Tag: اسکول وین

  • بھارتی فوج کی اسکول وین پر بلا اشتعال فائرنگ، ڈرائیور شہید، 4 بچے زخمی

    بھارتی فوج کی اسکول وین پر بلا اشتعال فائرنگ، ڈرائیور شہید، 4 بچے زخمی

    راولپنڈی: لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے سیز فائر کی ایک بار پھر خلاف ورزی کی گئی ہے۔ بھارتی فوج نے اسکول وین کو نشانہ بنایا جس میں وین ڈرائیور شہید جبکہ 4 بچے زخمی ہوگئے۔

    فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے نکیال کے علاقے میں اسکول وین کو نشانہ بنایا۔

    اسسٹنٹ کمشنر سردار ذیشان نے فائرنگ سے وین ڈرائیور کے شہید ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسکول وین پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 بچے بھی زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھارت کو بھرپور جواب دیا گیا۔ پاک فوج نے مؤثر انداز میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔

    :بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی

    نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال بھارتی فائرنگ پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا۔

    ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان نے اسکول بس فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز کا رویہ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے۔ جنگ میں بھی بچوں کونشانہ نہیں بنایا جاتا۔ بھارت کی فائرنگ سے 1 شہری شہید اور 4 بچے زخمی ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی بھارتی فوج نے وادی نیلم میں مسافر بس کو نشانہ بنایا تھا جس میں 9 افراد شہید ہوگئے تھے۔ بھارت نے زخمیوں کو لے جانے والی ایمبولینس کو بھی نشانہ بنایا تھا۔

  • پشاور نادرن بائی پاس پر اسکول وین کو حادثہ، دس بچے زخمی

    پشاور نادرن بائی پاس پر اسکول وین کو حادثہ، دس بچے زخمی

    پشاور: بچوں سے بھری اسکول وین کو نادرن بائی پاس روڈ پر ٹریفک حادثہ پیش آنے سے دس بچے زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں نادرن بائی پاس روڈ پر اسکول وین کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے باعث وین میں سوار دس بچے شدید زخمی ہوگئے ہیں،جنہیں فوری طبی امداد کے لیے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

    school-van

    اسکول وین کو پیش آنے والا یہ واقعہ نہیں،وین کی ابتر حالت اور ڈرائیورز کی لاپرواہی کے باعث اس سے قبل بھی ایسے حادثات پیش آتے رہے ہیں،جب کہ اسکول انتظامیہ بھاری فیسیں لینے کے باوجود اسکول کے طلباء و طالبات کو معیاری سہولیات دینے سے قاصر نظر آتے ہیں۔

  • پشاور : اسکول پر حملے کی اطلاع 3 مہینے پہلے دے دی گئی تھی

    پشاور : اسکول پر حملے کی اطلاع 3 مہینے پہلے دے دی گئی تھی

    اسلام آباد: نیشنل کاوئنٹر ٹیرازم اتھارٹی اسلام آباد نےآرمی پبلک اسکول پشاور پر دہشت گردی کے حملے کی منصوبے بندی کی صوبائی حکومت کو پیشگی اطلاع دے دی تھی اس کے باوجود قانون نافذ کرنے والے ادارئے اسکول کو سیکیورٹی فرائم کرنے میں کیوں ناکام رہے واقع نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے۔

    پشاور میں آرمی پبلک سکول حملےکےتھرٹ الرٹ لیٹر کی کاپی اے آر وائی نے حاصل کرلی وفاقی حکومت کے ماتحت دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے قائم نیشنل کاوئنٹر ٹیرازم اتھارٹی نے خیبر پختونخواہ حکومت کو 28 اگست کو حملے سے متعلق پیشگی اطلاع دی تھی جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کوآگاہ کیا گیا تھا کہ دہشت گردی آرمی پبلک حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور کسی بھی وقت اسکول کو دہشت گردی کا نشانہ بنا سکتے ہیں، اس لیے تھرٹ الرٹ 802 کی پیشگی اطلاع صوبائی حکومت اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ارسال کی گئی تھی۔

     واضح رہے کہ نیشنل کاوئنٹر ٹیرازم اتھارٹی نے تھرٹ الرٹ لیٹر 28 اگست 2014 کو جاری کیا تھا جس کے بعد آرمی پبلک اسکول پر حملے سے کئی سوالات جنم لیتے ہیں کہ پیشگی حملے کی اطلاع کے باوجود صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اسکول کو سیکیورٹی کیوں فرائم نہیں کر سکے۔

  • کراچی میں اسکول کے بچوں کی گاڑیوں پرحملوں کاخدشہ

    کراچی میں اسکول کے بچوں کی گاڑیوں پرحملوں کاخدشہ

    کراچی : محکمہ داخلہ سندھ نےدہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔ سندھ بھر کے اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات ہیں۔ مگر محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کراچی میں اسکول کے بچوں کی گاڑیوں پرحملوں کاخدشہ ہے۔

    سیکریٹری داخلہ سندھ ڈاکٹر نیاز عباسی نے ایک خط جاری کیا ہے۔ یہ خط رینجرز،پولیس اورمحکمہ تعلیم کےسربراہان کو جاری کیا گیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ اسکول وینز میں میگنٹ بم نصب کیے جاسکتے ہیں۔

    سیکریٹری داخلہ سندھ ڈاکٹر نیاز عباسی نے انٹیلی جنس الرٹ جاری کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ وین ڈرائیورزکوگاڑیاں نہ چھوڑنےکی ہدایت کریں۔

  • ٹریکٹرٹرالی وین اسکول وین میں جا گھسی، دس بچے زخمی

    ٹریکٹرٹرالی وین اسکول وین میں جا گھسی، دس بچے زخمی

    سرگودھا: لاہورروڈپر84جنوبی کے قریب تیز رفتارٹرالی اور اسکول وین میں تصادم،دس بچوں سمیت ڈرائیورزخمی ،دوبچوں اور ڈرائیورکی حالت تشویش ناک۔

    تفصیلات کے مطابق 84جنوبی کے قریب تیزرفتارٹریکٹر ٹرالی نے اسکول وین کو ٹکر دے ماری جس کے نتیجہ میں اسکول کے دس بچے اور ڈرائیورشدیدزخمی ہوگیا۔

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیوٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امدادکیلئے ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال سرگودہاپہنچادیاگیا۔

    جہاں ڈاکٹروں کے مطابق دوبچوں اور ڈرائیورکی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق حادثہ کے بعدپولیس کی موجودگی میں ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیورموقع سے فرارہوگیا۔

    تاہم پولیس نے حادثہ کے بعدقانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

    +

  • تیزرفتاراسکول وین نالے میں جاگری،تین بچے جاں بحق

    تیزرفتاراسکول وین نالے میں جاگری،تین بچے جاں بحق

    لاہور:تیز رفتار اسکول وین گندے نالے میں گرنے سے تین بچے جاں بحق ہوگئے ۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں تیزرفتاراسکول وین چھٹی کے بعد بچوں کو گھر چھوڑنے جارہی تھی کہ کاہنہ کے قریب نالے میں جاگری ۔حادثے میں تین بچے انیس ،ہاشم اور قاسم جاں بحق جبکہ چار طالب علم زخمی ہوئے ۔ والد مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ خستہ حال وین کا گزشتہ روز بھی حادثہ ہوا تھا، مگر کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔

    ڈی سی اولاہور کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا،ڈرائیوراورکنڈیکٹر کی تلاش جاری ہے، پولیس افسر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ شاہین ماڈل اسکول کے پرنسپل خالد جمیل کو مزید تفتیش کیلئےگرفتار کر لیا گیا ہے، عینی شاہد کا کہناتھا کہ سو سے زائد بچوں کواپنی مدد آپ کے تحت نالے سے نکالا گیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے،جبکہ اس موقع پر مظاہرین نے تنگ سڑک کی تعمیر نہ ہونے پرنو نواز گو کےنعرے بھی لگائے۔

    بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ ڈرائیور ایک آنکھ سے محروم اور نشے کا عادی ہے، کئی بار پرنسپل کو شکایت کی لیکن نوٹس نہیں لیا گیا۔ ڈی سی او لاہور کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

    4 زخمیوں کو ہسپتال میں علاج کی مناسب سہولتیں دی جا رہی ہیں جبکہ معمولی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دے کر فارغ کر دیا گیاہے۔ واقعہ کے بعد بس ڈرائیور اور کنڈیکٹر جائے وقوعہ سے فرار ہو نے میں کامیاب ہوگئے۔

    جبکہ پولیس نے اسکول پرنسپل کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

  • چکوال:برساتی نالے میں وین ڈوبنے سے نوجوان جاں بحق

    چکوال:برساتی نالے میں وین ڈوبنے سے نوجوان جاں بحق

    چکوال: ڈوہمن کے علاقہ تکیہ شاہ مراد میں برساتی نالے میں طغیانی کے نتیجہ میں مسافر وین ڈوب گئی جس کے نتیجہ میں وین میں سوار ایک خاتون سمیت سات افراد پانی کے ریلے میں بہہ گئے۔

    کئی گھنٹوں کے بعد ضلعی انتظامیہ اورامدادی ٹیموں نے ریسکیو کرکے خاتون سمیت چھ افراد کو زندہ بچا لیا جبکہ کافی تگ ودو کے بعد ریلے میں بہہ کرڈوب کر جاں بحق ہونے والے عاطف نامی نوجوان کی نعش نکال لی گئی ۔

    زندہ بچ جانے والے افراد کو بنیادی مرکز صحت ڈوہمن پہنچایا گیا،جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ڈوبنے والی بد قسمت وین اسکول وین تھی اور بارش کی وجہ سے  بچے آج اس میں سوار نہ ہو سکے

  • نوابشاہ:اسکول وین اورٹرک میں ہولناک تصادم،21 بچے جاں بحق

    نوابشاہ:اسکول وین اورٹرک میں ہولناک تصادم،21 بچے جاں بحق

    نوابشاہ میں کئی گھرانوں پر قیامت ٹوٹ پڑی، اسکول وین اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں اکیس بچے جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، بدقسمت اسکول وین میں پچیس بچے سوار تھے۔

    زمین کانپ گئی، آسمان لرز اٹھا، ایک ٹریفک حادثے نے کئی چراغ گل کر دیئے، نوابشاہ روہڑی کینال کے قریب علم کی پیاس بھجانے نکلے بچے ہولناک ٹریفک حادثے کا شکار ہوگئے، ہولناک ٹریفک حادثے نے کئی گھروں میں صف ماتم برپا کردی۔

    تفصیلات کے مطابق دولت پور سے نوابشاہ جانے والی اسکول وین تیز رفتاری کے باعث اس وقت حادثے کا شکار ہوئی، جب وہ روہڑی کینال سے گزر رہی تھی، وین اسکول کے بچوں سے بھری ہوئی تھی، حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

    جاں بحق بچوں کی لاشیں اور اور زخمی بچوں کو نوابشاہ اسپتال منتقل کیا گیا، زخمی ہونے والے متعدد بچوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔