Tag: اسکول

  • پیدل چل کر ملازمت پر آنے والے اسکول چوکیدار کو تحفے میں کار مل گئی

    پیدل چل کر ملازمت پر آنے والے اسکول چوکیدار کو تحفے میں کار مل گئی

    امریکا میں ایک اسکول کے چوکیدار کو اس وقت نہایت حیرت کا سامنا ہوا جب اسکول کے عملے نے اسے ایک کار تحفے میں دی، چوکیدار روزانہ گھر سے پیدل اپنی ملازمت پر آیا کرتا تھا۔

    امریکا کی مختلف ریاستوں میں اسکول دوبارہ سے کھولے جارہے ہیں اور اسکولوں کا عملہ واپس ملازمتوں پر آرہا ہے۔ ایسے ہی ایک اسکول میں ایک معاشی طور پر پریشان ملازم کو اس وقت حیرت کا شدید جھٹکا لگا جب اسے ایک گاڑی گفٹ کی گئی۔

    کرس جیکسن نامی یہ ملازم روزانہ اپنے گھر سے ایک گھنٹے کی مسافت طے کر کے اسکول پہنچتا تھا اور شدید معاشی مشکلات کا شکار تھا۔

    اسکول کے تمام ملازمین کو اس کی پریشانی کا احساس تھا لہٰذا سب نے رقم جمع کی اور اس ملازم کو ایک گاڑی تحفے میں دی جسے دیکھ کر وہ نہایت خوش ہوا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیکسن کو اس تحفے کا یقین نہیں آیا۔

    اسکول کے ملازمین نے پیسے جمع کر کے صرف گاڑی ہی نہیں خریدی بلکہ جیکسن کے دیگر اخراجات کی رقم بھی اسے دی۔

    اسکول کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جیکسن مشکل حالات کا سامنا کر رہا ہے اس کے باوجود اس کے چہرے سے ہنسی غائب نہیں ہوئی، وہ نہایت خوش اخلاق ہے اور بچے بھی اسے بے حد پسند کرتے ہیں۔

    سوشل میڈیا صارفین نے بھی اسکول کے تمام عملے کے اس اقدام کی تعریف کی اور انہیں بے حد سراہا۔

  • خالی اسکول کے اندر گیند لینے جانے والا 4 سالہ بچہ زیادتی کا شکار

    خالی اسکول کے اندر گیند لینے جانے والا 4 سالہ بچہ زیادتی کا شکار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 4 سالہ بچے کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا، بچہ خالی اسکول کے اندر گیند لینے گیا تھا جہاں چوکیدار کے بیٹے نے اس کے ساتھ زیادتی کی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں 4 سالہ بچے سے زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے، بچہ کھیل کے دوران اسکول میں جانے والی گیند لینے اندر گیا تھا۔ واقعہ نجی اسکول میں پیش آیا۔

    متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، والد کا کہنا ہے کہ وہ اسکول کے قریب کرائے کے گھر میں رہتے ہیں، میرا بیٹا دیگر بچوں کے ساتھ کھیل رہا تھا۔

    والد کے مطابق اسی دوران گیند اسکول کے اندر گئی تو بیٹا لینے اندر چلا گیا جہاں اسکول چوکیدار کے بیٹے نے بچے کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    پولیس نے بچے سے زیادتی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

  • اس سال اسکولوں میں گرمی کی چھٹیاں ہوں گی یا نہیں؟

    اس سال اسکولوں میں گرمی کی چھٹیاں ہوں گی یا نہیں؟

    اسلام آباد: پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے رواں سال موسم گرما کی چھٹیاں نہ دینے کا فیصلہ کرلیا، فیڈریشن کی طرف سے کہا گیا ہے کہ گرمی کے باعث طلبا اسکول یونیفارم کے بجائے دیگر کپڑوں میں اسکول آسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے رواں سال بچوں کو موسم گرما کی چھٹیاں نہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔

    چیئرمین فیڈریشن کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں موسم گرما کی تعطیلات نہیں ہوں گی، اسکول کے اوقات کار صبح 7 سے 11 بجے ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ گرمی کے باعث طلبا اسکول یونیفارم کے بجائے دیگر کپڑوں میں اسکول آسکتے ہیں، آن لائن تعلیم کی سہولت رکھنے والے اسکولز آن لائن کلاسز کا انعقاد کریں گے۔

    یاد رہے کہ کرونا وبا کے باعث گزشتہ برس بھی تعلیمی نظام چوپٹ رہا اور تمام کلاسز کے بچوں کو بغیر امتحانات پاس کردیا گیا۔ رواں برس بھی مختلف صوبے امتحانات کی حکمت عملی طے کر رہے ہیں۔

  • سندھ میں تمام کلاسز اسی ماہ شروع کرنے کا اعلان

    سندھ میں تمام کلاسز اسی ماہ شروع کرنے کا اعلان

    کراچی: صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے صوبے میں تدریسی عمل کے دوبارہ آغاز کی تاریخوں کا اعلان کردیا، سندھ کرونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں اس کی منظوری دے دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسز میں تدریسی عمل منگل 15 جون سے شروع کردیا جائے گا۔

    صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کی صورتحال بہتر رہی تو پرائمری تا پانچویں تک کی کلاسز میں تدریسی عمل 21 جون سے شروع کردیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کرونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں اس کی منظوری دے دی گئی ہے، اس وقت گو کہ کراچی اور حیدر آباد میں کرونا متاثرین کی تعداد 5 فیصد سے زائد ہے تاہم جس تیزی سے ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے اس سے صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہم نے گزشتہ ہفتے کلاس نویں تا انٹر تک تدریسی عمل شروع کردیا ہے اور انشا اللہ منگل 15 جون سے کلاس چھٹی تا آٹھویں تک تدریسی عمل کا آغاز کردیا جائے گا جبکہ ایک ہفتے تک صورتحال کا مزید جائزہ لے کر 21 جون سے تمام چھوٹی کلاسز میں بھی تدریسی عمل کا آغاز کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اس دوران تمام کلاسز میں ایس او پیز کے تحت حاضری کا تناسب 50 فیصد ہوگا جبکہ اسکولز کے تمام عملے کو ویکسی نیشن کروانا لازمی ہوگی۔

  • پختونخوا کے مزید شہروں میں اسکول بند کرنے کا فیصلہ

    پختونخوا کے مزید شہروں میں اسکول بند کرنے کا فیصلہ

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا میں مزید 6 اضلاع کے اسکول بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، مجموعی طور پر 16 اضلاع میں تعلیمی سرگرمیاں 11 اپریل تک معطل رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے محکمہ تعلیم نے مزید 6 اضلاع میں اسکول بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی کا کہنا ہے کہ اسکول بند کرنے کا فیصلہ کرونا وائرس کیسز میں اضافے کی وجہ سے ہوا، مذکورہ اضلاع میں خیبر، شانگلہ، باجوڑ، ایبٹ آباد، اپر دیر اور ہری پور شامل ہیں۔

    شہرام ترکئی کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 16 اضلاع میں تعلیمی سرگرمیاں 11 اپریل تک معطل رہیں گی۔

    اس سے قبل کرونا وائرس کے 5 فیصد مثبت کیسز پر متاثرہ اضلاع میں اسکولوں کو بند کیا گیا تھا۔

    ان اضلاع میں پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، مالا کنڈ، سوات اور لوئر دیر شامل تھے جنہیں 28 مارچ تک بند کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی تیسری لہر خطرناک ثابت ہورہی ہے، صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ساڑھے 4 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    اب تک ملک میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 6 لاکھ 59 ہزار 116 ہوچکی ہے جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 46 ہزار 663 ہے۔

    ملک میں وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہزار 256 ہوچکی ہے جبکہ اب تک 5 لاکھ 98 ہزار 197 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

    کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کے پیش نظر صوبہ پنجاب میں مکمل طور پر لاک ڈاؤن نافذ کیا جاچکا ہے۔

  • پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن ہٹ دھرمی پر اتر آئی

    پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن ہٹ دھرمی پر اتر آئی

    اسلام آباد: وفاقی حکومت کے اسکول بند کرنے کے اعلان کے بعد آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن ہٹ دھرمی پر اتر آئی، فیڈریشن نے لانگ مارچ کرنے کی بھی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے پنجاب، خیبر پختونخواہ اور آزاد کشمیر کے مخصوص علاقوں میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رکھنے کے اعلان کے بعد آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن ہٹ دھرمی پر اتر آئی۔

    فیڈریشن نے اسکولز بند کرنے سے انکار کر دیا۔ فیڈریشن کے سربراہ کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ اسکولز مزید 11 اپریل تک بند نہیں ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ تادیبی کاروائیاں بند نہ ہوئیں تو لانگ مارچ ہوگا، ڈبل شفٹ میں 50 فیصد حاضری کے ساتھ کلاسز میں تدریس جاری رہے گی، طلبا، اساتذہ و اسٹاف کی ویکسی نیشن ترجیحی بنیادوں پر کی جائے۔

    کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ حکومتی و سیاسی اجتماعات کرونا وائرس پھیلاؤ کی اصل وجہ ہیں انہیں فوری بند کیا جائے۔ وزیر اعظم، چیف جسٹس، آرمی چیف اور این سی او سی غیر قانونی سیاسی اجتماعات رکوائیں اور تعلیمی سلسلہ بحال رکھا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ سب کھلا ہے تو اسکولز مزید بند نہیں ہوں گے، مائیکرو لاک ڈاؤن کا آپشن استعمال کیا جائے۔ طلبا کا مزید تیسرا سال ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

    کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ یونیسف کے مطابق اسکولز کی بندش سے 4 کروڑ پاکستانی طلبا کی تعلیم مستقل متاثر ہوئی ہے، آن لائن تعلیم فلاپ ہوچکی ہے، آن لائن تعلیم کی سہولت ملک بھر میں محض 2 فیصد طلبا کو میسر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تعلیمی لاک ڈاؤن کے باعث 5 کروڑ طلبا کے تعلیمی نقصان کا ازالہ ناممکن ہے، ڈھائی کروڑ پاکستانی بچے پہلے ہی اپنے آئینی حق سے محروم ہیں۔

    فیڈریشن صدر کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ، یونیسف، یونیسکو اور عالمی بنک ایڈوائزری کے مطابق کرونا وائرس میں بھی اسکولز کھلے رکھے جائیں، بند کرنے سے نقصانات زیادہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نجی اسکولز کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، بندش سے 10 ہزار اسکولز مکمل بند اور 7 لاکھ استاد بے روزگار ہوچکے ہیں۔

  • پختونخواہ کے کن شہروں میں اسکول بند کیے جارہے ہیں؟

    پختونخواہ کے کن شہروں میں اسکول بند کیے جارہے ہیں؟

    پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا ہے کہ پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، مالا کنڈ، سوات اور لوئر دیر میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد اسکول بند کیے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے جلد از جلد رمضان پیکج کی تیاری کی ہدایت کی ہے، اجلاس میں سب سے زیادہ توجہ تعلیم، صحت اور گڈ گورننس پر رہی۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ این ٹی ایس کے ٹیسٹ دوبارہ منعقد کروائے جائیں گے، ٹیسٹ مشاورت کے بعد منعقد کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 5 فیصد کرونا کیسز پر متاثرہ اضلاع میں اسکولوں کو بند کیا جائے گا، متاثرہ اضلاع میں اسکول بند کیے جا رہے ہیں جو 28 مارچ تک بند رہیں گے۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ اضلاع میں پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، مالا کنڈ، سوات اور لوئر دیر شامل ہیں، 28 مارچ کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

  • پنجاب کے بیسک ہیلتھ یونٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ

    پنجاب کے بیسک ہیلتھ یونٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے 24 سو بیسک ہیلتھ یونٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سے قبل صوبے کے متعدد سرکاری اسکولوں کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کیا جاچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ملاقات ہوئی، وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 11 ہزار پرائمری اسکولز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

    وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ بی ایچ یوز کو سولر پینل پر منتقل کرنے کا اقدام قابل تعریف ہے۔

    اختر ملک نے کہا کہ مختلف اسپتالوں کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کرنے جا رہے ہیں، تمام اداروں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا مقصد بجلی کی بچت ہے۔

    اس سے قبل صوبہ سندھ میں بھی کرونا ایمرجنسی سینٹرز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

    صوبائی وزیر برائے توانائی امتیاز شیخ نے کہا تھا کہ سندھ حکومت نے بجلی کی قلت اور بحران سے نکلنے کے لیے کرونا ایمرجنسی سینٹرز کو سولرائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انہوں نے بتایا تھا کہ پہلے مرحلے میں صوبے کے مختلف اضلاع میں موجود 29 اسپتالوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا، جس پر 1.2 ارب روپے لاگت آئے گی، یہ منصوبہ مارچ 2021 تک مکمل ہوجائے گا۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اگلے مرحلے میں صوبے میں قائم دیگر اسپتالوں کو بھی سولرائز کیا جائے گا۔

  • لڑکیوں کے اسکول کو روشنی سے منور کرنے والی قندیل

    لڑکیوں کے اسکول کو روشنی سے منور کرنے والی قندیل

    کراچی: صوبہ خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والی قندیل رحمٰن لڑکیوں کے لیے امید کی کرن بن گئیں، ان کی تنظیم اب تک کئی اسکولوں میں شمسی توانائی کے ذریعے بجلی کی سہولت فراہم کرچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر کوہاٹ سے تعلق رکھنے والی قندیل رحمٰن کم عمر لڑکیوں کے لیے امید کی کرن بن گئیں۔ قندیل کی تنظیم سولر فار ہر لڑکیوں کے اسکولوں کو روشنی سے منور کر رہی ہے۔

    یہ تنظیم پسماندہ علاقوں میں جہاں بجلی کی ناکافی سہولیات ہیں، لڑکیوں کے اسکول میں شمسی توانائی کے ذریعے بجلی فراہم کر رہی ہے۔

    قندیل کا کہنا ہے کہ اب تک وہ 8 اسکولوں کو سولر پینل فراہم کرچکی ہیں جو ہنزہ، اسکردو، مانسہرہ، چمن، قصور اور تھر میں واقع ہیں جبکہ ایک کمیونٹی کالج کو بھی سولر پینل کی سہولیات دی جاچکی ہیں۔

    ان کے مطابق سولر پینلز اور ان کی تنصیب کے اخراجات پبلک فنڈنگ سے پورے کیے جاتے ہیں۔

    قندیل کا کہنا ہے کہ اس سال ان کا ارادہ 30 اسکولوں کو بجلی کی سہولت فراہم کرنا ہے تاہم اس کا انحصار اخراجات پر ہے۔

  • چوری اور سینہ زوری: اسکول کے لڑکوں نے چوری کر کے دکاندار پر حملہ کردیا

    چوری اور سینہ زوری: اسکول کے لڑکوں نے چوری کر کے دکاندار پر حملہ کردیا

    لندن: برطانیہ میں اسکول کے بدقماش لڑکوں نے ایک دکاندار کو تشدد کا نشانہ بنا دیا، دکان دار نے انہیں چیزیں چرانے پر ٹوکا تھا۔

    یہ واقعہ مغربی لندن کے علاقے میں پیش آیا جو سی سی ٹی وی کیمرا میں ریکارڈ ہوگیا۔ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دکاندار دکان میں موجود 4 لڑکوں کا راستہ روکے کھڑا ہے اور ان سے باز پرس کر رہا ہے۔

    اس کے بعد اچانک چاروں لڑکے دکاندار پر حملہ کردیتے ہیں، اسے دھکے دیتے ہیں اور اس کا گریبان پکڑ کر مار پیٹ کرتے ہیں۔ اس دوران کاؤنٹر کے پیچھے کھڑا دوسرا دکاندار ایک بلا لے کر لڑکوں کو دھمکانے کی کوشش کرتا ہے تاکہ وہ وہاں سے چلے جائیں۔

    دونوں فریق گرتے پڑتے دکان سے باہر جاتے ہیں، لڑکے بھاگنے سے قبل ایک بار اور پلٹ کر دکاندار کو لاتوں اور گھونسوں کا نشانہ بنا کر فرار ہوجاتے ہیں۔

    دکان کے قریب سے گزرتے راہگیروں نے دکاندار کو سہارا دیا اور دکان کے اندر پہنچایا۔

    موقع پر موجود ایک شخص کے مطابق دکاندار نے لڑکوں پر الزام لگایا تھا کہ وہ دکان سے چپس اور ڈرنکس چرا رہے ہیں اور ان سے باز پرس کر رہا تھا جس پر مشتعل ہو کر نوجوان لڑکوں نے حملہ کردیا۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال کسی نے انہیں اس ناخوشگوار واقعے کے حوالے سے رپورٹ نہیں کیا لہٰذا وہ کسی کارروائی کے مجاز نہیں۔