Tag: اسکولوں

  • اسکولوں میں موبائل فونز کے استعمال پر پابندی عائد

    اسکولوں میں موبائل فونز کے استعمال پر پابندی عائد

    جنوبی کوریا میں اسکولوں میں طلبا کے موبائل فونز کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی، یہ پابندی آئندہ سال مارچ سے نافذ العمل ہوگی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا نے طلبا کے اسکول کی کلاس رومز میں موبائل فون لے جانے پر پابندی لگادی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا نے گزشتہ روز نوجوانوں میں سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال اور اس کے اثرات کے باعث ملک بھر میں اسکول کے کلاس رومز میں موبائل فونز اور دیگر ڈیجیٹل آلات کے استعمال پر پابندی لگانے کے لیے بل منظور کیا۔

    جنوبی کوریا کی 163 اراکین پر مشتمل پارلیمان میں اس قانون کے حق میں 115 ووٹ کاسٹ ہوئے، طلبہ پر عائد پابندی پر اگلے سال مارچ سے نافذ العمل ہوگی۔

    جنوبی کوریا کے بیشتر اسکولوں کی جانب سے پہلے ہی اسمارٹ فونز کے استعمال پر مختلف پابندیاں عائد کی جاچکی ہیں، لیکن اس قانون کے تحت اس پابندی کا اطلاق ملک گیر سطح پر ہوگا۔

    اراکین پارلیمان، والدین اور اساتذہ کا کہنا ہے کہ طالبعلموں کی تدریسی کارکردگی اسمارٹ فون کے استعمال سے متاثر ہوتی ہے اور وہ پڑھائی پر توجہ نہیں دے پاتے۔

    ’پاکستان میں‌ مایوسی بڑھنے کی وجہ موبائل فون ہے‘

    ایک سروے کے مطابق جنوبی کوریا کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں ڈیجیٹل آلات کا سب سے زیادہ استعمال ہوتا ہے، جنوبی کوریا میں 99 فیصد افراد آن لائن اور 98 فیصد اسمارٹ فون کے مالک ہیں۔

    واضح رہے کہ چین، اٹلی اور نیدرلینڈز بھی ایسے ممالک ہیں جہاں تمام اسکولوں میں فون کے استعمال پر پابندی لگائی جاچکی ہے۔

  • 31 اگست تک تعطیلات کا فیصلہ مسترد،  اسکولوں کا اہم بیان سامنے آگیا

    31 اگست تک تعطیلات کا فیصلہ مسترد، اسکولوں کا اہم بیان سامنے آگیا

    لاہور : گرمیوں کی تعطیلات میں 31 اگست تک توسیع کے فیصلے پر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کا ردعمل سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے پنجاب میں گرمیوں کی تعطیلات میں 31 اگست تک توسیع کے حکومتی فیصلے کو غیر ضروری اور بلاجواز قرار دے دیا ہے۔

    ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ابرار احمد خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ "گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے، کیونکہ اس سے طلبہ کا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے، خاص طور پر میٹرک کی کلاسز بری طرح متاثر ہوں گی۔”

    ابرار احمد خان نے کہا اسلام آباد میں نجی تعلیمی ادارے 4 اگست سے معمول کے مطابق کھل چکے ہیں جبکہ پاکستان کے دیگر صوبوں میں بھی اسکولز معمول کے مطابق تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کر چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں : گرمیوں‌ کی چھٹیوں میں‌ اضافہ کردیا گیا

    انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ "حکومت کو چاہیے تھا کہ 14 اگست سے قبل ہی اسکول کھول کر بچوں کو جشنِ آزادی کی تقریبات میں شرکت کا موقع دیتی، مگر چھٹیوں میں غیر ضروری توسیع نے تعلیمی عمل کو متاثر کیا ہے۔”

    ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر فیصلے پر نظرِ ثانی کرے اور تعلیمی اداروں کو کھولنے کی اجازت دے تاکہ نصاب کی بروقت تکمیل اور امتحانی تیاری ممکن ہو سکے۔

  • تمام سرکاری دفاتر اور اسکولوں کو تالے لگا دیے گئے

    تمام سرکاری دفاتر اور اسکولوں کو تالے لگا دیے گئے

    بلوچستان گرینڈ الائنس نے اپنے مطالبات منظور نہ کیے جانے پر صوبے کے تمام سرکاری دفاتر اور اسکولوں کو تالے لگا دیے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کےمطابق بلوچستان گرینڈ الائنس کا بجٹ میں تنخواہوں میں شرح میں کم اضافے کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ اس احتجاج کو وسیع کرتے ہوئے مظاہرین نے احتجاجاً تمام سرکاری دفاتر اور اسکولوں کو تالے لگا دیے ہیں اور حکومت کو مطالبات کی منظوری کے لیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ہے۔

    چیئرمین بلوچستان گرینڈ الائنس عبدالقدوس کاکڑ نے کہا کہ بجٹ میں ہمارے تمام مطالبات کو نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے متنبہ کیا ہے کہ آج اور کل صوبے کے تمام سرکاری دفاتر کی تالا بندی ہوگی۔ پھر بھی مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاجی تحریک شروع ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اتوار کو صوبے بھر کے سرکاری ملازمین کوئٹہ پہنچیں گے اور بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے۔

    دوسری جانب سرکاری دفاتر کی تالا بندی سے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بالخصوص دور دراز سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ آنے والے افراد رُل گئے۔

  • اسکولوں کیلئے مانیٹرنگ ایپ متعارف کرانے کا اعلان

    اسکولوں کیلئے مانیٹرنگ ایپ متعارف کرانے کا اعلان

    کراچی : وزیر تعلیم سندھ نے اسکولوں کیلئے مانیٹرنگ ایپ متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ موبائل فون کے ذریعے اپنی حاضری لگاسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرتعلیم نے ایجوکیشن سسٹم مکمل ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کیلئےمانیٹرنگ ایپ متعارف کرانے جارہےہیں، اساتذہ موبائل فون کے ذریعے اپنی حاضری لگاسکیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایسی ایپ بنائی ہےجواسکول کی حدود میں ہی کام کرے گی، استاد ایک تصویر کلاس میں موجود بچوں کی بھی لگائیں گے۔

    وزیر نے مزید کہا کہ ایپ چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی کا استعمال کرے گی تاکہ حاضری میں طلباء کی تعداد کا خود بخود پتہ لگایا جا سکے۔

    خیال رہے سندھ میں میٹرک اور انٹر سرٹیفکیٹ کی تصدیق کا عمل آن لائن منتقل کیا جا رہا ہے، انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تصدیق کے لیے جمع کرائے گئے سرٹیفکیٹس پر مشتمل تمام سیل بند لفافے اب قبول نہیں کیے جائیں گے۔

    اس کے بجائے تصدیق خصوصی طور پر آن لائن سسٹم کے ذریعے کی جائے گی۔

  • کس عرب ملک کے اسکولوں میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تعلیم لازمی قرار؟

    کس عرب ملک کے اسکولوں میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تعلیم لازمی قرار؟

    موجودہ دور میں ہر طرف مصنوعی ذہانت کا چرچا ہے اور اب ایک عرب ملک نے اپنے اسکولز میں اے آئی کی تعلیم لازمی قرار دے دی ہے۔

    ٹیکنالوجی کی ترقی دنیا کو اب مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) اے آئی کی جانب لے آئی ہے اور دنیا کے کئی ممالک اب مختلف شعبوں میں اے آئی کا استعمال کر رہے ہیں۔ ایسے میں ایک عرب ملک نے اپنے سرکاری اسکولوں میں اے آئی کی تعلیم کو لازمی قرار دے دیا ہے۔

    یہ اعلان یو اے ای کے وزیراعظم اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر کیا اور بتایا کہ اگلے تعلیمی سال سے ہر سرکاری اسکول میں مصنوعی ذہانت کو ایک مضمون کے طور پر پڑھایا جائے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ نرسری سے بارھویں کلاس تک مصنوعی ذہانت کو بطور مضمون شامل کرنے کے لیے حتمی نصاب کی منظوری دے دی ہے۔

    شیخ محمدبن راشد آل مكتوم کے مطابق طلبہ کو نا صرف مصنوعی ذہانت کے تکنیکی پہلو سکھائے جائیں گے بلکہ اس کے اخلاقی پہلو، خطرات، ڈیٹا، الگورتھمز اور روزمرہ زندگی میں اس کے کردار سے بھی روشناس کرایا جائے گا۔

    یو اے ای کے اسکولز میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی تعلیم لازمی قرار

    انہوں نے کہا کہ اے آئی سے جڑے خطرات اور معاشرے پر اثرات سے آگہی ضروری ہے، یہ اقدام ہماری آئندہ نسلوں کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنے کے وژن کا حصہ ہے۔

    اپنی پوسٹ میں یو اے ای کے وزیراعظم نے وزارت تعلیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت زندگی کے تمام پہلوؤں کو بدل رہی ہے، ہمیں اپنی نئی نسلوں کو ایسی مہارتیں دینی ہوں گی جو اس تبدیلی کی رفتار سے ہم آہنگ ہوں۔

  • ہیٹ ویو ، اسکولوں کو اہم ہدایات جاری

    ہیٹ ویو ، اسکولوں کو اہم ہدایات جاری

    لاہور : شدید گرمی کے پیش نظر اسکولوں کو بچوں اور اساتذہ کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق شدید گرمی کے دوران اسکولوں کیلئے حفاظتی تدابیر کی ایڈوائزری جاری کردی گئی۔

    محکمہ اسکول ایجوکیشن نے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کوہدایات جاری کردیں، جس میں کہا ہے کہ بچوں اور اساتذہ کے لیے صاف، ٹھنڈے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ کلاسیں سایہ دار اور ہوادار جگہوں پر کروائی جائیں، پنکھے یا ٹھنڈک کے دیگر آلات درست حالت میں ہوں.

    محکمہ اسکول ایجوکیشن کا کہنا تھا کہ دوپہر کے وقت بچوں کو آؤٹ ڈور سرگرمیوں سے روکا جائے اور عملے کو فوری طبی امداد دینے کی تربیت دی جائے۔

    خیال رہے ملک بھرمیں گرمی کی شدت بڑھنے لگی۔ سندھ کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت چالیس ڈگری سے اوپرپہنچ گیا۔

    جنوبی پنجاب میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ درجہ حرارت کہیں چالیس تو کہیں بیالیس سینٹی گریڈ پر پہنچ رہا ہے۔

    ڈی جی خان، ملتان،سرگودھا میں چالیس اورلاہور میں سینتیس سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

  • بھارت: اسکولوں میں  گرمیوں کی چھٹیاں جلدی کرنے کا فیصلہ ، تاریخ سامنے آگئی

    بھارت: اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں جلدی کرنے کا فیصلہ ، تاریخ سامنے آگئی

    کلکتہ : اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات جلدی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، چھٹیاں کب سے ہوگی ؟ تاریخ بھی سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسکول کے طلباء کو مئی میں شدید گرمی کی لہر کی پیشین گوئیوں کے پیش نظر اس سال موسم گرما کی تعطیلات جلدی دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال کے تعلیمی محکمے نے بڑھتی ہوئی گرمی اور نمی کے پیش نظر گرمیوں کی تعطیلات جلدی کرنے کا اعلان کیا۔

    اس فیصلے کا اطلاق پرائمری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں پر ہوگا، تعطیلات کے بارے میں سرکاری نوٹس بعد میں جاری کیا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا عام طور پر مئی کے دوسرے ہفتے سے گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا جاتا ہے، لیکن اس بار محکمے کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 30 اپریل 2025 سے گرمیوں کی چھٹیاں شروع کریں گے۔

    ابتدائی تعلیمی کیلنڈر نے 9 مئی کو موسم گرما کی چھٹیوں کے آغاز کی تاریخ مقرر کیا تھا۔ تاہم، ریاست کے متعدد علاقوں کو متاثر کرنے والی گرمی کی لہر کے پیش نظر طالب علموں کو انتہائی درجہ حرارت سے بچانے کے لیے یہ ایک احتیاطی اقدام کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

    درجہ حرارت میں اضافہ شہر کا درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے، جمعرات کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.4 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔

    موسمی پیش گوئی کے مطابق آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ متوقع ہے تاہم مستقبل میں بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں کی گئی۔

  • پاکستان سپر لیگ کے دوران اسکولوں میں کب چھٹی ہوں گی؟ طلبا کے لیے اہم خبر

    پاکستان سپر لیگ کے دوران اسکولوں میں کب چھٹی ہوں گی؟ طلبا کے لیے اہم خبر

    لاہور : پاکستان سپر لیگ کے میچز کے دوران اسکولوں میں کب چھٹی ہوں گی؟ اس حوالے سے شیڈول جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کرکٹ سیریز شروع ہونے والی ہے، جس کے پیش نظر اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کردی گئی اور نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔

    تبدیل شدہ تدریسی اوقات کا اطلاق قذافی اسٹیڈیم اور ملحقہ علاقوں میں قائم 50 تعلیمی اداروں پر ہوگا۔

    پی ایس ایل میچز کی وجہ سے ان اسکولز کے اوقات تدریسی اب صبح 7 بجے سے 12 بجے تک ہوں گے، فیصلے کا اطلاق ایونٹ کے اختتام تک تمام سرکاری و نجی اسکولز پر ہوگا۔

    گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، اچھرہ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ، شادمان، کینال روڈ، اپر مال اور ظہور الٰہی روڈ سمیت قذافی سٹیڈیم کے قریب کے علاقوں کے اسکولز شامل ہیں۔

    اس تبدیلی سے متاثرہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

    یاد رہے کہ لاہور میں پی ایس ایل کے میچز 24 اپریل سے 18 مئی تک مختلف دنوں میں کھیلے جائیں گے۔

  • پیر سے اسکول صبح کتنے بجے کھلیں گے؟ طلبا کے لئے اہم خبر

    پیر سے اسکول صبح کتنے بجے کھلیں گے؟ طلبا کے لئے اہم خبر

    لاہور : اسکولوں کے نئے اوقات کار جاری کردیئے گئے، پیر سے صبح اسکول کتنے بجے کھلیں گے اور چھٹی کب ہوگی؟

    تفصیلات کے مطابق عید کی طویل تعطیلات کے بعد پیر سے اسکولوں میں تدریسی عمل کا آغاز ہوگا، حکام نے نئے اوقات کار کا اعلان کردیا۔

    محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے موسم گرما کے دوران سرکاری اسکولوں کے اوقات کار میں 30 منٹ کی کمی کا اعلان کیا، جو کہ عید کی تعطیلات کے بعد 7 اپریل سے شروع ہو کر 15 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

    نئے شیڈول کے تحت سنگل شفٹ اسکول صبح 7:30 بجے سے دوپہر 1:00 بجے تک کام کریں گے، جب کہ جمعہ کے روز صبح 11:30 بجے سے پہلے بند ہوجائیں گے۔

    ڈبل شفٹ والے اسکولوں میں پہلی شفٹ صبح 7:30 بجے سے دوپہر 12:00 بجے تک چلے گی، اور دوسری شفٹ دوپہر 12:00 بجے سے شام 4:30 بجے تک ہوگی جبکہ جمعہ کو دوسری شفٹ 2:30 بجے شروع ہوگی۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت

    اس سے قبل تعلیمی ادارے گرمیوں کے مہینوں میں دوپہر 1:30 بجے تک کھلے رہتے تھے۔

  • اسکولوں میں جینز، ہائی ہیل، میک اپ پر پابندی؟ محکمہ تعلیم کی وضاحت

    اسکولوں میں جینز، ہائی ہیل، میک اپ پر پابندی؟ محکمہ تعلیم کی وضاحت

    محکمہ تعلیم نے گزشتہ روز مرد وخواتین اساتذہ کے لباس سے متعلق ضابطہ اخلاق جاری کیا تھا جس کی اب وضاحت کر دی گئی ہے۔

    محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے گزشتہ روز مرد وخواتین اساتذہ کے لیے ایک ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا تھا جس میں خواتین اساتذہ کو زیادہ میک اپ کرنے، زیادہ زیورات اور ہائی ہیل سینڈل پہننے سے گریز کرنے کا کہا گیا تھا۔

    اسی طرح مرد اساتذہ کو اسکول میں جینز اور ٹی شرٹ پہن کر نہ آنے کا کہا گیا تھا۔
    اب اس حوالے سے محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے وضاحت سامنے آ گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں میں کسی بھی لباس پر پابندی عائد نہیں کی گئی۔

    ترجمان محکمہ تعلیم کے مطابق اساتذہ کے لیے گزشتہ روز جاری کیا گیا ضابطہ اخلاق کوئی حکم نامہ نہیں بلکہ رہنما اصول ہیں۔

    محکمہ تعلیم کی جانب سے اپنے وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ضابطہ اخلاق جاری کرنے کا مقصد معیاری تعلیم، تعلیمی ماحول کی بہتری اوروسائل کا درست استعمال ہے۔

    مزید کہا گیا ہے کہ اساتذہ بچوں کے مستقبل کے معمار اور ان کی سماجی ونفسیاتی رہنمائی کرتے ہیں۔ جاری کیا گیا ضابطہ اخلاق اساتذہ تنظیموں، وکلا اور سول سوسائٹی کی مشاورت سے مرتب کیے گئے۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اس ضابطہ اخلاق میں مرد وخواتین اساتذہ کو لباس اور طرزِ عمل سے متعلق صرف مشورے دیے گئے ہیں، نہ کہ کوئی سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

    ترجمان محکمہ تعلیم نے یہ بھی واضح کیا کہ اسکولوں میں گٹکا، ماوا، چھالیہ اور سگریٹ کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ تعلیمی ماحول کو محفوظ رکھا جا سکے۔

    https://urdu.arynews.tv/female-teachers-makeup-ban-code-of-conduct/