Tag: اسکول بس

  • خضدار: بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کا اسکول بس پر حملہ،  3 بچوں سمیت 5 افراد شہید

    خضدار: بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کا اسکول بس پر حملہ، 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید

    کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خضدار میں زیروپوائنٹ کے مقام پر اسکول بس پر دہشت گرد حملے میں3 بچوں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کے علاقے خضدار میں اسکول بس پر دہشت گرد حملہ ہوا، بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی میں اسکول بس کونشانہ بنایا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گرد حملے میں 3 بچوں سمیت 5 افرادشہید ہوئے اور کئی بچے زخمی ہوگئے۔

    ترجمان نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں ناکامی اور فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں بری طرح شکست کھانے کے بعد بھارتی دہشت گرد پراکسیز پاکستان میں معصوم بچوں اور شہریوں جیسے آسان اہداف کے دہشت گردی کی کارروائیوں میں نشانہ بنارہی ہیں، بھارتی حکومت کی طرف سے ریاستی پالیسی کے طور پر دہشت گردی کا استعمال نفرت انگیز، اخلاقی پستی اور بنیادی انسانی اصولوں کو نظر انداز کرنے کی واضح مثال ہے۔

    پاک فوج کے ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس بزدلانہ بھارتی اسپانسرڈ حملے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور ذمہ داروں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا، پاکستان کی مسلح افواج بہادر پاکستانی قوم کی حمایت کے ساتھ، پاکستان سے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے متحد ہیں۔

    اس سے قبل ڈی سی خضدار یاسر دشتی نے بتایا خضدار میں زیروپوائنٹ کے مقام پر اسکول بس پر دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 4 بچے جاں بحق اور 38 زخمی ہوئے۔

    یاسر دشتی کا کہنا تھا کہ کہ دھماکے کے نتیجےمیں اسکول بس مکمل تباہ ہوگئی تاہم ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خودکش بتایا جارہا ہے۔

    واقعے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    وزیرداخلہ محسن نقوی نے خضدارزیرو پوائنٹ کےقریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے 4 بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دشمن نےبربریت کا مظاہرہ کرکے معصوم بچوں پر حملہ کیا، معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والےدرندےکسی رعایت کے مستحق نہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ اسکول بس پرحملہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش ہے تاہم قوم کے اتحاد سے ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، جاں بحق بچوں کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

  • چین میں اسکول بس سے کچل کر 11 بچے ہلاک، متعدد زخمی

    چین میں اسکول بس سے کچل کر 11 بچے ہلاک، متعدد زخمی

    بیجنگ: چین میں پیش آنے والے انتہائی افسوسناک واقعے میں اسکول بس نے قطار بنا کر اسکول میں داخل ہونے والے بچوں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں 11 بچے ہلاک، متعدد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق افسوسناک واقعہ صوبے شینڈونگ کے شہر تائی آن میں صبح 7 بجے اُس وقت پیش آیا جب بچے قطار بناکر مرکزی دروازے سے اسکول میں داخل ہو رہے تھے۔

    اسی اثناء میں ایک تیز رفتار اسکول بس نے درجن کے قریب بچوں کو روند دیا۔ بچوں کوفوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا مگر ڈاکٹروں نے 11 بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی، زخمیوں کی تعداد کے حوالے سے متضاد اطلاعات ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ایک دردناک تصویر وائرل ہورہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بس کے قریب سڑک پر خون میں لتھڑے ہوئے یونی فارم میں ملبوس بچوں کی کچلی ہوئی لاشیں سڑک پر پڑی ہوئی ہیں اور والدین ان کے نزدیک بیٹھے رو رہے ہیں۔

    اسمگلنگ کے شبہ میں فائرنگ سے نوجوان طالب علم جاں بحق

    واضح رہے کہ چین میں کئی سرکاری اسکول اس ہفتے نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر کھولے گئے ہیں، بے ہنگم ٹریفک اور حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنے باعث جان لیوا حادثات اکثر رونما ہوتے رہتے ہیں۔

  • اسکول بس اُلٹنے سے ایک درجن سے زائد بچے زخمی

    اسکول بس اُلٹنے سے ایک درجن سے زائد بچے زخمی

    بھارت میں رانچی کے ماندار تھانے کی حدود میں اسکول بس حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے باعث ایک درجن سے زائد بچے شدید زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس سینٹ ماریئس اسکول کی بتائی جا رہی ہے۔

    مانڈر تھانے کے انچارج راہول کمار نے مقامی افراد کی مدد سے بچوں کو بس سے باہر نکالا اور اسپتال منتقل کیا، راہول کمار کا کہنا تھا کہ تمام بچے محفوظ ہیں، جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    عینی شاہدین کے مطابق بس مقامی بچوں کو لے کر اسکول کی طرف رواں دواں تھی کہ اچانک تیز موڑ پر بس بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے ایک کھیت میں الٹ گئی۔

    نابالغ بچی عصمت دری کا نشانہ بن گئی

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایمبولینس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ جس کے بعد مانڈر تھانے کے انچارج راہول کمار اور مقامی لوگوں نے بس کے شیشے توڑ کر زخمی بچوں کو اسکول بس سے باہر نکالا اور اسپتال منتقل کیا۔

  • بڑے بھائی کو اسکول بس تک چھوڑنے کے لیے آنے والا معصوم بچہ ناگہانی موت کا شکار

    بڑے بھائی کو اسکول بس تک چھوڑنے کے لیے آنے والا معصوم بچہ ناگہانی موت کا شکار

    حیدرآباد: بھارتی ریاست تلنگانہ کے ایک علاقے میں ایک معصوم بچہ اس وقت ناگہانی موت کا شکار ہو گیا جب وہ اپنے بڑے بھائی کو اسکول بس تک چھوڑنے گیا تھا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست تلنگانہ میں ضلع ورنگل کے ایک گاؤں چنتائی پلی میں اسکول بس کی زد میں آ کر ایک 3 سالہ لڑکا ہلاک ہو گیا۔

    لڑکا اپنی ماں کے ہمراہ بڑے بھائی کو اسکول بس میں چھوڑنے کے لیے آیا تھا، لیکن جب وہ اسکول بس کے قریب پہنچے تو بچہ آگے بڑھا اور اچانک اس کا پیر پھسل گیا اور وہ اسکول بس کے پچھلے پہیے کے نیچے آ گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی اہلکاروں نے وہاں پہنچ کر حادثے کی جانچ کی، ان کا کہنا تھا کہ معصوم بچہ موقع ہی پر ہلاک ہو گیا تھا، دوسری طرف واقعے کی اطلاع گاؤں پہنچی تو وہاں غم کی لہر دوڑ گئی۔

  • اسکول بس میں سونے والی بچی آنکھ کھلنے پر کہاں تھی؟

    اسکول بس میں سونے والی بچی آنکھ کھلنے پر کہاں تھی؟

    امریکا میں ایک 5 سالہ بچی اسکول واپسی پر بس میں سوگئی اور جب اس کی آنکھ کھلی تو وہ پارکنگ گیراج میں تھی، بس کمپنی نے غفلت برتنے پر ڈرائیور کو نوکری سے فارغ کردیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست پنسلوینیا میں پیش آیا، بچی اسکول سے واپسی پر بس میں سوگئی اور کسی نے اسے نہیں دیکھا۔

    بعد ازاں جب بچی اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ گھر نہیں پہنچی تو اس کے والدین نے پولیس میں رپورٹ درج کروائی، پولیس نے اسکول بس کے راستے کی معلومات لیں اور وہاں پہنچی جہاں بسوں کو پارک کیا جاتا تھا تو انہیں وہاں بچی بس کے اندر روتی ہوئی مل گئی۔

    مذکورہ بس ایک نجی کمپنی کی تھی جو اسکولوں کو بس سروس فراہم کرتی تھی۔

    کمپنی نے واقعے پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غفلت کے مرتکب بس ڈرائیور کو فارغ کردیا گیا ہے۔ بچوں کو چیک کرنا بنیادی گائیڈ لائن میں شامل ہے جس کی خلاف ورزی کی گئی۔

    کمپنی نے کہا کہ یہ ناقابل معافی حرکت ہے اور ایسا واقعہ نہیں جسے نظر انداز کردیا جائے۔

  • ہرن اسکول بس کا شیشہ توڑ کر بچوں پر جا گرا

    ہرن اسکول بس کا شیشہ توڑ کر بچوں پر جا گرا

    گھر سے صبح صبح اٹھ کر اسکول کے لیے جاتے ہوئے طالبعلم بس میں سو گیا لیکن اس وقت ہڑبڑا کر جاگ گیا جب اس پر ایک بھاری بھرکم شے پوری قوت سے گری۔

    امریکی ریاست ورجینیا میں پیش آنے والے اس عجیب و غریب واقعے میں سوتے ہوئے بچے پر جیسے قیامت ٹوٹ پڑی، بس میں لگے کیمرے کی فوٹیج اسکول نے جاری کردی جو صبح 6 بجے کی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ہرن تیز رفتاری سے بھاگتا ہوا بس سے ٹکرایا اور ونڈ شیلڈ توڑتا ہوا پچھلی سیٹ پر جاگرا، اس سیٹ پر ایک ننھا طالبعلم سورہا تھا جو اس آفت سے ہڑبڑا کر جاگ گیا۔

    ہرن کے گرتے ہی بس ڈرائیور نے بس کا دروازہ کھول دیا جس کے بعد ہرن وہاں سے بھاگ گیا۔

    خوش قسمتی سے طالبعلم زخمی ہونے سے محفوظ رہا، ڈرائیور کے مطابق ہرن کو بھی کوئی چوٹ نہیں پہنچی تھی اور وہ بظاہر صحیح سلامت دکھائی دے رہا تھا۔

    بعد ازاں ڈرائیور نے اس واقعے کو رپورٹ بھی کیا۔ محکمہ ٹرانسپورٹیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بس کا کنٹرول سنبھالے رکھا ورنہ کوئی حادثہ رونما ہوسکتا تھا۔

    ڈرائیور نے محفوظ طریقے سے بس کو کنارے پر روکا اور ہرن کو باہر نکالنے کے بعد سفر دوبارہ شروع کیا۔

  • بچے نے اسکول بس چرالی، بس کو خوف ناک حادثہ (ویڈیو)

    بچے نے اسکول بس چرالی، بس کو خوف ناک حادثہ (ویڈیو)

    لوزیانا: امریکا کی ریاست لوزیانا کے ایک شہر میں گیارہ سالہ بچے نے اسکول بس چرا لی، لیکن اس ایڈونچر کا اختتام ایک خوف ناک حادثے پر ہوا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست لوزیانا کے علاقے بیٹن روگ میں پولیس کار میں بیٹھا ایک اہل کار اس وقت ششدر رہ گیا جب اس نے ایک چلتی اسکول بس کی ڈرائیونگ سیٹ پر ایک چھوٹے سے بچے کو دیکھا۔

    پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کے روز صبح ساڑھے دس بجے کے آس پاس ایلمر اسٹریٹ میں پیش آیا تھا، گیارہ سالہ بچے نے پروگریس ہیڈ اسٹارٹ اسکول سے بس چرا لی اور اسٹارٹ کر کے سڑکوں پر بے خوفی سے دوڑانے لگا۔

    واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں بس کو تیز رفتاری سے گزرتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ متعدد پولیس گاڑیاں اس کا تعاقب کر رہی ہیں۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ مذکورہ اسکول بس بچے نے اس لیے آسانی سے اسٹارٹ کر دی تھی کہ یہ دھکے سے اسٹارٹ ہونے والی گاڑی تھی۔

    پولیس اہل کار نے بتایا کہ جب سڑک پر اس نے ایک بس کو عجیب طرح سے چلتے دیکھا تو اس نے اس کا پیچھا کیا، اور جب وہ قریب آیا تو یہ دیکھ کر خوف زدہ ہو گیا کہ ڈرائیونگ سیٹ پر ایک بچہ بیٹھا ہوا تھا اور وہ ہنس رہا تھا۔

    بیٹن روگ پولیس اسٹیشن کے اہل کار جوئے گریڈنی کا کہنا تھا کہ اس نے اپنے سیل فون سے واقعے کی ویڈیو بھی بنائی، اسے یقین نہیں آ رہا تھا کہ ایک چھوٹا بچہ سڑک پر اس کی گاڑی کے ساتھ ساتھ اسکول بس چلا رہا ہے اور قہقہے لگا رہا ہے۔

    پولیس اہل کار کا کہنا تھا کہ بچے نے ڈرائیونگ کے مزے لینے کے لیے بس چرائی تھی لیکن بد قسمتی سے اس ایڈونچر کا اختتام ایک حادثے پر ہوا، جب بچہ بس کو ٹھیک سے نہ روک سکا اور بس زوردار دھماکے سے ایک احاطے میں درخت سے ٹکرا گئی۔

    خوش قسمتی سے حادثے میں بچے کو کوئی چوٹ نہیں آئی، تاہم پولیس اہل کار نے بچے کو فوری طور پر گرفتار کر کے ہتھکڑیاں لگائیں اور پولیس اسٹیشن لے گیا۔

    پولیس نے بچے پر گاڑی چوری، تیز رفتاری، املاک کو شدید نقصان پہنچانے اور حملہ آور ہونے کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

  • امریکا میں بچوں کو اغوا کرنے والا اسکول بس ڈرائیور گرفتار

    امریکا میں بچوں کو اغوا کرنے والا اسکول بس ڈرائیور گرفتار

    واشنگٹن: امریکا میں پولیس نے بچوں کو اغوا کرنے کے جرم میں 57 سالہ اسکول بس ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں پولیس نے بچوں کو اغوا کرنے اور نازیبا حرکات کرنے سمیت متعدد جرائم میں ملوث 57 سالہ اسکول بس ڈرائیور تھامس ایلن ولیمز کو گرفتار کر لیا۔

    اسکول انتظامیہ کی جانب سے بچوں کے والدین کو خط لکھا گیا ہے جس میں بتایا گیا کہ انہیں بس ڈرائیور کی جانب سے ایک طالب علم کے ساتھ مبینہ نامناسب سلوک کرنے کی اطلاع موصول ہوئی۔

    اسکول انتظامیہ کے مطابق اسکول بس ڈرائیور کے خلاف ملنے والی اطلاع پر جب تحقیقات کی گئیں تو پتہ چلا کہ 57 سالہ تھامس ایلن ولیمز بچوں کے ساتھ نامناسب حرکات کرنے میں ملوث ہے۔

    انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ اسکول ملازم کی جانب سے بچوں کے ساتھ اس طرح کا سلوک ناقابل قبول ہے، ہم اپنے طلبا کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں، بچوں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم تھامس ایلن ولیمز کو لین کاؤنٹی جیل میں رکھا گیا ہے۔

  • دبئی کی اسکول بس میں بند ہوجانے سے 6 سالہ بچہ جاں بحق

    دبئی کی اسکول بس میں بند ہوجانے سے 6 سالہ بچہ جاں بحق

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی اسکول بس میں بند ہوجانے کے باعث ایک بچہ زندگی کی بازی ہار گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بس عملے کی غفلت کا نشانہ بننے والے 6 سالہ بچے کی شناخت محمد فرحان فیصل کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق بھارتی ریاست کیرالا سے ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بچہ اسلامیہ مدرسے سے مرکز تحفیظ القرآن سے دینی تعلیم حاصل کررہا تھا، بچے کی موت بس میں شدید حبس کے باعث ہوئی۔

    بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ وہ صبح مدرسے جانے کے لیے بس میں سوار ہوا، صبح آٹھ بجے اس کے ساتھی طالب علم باہر آگئے مگر شاید نیند کے باعث وہ اپنی سیٹ پر سوتا رہا، ڈرائیور اور کنڈیکٹر نے بھی بس کو چیک کرنے میں لاپرواہی کا مظاہرہ کیا جس کے باعث اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ انتقال کرگیا۔

    بس ڈرائیور کو بس میں بچے کی موجودگی کے بارے میں اس وقت پتا چلا جب وہ تین بجے کے قریب بچوں کو چھٹی کے وقت گھر لے جانے کے لیے بس میں سوار ہوا۔

    مزید پڑھیں: دبئی: اسکول بس ڈرائیور کی غفلت، بچے حادثے سے بال بال بچ گئے

    ڈرائیور نے فوری طور پر ایمبولینس کو طلب کیا تاہم بچے کو جب اسپتال لے جایا گیا تو وہاں اس کی موت کی تصدیق کردی گئی۔

    چھ سالہ فرحان کی میت کو ضروری میڈیکل کارروائی والدین کے حوالے کردی گئی۔

    محمد فرحان اپنے تین بچوں میں سب سے چھوٹا تھا جس نے تحفیظ القرآن کے مرکز میں اسی سال داخلہ لیا تھا، اس کے والدین طویل عرصے سے دبئی کے علاقے کراما میں مقیم تھے۔

    یاد رہے کہ اکتوبر 2014 میں بھی ابوظبی میں 4 سالہ بھارتی بچی اسکول بس کا دروازہ بند ہونے کے باعث زندگی کی بازی ہار گئی تھی۔

  • نیپال میں اسکول بس کھائی میں جا گری، 23 طلبا اور اساتذہ ہلاک

    نیپال میں اسکول بس کھائی میں جا گری، 23 طلبا اور اساتذہ ہلاک

    کھٹمنڈو: نیپال میں فیلڈ ٹرپ سے واپس آنے والی اسکول بس کھائی میں جا گری، حادثے میں طلبا اور اساتذہ سمیت 23 افراد ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ مغربی نیپال میں پیش آیا۔ حادثے کا شکار اسکول بس طلبا اور اساتذہ کو فیلڈ ٹرپ سے واپس لے کر آرہی تھی جو پہاڑوں کے درمیان غیر ہموار راستوں کی وجہ سے اپنا توازن کھو بیٹھی اور کھائی میں جا گری۔

    ہلاک ہونے والے زیادہ تر طلبا کی عمریں 16 سے 20 سال کے درمیان تھیں۔

    بس میں 37 افراد سوار تھے جن میں سے 22 موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ ایک اور زخمی اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    حادثے میں بچ جانے والے افراد کو بھی گہری چوٹیں آئی ہیں جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔ نیپال میں ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، خستہ حال گاڑیوں اور ڈرائیورز کی تیز رفتاری کی وجہ سے حادثات کا پیش آنا معمول کی بات ہے۔