Tag: اسکول کھل گئے

  • سندھ بھر میں اسکول کھل گئے، تدریسی عمل کا آغاز

    سندھ بھر میں اسکول کھل گئے، تدریسی عمل کا آغاز

    کراچی: سندھ بھر میں موسم گرما کی تعطیلات کے بعد آج سے اسکولوں میں تدریسی عمل کا آغاز ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ نجی اسکولز بھی معمول کے مطابق تدریسی عمل شروع کریں گے، محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے نئے تعلیمی سال کے سلسلے میں ضروری اقدامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

    وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ اساتذہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری کے ساتھ ادا کریں، اساتذہ کی میرٹ پربھرتیوں سے صوبے میں تعلیمی نظام میں بہتری آئی ہے، طلبہ کو پہلے سے زیادہ توجہ و عزم سے تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے میں تعلیمی اصلاحات کے سلسلے کو جاری رکھا جائیگا، ملک میں پہلی بار سندھ میں اساتذہ لائسنس پالیسی و دیگر اصلاحات متعارف کروائی ہیں۔

    موبائل اور سوشل میڈیا سروس میں تعطل پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کانوٹس

    واضح رہے کہ سندھ میں اس سے قبل موسم گرما کی تعطیلات کے بعد یکم اگست سے اسکولوں کو کھولا جانا تھا، تاہم شدید گرمی اور برسات کے سبب موسم گرما کی تعطیلات 14 اگست تک بڑھادی گئی تھیں۔

  • سندھ بھر میں گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے کھل گئے

    سندھ بھر میں گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے کھل گئے

    کراچی: سندھ بھر میں گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے کھل گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں اسکول اور کالجز میں چھٹیوں کے بعد آج سے تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو گئیں، موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تدریسی عمل آج سے شروع ہو رہا ہے۔

    اسکول میں نئے تعلیمی سال کا آغاز بھی آج سے ہو رہا ہے، 2 ماہ کی چھٹیوں کے بعد تعلیمی اداروں کی رونقیں دوبارہ بحال ہو گئیں، بچوں کے چہرے دوستوں کو دیکھ کر کھل اٹھے ہیں۔

    طالب علم نئی کتابیں اور نئی کلاسوں کے شوق میں خوشی خوشی اسکول آ رہے ہیں، تاہم دوسری طرف نصابی کورس کی دستیابی کا مسئلہ بدستور درپیش ہے، نویں دسویں اور انٹر سال اول اور سال دوم کی کتابیں مارکیٹ میں موجود نہیں ہیں، سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے کتابوں کی طباعت کا سلسلہ مکمل نہیں کیا جا سکا ہے۔

    کراچی کے بیش تر نجی اسکولوں نے بھی ایک ہفتہ قبل اچانک نصاب تبدیل کر دیا ہے ان کی درسی کتابیں بھی مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہیں۔ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے یقین دلایا گیا تھا کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل صورت حال کو کنٹرول کر لیا جائے گا تاہم اس وقت سرکاری اور نجی اسکولوں میں ٹیکسٹ بورڈ کی کتابیں دستیاب نہیں ہیں۔

    متعدد سرکاری اسکولوں میں بچے پرانی کتابوں کے ساتھ اسکول آئے ہیں جب کہ نجی اسکولوں میں بھی نصف کورس ہی فراہم کیا جا سکا ہے۔ پہلے دن کی تعارفی کلاسوں کے بعد بیشتر نجی اسکولوں میں تدریسی عمل ختم کر دیا گیا، کیوں کہ بیش تر طالب علم کتابوں اور کاپیوں کے بغیر اسکول آئے تھے، طلبہ کو پہلے دن کورس آؤٹ لائن اور یومیہ کتابیں لانے کا شیڈول فراہم کیا گیا، جب کہ بیش تر سرکاری اسکولوں میں حاضری پہلے دن معمول سے کم رہی۔

  • ملک بھر میں آج سے اسکول کھل گئے، نجی اسکولوں نے بچوں کو واپس بھیج دیا

    ملک بھر میں آج سے اسکول کھل گئے، نجی اسکولوں نے بچوں کو واپس بھیج دیا

    کراچی: ملک بھر میں آج سے اسکول کھل گئے، تاہم متعدد نجی اسکولوں نے بچوں کو گھر واپس بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بچوں کی موج مستی اور سیر سپاٹے کا وقت ختم ہو گیا، آج سے کراچی سمیت ملک بھر میں اسکول کھل گئے، بچوں نے بھی بیگ پیک کر کے تیاری کر لی تاہم کچھ نجی اسکولوں نے موسم گرما کی تعطیلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

    کراچی میں 2 ماہ کی تعطیلات کے بعد بھی متعدد نجی اسکولوں میں تعطیلات برقرار ہیں، نجی اسکول آنے والے بچوں کو واپس گھر بھیج دیاگیا، نارتھ ناظم آباد اور گلستان جوہر میں بیش تر اسکول بند ہیں۔

    شہر میں صبح ہونے والی بارش اور نجی اسکولوں کے اعلان اور سندھ حکومت کے اسکول کھلنے کی ہدایت پر طلبہ و طالبات تذبذب کا شکار ہیں، کتابوں کی عدم فراہمی، شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات اور شہر میں جاری مون سون کے سسٹم کے پیش نظر اسکولوں میں حاضری بھی معمول سے کم رہی۔

    محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق آج سے سندھ بھر میں تدریسی عمل بحال ہو گیا ہے، اور تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے فیصلے پر عمل کے پابند ہیں، تاہم شہر کے بیش تر اسکولوں نے پہلے ہی 10 سے 15 اگست تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا از خود فیصلہ کر رکھا ہے۔

    سرکاری اسکولوں میں اساتذہ موجود تھے تاہم بارش کے پیش نظر پہلے روز والدین نے بچوں کو اسکول بھیجنے سے گریز کیا ہے، درسی کتابوں کی عدم فراہمی بھی اسکولوں میں حاضری نہ ہونے کا سبب بنی، 4 ماہ سے سندھ بک بورڈ کی کتابیں مارکیٹ میں موجود نہیں۔

  • چین کی ایک اور بڑی کامیابی، 2 بڑے شہروں میں اسکول کھل گئے

    چین کی ایک اور بڑی کامیابی، 2 بڑے شہروں میں اسکول کھل گئے

    بیجنگ: کرونا وائرس کے مرکز چین نے عالمگیر وبا پر ایک اور کامیابی حاصل کر لی، اپنے دو بڑے شہروں میں اسکول کھول دیے، ہزاروں طلبہ نے کلاسوں میں حاضری دی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین کے دارالحکومت بیجنگ اور صنعتی مرکز شنگھائی میں اسکول دوبارہ کھل گئے ہیں، یہ ایک اور نظیر ہے جو چین نے دنیا کے سامنے پیش کی ہے کہ کس طرح اس نے کرونا کی وبا پر منظم طریقے سے تندہی کے ساتھ قابو پایا۔

    کرونا سے زیادہ متاثرہ شہر ووہان میں بھی اسکول 6 مئی سے دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے، خبروں میں بتایا گیا ہے کہ اسکول جانے والے طلبہ کا درجہ حرارت اسکولوں کے دروازے پر چیک کیا جائے گا۔

    ووہان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد صفر ہوگئی

    ہزاروں طلبہ کئی ماہ تک اسکول بند رہنے کے بعد آج شنگھائی اور بیجنگ میں اپنے اسکولوں کو لوٹے، شنگھائی میں مڈل اور ہائی اسکول کے فائنل ایئر کے طلبہ نے کلاسز اٹینڈ کیں، جب کہ بیجنگ میں ہائی اسکول سینئرز کو اپنے کیمپس لوٹنے کی اجازت دی گئی ہے تاکہ وہ یونی ورسٹی میں داخلے کے امتحان کی تیاری کر سکیں۔

    طلبہ نے کلاس رومز میں حاضری کے وقت فیس ماسک پہن رکھے تھے، ڈیسکوں کے درمیان پارٹیشن بھی بنایا گیا، تاکہ ان کے درمیان فاصلہ اور آڑ بنی رہے۔ اساتذہ نے پہلے دن طلبہ کو کرونا وائرس کی عالمگیر وبا پر قابو پانے کی اہمیت سے آگاہی دی۔

    وزارت تعلیم کا کہنا تھا کہ شنگھائی کے چند اسکولوں میں خصوصی رومز بھی تیار کیے گئے ہیں جہاں غیر معمولی درجہ حرارت والے طلبہ کو آئسولیٹ کیا جائے گا، طلبہ کو سمجھایا گیا ہے کہ سماجی فاصلے کے ضابطے پر عمل برقرار رکھیں۔

  • پشاور آرمی پبلک اسکول سمیت ملک بھر کے سرکاری ونجی اسکول کھل گئے

    پشاور آرمی پبلک اسکول سمیت ملک بھر کے سرکاری ونجی اسکول کھل گئے

    کراچی : دہشت گردی کا نشانہ بننے والے پشاور آرمی پبلک اسکول سمیت ملک بھر کے سرکاری ونجی اسکول کھل گئے ہیں، موسم سرما کی اضافی کے تعطیلات کے بعد اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل بحال ہوگیا تاہم پہلے روز حاضری معمول سے انتہائی کم رہی۔

      سانحہ پشاور کے بعد سندھ حکومت نے بھی اسکولوں کی انتظامیہ کو سیکیورٹی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی ہیں۔ شہر کے بعض سرکاری اسکولوں میں جہاں سیکورٹی انتظامات موثر نہیں تھے وہ مزید تین دن تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

    سرکاری تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کے حوالے حکومتِ سندھ اور محکمۂ تعلیم کے حکام نے جو دعوے کئے وہ دھرے کے دھرے رہ گئے جبکہ شہر میں چند بڑے اسکولوں کی انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے انتظامات اپنی مدد آپ کے تحت کئے گئے جبکہ کراچی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے چند اسکولوں میں سیکورٹی کے انتظامات نظر آئے۔

    تاہم کسی سرکاری اور نجی اسکولوں کے اطراف پولیس کی جانب سے اضافی پیٹرولنگ نظر نہیں آئی، والدین اور بچوں میں سیکورٹی کے حوالے اب بھی خوف پایا جاتا ہے ،جس کی وجہ پہلے روز اسکولوں میں حاضری معمول سے انتہائی کم رہی جبکہ صوبائی وزیر آج اسکولوں کی سیکورٹی سے متعلق اعلی کے اجلاس کی صدارت سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم کریں گے، جس صورت حال پر مزید غور کیا جائے گا۔

    سانحہ پشاور کے بعد آج ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل شروع ہو گیا ہے، پنجاب میں اسکولوں کیلئے حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے  باؤنڈری وال بلند اور خاردار تاریں لگا دی گئیں ہیں جبکہ نامکمل سیکیورٹی پر پنجاب کے مشنری اسکول مزید سات روز بند رہیں گے۔

    اسلام آباد میں بھی بیشتر اسکول کھل گئے ہیں، اسلام آباد کے آدھے سے بھی کم تعلیمی اداروں کی سیکورٹی بہتر ہوئی ہے، پولیس نے چوکیداروں کو شرپسند عناصر پر نظر رکھنے کی ہدایت کردی، سانحہ پشاور کے بعد ضلعی انتظامیہ نے سرکاری و غیر سرکاری سکولوں کا ڈیٹا جمع کرکے سیکورٹی بہتر بنانے کا حکم دیا تھا۔

    کھلنے والے اسکولوں میں پشاور کا آرمی پبلک اسکول بھی شامل ہے، جسے دہشتگردوں کے حملے کے بعد بند کردیا گیا تھا۔

    بلوچستان میں سرما کی تعطیلات مارچ تک جاری رہیں گی۔

    مختلف شہروں میں تعلیمی اداروں کی دیواروں کو اونچا کردیا گیا ہے، داخلی اور خارجی راستوں پر اسنیپ چیکنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں، چوکیداروں کو اسلحہ بھی فراہم کیا گیا ہے۔

    واضح رہے سانحہ پشاور کے بعد تعلیمی اداروں میں حفاظتی انتظامات موثر بنانے کیلئے اسکول اور کالجز کی چھٹیوں میں 10دن کا اضافہ کیاگیا تھا۔

    یاد رہے کہ 16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر کالعدم تحریک طالبان کے حملے کے نتیجے میں 132 بچوں سمیت 144 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔