Tag: اسکوئڈ گیم

  • ڈرامہ سیریز ’اسکوئڈ گیم‘ سے متعلق ہولناک انکشاف، حقیقت کیا ہے؟

    ڈرامہ سیریز ’اسکوئڈ گیم‘ سے متعلق ہولناک انکشاف، حقیقت کیا ہے؟

    نیٹ فلکس کی مقبول ترین ڈرامہ سیریز ’اسکوئڈ گیم‘ سے متعلق ایک اہم انکشاف کیا جارہا ہے کہ اس کا اسکرپٹ ماضی کی ایک سچی کہانی سے ماخوذ ہے۔

    اسکوئڈ گیم ایک کورین ڈرامہ سیریز ہے جو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی ہے۔ اس میں 456 افراد کو ایک پراسرار کھیل میں حصہ لینے کی دعوت دی جاتی ہے جہاں انہیں بچوں کے روایتی کھیل کھیل کر بھاری انعامی رقم جیتنے کا موقع ملتا ہے، لیکن دوسری جانب ہارنے والوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    اسکوئڈ گیم میں شرکاء کو 6 مختلف بچوں کے کھیل کھیلنے ہوتے ہیں، جن میں ‘سرخ بتی، سبز بتی کھلونے کا کھیل’, ‘کھمبی کاٹنے کا کھیل’, ‘ماربل’ اور ‘پُل کا کھیل’ شامل ہیں۔

    ہر کھیل میں ہارنے والے کو جان سے مار دیا جاتا ہے اور جو سب سے آخری کھلاڑی بچتا ہے وہ 45.6 بلین وان (کورین کرنسی) کا انعام جیت جاتا ہے۔

    اس سیریز نے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی ہے اور سوشل میڈیا پر اس کے موضوعات، کرداروں اور اس کی کہانی پر بہت زیادہ بحث کی گئی ہے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق حال ہی میں کچھ سوشل میڈیا ویڈیوز خاص طور پر ٹک ٹاک پر یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اسکوئیڈ گیم دراصل 1986میں پیش آنے والے ایک سچی واقعے پر مبنی ہے۔

    ان ویڈیوز میں یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ایک ’نو مینزلینڈ‘ (یعنی ایسا علاقہ جو کسی ملک میں نہیں آتا) میں ایک زیر زمین بنکر میں کچھ لوگوں کو زبردستی رکھا گیا اور انہیں زندہ رہنے کے لیے خطرناک کھیل کھیلنے پڑے تھے۔

    حقیقت کیا ہے؟

    لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس بات کے کوئی واضح اور مضبوط شواہد موجود نہیں کہ 1986 میں واقعی ایسا کچھ ہوا تھا جس کی بنیاد پر اسکوئیڈ گیم بنایا گیا ہو۔ ’نو مینزلینڈ‘ سے مراد شاید کوریا کے شمال اور جنوب کے درمیان غیر فوجی علاقہ ہو سکتا ہے، لیکن اس میں ایسا کوئی واقعہ ریکارڈ پر موجود نہیں۔

    ان ٹک ٹاک ویڈیوز میں کچھ تصاویر دکھائی جا رہی ہیں وہ اصلی ہیں لیکن وہ تصاویر ’اسکوئیڈ گیم‘ کی سچی کہانی ثابت نہیں کرتیں۔ دراصل وہ تصاویر کوریا میں موجود اس مقام کی ہیں جسے ’برادرز ہوم‘ کہتے ہیں۔

    برادرز ہوم : انتہائی خوفناک سچائی

    1980کی دہائی میں کوریا میں حکومت نے گداگروں اور بے گھر افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا۔ تاکہ ایشین گیمز اور سیول اولمپکس سے پہلے ملک کی اچھی تصویر دنیا کو دکھائی جائے۔ جس کیلیے اس وقت کے صدر نے وزیر اعظم کو حکم دیا کہ سڑکوں سے ’آوارہ‘ لوگوں کو فعری طور پر ہٹایا جائے۔

    ایسے میں ’ویلفیئر سینٹرز‘ قائم کیے گئے جہاں اصل میں ان لوگوں کو جبراً رکھا جانے لگا ان مراکز میں ہزاروں لوگوں کو پکڑ کر رکھا گیا، ان پر تشدد ہوا، جنسی زیادتیاں ہوئیں اور کئی لوگ مارے گئے۔

    اسکوئڈ گیم

    ان مراکز میں قیدیوں کی تعداد جتنی زیادہ ہوتی، حکومت کی طرف سے اتنے زیادہ پیسے ملتے۔ اسی لیے پولیس نے بچوں، مزدوروں اور شناختی کارڈ نہ رکھنے والوں کو بھی پکڑ کر ان مراکز میں ڈال دیا۔

    ان مراکز میں ’برادرز ہوم‘ ہی سب سے بدنام تھا جہاں قیدیوں کو وہاں بھوکا رکھا جاتا، مارا پیٹا جاتا اور طرح طرح کی اذیت دی جاتی تھی۔

    کچھ رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قیدیوں کو سخت جسمانی مشقت اور مبینہ ’کھیلوں‘ میں زبردستی شامل کیا جاتا تھا، اسی وجہ سے کچھ لوگ اسکوئیڈ گیم کی کہانی کو اس حقیقی واقعے سے جوڑتے ہیں۔

  • اسکوئڈ گیم اس قدر میگا ہٹ کس طرح بنی؟ نیٹ فلیکس وائس پرزیڈنٹ نے بتادیا

    اسکوئڈ گیم اس قدر میگا ہٹ کس طرح بنی؟ نیٹ فلیکس وائس پرزیڈنٹ نے بتادیا

    اسکوئڈ گیم نیٹ فلیکس پر سب سے زیادہ ہٹ شو ہے، جس سے نہ صرف پلیٹ فارم کو بہت سے سبسکرائبرز ملے بلکہ آمدنی میں بھی اضافہ ہوا۔

    کانٹینٹ کےلیے نیٹ فلیکس ایشیا کی وائس پریزڈینٹ منیونگ کم نے اسکوئڈ گیمز کو میگا ہٹ بنانے کے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ یہ حکمت عملی کچھ ایسی تھی کہ مقامی مواد کو ترجیح دی جائے اور اس میں کامیابی ملی۔

    ایک حالیہ تقریب میں نیٹ فلیکس کے اعلیٰ افسر نے بتایا کہ جب میں نے اسکویڈ گیم شروع کیا، تو ہم اسے ایک عالمی شو کے طور پر نہیں دیکھ رہے تھے نہ اس کےلیے کوشش کی تھی۔

    منیونگ کم نے کہا کہ ہم ہمیشہ ایسی کہانیوں کی تلاش کرتے ہیں جو مقامی مارکیٹ میں موثر کارکردگی دکھائے، جس کی کہانی واقعی ہمارے مقامی سامعین کے دل کو چھونے والی ہو۔

    اسکوئڈ گیم کا تیسرا اور آخری سیزن کب ریلیز ہوگا؟ اعلان ہوگی

    کم نے بتایا کہ ہم ‘اسکویڈ گیم’ کی کامیابی کو نقل کرنے کی کوشش نہیں کر رہے ہیں، ہم ہمیشہ ایسے ٹائٹل کی تلاش میں رہتے ہیں جو مقامی مارکیٹ میں واقعی اچھا پرفارم کرے اور مقامی مارکیٹ میں ہمارے سامعین کو محظوظ کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسکوئڈ گیم کی کہانی مقامی طور پر مستند کہانی ہے اس کی کہانی سے لوگ اتنے متاثر ہوئے کہ واقعی عالمی سطح پر اسے بہترین پذیرائی ملی۔

    https://urdu.arynews.tv/squid-game-trailer-season-2/

  • اسکوئڈ گیم کا تیسرا اور آخری سیزن کب ریلیز ہوگا؟ اعلان ہوگیا

    اسکوئڈ گیم کا تیسرا اور آخری سیزن کب ریلیز ہوگا؟ اعلان ہوگیا

    دنیا بھر میں مقبولیت کے ریکارڈز توڑنے والی جنوبی کورین سیریز اسکوئڈ گیم کے تیسرے اور آخری سیزن کی ریلیز کا اعلان کر دیا گیا۔

    سنہ 2021 کے اواخر میں نیٹ فلکس پر چھا جانے والی کورین سیریز اسکوئڈ گیم کا تیسرا اور آخری سیزن رواں برس 27 جون کو ریلیز کیا جائے گا۔

    آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے جمعرات کو ’نیکسٹ آن نیٹ فلکس‘ کے ایونٹ کا انعقاد کیا جس میں نیٹ فلکس پر آنے والے شوز کا اعلان کیا گیا۔

    اسی ایونٹ میں اسکوئڈ گیم کے تیسرے سیزن کا بھی اعلان کیا گیا اس اعلان کے ساتھ سیزن 3 کا ایک نیا پوسٹر اور تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔

    سیزن 2 میں بھی سیونگ گی ہن کی کہانی ہے، جو اس گیم کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے دوبارہ خطرناک گیم میں شامل ہوجاتے ہیں، جبکہ سیزن 2 میں فرنٹ مین بھی گیم میں شامل ہوتے ہیں۔

    سیزن 3 میں ان بچ جانے والے کھلاڑیوں کی قسمت بھی واضح ہوگی جو پچھلے سیزن کی سخت آزمائشوں سے گزرنے کے بعد آئرلینڈ میں ہی موجود ہیں۔

    ڈرامہ، تھرل اور ایکشن سے بھرپور سیریز اسکوئڈ گیم کو 2021 میں دنیا بھر میں پذیرائی ملی تھی، ریلیز ہونے کے ایک مہینے کے اندر ہی یہ نیٹ فلکس پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز بن گئی تھی۔

    شوبز کی خبریں دینے والے امریکی جریدے ورائٹی کے مطابق اسکوئڈ گیم کے سیزن ون کو ایمی ایوارڈ کے لیے 17 نامزدگیاں ملی تھیں۔

    اسکوئڈ گیم میں قرض میں ڈوبے لوگوں کو مجبوری کے عالم میں ایک ایسے کھیل کا حصہ دکھایا گیا تھا جس میں سینکڑوں افراد کو پیسے کا لالچ دے کر مختلف کھیل کھلائے جاتے ہیں اور ہارنے والا زندگی کی بازی ہار جاتا ہے۔

  • اسکوئڈ گیم کے شائقین کے لیے اہم خبر

    اسکوئڈ گیم کے شائقین کے لیے اہم خبر

    اسکوئڈ گیم کے دوسرے سیزن کا دھماکے دار نیا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں مقبولیت کے ریکارڈز توڑنے والی معروف جنوبی کورین سیریز ’اسکوئڈ گیم‘ کے مداح اب ایک بار پھر سسپینس سے بھرپور سیریز دیکھنے کے لیے تیار ہو جائیں۔

    اسکوئڈ گیم کے دوسرے سیزن کا ایک اور ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے، دوسرے سیزن میں دکھائے جانے والے کھیل نہایت خطرناک اور سسپنس سے بھرپور ہوں گے۔

    گیم میں 456 شرکا حصہ لیں گے، اور جیتنے والا شخص 45 لاکھ 60 ہزار ڈالر کی رقم حاصل کر سکے گا، یہ ڈراما اور سسپنس سے بھرپور سیریز رواں برس ریلیز کی جائے گی۔

    اسکوئڈ گیم کے سیزن ون میں قرض میں ڈوبے لوگوں کو مجبوری کے عالم میں ایک ایسے کھیل کا حصہ دکھایا گیا تھا جس میں سیکڑوں افراد کو پیسے کا لالچ دے کر مختلف کھیل کھیلائے جاتے ہیں، اور ہارنے والا زندگی کی بازی ہار جاتا ہے۔

  • اسکوئڈ گیم کا دوسرا سیزن کب ریلیز ہوگا؟ اعلان ہوگیا

    اسکوئڈ گیم کا دوسرا سیزن کب ریلیز ہوگا؟ اعلان ہوگیا

    دنیا بھر میں مقبولیت کے ریکارڈز توڑنے والی جنوبی کورین سیریز اسکوئڈ گیم کے دوسرے سیزن کی نومبر میں ریلیز کا اعلان کردیا گیا تاہم حتمی تاریخ ابھی بھی نہیں بتائی گئی۔

    سنہ 2021 کے اواخر میں نیٹ فلکس پر چھا جانے والی کورین سیریز اسکوئڈ گیم کا دوسرا سیزن شوٹنگ کے آخری مراحل میں ہے۔

    نیٹ فلکس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ڈرامہ اور سسپنس سے بھرپور سیریز اسکوئڈ گیم کا سیزن 2 نومبر میں ریلیز کیا جائے گا۔

    دوسرے سیزن میں 466 شرکا گیم میں حصہ لیں گے اور جیتنے والا شخص 45 لاکھ 60 ہزار ڈالر کی رقم حاصل کر سکے گا۔

    یہ بھی کہا جارہا ہے کہ پچھلے سیزن کی اسٹوری لائن پر تنقید کی وجہ سے اب نئے سیزن میں یہ تبدیلی کی جارہی ہے کہ کھیل میں ہارنے والوں کو مرتے ہوئے نہیں دکھایا جائے گا۔

    لیکن اس کے باوجود دکھائے جانے والے کھیل نہایت خطرناک اور سسپنس سے بھرپور ہوں گے۔

    اسکوئڈ گیم کے سیزن 1 میں قرض میں ڈوبے لوگوں کو مجبوری کے عالم میں ایک ایسے کھیل کا حصہ دکھایا گیا تھا جس میں سینکڑوں افراد کو پیسے کا لالچ دے کر مختلف کھیل کھلائے جاتے ہیں اور ہارنے والا زندگی کی بازی ہار جاتا ہے۔

    اسکوئڈ گیم میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار او یونگ سو کو ان کی اداکاری پر گولڈن گلوب ایوارڈ بھی دیا گیا جس کے بعد وہ یہ ایوارڈ جیتنے والے پہلے کورین اداکار بن گئے ہیں۔

  • اسکوئڈ گیم کے اداکار نے گولڈن گلوب ایوارڈ جیت لیا

    اسکوئڈ گیم کے اداکار نے گولڈن گلوب ایوارڈ جیت لیا

    امریکی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر پیش کی گئی جنوبی کورین سیریز اسکوئڈ گیم میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار او یونگ سو گولڈن گلوب ایوارڈ جیتنے والے پہلے کورین اداکار بن گئے ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر گولڈن گلوب ایوارڈز کی جانب سے کہا گیا کہ او یونگ سو نے کسی بھی سیریز میں بہترین سپورٹنگ اداکار کا ایوارڈ جیتا ہے۔

    یونگ سو نے اس فلم میں پلیئر 1 کا کردار ادا کیا تھا۔

    یونگ سو جنوبی کوریا کے اسٹیج کا ایک بہت بڑا نام ہیں لیکن یہ ان کی گولڈن گلوب کے لیے پہلی نامزدگی تھی اور پہلے ہی موقع پر وہ یہ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔

    9 اقساط پر مبنی اس سیریز میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح مختلف پریشانیوں کا شکار افراد رقم کی خاطر ایک گیم کھیلنے کے لیے جمع ہوتے ہیں جہاں ان سے بچوں کے کھیلنے والے گیمز کھلائے جاتے ہیں۔

    تاہم صورتحال اس وقت کشیدہ ہوجاتی ہے جب ہارنے والے کو موت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کے بعد یہ بے ضرر کھیل زندگی اور موت کی جنگ میں بدل جاتے ہیں۔

    پوری سیریز میں دکھایا گیا پلیئر 1 ہی آخر میں اس خونی کھیل کا مرکزی کردار نکلتا ہے جو ایک ارب پتی ہوتا ہے اور اپنی دولت سے لطف اندوز ہونے کے نئے نئے ذرائع ڈھونڈتا ہے۔

  • اسکوئڈ گیم کے مزید سیزنز بھی آئیں گے

    اسکوئڈ گیم کے مزید سیزنز بھی آئیں گے

    امریکی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر پیش کی گئی جنوبی کورین سیریز اسکوئڈ گیم جو دنیا بھر میں مقبول ہوئی، جلد ہی مداحوں کے لیے دوبارہ پیش کی جائے گی۔

    سیریز کے رائٹر اور ڈائریکٹر ہوانگ ڈونگ ہیوک نے کورین میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ نہ صرف نیٹ فلیکس کے ہٹ شو کا دورسرا سیزن تیار کریں گے بلکہ تیسرے سیزن پر بھی کام کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ وہ سیزن 2 کے ساتھ ساتھ سیزن 3 کے لیے بھی نیٹ فلکس سے بات کررہے ہیں، ہم کسی بھی وقت حتمی نتیجے پر پہنچ سکتے ہیں۔

    شو کے دوسرے سیزن کی تصدیق ڈائریکٹر نے نومبر میں کی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ دوسرے سیزن میں مرکزی کردار کی کہانی جاری رہے گی یعنی وہ جو اس جان لیوا ٹورنامنٹ کو جیتنے میں کامیاب ہوا مگر سیزن 1 کے اختتام پر وہ کردار گیم کو روکنے کے لیے تیار نظر آتا تھا۔

    ڈائریکٹر نے یہ بھی بتایا کہ دوسرے سیزن میں گیم چلانے والے فرنٹ مین پر توجہ مرکوز کی جاسکتی ہے۔

    ابھی نئے سیزن کی عکس بندی یا ریلیز سے متعلق کوئی بھی حٹمی تاریخ نہیں دی گئی۔

  • شمالی کوریا: اسکوئڈ گیم لانے والے کو گولی مار دی گئی

    شمالی کوریا: اسکوئڈ گیم لانے والے کو گولی مار دی گئی

    پیانگ یانگ: شمالی کوریا میں دنیا کی مقبول ترین سنسنی خیز ڈراما سیریز اسکوئڈ گیم لانے والے کو گولی مار دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسکوئڈ گیم جنوبی کورین سنسنی خیز ڈراما سیریز ہے، جس میں لوگ بڑی رقم کے لالچ میں ایک کھیل کا حصہ بنتے ہیں اور پھر بچپن کے مختلف کھیلوں کے دوران ناکامی سے دوچار ہوتے ہوئے دھڑا دھڑ قتل ہوتے ہیں۔

    تاہم پوری دنیا میں مقبول ہونے والی نیٹ فلیکس کی اس ویب سیریز ’اسکوئڈ گیم‘ پر شمالی کوریا نے پابندی لگا دی ہے، اور اسے اسمگل کر کے لانے والے ایک شخص کو سزائے موت دے دی گئی۔

    کِم جونگ اُن کی حکومت کا کہنا ہے کہ اس سیریز نے جنوبی کوریا کے سرمایہ دارانہ نظام کو فروغ دیا ہے، یہ سیریز ایک شہری چین سے شمالی کوریا لایا، اور اسے ہائی اسکول کے طلبہ کے ساتھ شیئر کیا گیا، مذکورہ شخص اسے پِن ڈرائیو میں اسمگل کر کے لایا تھا، اور اس پر پابندی عائد ہے۔

    اسکوئڈ گیم کی گڑیا کو آواز دینے والی اداکارہ کو سیریز دیکھنے کی اجازت کیوں نہیں‌ ملی؟

    رپورٹ کے مطابق سیریز کو دیکھنے والے طلبہ، اسکول پرنسپل اور اساتذہ کو بھی سزا سنائی گئی ہے، اور ایک طالبِ علم کو عمر قید اور دیگر کو 5 سال کے لیے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

    نیوز رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ اسکول کے پرنسپل، یوتھ سیکریٹری اور اساتذہ کو سزا کے طور پر اُن کے عہدوں سے برطرف کر دیا گیا ہے۔

  • اسکوئڈ گیم کی گڑیا کو آواز دینے والی اداکارہ کو سیریز دیکھنے کی اجازت کیوں نہیں‌ ملی؟

    اسکوئڈ گیم کی گڑیا کو آواز دینے والی اداکارہ کو سیریز دیکھنے کی اجازت کیوں نہیں‌ ملی؟

    دنیا بھر میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے والی نیٹ فلیکس سیریز اسکوئڈ گیم کی گڑیا کو آواز دینے والی اداکارہ کو تاحال سیریز دیکھنے کی اجازت نہیں‌ ملی۔

    اسکوئڈ گیم جنوبی کورین سنسنی خیز ڈراما سیریز ہے، جس میں لوگ بڑی رقم کے عوض ایک کھیل کا حصہ بنتے ہیں اور پھر بچپن کے مختلف کھیلوں کے دوران ناکامی سے دوچار ہوتے ہوئے دھڑا دھڑ قتل ہوتے ہیں۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ اس سیریز میں ریڈ لائٹ گرین لائٹ کھیل کی جس گڑیا کی تشہیر کی گئی ہے، اور اب اس کی پہچان بھی بن گئی ہے، اس گڑیا کو پس پردہ آواز دینے والی کورین اداکارہ کو ابھی تک سیریز دیکھنے کی اجازت نہیں ملی ہے۔

    650 ملین پاؤنڈ کمانے والی نیٹ فلیکس کی یہ سیریز ایک طرف اگرچہ لاکھوں لوگوں نے دیکھی ہے، تاہم اس کو 17 سال سے کم عمر کے لوگوں کے لیے غیر موزوں اور بہت پرتشدد قرار دیا گیا ہے۔

    مقبول ترین ڈراما سیریز ’اسکوئڈ گیم’ کے سیزن ٹو سے متعلق بڑا اعلان

    دراصل ریڈ لائٹ گرین لائٹ کی اس خوف ناک گڑیا کے پیچھے آواز ایک 10 سالہ اداکارہ ریگن ٹو کی ہے، سیریز میں ریگن کا یہ کردار اگرچہ ایک وائرل رجحان بن چکا ہے، لیکن ریگن نے خود ابھی تک اس کی پرتشدد نوعیت کی وجہ سے یہ سیریز نہیں دیکھی۔

    ریگن ٹو نے اس سیریز میں مرکزی کردار Seong Gi-Hun کی بیٹی کا بھی کردار نبھایا ہے، اور یہ کاسٹ کی واحد رکن ہے، جس نے ابھی تک یہ سیریز نہیں دیکھی، لیکن امکان ہے کہ جب وہ بڑی ہوگی تو اسے دیکھ کر فخر محسوس کریں گی۔

  • اسکوئڈ گیم کی گڑیا اب گہری نیند سونے والوں کو جگائے گی

    اسکوئڈ گیم کی گڑیا اب گہری نیند سونے والوں کو جگائے گی

    امریکی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر اس وقت جنوبی کورین سیریز اسکوئڈ گیم چھائی ہوئی ہے، اس سیریز میں دکھائی جانے والی گڑیا اور دیگر کھیلوں کو مختلف انداز میں دنیا بھر میں پیش کیا جارہا ہے۔

    حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سیریز میں دکھائی جانے والی گڑیا جیسی ایک الارم کلاک بنائی گئی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گڑیا ہاتھ میں گھڑی لیے کھڑی ہے اور فلم میں موجود گڑیا والا گانا گا رہی ہے، جیسے ہی 8 بجتے ہیں گڑیا گانا روک کر قریب سوئے شخص کی طرف گردن گھماتی ہے۔

    اس کے بعد اس کا منہ کھلتا ہے اور ایک چھوٹا سا تیر اس کے منہ سے نکل کر اڑتا ہوا سوئے ہوئے شخص کو لگتا ہے جس کے بعد وہ ہڑبڑا کر اٹھ جاتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے اس پر مختلف دلچسپ تبصرے کیے۔

    کچھ نے اس الارم کلاک کو نہایت خوفناک قرار دیا جبکہ کچھ کا کہنا تھا کہ انہیں نیند سے جگانے کے لیے ایسے ہی کسی الارم کلاک کی ضرورت ہے۔

    دنیا بھر میں مقبول یہ سیریز جلد ہی نیٹ فلکس کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز بن جائے گی۔ سیریز میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح مختلف پریشانیوں کا شکار افراد رقم کی خاطر ایک گیم کھیلنے کے لیے جمع ہوتے ہیں جہاں ان سے بچوں کے کھیلنے والے گیمز کھلائے جاتے ہیں۔

    تاہم صورتحال اس وقت کشیدہ ہوجاتی ہے جب ہارنے والے کو موت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کے بعد یہ بے ضرر کھیل زندگی اور موت کی جنگ میں بدل جاتے ہیں۔