Tag: اسکول

  • متحدہ عرب امارات: نجی اسکولوں نے فیسوں میں کمی کردی

    متحدہ عرب امارات: نجی اسکولوں نے فیسوں میں کمی کردی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں نجی اسکولوں نے اپنی فیسوں میں کمی کردی، اس کا مقصد مشکل معاشی دور میں زیادہ سے زیادہ طلبہ کو اپنی طرف راغب کرنا ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق ابو ظہبی کے نجی اسکولوں نے زیادہ سے زیادہ طلبہ کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے 30 فیصد تک رجسٹریشن فیس اور آن لائن تعلیم کی صورت میں 50 فیصد تک فیس کم کرنے کی پیشکش کی ہے۔

    ابو ظہبی میں ایک اسکول کے پرنسپل کا کہنا ہے کہ نئے تعلیمی سال میں طلبہ کی تعداد کم ہے، بہت سارے طلبہ کے والدین نرسری میں بچوں کو داخل کروانے سے خوفزدہ ہیں۔

    ان کے مطابق ایک اور رجحان یہ بھی سامنے آرہا ہے کہ والدین اپنے بڑے بچوں کو ایسے اسکولوں میں داخلہ دلانے کی تگ و دو میں لگ گئے ہیں جہاں فیسیں کم ہوں۔

    چنانچہ نجی اسکولوں نے داخلہ لینے والے طلبہ کے لیے سوشل میڈیا پر مختلف ترغیباتی پیکجز کی تشہیر شروع کی ہے، سرپرستوں سے کہا جا رہا ہے کہ اگر اسکول میں بھائی اور رشتہ دار داخلہ لیں گے تو انہیں خصوصی رعایت دی جائے گی۔

    اسکولوں نے کہا ہے کہ وہ رجسٹریشن فیس معاف کردیں گے جبکہ تعلیمی فیس میں بھی رعایت دی جائے گی، تعلیم مکمل آن لائن ہونے کی صورت میں مزید رعایتیں پیش کی جائیں گی۔

  • پنجاب میں تعلیمی ادارے کھولنے کی تاریخ کا اعلان

    پنجاب میں تعلیمی ادارے کھولنے کی تاریخ کا اعلان

    لاہور: صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کی صورتحال کنٹرول ہوجانے پر اسکول 15 ستمبر سے کھول دیے جائیں گے، اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز مکمل طور پر تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کرونا وائرس کی صورتحال بہتر ہونے پر پنجاب کے اسکولز 15 ستمبر سے کھلیں گے۔

    مراد راس کا کہنا تھا کہ اسکول کھلنے کا دارو مدار کرونا وبا پر قابو پانے کی صورت میں ممکن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز مکمل طور پر تیار ہیں، ایس او پیز کے حوالے سے والدین کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔

    مراد راس نے مزید کہا کہ 15 ستمبر سے پہلے اسکول کھلنے کی تمام تر خبریں بے بنیاد ہیں۔

    خیال رہے کہ محکمہ تعلیم پنجاب نے اسکولز کھولنے سے متعلق جو ایس او پیز تیار کیے ہیں ان کے مطابق ایک کلاس میں 20 سے زائد بچے نہیں بٹھائے جائیں گے، جگہ کی قلت والے اسکولز میں مارننگ اور ایوننگ شفٹس میں بچوں کو پڑھایا جائے گا۔

    ایس او پیز کے تحت ایک ڈیسک پر 3 کے بجائے 2 طلبا کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، بچوں کو حساب، انگریزی اور سائنس مضامین پڑھائے جائیں گے اور باقی مضامین کا کام گھروں میں کرنے کے لیے دیا جائے گا۔

    محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے تیار کیے گئے ایس او پیز کے مطابق ہر اسکول میں بچوں کے ہاتھ سینی ٹائزر سے دھونے کا انتظام لازمی کیا جائے گا، سینی ٹائزر اسکولز اپنے بجٹ سے خریدنے کے پابند ہوں گے۔

  • میٹرک میں 40 فی صد مضامین میں فیل طلبہ کو پاس کرنے کا فیصلہ

    میٹرک میں 40 فی صد مضامین میں فیل طلبہ کو پاس کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: میٹرک کے نتائج سے متعلق پالیسی میں ایک بار پھر تبدیلی کر دی گئی ہے، میٹرک میں 40 فی صد مضامین میں فیل طلبہ کو پاس کر دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق میٹرک میں چالیس فی صد مضامین میں فیل ہونے والے طلبہ کو پاس کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے امتحانی پالیسی میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ سابق یا پرائیویٹ امیدوار اس پالیسی سے مستفید ہو سکیں گے، سابق یا پرائیویٹ امیدوار جو 40 فی صد مضامین میں فیل تھے انھیں پاس کر دیا جائے گا، ایسے امیدواروں کے نتائج کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل سابق اور پرائیویٹ امیدواروں کو سالانہ نتائج میں پاس نہیں کیا گیا تھا۔

    وفاقی وزارت تعلیم کا کار نامہ، میٹرک کے ہزاروں طلبا کا مستقبل داؤ پر لگ گیا

    وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے میٹرک کے ہزاروں طلبہ کا مستقبل اس وقت داؤ پر لگایا گیا تھا جب فیڈرل بورڈ نے میٹرک نتائج میں سپلی والے طلبہ کو پاس ہی نہیں کیا، جس کے باعث طالب علم شدید ذہنی اذیت کا شکار ہوئے، سیکڑوں بچوں نے امتیازی تعلیمی پالیسی کے خلاف بورڈ میں درخواستیں بھی دائر کر دی تھیں۔

    اس سے قبل وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ کرونا کے باعث تعلیمی امتحان بورڈ کوئی امتحان نہیں لے گا، فیڈرل بورڈ کے لیے نئی امتحانی پالیسی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا، جس کے مطابق میٹرک امتحانات میں امیدواروں کو بغیر امتحان پاس کیا جانا تھا، جن کی سپلی تھی ان کے لیے فیصلہ کیا گیا کہ وہ نئے سرے سے امتحان دیں گے۔

  • امریکا کی طرف سے سندھ کے لیے تحفہ، 71 اسکول نجی شعبے کو دے دیے گئے

    امریکا کی طرف سے سندھ کے لیے تحفہ، 71 اسکول نجی شعبے کو دے دیے گئے

    کراچی: سندھ حکومت نے یو ایس ایڈ کے 71 اسکولوں کو نجی شعبے کو دینے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی موجودگی میں USAID کے نئے قائم کیے گئے 71 اسکولوں کو نجی شعبے کو دینے کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے، یہ معاہدہ حکومت سندھ، CFC اور HANDS کے درمیان 10 برس کے لیے طے پایا ہے۔

    ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ ان اسکولوں کو ’ہینڈز‘ 10 سالوں تک محکمہ تعلیم کی نگرانی میں چلائے گا، وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ میں سندھ حکومت ملک میں سب سے بہتر کام کر رہی ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ 71 اسکول یو ایس ایڈ کے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے تحت قائم کیے گئے ہیں، اور یہ امریکی حکومت کی طرف سے سندھ کے لیے تحفہ ہے، انھیں قائم کرنے کے لیے امریکا نے 159.2 ملین ڈالرز جب کہ سندھ حکومت نے 10 ملین ڈالرز خرچ کیے۔

    وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے بتایا کہ اس وقت صوبے بھر میں 70 اسکولز تعمیر ہو چکے ہیں، جن میں 43 سندھ حکومت نجی شعبے کے تعاون سے چلا رہی ہے، ان میں سے 25 نئے اسکول صوبے کے 5 اضلاع دادو، قمبر، شہداد کوٹ، کراچی اور لاڑکانہ میں ہیں۔

    ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ آج کی تقریب میں 70 اسکولوں کا انتظام نجی شراکت داروں کو دینے کا معاہدہ ہوا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے USAID کا شکریہ ادا کیا کہ وہ سندھ میں تعلیم کے شعبے میں ترقی کے لیے مدد کر رہے ہیں۔

    تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ان اسکولوں میں بہتر تعلیم، جدید ٹیچنگ کے ذرائع اور خاص طور پر بچیوں کو واپس لانے کا پروگرام شامل کیا گیا ہے، یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جولی کونین نے کہا کہ حکومت سندھ تعلیم پر خاص توجہ دے رہی ہے اور نجی شعبے کے تعاون سے تعلیم کے شعبے میں اہم پیش رفت کی ہے۔

  • خیبر پختونخواہ میں اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز تیار

    خیبر پختونخواہ میں اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز تیار

    پشاور: خیبر پختونخواہ حکومت نے اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز تیار کر لیے، اسکولوں میں صبح 7 سے 4 بجے تک 3 شفٹوں میں کلاسز لی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت نے اسکول کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز تیار کر لیے۔ پرائمری، مڈل، میٹرک اور انٹر کلاسز کے لیے ہفتہ وار شیڈول مرتب کرلیا گیا۔

    حکومت کو دن کے مختلف اوقات میں کلاسز لینے کی تجویز دی گئی ہے جس میں کہا گیا کہ صبح 7 سے 4 بجے تک 3 شفٹوں میں کلاسز لی جائیں۔

    اسکولوں میں صاف پانی، جراثیم کش اسپرے اور سینی ٹائزر کو لازمی قرار دینے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اسکول دوبارہ کھولنے پر وفاق سے مشاورت جاری ہے، حالات سازگار ہوئے تو ستمبر میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کر دی جائیں گی۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے ایس او پیز تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صحت کے معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو تعلیمی ادارے نہیں کھولیں گے۔

    شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے پر اگست میں نظر ثانی بھی کریں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 15 ستمبر سے پہلے مزید مشاورت کریں گے، صحت کے معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو تعلیمی ادارے نہیں کھولیں گے، تعلیمی ادارے کھولنے کے لیے ایس او پیز تیار کی جائیں گی۔

  • ایس او پیز کے تحت اسکول کھولنے پر غور کر رہے ہیں،شفقت محمود

    ایس او پیز کے تحت اسکول کھولنے پر غور کر رہے ہیں،شفقت محمود

    اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ایس او پیز کے تحت اسکول کھولنے پر غور کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود کی زیرصدارت ایس او پیز کے تحت اسکول کھولنے سے متعلق اجلاس ہوا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ایس او پیز کے تحت اسکول کھولنے پر غور کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسکول کھولنے پر وزارت تعلیم یونیسف سے رابطے میں ہے۔

    شفقت محمود کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر ایس او پیز کے تحت اسکولز کھولنے کو بھی دیکھا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ہماری حکمت عملی پر بھی یونیسف سے مشاورت جاری ہے۔

    وفاقی وزیر کی زیر صدارت اجلاس میں اسکول کھولنے سے متعلق گیلپ سروے کا تذکرہ بھی ہوا۔شفقت محمود کا کہنا تھا کہ سروے میں 70 فیصد والدین نے اسکول کھولنے کی بات کی۔انہوں نے بتایا کہ اسکول کھولنے سے متعلق روڈ میپ فائنل ہونے کے بعد والدین کو اعتماد میں لیں گے۔

    ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کی درخواست مسترد

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

  • والدین فیس نہیں دیں گے تو اساتذہ اور ملازمین کی تنخواہیں کیسے ادا ہوں گی

    والدین فیس نہیں دیں گے تو اساتذہ اور ملازمین کی تنخواہیں کیسے ادا ہوں گی

    کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ والدین فیس نہیں دیں گے تو اسکولز ملازمین کو تنخواہ کیسے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ نے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ والدین کی ایک بہت بڑی تعداد ہے جن کا کہنا ہے کہ اسکولز بند ہیں تو فیس دیں کیوں تو یہ ایک ایسا سوال ہے کہ میں سمجھتا ہوں جس پر غورا کرنا چاہیے۔

    سعید غنی نے اسکولز اور والدین سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم یہ کہہ رہے ہیں کہ اسکولز اپنے ملازمین کو تنخواہیں دیں تو اس کے لیے جو ان کے پاس ذریعہ ہے وہ فیس ہے، اگر والدین فیس نہیں دیں گے تو اسکولز بند ہو جائیں گے اور اگر اسکولز بند ہوجائیں گے کہ تو جب حالات ٹھیک ہو جائیں گے تو سارے اسکولز دوبارہ نہیں کھلیں گے اور اگر اسکولز نہیں کھلے گے تو جو بچوں کا نقصان ہوگا وہ ان کے والدین کا بھی نقصان ہوگا۔

    وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ ہم جب کہتے ہیں کہ والدین کو فیس دیں تو یہ ایک مشکل کام ہے، ہم اسکولز کو کہتے ہیں کہ آپ تنخواہیں دیں اپنے ملازمین کو یہ بھی مشکل کام ہے۔انہوں نے گزارش کی کہ اس مشکل میں ہم اپنے حصے کا جتنہ بوجھ ہوسکتا ہے اٹھائیں۔

  • اسکول میں بچوں کی توڑ پھوڑ، تصاویر وائرل

    اسکول میں بچوں کی توڑ پھوڑ، تصاویر وائرل

    الٹس: امریکی شہر الٹس کے اسکول میں توڑ پھوڑ کرنے والے پرائمری کے تین طالبعلوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست اوکلا ہاما کے شہر الٹس میں واقع اسکول میں طالبعلموں نے بغیر اجازت الٹس انٹرمیڈیٹ اسکول میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی اور اسکول کی املاک کو نقصان پہنچایا۔

    الٹس پولیس ڈیپارٹمنٹ نے واقعے کی تصاویر اپنے آفیشل فیس بک پیج پر شیئر کیں جو وائرل ہوگئیں۔

    اسکول میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں نے بچوں کی جانب سے اسکول کے فرش پر پینٹ پھینکنے، کمپوٹروں، دروازوں اور کھڑکیوں کو نقصان پہنچانے کے مناظر عکس بند کر لیے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچوں نے اسکول کو تقریباََ 50 ہزار ڈالر مالیت کا نقصان پہنچایا، پولیس نے ان طالبعلموں کو گرفتار کرنے کے بعد والدین کے سپرد کر دیا۔

  • نجی تعلیمی ادارے آن لائن تعلیم دے سکتے ہیں، محکمہ تعلیم سندھ

    نجی تعلیمی ادارے آن لائن تعلیم دے سکتے ہیں، محکمہ تعلیم سندھ

    کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے کہا ہے کہ صوبے میں نجی تعلیمی ادارے آن لائن ایجوکیشن کا سلسلہ شروع کر سکتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل کی کوئی اجازت نہیں ہوگی البتہ اگر نجی تعلیمی ادارے آن لائن ایجوکیشن شروع کرنا چاہتے ہیں تو انھیں اس کی اجازت ہوگی۔

    صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ نجی اسکولز اگر اپنے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کو بلوانا چاہتے ہیں تو ان کو محکمہ صحت کی جاری کردہ ایس او پیز پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔

    اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں تعلیمی ادارے نہیں کھولے جائیں گے، صرف اساتذہ آن لائن تدریس کے لیے اسکول آ سکیں گے، بچوں کے والدین اسٹڈی پیک وصول کرنے اسکول جا سکیں گے، تاہم طلبہ کے اسکول آنے پر پابندی ہوگی، اور اسکول فی الحال طلبہ کو آن لائن تعلیم دیں گے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ نئے تعلیمی سال کی اکیڈمک پالیسی اور اسکولز کھولنے پر کچھ لوگوں کو تحفظات ہیں، اس کے ساتھ نجی اسکول پہلی تا آٹھویں جماعت تک کے ان بچوں کو اگلے درجوں میں ترقی دینے پر بھی تحفظات رکھتے ہیں، جن کے تعلیمی نتائج اس معیار کے نہیں ہیں کہ انھیں ترقی دی جائے، اس پر نظر ثانی کے لیے ایک سب کمیٹی بنا دی گئی ہے، جو تمام صورت حال کا جائزہ لے کر اپنی تجاویز پیش کرے گی۔

  • بھارت: خونخوار شیر اسکول میں گھس آیا

    بھارت: خونخوار شیر اسکول میں گھس آیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شیر کھانے کی تلاش میں اسکول کی عمارت میں داخل ہوگیا، وائلڈ لائف اہلکاروں نے بے ہوشی کے انجکشن کے ذریعے شیر کو قابو کیا۔

    بھارتی فاریسٹ سروس کے مطابق ریاست گجرات کے ضلع گیر سومناتھ میں وائلڈ لائف اہلکاروں کو اطلاع ملی کہ ایک اسکول کی عمارت میں شیر دیکھا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ شیر جنگل سے ایک بچھڑے کو پکڑنے کے لیے اس کے پیچھے پیچھے گاؤں میں داخل ہوگیا اور جب بچھڑے کے مالک نے اسے بھگانے کی کوشش کی تو وہ برابر میں واقع اسکول کی عمارت میں داخل ہوگیا۔

    وائلڈ لائف اہلکاروں نے دروازے کے باہر پنجرہ رکھ کر شیر کو وہاں متوجہ کرنے کی کوشش کی تاہم شیر سیڑھیاں چڑھ کر اسکول کی دوسری منزل پر چلا گیا۔

    بعد ازاں وائلڈ لائف حکام نے بے ہوشی کا انجکشن فائر کر کے اسے بے ہوش کیا اور پنجرے میں ڈالا، اس دوران شیر صحیح سلامت تھا اور اسے کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا، حکام نے بعد ازاں شیر کو جنگل میں چھوڑ دیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، ایک شخص نے تبصرہ کیا کہ شیر اسکول میں داخلہ لینے آیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے وائلڈ لائف حکام کی بہادری کو بھی سراہا۔