Tag: اسکولوں میں تعطیل

  • بھارت: موسلا دھار بارشیں، اسکولوں میں تعطیل، ٹرینیں منسوخ

    بھارت: موسلا دھار بارشیں، اسکولوں میں تعطیل، ٹرینیں منسوخ

    بھارت میں خلیج بنگال کے اوپر بنے ہوئے کم دباؤ کے علاقے کے باعث ریاست کے کئی حصوں میں موسلا دھار بارشیں شروع ہوگئیں، جس کے باعث تلنگانہ کے کئی اضلاع کے اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید موسلا دھار بارشیں اور کلاؤڈ برسٹ کے خطرے کے پیش نظر ضلعی تعلیمی افسران نے کریم نگر، جگتیال، یادادری بھواناگیری، کاماریڈی اور میدک اضلاع میں تمام اسکولوں کو بند کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق موسلا دھار بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے، ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیموں کو کاماریڈی اور نرمل اضلاع میں ریسکیو کے لیے تعینات کردیا گیا ہے۔

    بارشوں کے باعث حیدرآباد-ناگپور قومی شاہراہ (NH 44) تین مقامات پر دھنس گئی ہے، جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، میدک میں 47 سڑکوں، 23 پلوں اور 15 پلوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک مسدود ہے۔ 16 تالابوں میں شگاف پڑ گیا ہے جس کی وجہ سے دیہات کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق بھارت میں بارش کی وجہ سے کئی ریلوے ٹریک بہہ گئے ہیں جس سے ریل ٹریفک میں بڑے پیمانے پر خلل کا سامنا ہے۔

    ساؤتھ سینٹرل ریلوے نے کئی ٹرینوں کو منسوخ کر دیا ہے اور کچھ کا رخ موڑ دیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ بدھ کے روز، کریم نگر-کاچی گوڑا، کاچی گوڑا-نظام آباد، کاچی گوڑا-میدک، میدک-کاچی گوڑا، بودھن-کاچی گوڑا اور عادل آباد-تروپتی سمیت روٹس پر ٹرینیں منسوخ کردی گئی ہیں، جبکہ نظام آباد-کاچی گوڑا روٹ پر خدمات آج بھی معطل رہیں گی۔

    گوگل میپ پر اندھا اعتماد، فیملی دریا میں بہہ گئی، 4 افراد ہلاک

    حکام کے مطابق ٹرینوں کی منسوخی کے بارے میں اطلاع دینے کے لیے ہیلپ لائن نمبر جاری کیے گئے ہیں۔

  • اسلام آباد کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں تعطیل کا اعلان

    اسلام آباد کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں تعطیل کا اعلان

    اسلام آباد میں ریڈ زون کو سیل کردیا گیا، ڈپٹی کمشنر نے اسلام آباد کے سرکاری و نجی اسکولوں میں آج 22اگست کو تعطیل کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سرکاری اور نجی اسکول آج مکمل طور پر بند رہیں گے، نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق آج بروز جمعرات 22 اگست کو مذہبی جماعتوں اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج اور جلسہ کی کال دی گئی ہے۔

    اس حوالے سے وزارت داخلہ نے شہر اقتدار کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں آج 22اگست کو تعطیل کا اعلان کیا ہے ۔

    ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اسکولوں کو بند کرنے کا یہ اقدام بچوں کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے آج 22 اگست بروز ھؤجمعرات کو ترنول میں جسلے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے جلسے کا این او سی منسوخ کر دیا ہے۔

    دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے ترنول میں ہونے والے جلسے کے مقام کے قریب سے مشکوک بیگ برآمد ہوا ہے ۔

    جلسہ گاہ کے قریب مسجد کے احاطے سے مشکوک بیگ برآمد ہوا جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری طلب کرکے مسجد کو خالی کروا لیا گیا۔