Tag: اسکول

  • ویڈیو: کراچی کے سرکاری اسکول میں بندر گھس گیا

    ویڈیو: کراچی کے سرکاری اسکول میں بندر گھس گیا

    کراچی: ایک بندر کراچی کے بلال کالونی جیکب لائن ایریا میں واقع گورنمنٹ اسکول میں گھس آیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اس واقعے سے اسکول کے طلبہ و اساتذہ میں خوف پھیل گیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بندر سرکاری اسکول کی دیوار پر بیٹھا ہوا ہے۔

    اسکول کے پرنسپل کے مطابق کراچی کے اسکول میں بندروں کا داخل ہونا معمول کی بات ہے کیونکہ یہ واقعات روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ہوتے تھے۔

    گزشتہ سال اسی قسم کے ایک واقعے میں پشاور میں چار فٹ لمبا سانپ داخل ہونے کے بعد پرائمری اسکول کا ایک کلاس روم خالی کر دیا گیا تھا۔

    گورنمنٹ پرائمری اسکول کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سانپ کلاس روم کی چٹائی کے نیچے سے ملا تھا۔ طلباء اور اساتذہ خود کو بچانے کے لیے بھاگے تاہم سانپ کو ڈنڈے کی مدد سے مار دیا گیا تھا۔

  • پختونخواہ میں سینکڑوں اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف

    پختونخواہ میں سینکڑوں اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں سینکڑوں پرائمری، مڈل اور ہائی اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ڈائریکٹر محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ محکمے نے کئی بند اسکولوں کو فعال بنایا اور درجنوں نئے اسکولز قائم کیے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ میں 306 پرائمری، مڈل اور ہائی اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ڈائریکٹر محکمہ تعلیم حافظ ابراہیم کے جاری کردہ دستاویزات کے مطابق صوبے میں 275 پرائمری، 27 مڈل اور 4 ہائی اسکولز کو فعال نہیں کیا جاسکا۔

    ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی 3 پرائمری اسکولز بند ہیں۔

    حافظ ابراہیم کے مطابق محکمہ تعلیم نے کئی بند اسکولوں کو فعال بنایا اور ان کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، محکمہ تعلیم نے گزشتہ چند سال کے دوران درجنوں نئے اسکولز قائم کیے۔

  • سعودی عرب: غیر قانونی تارکین وطن کے بچوں کے لیے بڑی سہولت

    سعودی عرب: غیر قانونی تارکین وطن کے بچوں کے لیے بڑی سہولت

    ریاض: سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین وطن کے بچوں کو اسکولوں میں داخلے کی اجازت دے دی گئی، سرکاری اسکول انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کے بچوں کو نئے تعلیمی سال کے دوران داخلے کے مواقع دیے جائیں گے۔

    وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ سرکاری اسکول انتظامیہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے بچوں کو داخلہ فارم فراہم کریں اور انہیں ہدایت کی جائے کہ وہ ضروری کارروائی کے لیے متعلقہ گورنریٹ سے رجوع کریں، گورنریٹ سے منظوری کے بعد فارم اسکول میں جمع کروایا جائے۔

    وزارت تعلیم نے مملکت کے تمام تعلیمی اداروں کی انتظامیہ سے کہا ہے کہ ہر تعلیمی زون میں داخلہ لینے والے طلبہ کے اعداد و شمار ماہانہ بنیاد پر فراہم کیے جائیں۔

    وزارت کی جانب سے کہا گیا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے بچوں کو اسکولوں میں داخلہ دینے کے لیے داخلہ فارم کے ضوابط مقرر ہیں، فارم میں طالب علم اور اس کے والدین کے کوائف درج کرنا ہوں گے۔ پاسپورٹ، اقامہ، وزٹ ویزا یا بیانیے کے مطابق معلومات درج کی جائیں گی۔

    فارم میں مستقل رہائش کا پتہ اور رابطے کے لیے مطلوبہ معلومات بھی درج کرنا ہوں گی۔

    علاوہ ازیں بچے کے سرپرست کو یہ اقرار نامہ بھی جمع کروانا ہوگا کہ اس کے پاس قانونی اقامہ نہیں ہے اور وہ تعلیمی سال کے دوران اپنے قیام کو قانون کے دائرے میں لانے کے لیے ضروری شناختی دستاویزات حاصل کرلے گا۔

  • عرب امارات میں نیا تعلیمی سال، حکام کی ہدایات جاری

    عرب امارات میں نیا تعلیمی سال، حکام کی ہدایات جاری

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں نیا تعلیمی سال شروع ہوگیا، اس حوالے سے حکام نے طلبہ اور تعلیمی عملے کے لیے ہدایات جاری کردیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں نئے تعلیمی سال 2023-2022 کے حوالے سے کرونا وائرس کی نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

    وزارت تعلیم کے ترجمان ھزاع المنصوری کا کہنا ہے کہ نئے تعلیمی سال کے حوالے سے تعلیمی اداروں میں نیا پروٹوکول نافذ ہوگا۔

    12 برس اور اس سے زیادہ عمر کے طلبہ نیز تعلیمی و انتظامی عملے کو پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنا ہوگی، تعلیمی سال کے پہلے دن سے 96 گھنٹے کے اندر اس کا نمونہ لیا گیا ہو۔

    اس کے بعد طلبہ سے پی سی آر ٹیسٹ طلب کیا جائے گا اور نہ انتظامی و تعلیمی عملے کو اس کا پابند بنایا جائے گا۔

    امارات کی وزارت تعلیم نے تعلیمی اداروں میں طلبہ پر ماسک کی پابندی برقرار رکھی ہے جبکہ اسکولوں اور بسوں میں سماجی فاصلے کی پابندی منسوخ کردی ہے، طلبہ اور عملے کا ٹمپریچر بھی چیک نہیں کیا جائے گا۔

    وزارت نے یہ پابندی برقرار رکھی ہے کہ جس طالب علم یا عملے کا فرد ٹمپریچر بڑھا ہوا محسوس کرے وہ تعلیمی ادارے کا رخ نہ کرے۔ اس کے لیے بیماری کی چھٹی لینا ہوگی۔

    وزارت تعلیم نے کرونا وائرس کے شکار طلبہ اور عملے کو آن لائن تعلیم اور ڈیوٹی کی سہولت برقرار رکھی ہے۔ ایسے طلبہ اور ملازمین کو بھی یہ سہولت مہیا ہوگی جو تنفس کے عارضے میں مبتلا ہوں، میڈیکل ٹیسٹ تک یہ سہولت رہے گی۔

    وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس ٹیسٹ صرف اس صورت میں لیا جائے گا جب اس کی علامتیں نظر آرہی ہوں، امارات نے تمام طلبہ کو اسکولوں میں حاضر ہونے کی اجازت دی ہے۔

    یہ اجازت ان طلبہ کو بھی ہوگی جو صحت اسباب یا ویکسین سے استثنیٰ کے باعث ویکسین نہ لیے ہوئے ہوں۔

    المنصوری نے کہا کہ آئندہ ہفتے سے نیا تعلیمی سال شروع ہو رہا ہے، 10 لاکھ سے زیادہ طلبہ اور 65 ہزار افراد پر مشتمل تعلیمی عملہ نئے تعلیمی سال کا حصہ ہوں گے۔

  • کویت: اسکولوں کی فیسوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان

    کویت: اسکولوں کی فیسوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان

    کویت سٹی: کویت میں ملکی اور غیر ملکی اسکولوں کی فیسوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، نیا تعلیمی سال 28 اگست سے شروع ہورہا ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کویت میں نجی بین الاقوامی اسکولوں نے اعلان کیا ہے کہ 23-2022 کا تعلیمی سال اتوار 28 اگست سے منگل 30 اگست تک مرحلہ وار شروع ہوگا۔

    اسکولوں کا کہنا ہے کہ ہر چیز کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود آئندہ تعلیمی سال کی ٹیوشن فیس میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

    پرائیویٹ اسکولز یونین کی صدر نورا الغانم کا کہنا ہے کہ بعض عرب اور غیر ملکی اسکولوں میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی کمی بلا روک ٹوک جاری ہے، اس سلسلے میں انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ تعلیمی اور صحت کے شعبوں میں کام کرنے والوں کو اپنی فیملی کو ملک میں لانے کی اجازت دینے کے لیے اقدامات کریں۔

    انہوں نے وضاحت کی کہ بہت سے غیر ملکی اساتذہ اپنے اہل خانہ کے بغیر کویت آنے سے انکار کرتے ہیں اور یہ کہ موجودہ حکومتی فیصلے سوائے کچھ غیر معمولی معاملات کے اساتذہ کے اہلخانہ کو داخلے کی اجازت نہیں دیتے۔

    یونین صدر کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کو صرف ایک استاد اور ڈائریکٹر کی ضرورت نہیں ہے بلکہ انہیں دوسرے کارکنوں کی بھی ضرورت ہے، تاہم کویت میں فی الحال دستیاب لیبر کی قیمت بہت زیادہ ہے اور بہت سے لوگ اسکولوں میں کام کرنے کے اہل نہیں ہیں۔

    انہوں نے کووڈ 19 کے بحران کے دوران وزارت داخلہ اور افرادی قوت کی عوامی اتھارٹی کے زبردست ردعمل کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ یہ لچک نجی اسکولوں میں کام کرنے کے لیے غیر ملکی کارکنوں کی بھرتی میں برقرار رہے گی۔

    صدر نے یہ بھی کہا کہ غیر ملکی اساتذہ اور ان کی بیویاں، اگر وہ کویت میں کام کرتی ہیں تو انہیں اپنے 14 سال سے زیادہ عمر کے بچوں کو کویت لانے کی اجازت دی جائے، استاد اور اس کی بیوی کے لیے یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ اپنے 15 اور 16 سال کے بچوں کو اکیلا چھوڑ کر آئیں۔

  • سری لنکا میں اسکول ایک بار پھر بند

    سری لنکا میں اسکول ایک بار پھر بند

    کولمبو: سری لنکا میں شدید معاشی اور ایندھن بحران کی وجہ سے 2 ہفتوں کے لیے اسکول بھی بند کردیے گئے، ملک میں صرف 10 دن کا ایندھن باقی رہ گیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سری لنکا نے شدید اقتصادی اور ایندھن بحران کی وجہ سے تمام اسکولوں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے اور منگل سے دو ہفتوں کے لیے صرف ضروری خدمات جیسے صحت، ٹرینوں اور بسوں کے لیے ایندھن کی فراہمی کی اجازت دی ہے۔

    حکومتی کابینہ کے ترجمان بندولا گناوردھنے نے کہا کہ ایندھن صرف ملک میں چلنے والی ٹرینوں اور بسوں، طبی خدمات اور گاڑیوں کے لیے فراہم کیا جائے گا جو منگل سے 10 جولائی تک کھانا پہنچاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکام نے ایندھن کے بحران کے پیش نظر شہری علاقوں میں اسکولوں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے اور سب کو گھر سے کام کرنے کی تاکید کی ہے۔

    خیال رہے کہ سری لنکا گزشتہ چند مہینوں سے شدید اقتصادی بحران کا شکار ہے، ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ کم سطح پر پہنچ گئے ہیں جس کی وجہ سے ملک خوراک، ادویات اور ایندھن کی ضروری درآمدات کی ادائیگی کے قابل نہیں ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ملک میں ایندھن صرف 10 دن کا رہ گیا ہے جو کہ معمول کی طلب کے لحاظ سے صرف ایک ہفتے میں ختم ہو جائے گا۔

  • اسکول کے اندر شیر کا مٹر گشت، ویڈیو وائرل

    اسکول کے اندر شیر کا مٹر گشت، ویڈیو وائرل

    امریکا میں ایک پہاڑی شیر اسکول کے اندر داخل ہوگیا، اسکول انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شیر کو ایک کمرے میں بند کردیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق شیر کو ریاست کیلی فورنیا کے ایک اسکول میں دیکھا گیا، شیر صبح کے وقت اسکول میں داخل ہوا۔

    تاہم انتظامیہ میں سے کچھ افراد نے ہوشیاری سے شیر کو ایک خالی کمرے میں بند کردیا۔

    بعد ازاں کیلی فورنیا ڈپارٹمنٹ آف فش اینڈ وائلڈ لائف کو طلب کیا گیا جنہوں نے نہایت احتیاط سے شیر کو وہاں سے منتقل کیا۔

    اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے دوران اسکول میں موجود تمام افراد بشمول عملہ اور طلبا محفوظ رہے اور کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

  • سعودی عرب میں سالانہ امتحانات کی تاریخوں کا اعلان

    سعودی عرب میں سالانہ امتحانات کی تاریخوں کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب میں سرکاری، پرائیوٹ اورانٹرنیشنل اسکولوں کے سالانہ امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا، نتائج کا اعلان 30 جون 2022 کو ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت تعلیم نے سرکاری، پرائیوٹ اورانٹرنیشنل اسکولوں کے سالانہ امتحانات کی تاریخوں کی منظوری دے دی، اسپیشل ٹریننگ پروگراموں اور تعلیم بالغاں کے مراکز کے امتحانات کی تاریخیں بھی جاری کردی گئیں۔

    20 ذی القعدہ 1443 ہجری مطابق 19 جون 2022 اتوار سے طلبہ و طالبات کے پریکٹیکل اور زبانی امتحانات شروع ہوں گے۔

    تحریری امتحانات کا آغاز 26 جون 2022 بروز اتوار سے ہوگا، یکم ذی الحج 1443 ہجری مطابق 30 جون 2022 تک جاری رہیں گے، نتائج کا اعلان جمعرات 30 جون کو ہی ہوگا۔

    وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ ہمارے اساتذہ و دفتری عملے، طلبہ و طالبات کے سرپرستوں نے تعلیمی سال کو کامیاب بنانے میں قابل قدر کردار ادا کیا۔ اس پر وزارت سب کی شکر گزار ہے۔

  • ٹیکسس حملہ: مجرم نے سوشل میڈیا پر کیا لکھا تھا؟

    ٹیکسس حملہ: مجرم نے سوشل میڈیا پر کیا لکھا تھا؟

    امریکی ریاست ٹیکسس کے شہر یووالڈی کے روب ایلیمنٹری سکول میں 24 مئی کو کم از کم 19 بچوں اور 2 اساتذہ کو ہلاک کرنے والے 18 سالہ حملہ آور کا نام سلواڈور راموس بتایا گیا ہے۔

    ریاست کے گورنر گریگ ایبٹ نے راموس کو برائی کا چہرہ قرار دیا، جنہیں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے موقعے پر ہی گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

    ٹیکسس کے سینیٹر رولینڈ گٹیریز نے صحافیوں کو بتایا کہ نوجوان نے حملے سے قبل سوشل میڈیا پر اشارہ دیا تھا کہ وہ حملہ کر سکتے ہیں۔

    گورنر ایبٹ کے مطابق راموس نے فیس بک پر لکھا کہ میں ایک ایلیمنٹری اسکول میں فائرنگ کرنے جا رہا ہوں، تاہم فیس بک نے اس دعوے پر اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیغامات نجی ون ٹو ون ٹیکسٹ میسجز تھے، جو خوفناک سانحے کے بعد سامنے آئے تھے۔

    18 سالہ نوجوان نے منگل کی دوپہر اسکول میں فائرنگ سے قبل فیملی ٹرک چوری کرنے اور ایلیمنٹری اسکول جانے سے پہلے اپنی نانی کے چہرے کو بھی گولی سے نشانہ بنایا۔ زخمی خاتون نے خود پولیس کو کال کی، جس کے بعد انہیں تشویش ناک حالت میں ہسپتال لے جایا گیا۔

    خیال کیا جاتا ہے کہ راموس اس کے بعد اسکول کے باہر مذکورہ ٹرک چھوڑ کر اندر داخل ہو گئے، پولیس اپ ڈیٹس کے مطابق اسکول کھلا ہوا تھا اور حملہ آور کو روکنے کے لیے کوئی پولیس افسر موجود نہیں تھا۔

    ٹیکسس کے حکام نے بدھ کو ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ہلاک ہونے والے 21 افراد کے علاو راموس کے حملے میں مزید 17 افراد زخمی بھی ہوئے۔ ان سب کو سنگین زخم نہیں آئے اور ان کی زندگیاں خطرے سے باہر ہیں۔

    راموس نے اپنی اٹھارویں سالگرہ کے موقع پر 2 رائفلیں قانونی طور پر خریدیں جن میں سے ایک انہوں نے فائرنگ کے واقعے میں استعمال کی۔

    راموس کے دوستوں اور رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ انہیں اسکول میں بلی یعنی تنگ کیا جاتا تھا۔ وہ غصے میں اپنا چہرہ نوچ لیتے، مختلف لوگوں پر بی بی گن (کھلونا بندوق) سے فائر کرتے اور مہلک حملے سے قبل کئی سالوں تک کاروں پر انڈے پھینکتے رہے۔

    خاندان اور دوستوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ان کی گھریلو زندگی مشکلات کا شکار تھی۔ بچپن میں بولنے میں ہکلانے پر انہیں تنگ کیا جاتا تھا۔ انہوں نے حال ہی میں اور کئی سالوں کے دوران اپنے دوستوں، اجنبیوں اور اپنی والدہ تک کے ساتھ پرتشدد برتاؤ کا مظاہرہ کیا تھا۔

  • اسکولوں میں گرمی کی چھٹیاں کب سے ہوں گی؟

    اسکولوں میں گرمی کی چھٹیاں کب سے ہوں گی؟

    لاہور: پنجاب میں محکمہ تعلیم نے گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی محکمہ تعلیم پنجاب نے یکم جون سے اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    محکمہ تعلیم نے بچوں کو گرمی کی چھٹیوں کا کام 31 مئی تک دینے کی ہدایت جاری کر دی، پہلی سے آٹھویں جماعت کے نتائج کا اعلان بھی 31 مئی سے قبل کیا جائے گا۔

    محکمہ تعلیم کے مطابق گرمی کی چھٹیوں کا سلسلہ 31 جولائی تک جاری رہے گا، سرکاری اسکولوں کے بچوں کو نیا سلیبس گرمی کی چھٹیوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

    چھٹیوں کے بعد یکم اگست سے نیا تعلیمی سال شروع ہوگا، ذرائع کا کہنا ہے کہ گرمی کی چھٹیوں کا نوٹفیکیشن آئندہ ہفتہ جاری ہونے کا امکان ہے۔