لاہور : پنجاب میں اسموگ کے پیش نظر اسکول اور مارکیٹوں کو ہفتے میں 2 دن بند کرنے کی تجویز سامنے آگئی ، اس حوالے سے کل اہم فیصلے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اسموگ کے حوالے سے اجلاس کل طلب کرلیا ، اجلاس میں اسموگ کے تدارک کے حوالے سے سخت فیصلے کئے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسموگ کے پیش نظر اسکولوں اور مارکیٹوں کو ہفتے میں 2 روز بند کرنے کی تجویز زیر غور آئے گی۔
اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ گاڑی کی آمدورفت کم کرنے کے حوالےسے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔
گذشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے اسموگ پر قابو پانے کے لئے ہفتے میں دو روز تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے دفاتر میں ورک فرام ہوم کی ہدایت کی تھی۔
عدالت نے لاہور ڈویژن،شیخوپورہ، جھنگ، خانیوال، بہاولنگرمیں دو روز نجی و سرکاری دفاتربند کرنے کا حکم دیا تھا۔