Tag: اسکول فیس

  • نرسری کی داخلہ فیس 55 ہزار 600 روپے، نئی بحث چھڑ گئی

    نرسری کی داخلہ فیس 55 ہزار 600 روپے، نئی بحث چھڑ گئی

    آج کے دور میں مہنگائی اور اعلیٰ زندگی کے اخراجات کی وجہ سے لوگوں کی قوت خرید میں نمایاں کمی آئی ہے، صورتحال خاص طور پر ایسے شہروں کے بارے میں ہے جہاں رہائشی املاک کی بے تحاشہ قیمتیں اور اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔

    ایسے میں نرسری اسکول کی سالانہ فیس کے ڈھانچے نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے۔

    فیس کے ٹوٹ پھوٹ میں 8 ہزار 400 ایک بار والدین کی واقفیت کی فیس اور خاص طور پر نرسری اور جونیئر کے جی طلبا کے لیے 55 ہزار 600 کی بھاری داخلہ فیس شامل ہے۔

    فیس کا یہ پرچہ ایکس پر ای این ٹی سرجن ڈاکٹر جگدیش چترویدی نے شیئر کیا اور لکھا کہ 8400 بھارتی روپے پیرنٹ اورینٹیشن فیس!!! کوئی بھی والدین ڈاکٹر کے مشورے کے لیے اس کا 20 فیصد بھی ادا کرنے پر راضی نہیں ہوں گے، میں اب ایک اسکول کھولنے کا سوچ رہا ہوں۔

    ایک صارف نے لکھا ’اگر آپ چاہتے ہیں کہ یہ نظام بند ہو تو اپنے بچے کو ایسے اسکول میں نہ بھیجنے سے شروعات کریں۔‘

    ایک اور نے تبصرہ کیا ’’لوگ اپنے بچوں کے لیے وہ خرچ کریں گے جو وہ اپنے لیے کبھی نہیں کریں گے، اسی لیے مہنگے کوچنگ سینٹرز، اسکول، کالج پاگلوں کی طرح پھیل رہے ہیں۔‘‘

    تیسرے نے لکھا کہ ’ہمیں تعلیمی نظام میں انقلاب کی ضرورت ہے۔ کیا کوئی اسٹارٹ اپ اچھے معیار کے تعلیمی نصاب کے ساتھ سستی قیمت کا ڈھانچہ لے کر آسکتا ہے؟ چوتھے صارف نے لکھا کہ ’میں نے اپنی انجینئرنگ اس سے بھی کم پیسے میں مکمل کی۔‘

  • یو اے ای: اسکول فیس بٹ کوائن میں‌

    یو اے ای: اسکول فیس بٹ کوائن میں‌

    دبئی: دنیا بھر میں بٹ کوائن کا بہ طور کرنسی استعمال وسعت اختیار کرتا جا رہا ہے، جلد اسکول فیسوں کی ادائیگی بھی اس ڈیجیٹل کرنسی میں ہونے لگے گی۔

    متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے ایک اسکول نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے ایتھریم اور بٹ کوائن جیسی ڈیجیٹل کرنسیوں میں فیس وصولی کے آپشن پر غور شروع کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ چند سال قبل تک عوام کی اکثریت بٹ کوائن یا کرپٹو کرنسی کے نام سے واقف تک نہ تھی، لیکن یوکرین پر روسی حملے کے بعد دنیا بھر میں اس کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔

    خلیجی ذرائع ابلاغ کے مطابق سٹیزنز اسکول کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دبئی کی جانب سے کرپٹو اثاثوں کے لیے کی گئی قانون سازی کے بعد ہم والدین کو بٹ کوائن اور ایتھریم کی شکل میں فیس ادا کرنے کی سہولت فراہم کرنے پر سوچ رہے ہیں۔

    اسکول انتظامیہ کے مطابق کرپٹوکرنسیوں کی وصولی کے لیے حکومت کی جانب سے متعین کردہ طریقہ کار اور پلیٹ فارم کو استعمال کیا جائے گا، یہ پلیٹ فارم ڈیجیٹل کرنسی کو خود کار طریقے سے درہم میں تبدیل کر دیتا ہے۔

    دبئی کے اسکول کے بانی زاویا عادل الزرونی کا کہنا ہے کہ پہلے کرپٹو کرنسی صرف سرمایہ کاروں کے درمیان ہی گھوم رہی تھی، اب یہ مرکزی دھارے میں شامل ہو کر روایتی مالیاتی نظام کو تبدیل کر رہی ہے۔

    انتظامیہ کے مطابق امارات کی ڈیجیٹل معیشت میں اس سے نوجوان نسل کا کردار بڑھ جائے گا۔

    واضح رہے کہ اس ماہ کے شروع میں یو اے ای کے وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ڈیجیٹل اثاثوں کے لیے ایک نئے قانون کی منظوری دی تھی۔

  • اسکول فیس رعایت:  سندھ حکومت نے والدین پر بجلی گرادی

    اسکول فیس رعایت: سندھ حکومت نے والدین پر بجلی گرادی

    کراچی : سندھ حکومت نے طلبا کو فیس میں 20 فیصد رعایت دینے کا فیصلہ واپس لےلیا اور کہا فیسوں میں کمی نہ کرنے کے نوٹیفکیشن کا اطلاق یکم اکتوبرسے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے وبا کے پیش نظرسندھ ایمرجنسی ریلیف ایکٹ سے 20 فیصد فیس رعایت کی شق ختم کردی ، محکمہ تعلیم سندھ نےنجی اسکولوں کیلئے رعایت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا صوبائی کابینہ کےاجلاس میں فیس رعایت ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، فیسوں میں کمی نہ کرنے کے نوٹیفکیشن کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا۔

    خیال رہے کورونا وبا کے دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نجی اسکولوں کو چھٹیوں کے دوران فیسوں میں 20 فیصد کمی کی ہدایت کی تھی۔

    سندھ حکومت نے نجی اسکولزایکٹ میں کابینہ کی منظوری سے ترمیم کی تھی ، ترمیم کے تحت نجی اسکولز کی فیسوں میں کمی کا اختیار محکمہ تعلیم کو دے دیا گیا تھا۔

    بعد ازاں سندھ ہائیکورٹ نے حکم دیا تھا کہ طلباء و طالبات کو فیسوں میں20فیصد رعایت نہ دینے والے اسکولوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

  • متحدہ عرب امارات: نجی اسکولوں نے فیسوں میں کمی کردی

    متحدہ عرب امارات: نجی اسکولوں نے فیسوں میں کمی کردی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں نجی اسکولوں نے اپنی فیسوں میں کمی کردی، اس کا مقصد مشکل معاشی دور میں زیادہ سے زیادہ طلبہ کو اپنی طرف راغب کرنا ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق ابو ظہبی کے نجی اسکولوں نے زیادہ سے زیادہ طلبہ کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے 30 فیصد تک رجسٹریشن فیس اور آن لائن تعلیم کی صورت میں 50 فیصد تک فیس کم کرنے کی پیشکش کی ہے۔

    ابو ظہبی میں ایک اسکول کے پرنسپل کا کہنا ہے کہ نئے تعلیمی سال میں طلبہ کی تعداد کم ہے، بہت سارے طلبہ کے والدین نرسری میں بچوں کو داخل کروانے سے خوفزدہ ہیں۔

    ان کے مطابق ایک اور رجحان یہ بھی سامنے آرہا ہے کہ والدین اپنے بڑے بچوں کو ایسے اسکولوں میں داخلہ دلانے کی تگ و دو میں لگ گئے ہیں جہاں فیسیں کم ہوں۔

    چنانچہ نجی اسکولوں نے داخلہ لینے والے طلبہ کے لیے سوشل میڈیا پر مختلف ترغیباتی پیکجز کی تشہیر شروع کی ہے، سرپرستوں سے کہا جا رہا ہے کہ اگر اسکول میں بھائی اور رشتہ دار داخلہ لیں گے تو انہیں خصوصی رعایت دی جائے گی۔

    اسکولوں نے کہا ہے کہ وہ رجسٹریشن فیس معاف کردیں گے جبکہ تعلیمی فیس میں بھی رعایت دی جائے گی، تعلیم مکمل آن لائن ہونے کی صورت میں مزید رعایتیں پیش کی جائیں گی۔

  • امتحان دیے بغیر، گھر بیٹھے ہی کام یابی کی سند حاصل کریں!

    امتحان دیے بغیر، گھر بیٹھے ہی کام یابی کی سند حاصل کریں!

    چند غیر ضروری اعلانات

    آپ کا اپنا اسکول
    انٹرنیشنل انگلش آکسفورڈ اسکول آپ کا اپنا اسکول ہے جو تعلیم کے جدید ترین اصولوں پر کھولا گیا ہے۔

    چند خصوصیات:
    فیس کا معیار نہایت اعلیٰ، شہر کا کوئی اور اسکول فیس کے معاملے میں ہمارے اسکول کا مقابلہ نہیں کرتا۔ انواع و اقسام کے چندے اس کے علاوہ ہیں۔ جن کی تفصیل پرنسپل صاحب کے دفتر سے معلوم کی جاسکتی ہے۔
    ساتذہ، نہایت محنتی، ایمان دار اور قناعت پسند جن کو بیش قرار تنخواہوں پر رکھا گیا ہے۔ عام ٹیچر کی تنخواہ بھی ہمارے ہاں میونسپل کارپوریشن کے جمعدار سے کم نہیں اور پرنسپل کا مشاہرہ تو کسی بڑی سے بڑی غیر ملکی کمپنی کے چوکی دار کی تنخواہ سے بھی زیادہ ہے۔

    چھٹیاں:
    چھٹیوں کے معاملے میں بھی ہمارا اسکول دوسرے تمام اسکولوں پر فوقیت رکھتا ہے۔ ہر ماہ فیس جمع کرانے کے دن کے علاوہ قریب قریب پورا سال چھٹی رہتی ہے۔ جو والدین سال بھر کی فیس اکٹھی جمع کرا دیں ان کے بچوں کو فیس کے دن بھی حاضری دینے کی ضرورت نہیں۔

    ماحول:
    اسکول نہایت مرکزی اور پُر رونق جگہ پر واقع ہے اور شہر کا سب سے قدیمی اوپن ایر اسکول ہے۔ یہاں طلبا کو مناظرِ فطرت سے محبت کرنا سکھایا جاتا ہے۔ بالکل سامنے ایک سنیما ہے اور ایک سرکس۔ ایک بغل میں موٹر گیراج ہے اور دوسری طرف گٹر باغیچہ جس کی کھاد سارے شہر کو ہرا بھرا رکھنے کی ضامن ہے۔ پروفیسر کیوی کے اصولوں کے مطابق یہاں پڑھائی کتابوں سے نہیں کرائی جاتی بلکہ کسی اور طرح بھی نہیں کرائی جاتی تاکہ طالب علم کے ذہن پر ناروا بوجھ نہ پڑے۔

    نتیجہ:
    اسکول کا نتیجہ کم از کم سو فی صد رہتا ہے۔ کئی بار تو دو سو ڈھائی فی صد بھی ہوجاتا ہے کوئی شخص خواہ وہ طالب علم ہو یا غیر طالب علم۔ اس اسکول کے پاس سے بھی گزر جائے تو پاس ہوئے بنا نہیں رہ سکتا۔ طالبِ علموں پر امتحان میں بیٹھنے کی کوئی پابندی نہیں، سب کو گھر بیٹھے کام یابی کی سندیں بھیج دی جاتی ہیں۔

    (ابنِ انشا کی کتاب خمارِ گندم سے خوشہ چینی۔ طنز ومزاح سے بھرپور یہ سطور تعلیم کے تجارت بننے کے رجحان کی عکاسی کرتی ہے)

  • 5 ہزار سے زیادہ فیس لینے والے نجی اسکولوں کو 20 فی صد کمی کرنا ہوگی: سپریم کورٹ

    5 ہزار سے زیادہ فیس لینے والے نجی اسکولوں کو 20 فی صد کمی کرنا ہوگی: سپریم کورٹ

    کراچی: سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایک بار پھر دو ٹوک الفاظ میں اپنے حکم کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 ہزار سے زیادہ فیس لینے والے نجی اسکولوں کو 20 فی صد کمی کرنا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق نجی اسکولوں کی فیسوں کے حوالے سے عدالتی حکم کی وضاحت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے ایک بار پھر کہہ دیا ہے کہ پانچ ہزار سے زائد فیس لینے والے اسکولوں کو بیس فی صد کمی کرنی پڑے گی۔

    [bs-quote quote=”اسکول بند ہو جائیں گے: پرائیویٹ اسکولز کی دہائی
    آپ نے اسکول بند کرنے ہیں تو کر دیں: چیف جسٹس کا جواب” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    عدالت نے کہا پانچ ہزار سے زیادہ فیس لینے پر بیس فی صد کمی ہوگی، یہ عدالتی حکم ہر اسکول پر لاگو ہے۔

    عدالتی حکم پر پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے صدر نے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ اس حکم پر عمل سے اسکول بند ہو جائیں گے۔

    چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے جواب دیتے ہوئے کہا ’معلوم ہے نجی اسکول عدالتی فیصلے کے خلاف ردِ عمل دے رہے ہیں، آپ نے اسکول بند کرنے ہیں تو کر دیں۔‘

    چیف جسٹس نے کہا بچوں کی فیس کم کی تو اب احتجاج شروع کر دیا گیا ہے، ایسے اسکول مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔ انھوں نے اسکول مالکان کے پرائیویٹ اکاؤنٹس کے آڈٹ کرانے کا حکم بھی جاری کیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  اسکولوں نے فیس کم نہ کی تو انیل کپور کی طرح چھاپے ماروں گا، سید سردار شاہ


    یاد رہے کہ تین دن قبل سندھ کے وزیرِ تعلیم سید سردار شاہ نے دل چسپ انداز میں بیان دیا تھا کہ اگر پرائیویٹ اسکولوں نے عدالتی حکم پر فیسوں میں کمی نہ کی تو انیل کپور کی طرح چھاپے مار کر اسکول بند کرا دوں گا۔

  • اسکول فیس میں 5 فیصد سے زائد اضافہ،  ڈی جی پرائیویٹ  اسکولز سمیت 4اسکولوں کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

    اسکول فیس میں 5 فیصد سے زائد اضافہ، ڈی جی پرائیویٹ اسکولز سمیت 4اسکولوں کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

    کراچی : اسکول فیس میں پانچ فیصد سے زائد اضافے کے معاملے پر سندھ ہائی کورٹ نے ڈی جی پرائیویٹ اسکولز سمیت 4 اسکولوں کوتوہین عدالت کے نوٹس  جاری کردیئے، عدالت نے تمام اسکولوں کو حکم نامے پر مکمل عمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سندھ حکومت سےفیس اسٹرکچر کاریکارڈ بھی مانگ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں پرائیویٹ اسکولوں کی جانب سے فیس میں پانچ فیصد سے زائد اضافے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، سماعت میں عدالتی حکم عدولی پر سندھ ہائی کورٹ نے ڈی جی پرائیویٹ اسکولز اور چار اسکولوں کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔

    والدین کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر وکیل نے فل بینچ کو بتایا کہ عدالتی حکم کے باوجود اسکولز پانچ فیصد سے زائد اضافہ کررہے ہیں جبکہ ڈی جی اسکولز کے مطابق فیس اسٹرکچرز کا ریکارڈ بارش میں ضائع ہوگیا ہے۔

    عدالت نے تمام اسکولوں کو عدالتی حکم پر مکمل عمل درآمد کا حکم دیا اور سندھ حکومت سے منظورشدہ فیس اسٹرکچرکاریکارڈ بھی طلب کرلیا جبکہ ڈی جی پرایئویٹ اسکولز منسوب صدیقی کو انیس نومبر کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ 3 ستمبرکو سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا تھا کہ نجی اسکولوں کو 5 فیصد سے زیادہ فیس بڑھانے کا اختیارنہیں ہے۔ عدالت نے نجی اسکولوں کو 5 فیصد سے زائد فیس وصولی سے روک دیا تھا۔

    واضح رہے کہ والدین کے وکلاء کا موقف تھا کہ اسکول اساتذہ کی تنخواہیں مجموعی اخراجات کا 50 فیصد بھی نہیں، اخراجات کے ساتھ اسکول کی آمدنی بھی دیکھنی چاہیے، آئین کا آرٹیکل 38 تمام فریقین پرلاگو ہوتا اور سپریم کورٹ بھی قرار دے چکی کہ نجی اسکول منافع بخش کاروبارمیں آتے ہیں۔