Tag: اسکرین شاٹ

  • کراچی: سرکاری اسپتال میں ایکسرے رپورٹ موبائل اسکرین شاٹ کے ذریعے دی جانے لگی

    کراچی: سرکاری اسپتال میں ایکسرے رپورٹ موبائل اسکرین شاٹ کے ذریعے دی جانے لگی

    کراچی: شہر قائد کا تیسرا بڑا سرکاری اسپتال طبی سہولیات سے محروم ہے، عباسی شہید اسپتال میں ایکسرے رپورٹ بھی موبائل اسکرین شاٹ کے ذریعے دی جانے لگی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سندھ کے بڑے سرکاری عباسی شہید اسپتال میں بنیادی سہولتیں ناپید ہو گئیں، مریضوں کے لیے ایم آر آئی، سی ٹی اسکین کی سہولت 2016 سے معطل ہے۔

    عباسی شہید اسپتال او پی ڈی سروس تک محدود ہو گیا ہے، مریض شکایت کر رہے ہیں کہ اسپتال میں ایکسرے مشین کی فلم ختم ہو چکی ہے، اور ایکسرے کا موبائل پر اسکرین شاٹ فراہم کیا جاتا ہے، اسپتال کی ایمرجنسی میں اسٹریچر تک موجود نہیں ہیں۔

    اسپتال کا مالی بحران سنگین ہو چکا ہے، انتہائی ضرورت مند مریضوں کا علاج زکواة سے کیا جاتا ہے، تاہم مریضوں کا کہنا ہے کہ وہ ادویات باہر سے خریدتے ہیں۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے ٹریفک حادثے کی صورت میں عباسی اسپتال کی بجائے کسی دوسرے اسپتال کا رخ کرنے کا مشورہ دے دیا جاتا ہے۔ ایم آر آئی سیکشن کے انچارج نے کہا کہ وہ شہریوں کو مشورہ دیتا ہے کہ عباسی اسپتال کی بجائے متاثرہ کو جناح یا سول اسپتال لے جائیں، انچارج نے کہا سی ٹی اسکین سر کی چوٹ میں لازمی ہوتا ہے، ایم ایس نے کہا کہ لازمی سروس فراہم کرنے والا اسپتال گرانٹ سے محروم ہے۔

    ایم ایس عباسی اسپتال نے بتایا کہ ہیٹ اسٹروک وارڈ کو زکواة کے پیسوں سے چلا رہے ہیں، اسپتال 10 سال سے مطلوبہ گرانٹ سے محروم ہے، متعدد بار بلدیہ حکام کو آگاہ کیا جا چکا ہے۔

    اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ دس سالوں سے فی مالی سال دس سے بیس فی صد گرانٹ دی گئی ہے۔

  • مخصوص واٹس ایپ میسجز کا اسکرین شاٹ لینا اب ناممکن

    مخصوص واٹس ایپ میسجز کا اسکرین شاٹ لینا اب ناممکن

    واٹس ایپ نے ’ویو وَنس‘ میسجز کا اسکرین شاٹ لینا بھی ناممکن بنا دیا ہے۔

    وے بیٹا انفو کے مطابق واٹس ایپ نے ایک سال قبل تصاویر اور ویڈیوز کی پرائیویسی اور ایپ کی میموری کو بچانے کے لیے ‘ویو ونس’ کا فیچر متعارف کرایا تھا۔

    اس فیچر کے تحت بھیجی جانے والی تصویر یا ویڈیو ایک بار کھلنے کے بعد چیٹ سے مکمل طور پر غائب ہو جاتی ہے۔

    تاہم اس فیچر میں یہ سیکیورٹی کمزوری تھی کہ ویو وَنس کے تحت بھیجی جانے والی تصاویر کا اسکرین شاٹ لینا ممکن تھا، مگر اب میٹا کی زیر ملکیت ایپ نے اس فیچر کو زیادہ بہتر بناتے ہوئے ویو ونس میسجز کے اسکرین شاٹ لینا نا ممکن بنا دیا ہے۔

    فی الوقت اس فیچر کی آزمائش بیٹا ورژن میں کی جا رہی ہے، اس لیے تمام صارفین تک اس کی رسائی میں چند ہفتے یا مہینے لگ سکتے ہیں۔

    نئے فیچر کے تحت اگر کوئی ویو ونس میسج کا اسکرین شاٹ لینے کی کوشش کرے گا تو اس کے سامنے ایک پوپ اَپ میسج آئے گا جس میں لکھا ہوگا کہ آپ سیکیورٹی پالیسی کے تحت اسکرین شاٹ نہیں لے سکتے۔

    ویو ونس میڈیا فائل (ویڈیو یا آڈیو) اوپن کرنے پر اسے ریکارڈ بھی نہیں کیا جا سکے گا، البتہ واٹس ایپ کی جانب سے فائل بھیجنے والے صارف کو اس سے آگاہ نہیں کیا جائے گا کہ اس کے دوست نے اسکرین شاٹ لینے کی کوشش کی ہے۔

  • انٹرنیٹ سرچ اور اسکرین شاٹس نے قتل کا معمہ حل کروا دیا

    انٹرنیٹ سرچ اور اسکرین شاٹس نے قتل کا معمہ حل کروا دیا

    جرم کبھی بھی چھپ نہیں پاتا، قاتل چاہے کتنا ہی چالاک کیوں نہ ہو کہیں نہ کہیں وہ کوئی ایسی غلطی ضرور کرتا ہے جو اس کی پکڑ کا سبب بن جاتی ہے۔ امریکا میں بھی ایک قاتلہ ایسے ہی پولیس کی گرفت میں آگئی جس نے اپنے شوہر کو قتل کیا تھا۔

    امریکی ریاست انڈیانا میں پولیس کو 50 سالہ شخص کی لاش اپریل میں اس کے گھر کے قریب سے ملی تھی، تاحال وہ اس قتل کو حل کرنے میں ناکام تھے۔

    تاہم اس کی قاتلہ نے اپنے موبائل پر زہریلے مشرومز کے بارے میں سرچ کیا تھا، اسی انٹرنیٹ سرچ کے ذریعے پولیس قاتل تک پہنچی اور وہ کوئی اور نہیں بلکہ مقتول کی بیوی تھی۔

    پولیس کے مطابق جب انہوں نے لاش دریافت کی تو اس کے ہاتھوں پر متعدد کٹس تھے جبکہ اس کی کلائیوں اور ٹخنوں پر ٹیپ باندھا گیا تھا جس کی کچھ ہی باقیات پولیس کو ملی تھیں۔

    طویل تفتیش کے بعد علم ہوا کہ مقتول کی موت زہریلے مشرومز کھانے سے ہوئی جس کی کچھ باقیات اس کے معدے میں تاحال موجود تھیں۔

    ایک ماہر نباتات نے پولیس کو بتایا کہ قتل کی وجہ بننے والے مشروم کا زہریلا جز صرف 8 گھنٹے تک مؤثر رہتا ہے جبکہ 72 گھنٹوں بعد جسم میں سے اس کے آثار غائب ہوجاتے ہیں۔ اسی وجہ سے مقتول کی موت کی وجہ جاننے میں وقت لگا۔

    لاش ملنے کے 5 ماہ بعد پولیس نے مقتول کی بیوی کو گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ قاتلہ نے اپنے موبائل پر زہریلے مشرومز کے بارے میں سرچ کیا تھا اور کچھ مشرومز کی معلومات کا اسکرین شاٹ لے کر رکھا تھا۔

    مقتول کے ایک فیملی فرینڈ نے جرم میں اس کی بیوی کی مدد کی تھی، اسے بھی پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ قاتلہ نے اپنے شوہر کے غائب ہوجانے کے بعد سے نہ اس سے رابطہ کیا اور نہ ہی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی، یہیں سے پولیس مشکوک ہوئی اور بالآخر قتل کا معمہ حل کرلیا گیا۔

  • واٹس ایپ پر اسکرین شاٹ لینے والے ہوشیار

    واٹس ایپ پر اسکرین شاٹ لینے والے ہوشیار

    اگر آپ واٹس ایپ پر اپنے دوستوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس کے اسکرین شاٹ لینے کے عادی ہیں، تاکہ وقت ضرورت دوستوں کو ان کی پرانی گفتگو دکھا کر یاد دلائی جاسکے، تو اب محتاط ہوجائیں کیونکہ اب اس کی خبر اس شخص کو بھی ہوجائے گی جس کی گفتگو کا آپ نے اسکرین شاٹ لیا ہے۔

    واٹس ایپ کے سربراہ جین کوم نے اعلان کیا ہے کہ واٹس ایپ کے اگلے ورژن میں اس فیچر کو شامل کردیا جائے گا جس کے بعد اس شخص کو ایک نوٹی فیکیشن موصول ہوجائے گا جس کی گفتگو کا اسکرین شاٹ لیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ صارفین کی جانب سے اس فیچر کا ایک عرصے سے مطالبہ کیا جارہا تھا اور 5 فروری سے یہ فیچر تمام واٹس ایپ صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

    مزید پڑھیں: واٹس ایپ کے بہترین فیچرز

    واٹس ایپ کے مطابق یہ فیچر بلیو ٹک جیسا ہوگا اور اسکرین شاٹ لینے والے شخص کو بھی علم ہوجائے گا کہ اس کے اسکرین شاٹ کا نوٹی فیکیشن بھیج دیا گیا ہے۔

    اپنے آغاز کے ساتھ ہی بہت جلد مقبول ہونے والی میسجنگ ایپ واٹس ایپ کو سنہ 2009 میں بنایا گیا تھا اور سنہ 2014 میں فیس بک نے اسے خرید لیا تھا۔