Tag: اسکول

  • 12 سال سے زائد عمر کے طلبہ کی کرونا ویکسینیشن لازمی قرار

    12 سال سے زائد عمر کے طلبہ کی کرونا ویکسینیشن لازمی قرار

    اسلام آباد: ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں‌ 12 سال سے زائد عمر کے طلبہ کی کرونا ویکسینیشن لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق این سی او سی نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں کرونا ٹیسٹنگ مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے دوران بارہ سال سے زائد عمر کے تمام طالب علموں کی ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے گا۔

    این آئی ایچ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں، آئندہ دو ہفتوں میں تعلیمی اداروں میں کرونا ٹیسٹنگ شروع کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق کرونا ٹیسٹنگ میں زیادہ شرح والے تعلیمی ادارے ایک ہفتہ بند رکھے جائیں گے، اور 12 سال سے زائد عمر کے طلبہ کی کرونا ویکسینیشن لازمی ہوگی، جس کا آغاز یکم فروری سے ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں 100 فی صد طلبہ کی ویکسینیشن یقینی بنائی جائے گی، اور ویکسینیشن سے استثنیٰ کے لیے طلبہ کو میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا، جب کہ ویکسینیشن نہ کرانے والے طلبہ تعلیمی سہولتوں سے محروم رہیں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، کراچی یومیہ شرح میں بدستور سرفہرست ہے، کراچی میں کرونا مثبت آنے کی شرح تقریباً 39 فی صد ہو گئی ہے، گوجرانوالہ میں شرح 15، حیدر آباد میں 14، لاہور میں تقریباً 13 فی صد،اسلام آباد میں 9، راولپنڈی میں 7.6 اور پشاور میں 7.24 فی صد رہی۔

    این سی او سی کے مطابق سندھ میں شرح ساڑھے 18 فی صد، پنجاب میں 5، آزاد کشمیر میں 3، بلوچستان میں ڈھائی فی صد رہی، جب کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر کرونا مثبت آنے کی شرح ساڑھے 9 فی صد ہو گئی ہے۔

  • محکمہ صحت سندھ کا اسکولوں میں کرونا کے نمونے اکھٹے کرنے کا فیصلہ

    محکمہ صحت سندھ کا اسکولوں میں کرونا کے نمونے اکھٹے کرنے کا فیصلہ

    کراچی: محکمہ صحت سندھ نے اسکولوں میں کرونا کے نمونے اکھٹے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے محکمہ صحت نے اسکولوں میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح معلوم کرنے کے لیے کرونا کے لیے نمونے اکھٹے کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    محکمہ صحت سندھ کی جانب سے اس سلسلے میں تمام ڈی ایچ اوز کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ہر ضلع کے اسکولوں سے 100 سیمپل اکٹھے کیے جائیں گے۔

    حاصل شدہ کرونا سیمپل ڈاؤ اسپتال کی کرونا لیب بھیجے جائیں گے، جہاں ان کا ٹیسٹ کیا جائے گا اور پھر نتائج سے محکمہ صحت سندھ ٹاسک فورس کو آگاہ کیا جائے گا۔

    محکمہ صحت کے مطابق کرونا کیسز کی شرح کے پیش نظر اسکول بند یا کھلے رکھنے کا فیصلہ ہوگا، بتایا گیا ہے کہ اسکول کھلے یا بند رکھنے کا فیصلہ سندھ کرونا ٹاسک فورس کرے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کرونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا تھا کہ صوبے بھر میں اسکول فی الوقت کھلے رہیں گے اور تعلیمی سلسلہ جاری رہے گا۔

    سندھ ٹاسک فورس کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو سرکاری افسران فیس ماسک کے استعمال کو یقینی نہیں بنائیں گے ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا، اجلاس میں تجویز دی گئی کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری افسران کی ایک دن کی تنخواہ کاٹی جائے۔

  • سعودی عرب کے اسکولوں میں نرسز کیوں تعینات کی جارہی ہیں؟

    سعودی عرب کے اسکولوں میں نرسز کیوں تعینات کی جارہی ہیں؟

    ریاض: سعودی عرب کے اسکولوں میں نرسز کی تعیناتی کا عمل شروع کردیا گیا، ابتدائی طور پر مشرقی ریجن کے اسکولوں میں نرسز تعینات کی جارہی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں مشرقی ریجن کے تمام اسکولوں میں نرسوں کی تعیناتی کا پروگرام جاری کیا گیا ہے، پروگرام کے پہلے مرحلے میں ریجن کے 28 اسکولوں میں میل و فی میل نرسز متعین کی جائیں گی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مشرقی ریجن کے اسکولوں میں اس وقت تقریباً 4 لاکھ طلبہ ہیں، اس اعتبار سے ہر ایک ہزار طالبہ پر ایک نرس کو متعین کیا جائے گا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق نرسوں کی تعیناتی کے پروگرام سے قبل تمام اسکولوں میں ہیلتھ کیئر کے حوالے سے ایک اسامی موجود تھی جبکہ نرسوں کی تعیناتی نہیں ہوتی تھی۔

    ابتدائی طور پر مشرقی ریجن میں تجرباتی بنیادوں پر اسکولوں میں طبی خدمات انجام دینے کے لیے ہیلتھ کلینک میں نرس کو متعین کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری طبی امداد مہیا کی جا سکے۔

    مشرقی ریجن میں تجرباتی طور پر نرسوں کی تعیناتی کاپ روگرام کامیاب ہونے کے بعد اسے دیگر علاقوں میں بھی نافذ کیا جائے گا۔

  • اسکولوں میں اب ڈی اور ایف گریڈ نہیں دیا جائے گا

    اسکولوں میں اب ڈی اور ایف گریڈ نہیں دیا جائے گا

    امریکی ریاست کیلیفورنیا میں اسکول کے طالب علموں کے لیے گریڈنگ کے نظام میں تبدیلی کر کے ڈی اور ایف گریڈ کو ختم کیا جارہا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق کیلی فورنیا کے بڑے اسکولوں نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ طلبا و طالبات کو امتحانی نتائج میں ڈی اور ایف گریڈ دینے کا عمل بتدریج کم کر کے اسے بالکل ختم کردیا جائے گا۔

    لاس اینجلس، سایٹا اینا، اوکلینڈ یونیفائڈ، سیکریمنٹو سٹی یونیفائید، اور دیگر اسکول ڈسٹرکٹ نے مل کر فیصلہ کیا ہے کہ پہلے مرحلے میں ڈی اور ایف گریڈ کو بتدریج کم کیا جائے گا۔

    دوسری جانب ناکام ہونے یا ٹیسٹ نہ کرنے والے بچوں کو ایک موقع اور دیا جائے گا یا اضافی وقت ملے گا۔

    اپنا ٹیسٹ یا اسائنمنٹ مکمل نہ کرنے والے بچوں کی رپورٹ پر نامکمل کے الفاظ تحریر کیے جائیں گے، نئے فیصلے کا مقصد قابلیت پرمبنی تعلیم کو بڑھانا ہے جس میں بچوں سے ٹیسٹ کے بجائے جو کچھ سیکھا ہے وہ معلوم کیا جائے گا۔

    ماہرین کا خیال ہے کہ اس طرح وبا میں دو سال تک گھر پر رہ کر پڑھنے والے بچوں کو دوبارہ تعلیم کی جانب راغب کیا جاسکے گا۔

    تدریس کے درست اکتساب سے بچے یہ جان سکیں گے کہ انہیں کیا کچھ آتا ہے اور کیا کچھ نہیں معلوم، پھر استاد ان کی مدد کرسکتے ہیں۔

    لیکن اس طریقے پر بہت تنقید بھی کی جارہی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ طلبا و طالبات کی اصل کارکردگی کے متعلق یہ ایک جھوٹ ہوگا۔

    ناقدین کے مطابق برے گریڈ کا ایک مقصد ہوتا ہے جس سے طالب علموں کو بتایا جاتا ہے کہ ان کے پڑھنے اور سیکھنے میں کیا کچھ خامیاں ہیں۔ دوسرے گروہ کے مطابق گریڈنگ کا نظام فرسودہ ہے اور فیل دکھانے والے گریڈ طلبا و طالبات کی مدد کی بجائے ان کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں۔

    تاہم گریڈ ختم کرنے والوں کا مؤقف ہے کہ یہ نظام بہت چھوٹی عمر کے طلبا و طالبات کے لیے متعارف کروایا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: اسکولوں میں پہلے سمسٹر کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان

    سعودی عرب: اسکولوں میں پہلے سمسٹر کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب کے تمام سرکاری، نجی اور انٹرنیشنل اسکولوں میں پہلے سمسٹر کے امتحانات کا آغاز 17 نومبر سے ہوگا، مڈل اور ہائی اسکولوں کے طلبہ کے پریکٹیکل امتحانات اتوار 14 نومبر سے ہوں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت تعلیم نے تمام سرکاری، نجی اور انٹرنیشنل اسکولوں میں پہلے سمسٹر کے امتحان کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ تمام تعلیمی مراحل کے اسکولوں میں امتحان کا آغاز 17 نومبر سے ہوگا۔

    شیڈول کے مطابق مڈل اور ہائی اسکولوں کے طلبہ کے پریکٹیکل امتحان اتوار 14 نومبر سے ہوں گے۔

    وزارت کا کہنا تھا کہ پریکٹیکل امتحان کی مدت 3 دن ہوگی اور یہ آن لائن لیے جائیں گے۔ پرائمری کے طلبہ کے تمام امتحان آن لائن ہوں گے اور تمام اسکولوں میں ان کا آغاز 4 بجے عصر کے بعد ہوگا۔

    وزارت کے مطابق مڈل اور ہائی اسکول کے وہ طلبہ جن کی عمریں 12 سال سے زیادہ ہیں اور جنہوں نے ویکسین کی 2 خوراکیں لے رکھی ہیں وہ امتحان دینے کے لیے اسکولوں میں حاضر ہوں گے۔

    وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے اسکول انتظامیہ حاضری کا شیڈول مقرر کرے گی جس میں طے شدہ وقت پر طلبہ حاضری دیں گے نیز اس بات کا خیال رکھا جائے گا کہ ایک دن میں دو سے زیادہ مضامین کا امتحان نہ ہو۔

    مڈل اور ہائی اسکولوں کے وہ طلبہ جنہوں نے ویکسین کی خوراکیں مکمل نہیں کیں یا جن کی عمریں 12 سال سے کم ہیں ان کا امتحان آن لائن ہوگا۔ تمام اسکولوں میں امتحانات کے نتائج کا اعلان جمعرات 25 نومبر کو ہوں گے۔

  • اسکول نے اسکوئڈ گیم دیکھنے والے بچوں کے والدین کو خبردار کردیا

    اسکول نے اسکوئڈ گیم دیکھنے والے بچوں کے والدین کو خبردار کردیا

    امریکی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر اس وقت جنوبی کورین سیریز اسکوئڈ گیم چھائی ہوئی ہے، تاہم اس سیریز کی وجہ سے بچوں میں پرتششد رجحانات فروغ پانے کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    انگلینڈ میں ایک اسکول نے والدین کو خط لکھا ہے اور اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ اسکوئڈ گیم دیکھنے والے بچے اسی سیریز کی طرز پر کھیلنے لگے ہیں جس میں بچے فرضی طور پر ایک دوسرے کو گولیاں مارتے ہیں۔

    خط میں والدین کو مخاطب کر کے کہا گیا کہ ہمارے علم میں آیا ہے کہ بچوں کی اکثریت نے نیٹ فلکس پر ویب سیریز اسکوئڈ گیم دیکھی ہے، ہم نے نوٹس کیا ہے بچے اسکول کے دوران اسی طرز کے کھیل کھیلنے لگے ہیں جس کے باعث دوستوں میں لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی سامنے آرہے ہیں۔

    اسکول انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ سیریز میں پرتشدد مناظر دیکھنے کے بعد بچے بھی اسکول میں ایسے ہی رویے کا مظاہرہ کرنے لگے ہیں جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    خط میں کہا گیا کہ پرتشدد مناظر کی وجہ سے ہی اس سیریز کو 15 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے مخصوص کیا گیا ہے، یہ پرائمری اسکول کے بچوں کے لیے ہرگز موزوں پروگرام نہیں ہے۔

    اسکول کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ایسے بچے جو اس سیریز کی طرز پر کھیلتے ہوئے اور پرتشدد رویہ اپناتے ہوئے پائے گئے ان کے والدین کو طلب کیا جائے گا اور ضروری کارروائی کی جائے گی۔

    خط میں کہا گیا کہ یہ اقدام بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ کورین ویب سیریز اسکوئڈ گیم اس وقت دنیا بھر میں مقبول ہوچکی ہے اور یہ جلد ہی نیٹ فلکس کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز بننے جارہی ہے۔

  • اسکول سے واپس آئے بچوں پر قیامت ٹوٹ پڑی

    اسکول سے واپس آئے بچوں پر قیامت ٹوٹ پڑی

    نئی دہلی: بھارت میں ایک گھر میں ہونے والی ڈکیتی اس وقت خونریز واردات میں بدل گئی جب ڈاکوؤں نے گھر میں موجود خاتون کو قتل کردیا، بچے اسکول سے گھر لوٹے تو ماں کو مردہ حالت میں پا کر ان پر قیامت ٹوٹ پڑی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ واقعہ غازی آباد میں پیش آیا جہاں 35 سالہ خاتون اپنے 3 سالہ بیٹے کے ساتھ گھر پر اکیلی تھی۔ ان کا شوہر کام پر گیا ہوا تھا جبکہ 13 سالہ بیٹی اور 10 سالہ بیٹا اسکول گئے ہوئے تھے۔

    دن میں کسی وقت ڈکیت گھر میں داخل ہوئے اور خاتون اور بچے کو یرغمال بنا کر گھر میں موجود 70 ہزار روپے مالیت کے زیورات اور 50 ہزار روپے نقد اپنے ساتھ لے گئے، خاتون نے ممکنہ طور پر مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    بچے جب اسکول سے گھر پہنچے تو انہوں نے ماں کو بے حس و حرکت صوفے پر پڑا ہوا پایا جبکہ چھوٹا بھائی فرش پر بیٹھا رو رہا تھا۔

    خاتون کے شوہر دلشاد کو پڑوسی کی جانب سے فون کیا گیا جس کے بعد وہ فوری طور پر گھر پہنچا۔

    دلشاد نے پولیس کو بتایا کہ اس نے قرض کی واپسی کے لیے کچھ رقم گھر میں جمع کر رکھی تھی جو ڈاکو اپنے ساتھ لے گئے۔

    پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی، اب تک پولیس آس پاس کے 30 سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرچکی ہے لیکن تاحال کوئی سراغ نہیں ملا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے ممکنہ طور پر خاتون کے منہ پر تکیہ رکھا اور دم گھٹنے سے ان کی موت واقع ہوئی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے جس سے مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

  • پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا 31 اکتوبر سے اسکول بحال کرنے کا اعلان

    پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا 31 اکتوبر سے اسکول بحال کرنے کا اعلان

    اماراتی ریاست شارجہ کی پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے اکتیس اکتوبر سے اسکولوں میں تدریسی عمل مکمل طور پر بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی شارجہ میں دیگر ریاستوں کی طرح تدریسی عمل آن لائن کردیا گیا تھا تاکہ بچوں کو صحت کو محفوظ رکھا جاسکے۔

    وبائی صورتحال پر قابو پانے کے بعد شارجہ کی پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ 31 اکتوبر سے تعلیمی اسکولوں میں بحال ہوجائے گا۔

    انتظامیہ نے والدین اور اسکولوں پر زور دیا کہ وہ اسکولوں میں محفوظ تعلیم اور بچوں کی مکمل واپسی میں مدد کریں۔

    پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی حکام نے کہا کہ آن لائن تعلیم کے نتائج غیرتسلی بخش ہیں جس پر قابو کےلیے اسکولوں میں مکمل طور پر واپسی بے حد ضروری ہے۔

    اتھارٹی نے فیصلہ اسکولوں میں بچوں کی مکمل واپسی کا فیصلہ شارجہ کمیٹی آف کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر منجمنٹ کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

  • متحدہ عرب امارات میں اسکول دوبارہ کھولنے کے لیے مرحلہ وار نظام متعارف

    متحدہ عرب امارات میں اسکول دوبارہ کھولنے کے لیے مرحلہ وار نظام متعارف

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں ابو ظہبی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی نے ویکسی نیشن لگوانے کی شرح کی بنیاد پر اسکول دوبارہ کھولنے کے لیے ایک نیا مرحلہ وار نظام متعارف کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق کمیٹی نے کرونا ایس او پیز میں نرمی اور معمول کے آپریشنز بحال کرنے کے لیے ویکسی نیشن لگوانے کی شرح کی بنیاد پر بلیو اسکول اقدام کی منظوری دی ہے۔

    اس پر عملدر آمد رواں تعلیمی سال کے دوسرے سیشن سے کیا جائے گا، جن اسکولوں کے طلبہ اور عملے میں ویکسی نیشن کی شرح زیادہ ہوگی انہیں بتدریج ایس او پیز میں نرمی کی اجازت دی جائے گی۔

    ان میں سماجی فاصلے کے تقاضوں میں کمی، ماسک کے پروٹوکول میں نرمی، کلاسوں اور اسکول ٹرانسپورٹ کی گنجائش میں اضافہ اور غیر نصابی سرگرمیوں کی بحالی جن میں اسکولوں کے اندر ایونٹس اور فیلڈ ٹرپ شامل ہیں۔

    نئے اقدام کے تحت اسکولز کو چار زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

    پہلے زمرے میں اورنج سکول جہاں 50 فیصد سے کم طلبہ کو ویکسین لگی ہے، یلو اسکول جن کے 50 سے 60 فیصد طلبہ کو ویکسین لگی ہے، گرین اسکول جہاں 65 سے 84 فیصد طلبہ کو ویکسین لگی ہے اور بلیو اسکول جہاں 85 فیصد سے زائد طلبہ کو کو ویکسین لگی ہے۔

  • ننھے ریچھ کو سلائیڈنگ سکھاتی ماں کی ویڈیو وائرل

    ننھے ریچھ کو سلائیڈنگ سکھاتی ماں کی ویڈیو وائرل

    سوشل میڈیا پر جانوروں کی مختلف ویڈیوز سامنے آتی رہتی ہیں جن میں وہ کبھی شرارتیں کرتے اور کبھی کھیلتے کودتے دکھائی دیتے ہیں، ایسی ہی مادہ ریچھ اور اس کے بچے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ریچھنی اپنے بچے کو سلائیڈ لینا سکھا رہی ہے۔

    یہ ویڈیو امریکی ریاست شمالی کیرولینا کے ایک اسکول کے پلے گراؤنڈ میں ریکارڈ کی گئی جہاں پلے گراؤنڈ خالی دیکھ کر ریچھنی اپنے بچے کو لے کر وہاں داخل ہوگئی۔

    ریچھنی نے پہلے خود بڑی سلائیڈ پر جھول کر بچے کو بتایا اس کے بعد اسے چھوٹی سلائیڈ سے آنے کی ترغیب دینے لگی۔ جب ننھا ریچھ وہاں سے جھول کر نیچے آگیا تو ماں نے اسے سینے سے لگا لیا۔

    اس دوران دونوں خوشی سے چلاتے بھی رہے۔

    اسکول کے اندر موجود ٹیچرز نے یہ سارا واقعہ اپنے موبائل فونز میں ریکارڈ کرلیا، وہ اس منظر کو دیکھ کر بے حد خوش اور حیران تھے۔

    بعد ازاں اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے ٹیچرز نے کہا کہ اس وقت اسکول بچوں سے خالی تھا، اگر اس وقت اسکول میں بچے ہوتے تو وہ حفاظتی اقدامات کرنے کو ترجیح دیتے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو پر صارفین نے بھی مسرت آمیز حیرت کا اظہار کیا۔