Tag: اسکول

  • سعودی عرب: اسکول کیوں بند ہیں؟

    سعودی عرب: اسکول کیوں بند ہیں؟

    ریاض: سعودی عرب کے متعدد شہروں میں موسلا دھار بارش کے پیش نظر آج سوموار کے روز اسکول بند رہیں گے۔

    اردو نیوز کے مطابق جدہ، مکہ اور طائف سمیت آج متعدد سعودی شہروں میں اسکول بند ہیں جبکہ وزارت تعلیم نے آن لائن تدریس کا اعلان کر رکھا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ متعدد شہروں میں موسم غیر یقینی ہے اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    وزارت تعلیم نے ذیلی دفاتر کو اپنے ماحول کے حساب سے فیصلہ کرنے کا اختیار دے دیا ہے، اس بنا پر جدہ، مکہ، طائف اور دیگر متعدد شہروں میں اسکول بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ طائف، باحہ، عسیر، جازان اور نجران تک پھیل سکتا ہے، مغربی ریجن میں الجموم، بحرہ، الکامل، ام حبلین، حدہ اور قرب و جوار میں بھی بارش کا قوی امکان ہے۔

  • سعودی عرب: رمضان میں اسکولوں کے اوقات کار کیا ہوں گے؟

    سعودی عرب: رمضان میں اسکولوں کے اوقات کار کیا ہوں گے؟

    ریاض: سعودی عرب میں رمضان المبارک کے مہینے کے دوران اسکولوں کے اوقات کار 9 بجے کردیے گئے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کے تمام ریجنز میں ماہ رمضان کے دوران اسکولوں میں تدریسی عمل کا آغاز صبح کے 9 بجے کیا جائے گا۔

    دوسری شفٹ دوپہرکے 1 بجے شروع ہوگی جبکہ تعلیم بالغاں کے لیے خصوصی کلاسیں رات کے ساڑھے 9 بجے لگیں گی۔

    جدہ کے ادارہ تعلیم کے ٹویٹر پر رمضان کے اوقات کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اسکول صبح 9 بجے شروع کیا جائے گا، ریاض اور دیگر شہروں میں بھی اسکولوں کا آغاز صبح 9 بجے کیا جارہا ہے۔

    دیگر اداروں میں کام کا دورانیہ 5 گھنٹے رکھا گیا ہے جس کا آغاز صبح 10 سے سہ پہر 3 بجے تک ہے۔

  • آج اسکولوں کی چھٹی ہوگی یا نہیں، فیصلہ ہوگیا

    آج اسکولوں کی چھٹی ہوگی یا نہیں، فیصلہ ہوگیا

    کراچی : پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے آج پرائیویٹ اسکولوں کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ حکومت سندھ کی جانب سے اسکولوں کی چھٹی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے آج پرائیویٹ اسکولز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ دارارقم اسکولز کے ڈپٹی ڈائریکٹر خالد رضا کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کے عہدیدار کاشف مرزا اور اخترآرائیں نے کہا ہے کہ قتل کا واقعہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    دوسری جانب محکمہ تعلیم سندھ نے وضاحت جاری کی ہے کہ آج بروز پیر اسکولوں میں پڑھائی کا عمل جاری رہے گا۔

    اس حوالے سے جاری حکم کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ آج اسکولوں کی چھٹی سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور تمام اسکول معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

     مزید پڑھیں : کراچی میں فائرنگ سے پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے عہدیدار جاں بحق

    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 7 میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دارارقم اسکولز کے ڈپٹی ڈائریکٹر خالد رضا کو قتل کردیا۔ خالد رضا پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے عہدیدار ہیں جبکہ مقتول فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز کے وائس چیئرمین بھی رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ آج بروز پیر تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے بھی پورے ملک میں مہنگائی کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : تحریک لبیک پاکستان نے کل ہڑتال کی کال دے دی

    تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعدرضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ پوری قوم ہمارے ساتھ ہے کل آزاد کشمیر سمیت پاکستان بھر میں مکمل ہڑتال ہوگی۔

  • سعودی عرب: طالب علم پر تشدد کرنے والے ٹیچر کے خلاف کارروائی

    سعودی عرب: طالب علم پر تشدد کرنے والے ٹیچر کے خلاف کارروائی

    ریاض: سعودی عرب کے ایک پرائیوٹ اسکول میں طالب علم پر تشدد کرنے والے ٹیچر کے خلاف کارروائی کی جائے گی، تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں حفر الباطن کمشنری کے محکمہ تعلیم نے پرائیوٹ اسکول میں طالب علم کو زد و کوب کیے جانے کی ویڈیو وائرل ہونے پر ٹیچر کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

    محکمہ تعلیم نے پرائیوٹ اسکول میں طالب علم پر تشدد کا نوٹس لیا جس پر وائرل ویڈیو کے حوالے سے تحقیقاتی کمیٹی قائم کی ہے۔

    وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ٹیچر کلاس روم میں طالب علم کو اس کے ساتھیوں کے سامنے بری طرح زد و کوب کر رہا ہے۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اس قسم کے واقعات کے منظر عام پر آتے ہی مقررہ قوانین و ضوابط کے تحت کارروائی کی جاتی ہے، کسی کے ساتھ رعایت نہیں کی جاتی۔ طلبہ پر تشدد تعلیمی پالیسی کے سراسر منافی ہے۔

  • بیمار بچوں کی صحتیابی میں کون سی چیز مددگار؟

    بیمار بچوں کی صحتیابی میں کون سی چیز مددگار؟

    کمسن بچوں کو بیمار ہوجانے کی صورت میں گھر میں آرام کروانا ضروری ہے تاہم طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بعض طبی صورت میں انہیں اسکول بھیجنا زیادہ معاون ثابت ہوسکتا ہے۔

    حال ہی میں ہونے والی ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ دماغی چوٹ لگنے یا بعض دماغی پیچیدگیوں کے شکار ہونے والے بچوں کو جلد اسکول بھیجنا اور انہیں معمول کے مطابق روز مرہ کے کام کرنے کی ہدایت کرنا انہیں جلد صحت یاب بنانے میں مددگار ہوسکتا ہے۔

    عام طور خیال کیا جاتا ہے کہ بیمار بچوں کو کافی دن تک آرام کی ہدایت کرنا انہیں جلد اور مکمل صحت یاب بناتا ہے، تاہم بعض بیماریوں اور پیچیدگیوں میں بچوں کا زیادہ دن تک آرام کرنا ان کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

    دماغی و ذہنی مسائل سمیت سر پر چوٹ لگنے والے بچوں کی صحت سے متعلق کینیڈا میں کی جانے والی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بچوں کو جتنا جلدی اسکول بھیجا جائے گا، وہ اتنا جلد صحت یاب ہوں گے۔

    طبی جریدے جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع تحقیق کے مطابق ماہرین نے کینیڈا کے 9 مختلف ایمرجنسی وارڈز میں آنے والے 16 سو 30 بچوں پر تحقیق کی۔

    تحقیق میں شامل بچوں کی عمریں 5 سے 18 سال تک تھیں اور سر پر چوٹ لگنے، دماغی مسائل اور پیچیدگیوں سے دو چار ہونے سمیت صدمے کی حالت میں علاج کے لیے اسپتال گئے تھے۔

    تمام بچوں کو کوئی جسمانی معذوری یا کمزوری نہیں تھی اور نہ ہی انہیں دیگر طرح کی کوئی بیماری تھی، تاہم وہ صدمے سے دوچار تھے اور ذہنی طور پر منتشر تھے۔

    تحقیق میں شامل بعض بچے طبی مسائل ہونے کے بعد کئی دن تک گھر پر آرام کرتے رہے اور وہ دیگر تعلیمی سرگرمیوں سمیت روز مرہ کے معمولات کے مطابق بھی زندگی گزارنے سے دور رہے۔

    جبکہ بعض بچوں کو والدین نے چند دن آرام کے بعد اسکول جانے کی ہدایت کی اور انہیں دیگر سرگرمیوں میں بھی حصہ لینے کا کہا۔

    تحقیق سے معلوم ہوا کہ جب بچوں نے اسپتال جانے کے چند دن بعد ہی اسکول جانا شروع کیا اور وہ نے تعلیمی سرگرمیوں سمیت باقی معمولات بھی ماضی کی طرح سر انجام دینے لگے تو وہ جلد صحت یاب ہوگئے۔

    ان کے برعکس زیادہ دن تک گھر میں آرام کرنے والے بچے اور خصوصی طور پر 13 سال سے زائد عمر کے بچے کئی دن تک بیمار رہے بلکہ بعض بچوں کے مسائل مزید سنگین ہوگئے۔

    تحقیق سے معلوم ہوا کہ بیماری کے چند دن بعد معمول کی سرگرمیاں شروع کرنے اور اسکول جانے والے بچوں میں جلد بیماری کی علامات ختم ہوئیں جبکہ اسکول نہ جانے والے بچے طویل عرصے تک خود کو بیمار محسوس کرتے رہے۔

    ماہرین نے بتایا کہ اسکول جانے اور روز مرہ کی سرگرمیاں معمول کے مطابق شروع کرنے سے بچے ذہنی پریشانی سے محفوظ رہتے ہیں۔

  • شدید سردی سے 2 بچے اسکول میں بے ہوش، محکمہ تعلیم کا ہنگامی اعلان

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں گزشتہ روز شدید سردی کے باعث 2 بچے اسکول میں بے ہوش ہوگئے تھے جس کے بعد محکمہ تعلیم نے اسکولوں میں 3 روز کی ہنگامی تعطیلات کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں شدید سردی کے باعث تعلیمی اداروں میں 3 روز کی ہنگامی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر تعلیمی ادارے آج سے 16 جنوری تک بند رہیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز شدید سردی کے باعث 2 بچے اسکول میں بے ہوش ہوگئے تھے۔

    صوبہ بھر میں سردی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، سرحدی علاقے براپ چاہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، دالبندین، نوکنڈی اور تفتان میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 اور 11 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • جدہ میں آج بھی اسکول بند رہیں گے

    جدہ میں آج بھی اسکول بند رہیں گے

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں بارش کے امکان کے باعث بدھ 4 جنوری کو بھی اسکول بند رہیں گے۔

    اردو نیوز کے مطابق محکمہ تعلیم جدہ نے کہا ہے کہ غیر یقینی موسمی حالات کے باعث بدھ 4 جنوری کو بھی اسکول بند رہیں گے۔

    رواں ہفتے کے دوران بارش کے باعث جدہ سمیت مختلف شہروں کے تعلیمی اداروں میں تدریس آن لائن ہوتی رہی ہے۔

    وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ جدہ کے علاوہ مکہ مکرمہ، رابغ، خلیص، جموم، الکامل اور بحرہ کے تمام تعلیمی اداروں میں تدریس آن لائن ہوگی۔

    محکمہ تعلیم کے مطابق طلبہ، اساتذہ اور انتظامیہ کی سلامتی کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • ریاض سمیت متعدد شہروں میں منگل کو اسکول بند رہیں گے

    ریاض سمیت متعدد شہروں میں منگل کو اسکول بند رہیں گے

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سمیت متعدد شہروں میں بارش کے امکان کی وجہ سے منگل کے روز اسکول بند رہیں گے، محکمہ تعلیم نے ہدایات جاری کردیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض، مدینہ منورہ، ینبع، المہد، الحناکیہ، بدر اور خیبر میں منگل 3 جنوری کو اسکول بند رہیں گے، طیبہ یونیورسٹی اور اس کی تمام شاخیں بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، تدریس آن لائن ہوگی۔

    ریاض محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ منگل کو تمام اسکول بند رکھنے کا فیصلہ طلبہ، اساتذہ اور انتظامی عملے کی صحت و سلامتی کی خاطر کیا گیا ہے۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ موسمیات کے قومی مرکز سے رپورٹ کے مطابق منگل کو ریاض میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، مدینہ منورہ محکمہ تعلیم نے بھی بیان میں کہا ہے کہ منگل کو بارش کے امکان کی وجہ سے اسکول بند رہیں گے اور آن لائن تدریس ہوگی۔

    طیبہ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ منگل کو مدینہ منورہ کے یونیورسٹی کیمپس نیز ینبع، المہد، الحناکیہ، بدر اور خیبر کی یونیورسٹی شاخوں میں تعلیم آن لائن ہوگی۔

    امیرہ نورہ یونیورسٹی امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی، کنگ سعود یونیورسٹی اور کنگ عبد العزیز یونیورسٹی میں بھی آن لائن تدریس کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: اسکولوں کے اوقات تبدیل کرنے پر غور

    سعودی عرب: اسکولوں کے اوقات تبدیل کرنے پر غور

    ریاض: سعودی عرب میں ٹریفک جام کا مسئلہ حل کرنے کے لیے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں محکمہ ٹریفک کے ترجمان کرنل منصور الشکرۃ کا کہنا ہے کہ ریاض میں ٹریفک اژدہام کا مسئلہ حل کرنے کے لیے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی اور بعض اداروں کے لیے آن لائن ڈیوٹی نظام اپنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

    کرنل منصور کا کہنا تھا کہ محکمہ ٹریفک ریاض میں اژدہام کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کرے گا۔

    ورکشاپ ریاض کی شاہراہوں پر ٹریفک سلامتی کا معیار بلند کرنے، ٹریفک کو رواں دواں کرنے اور رکھنے کے حوالے سے سفارشات پیش کرے گا۔

    محکمہ ٹریفک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ماہرین نے تجویز دی ہے کہ ٹریفک اژدہام کا مسئلہ حل کرنے کے لیے اسکولوں کے اوقات تبدیل کیے جائیں، کالجوں اور جامعات میں تعلیم کے نئے نظام الاوقات جاری ہو جبکہ بعض کمپنیوں و اداروں اور سرکاری محکموں کو اس امر کا پابند بنایا جائے کہ وہ آن لائن ڈیوٹی سسٹم رائج کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ریاض میٹرو پروجیکٹ کے تناظر میں شہر کی بعض شاہراہوں کی تنظیم نو ہونی چاہیئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ورکشاپ میں وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور، کنگ سعود یونیورسٹی، امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی، امیر نائف یونیورسٹی برائے علوم سلامتی اور ریاض ڈیولپمنٹ رائل اتھارٹی کے نمائندے شریک ہوں گے۔

  • سعودی عرب کے بعض شہروں میں آج اسکول بند کیوں ہیں؟

    سعودی عرب کے بعض شہروں میں آج اسکول بند کیوں ہیں؟

    ریاض: سعودی عرب کے بعض شہروں میں بارش کے پیش نظر اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، سوموار کے دن کلاسز آن لائن ہوں گی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ سوموار 12 دسمبر کو جدہ، مکہ مکرمہ، طائف، رابغ، خلیص اور دیگر علاقوں میں اسکول بند رہیں گے اور تدریس آن لائن ہوگی۔

    محکمہ تعلیم جدہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسکول بند رکھنے کا فیصلہ موسمیات کے قومی مرکز کی ان رپورٹوں کے پیش نظر کیا گیا ہے جس میں پیر کی صبح 10 بجے تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ طلبہ، اساتذہ اور منتظمین کی سلامتی کی خاطر پیر کو اسکول بند رہیں گے، مدرستی پلیٹ فارم کے ذریعے تدریس آن لائن ہوگی۔

    محکمہ تعلیم طائف اور مکہ مکرمہ کا بھی کہنا ہے کہ خراب موسم کے باعث پیر کو مکہ، الجموم، بحرہ اور الکامل میں سکول بند رہیں گے تاہم مدرستی پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن تدریس جاری رہے گی۔

    کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی کا بھی جدہ اور رابغ میں کیمپس بند رہے گا اور کلاسز آن لائن ہوں گی۔