Tag: اسکول مالک

  • اسکول مالک نے اپنے ہی طالب علم کو کیوں اغوا کیا؟

    اسکول مالک نے اپنے ہی طالب علم کو کیوں اغوا کیا؟

    کراچی: طالب علم کو اغوا اور خود تاوان ادائیگی کر کے اس کے اہل خانہ کی نظر میں معتبر ہونے کی خواہش اسکول مالک کو لے ڈوبی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے 2 روز قبل اغوا ہونے والا 15 سالہ طالب علم مزمل زمان بازیاب کرا لیا گیا، پولیس نے اغوا کے ڈرامے کا ڈراپ سین بھی کر دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ طالب علم کی بہن سے شادی کے لیے اسکول مالک فضل نے بچے کو اغوا کرنے کا ڈراما رچایا تھا، مغوی بچے کو اورنگی ساڑھے گیارہ میں ایک زیر تعمیر مکان میں رکھا گیا تھا۔

    طالب علم مزمل زمان

    بچے کو اغوا برائے تاوان کے جرم میں پولیس نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں ہونے والی واردات کے ماسٹر مائنڈ فضل اور اس کے دوست ارسلان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، بچے کی بازیابی کے لیے منگھوپیر میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل سی نے مشترکہ کارروائی کی تھی۔

    ملزمان کے خلاف تھانہ اقبال مارکیٹ میں مقدمہ مغوی بچے کے کزن جہانزیب کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق 15 سال کے بچے کے لیے 3 لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا تھا، بچے کو اس کے اسکول مالک نے اپنے دوست کے ساتھ مل کر اغوا کیا۔

    اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے مطابق بچے کے اہل خانہ تاوان ادا نہیں کر سکتے تھے، اسے اغوا کاروں سے چھڑانے کے لیے اسکول مالک خود ادائیگی کرتا، اسکول مالک پیسے دے کر بچے کے اہل خانہ کی نظر میں معتبر ہونا چاہتا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مغوی بچے کی بہن سے شادی کرنا چاہتا تھا جس وجہ سے اس نے یہ ڈھونگ رچایا۔

  • شارجہ: سوئمنگ پول میں بچے کی ہلاکت، 6 اساتذہ پر فرد جرم عائد

    شارجہ: سوئمنگ پول میں بچے کی ہلاکت، 6 اساتذہ پر فرد جرم عائد

    شارجہ : عدالت نے اسکول کے سوئمنگ پول میں ڈوبنے والے چار سالہ بچے کی ہلاکت پر 6 افراد پر فرد جرم عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں گزشتہ برس چھ ملزمان کی غفلت کے باعث چار سالہ اماراتی شہری اسکول کے سوئمنگ پول میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا تھا۔

    عدالت نے بچوں کیلئے حفاظتی اقدامات نہ کرنے، بچے کو اکیلے سوئمنگ پول کے پاس چھوڑنے، پول ایریے میں گارڈ تعینات نہ کرنے کے الزام میں اسکول مالک پر فرد جرم عائد کی۔

    امارتی عدالت نے اسکول مالک کے علاوہ جسمانی تعلیم کے عرب ٹیچر، سوئمنگ سکھانے والا اطالوی شہری، آسٹریلین اور فلپائنی استاد سمیت ایک فلپائنی خاتون کو بچے کی موت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے فرد جرم عائد کی۔

    دوسری جانب اسکول مالک سمیت دیگر ملزمان نے عدالت میں عائد کیے الزامات کی تردید کی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق عدالت نے ملزمان کا بیان ریکارڈ ہونے کے بعد کیس کی سماعت 6 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے حکم دیا کہ سماعت کے دوران ہونے والے اخراجات کی ادائیگی اسکول انتظامیہ کرے گی۔

    مزید پڑھیں: دبئی کے سوئمنگ پول میں 2 بچے ڈوب کر جاں بحق

    مزید پڑھیں : شارجہ: اسکول کے سوئمنگ پول میں ڈوب کر 4 سالہ طالب علم جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں شارجہ کے نجی اسکول کے سوئمنگ پول میں ڈوب کر 4 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا تھا، ریسکیو عملے نے بچے کو فوری طور پر القاسمی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔