں کو اسکریننگ کے بعد کرتارپور پر آنے کی اجازت ہوگی

    اسلام آباد: ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرتارپور پر بھارت سے آئے مسافروں کو اسکریننگ کے بعد آنے کی اجازت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر قومی رابطہ کمیٹی کا ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں ویڈیو لنک کے ذریعےصوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

    ترجمان وزارت صحت کا کہنا تھا کہ اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کاجائزہ لیاگیا، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے فیصلوں پر فوری عملدرآمد ہوگیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کرتارپور پر بھارت سے آئے مسافروں کی اسکریننگ کے بعد آنے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک قومی چیلنج ہے، نمٹنے کے لیے قومی ایکشن پلان پرعملدرآمدیقینی بنایا جا رہا ہے۔

    ترجمان وزارت صحت نے کہا کہ عوام کو تحفظ دینے کے لیے مل کر ہرممکن وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، وفاق،صوبے، متعلقہ ادارے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تمام لینڈ کراسنگ 2 ہفتے کے لیے بند ہیں، پوائنٹس آف انٹریز کو مزید بہتر اور مضبوط بنایا جا رہا ہے،عوام کو خوفزدہ ہونےکی ضرورت نہیں، احتیاطی تدابیر اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

    ترجمان کے مطابق پاکستان میں اب تک کرونا کے 29 کیس رپورٹ ہوئے، گلگت بلتستان میں کرونا کی تشخیص کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرونا سے متعلق معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کریں۔

  • دوحہ میں بریسٹ کینسر کی تشخیص کے لیے موبائل یونٹ کا قیام

    دوحہ میں بریسٹ کینسر کی تشخیص کے لیے موبائل یونٹ کا قیام

    دوحہ: قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک موبائل بریسٹ اسکریننگ یونٹ لانچ کیا گیا ہے تاکہ خواتین میں بریسٹ کینسر کی اسکریننگ کو فروغ دیا جاسکے۔

    یہ اسکریننگ یونٹ قطر کے اس قومی پروگرام کا حصہ ہے جس کے تحت شہریوں پر مختلف اقسام کے کینسر کے ٹیسٹ کروانے پر زور دیا جارہا ہے تاکہ ان امراض کی ابتدائی مرحلہ میں ہی تشخیص کی جاسکے۔

    کافی کینسر کا سبب بن سکتی ہے؟ *

    یہ اسکریننگ یونٹ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرے گا اور ان خواتین کی میمو گرافی کرے گا جنہوں نے پہلے ہی اس سروس کے ذریعہ میمو گرافی کا وقت لیا ہے۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ابتدائی تشخیص ہی اس مرض کو شکست دے سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ قطر میں بریسٹ کینسر کی شرح بہت زیادہ ہے۔ اس مرض سے خواتین کی کل آبادی کا 31 فیصد حصہ متاثر ہے۔

    کینسر کو شکست دینے والی ماڈل *

    قطر میں ہر ایک لاکھ خواتین میں سے 56 خواتین بریسٹ کینسر کا شکار ہیں اور یہ شرح مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ سے بھی زیادہ ہے جہاں ایک لاکھ کی آبادی میں سے 43 خواتین اس مرض سے متاثر ہیں۔