Tag: اسکول

  • کراچی: ایک اور اسکول میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ، اسکول بند کردیا گیا

    کراچی: ایک اور اسکول میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ، اسکول بند کردیا گیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک اور اسکول میں کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہونے کے بعد اسکول کو 5 روز کے لیے بند کردیا گیا، کلاسز اور عملے سمیت پوری بلڈنگ کو ڈس انفیکٹ کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع شرقی میں مزید ایک اسکول میں کرونا وائرس کیسز کی رپورٹ کے بعد حکام نے ایکشن لے لیا، ضلع شرقی انتظامیہ نے سچل گوٹھ میں واقع اسکول کو 5 دن کے لیے بند کر دیا۔

    ڈپٹی کمشنر شرقی نے اسکول کی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر کو مراسلہ لکھ دیا۔

    مراسلے میں کرونا کیسز سامنے آنے کے بعد اسکول کو 16 نومبر تک بند رکھنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ 5 دنوں میں کلاسز اور اسٹاف روم سمیت پوری بلڈنگ کو ڈس انفیکٹ کرنے کے انتظامات کیے جائیں، جو طلبہ اور اسٹاف ممبرز اس دوران متاثرہ لوگوں سے ملے ہیں وہ خود کو 14 دن کے لیے قرنطینہ کرلیں۔

    انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام ایس او پیز پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کے بعد ہی اسکول کو کھولا جائے گا۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کی دوسری لہر کے پھیلاؤ کے بعد کوویڈ کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 48 ہزار 184 ہوچکی ہے۔

    ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے مزید 21 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ملک میں مجموعی اموات کی تعداد 7 ہزار 21 ہوگئی۔

    اس وقت اسپتالوں میں زیر علاج اور گھروں میں قرنطینہ فعال کوویڈ کیسز کی تعداد 21 ہزار 98 ہے جبکہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 20 ہزار 65 ہے۔

  • مالی مشکلات کا شکار طلبا فیس کی جگہ ناریل دے سکتے ہیں

    مالی مشکلات کا شکار طلبا فیس کی جگہ ناریل دے سکتے ہیں

    کرونا وائرس نے دنیا بھر کی معیشت کو متاثر کیا ہے، خصوصاً کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات میں بے حد اضافہ کردیا ہے، ایسے میں کچھ ادارے اپنے صارفین کو بھی آسانی فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    انڈونیشیا میں بھی ایسے ہی ایک اسکول نے معاشی مشکلات کا شکار اپنے طلبا سے کہا ہے کہ وہ فیس کی جگہ اسکول کو ناریل کا تحفہ دے سکتے ہیں۔

    انڈونیشین جزیرے بالی میں قائم وینس ون ٹور ازم اکیڈمی کا کہنا ہے کہ طلبا کے لائے ہوئے ناریلوں کو تیل بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

    طلبا سے کہا گیا ہے کہ وہ ناریل کے علاوہ مورنگا کے پتے بھی جمع کروا سکتے ہیں جو ہربل صابن سمیت دیگر اشیا بنانے میں استعمال ہوتے ہیں۔

    اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ناریل اور مورنگا سے بنے تیل اور صابن وغیرہ کو کیمپس میں فروخت کیا جائے گا جس سے اسکول کے اخراجات پورے کیے جائیں گے۔

  • گلگت کے ضلع غذر میں طلبہ میں کرونا وائرس، 8 نجی اسکولز بند

    گلگت کے ضلع غذر میں طلبہ میں کرونا وائرس، 8 نجی اسکولز بند

    گلگت: صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع غذر میں 5 طلبہ میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد ضلعے میں 8 نجی اسکولز بند کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گلگت کے ضلع غذر میں 5 طلبہ میں کرونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے، نئے کرونا کیسز کی تصدیق کے بعد غذر میں 8 نجی اسکولز بند کر دیے گئے ہیں۔

    غذر و گلگت سمیت صوبہ خیبر پختونخواہ میں اب تک کرونا وائرس کے 39 ہزار 649 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    خیبر پختونخواہ سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 35 ہزار 93 ہوچکی ہے۔ صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 سو 23 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

    گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 12 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 6 ہزار 835 ہوگئی۔

    این سی اوسی کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 13 ہزار 242 ہے جبکہ اب تک 3 لاکھ 15 ہزار 16 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • نٹ کھٹ جانور نے اسکول میں ٹیچرز کی دوڑیں لگوا دیں

    نٹ کھٹ جانور نے اسکول میں ٹیچرز کی دوڑیں لگوا دیں

    امریکا میں ایک اسکول میں ایک نٹ کھٹ ریکون نے ٹیچرز کی دوڑیں لگوا دیں، استاد جانور کو پکڑنے کے لیے آنے والے افسر کے ساتھ مل کر اسے پکڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    امریکی ریاست ٹیکسس میں ایک ریکون اسکول کے اندر داخل ہوگیا اور ادھر سے ادھر بھاگ دوڑ کرنے لگا۔

    انتظامیہ نے اسے پکڑنے کے لیے مدد طلب کی تو ایک اینیمل کنٹرول افسر اسے اسکول سے نکالنے کے لیے پہنچ گیا لیکن شرارتی جانور نے اسے تگنی کا ناچ نچا دیا۔

    اسکول کے پرنسپل نے اسکول میں لگے سیکیورٹی کیمرا کی فوٹیج جاری کی جس میں کئی استاد افسر کی مدد کرتے نظر آرہے ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 7 کے قریب ٹیچرز اور کنٹرول افسر ریکون کو پکڑنے کے لیے اسکول کی راہداریوں میں یہاں سے وہاں دوڑ لگا رہے ہیں۔

    ریکون کی رفتار بہت تیز ہے اور وہ کسی کے ہاتھ نہیں آرہا۔ پھر آخر وہ خود ہی ایک کھلے دروازے سے باہر نکل گیا۔

    اس سے قبل ایک بینک میں بھی 2 ریکون چہل قدمی کرتے پائے گئے تھے جو کسی طرح اندر داخل ہوگئے تھے جنہیں بعد میں سیکیورٹی اہلکاروں نے بڑی مشکل سے باہر نکالا۔

  • سعودی عرب نے جنگ زدہ یمن میں اسکول و کالجز کا جال قائم کردیا

    سعودی عرب نے جنگ زدہ یمن میں اسکول و کالجز کا جال قائم کردیا

    ریاض: سعودی عرب یمن کے جنگ زدہ علاقوں میں نئی نسل کی تعلیم و تربیت کے لیے کوشاں ہے، سعودی عرب کی جانب سے یمن میں اسکول و کالجز کا جال قائم کردیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب نے یمن کی تعمیر و ترقی کے پروگرام کے ضمن میں 22 ماڈل اسکول قائم کیے ہیں جو سائنسی لیباریٹریوں سے لیس ہیں۔

    سعودی عرب کی جانب سے کمپیوٹر لیبز قائم کی گئیں، مختلف کھیلوں کے لیے گراؤنڈ بنائے گئے اور طلبہ و طالبات کے لیے اسکول بیگ، اسٹیشنری، کورس کی کتابیں، کرسیاں، بینچز اور میزیں فراہم کی گئی ہیں۔

    سعودی عرب نے مشرقی یمن کے المہرۃ صوبے میں 8 نئے اسکول کھولے ہیں، ان میں 10 ہزار 952 طلبہ و طالبات نے داخلے لیے ہیں، صوبے ارخبیل سقطری، حجۃ اور حضر موت میں بھی 2، 2 اسکول قائم کیے گئے ہیں۔

    اسی طرح عدن میں 4 اور تعز میں ایک اسکول کھولا گیا ہے۔

    سعودی عرب کی جانب سے یمن میں اسکولوں اور جامعات کے طلبہ و طالبات کی آمد و رفت کے لیے ٹرانسپورٹ سسٹم بھی مہیا کیا گیا ہے، المہرۃ میں 12 بسیں، سقطری میں 8، مارب میں 4 بسیں اور عدن میں 2 بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔

  • بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ

    بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کے 5 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد تعلیمی اداروں سے سامنے آنے والے کوویڈ کیسز کی تعداد 550 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت بلوچستان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کے 5 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد 550 ہوگئی ہے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 13 ہزار 984 ہوچکی ہے جن میں سے فعال کیسز  8 ہزار 884 ہیں۔

    ملک میں اب تک 6 ہزار 507 مریض کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 98 ہزار 593 ہوچکی ہے۔

    صرف بلوچستان میں رپورٹ کرونا کیسز کی تعداد 15 ہزار 281 ہوچکی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 24 نئے کیسز سامنے آئے۔

    صوبے میں کرونا وائرس سے گزشتہ روز ایک ہلاکت ہوئی جس کے بعد صوبے میں کرونا وائرس سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 146 ہوچکی ہے۔

  • بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کے 16 نئے کیسز رپورٹ

    بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کے 16 نئے کیسز رپورٹ

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کے 16 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد تعلیمی اداروں سے سامنے آنے والے کوویڈ کیسز کی تعداد 541 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت بلوچستان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کے 16 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد 541 ہوگئی ہے۔

    خیال رہے کہ بلوچستان میں تعلیمی ادارے کھولنے کے تیسرے مرحلے کے تحت صوبے میں آج سے تمام پرائمری اسکولز کھول دیے گئے ہیں۔

    ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ موسم سرما کی وجہ سے اسکولوں کے اوقات کار بڑھا دیے گئے ہیں۔ سرکاری اسکول میں 9 بجے اور نجی اسکولز میں ساڑھے 9 بجے سے کلاسز کا آغاز ہوگا۔

    اس سے قبل ملک بھر میں کرونا وائرس کے باعث 6 ماہ سے بند تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھول دیے گئے تھے، پہلے مرحلے میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ ثانوی و اعلیٰ ثانوی اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں کھولی گئیں۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ایس او پیز کے مطابق ایک کلاس روم میں اگر 40 بچے پڑھتے ہیں تو ایک دن 20 بچے آئیں گے اور اگلے دن 20 بچوں کو اسکول بلایا جائے گا۔

    ایس او پیز کے مطابق بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر انہیں اسکول آنے سے روک دیا جائے گا۔

    حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کر رہی ہیں اور ایس او پیز پر عملدر آمد کا جائزہ لے رہی ہیں۔

  • لاہور کے اسکولوں میں کرونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج سامنے آگئے

    لاہور کے اسکولوں میں کرونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج سامنے آگئے

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے اسکولوں میں کیے جانے والے کرونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج سامنے آگئے، 70 ہزار بچوں میں سے 145 کرونا پازیٹو نکلے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے تعلیمی اداروں میں بچوں کے کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ جاری کردی۔ ترجمان کے مطابق 70 ہزار 750 طلبا کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ 70 ہزار سے زائد بچوں میں سے 145 بچوں کا نتیجہ مثبت آیا۔

    ترجمان کے مطابق سرکاری اسکولوں میں 63 ہزار 339 طلبا کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ نجی اسکولوں میں 7 ہزار 411 طلبا کے کرونا وائرس ٹیسٹ کیے گئے۔

    ترجمان نےمزید کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 15 سے 28 ستمبر تک 9 تعلیمی اداروں کا ایک، ایک کلاس روم سیل کردیا گیا جبکہ 5 تعلیمی اداروں کے ایک سے زائد کلاس روم سیل کیے گئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ، والدین اور طلبا احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں ایس او پیز کے ساتھ تعلیمی ادارے کھول دیے گئے ہیں جبکہ کل سے پرائمری کلاسز کی تعلیمی سرگرمیاں بھی بحال کردی جائیں گی۔

    ملک میں متعدد اسکولز میں کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ کیے گئے جن کے بعد کئی تعلیمی اداروں کو سیل کردیا گیا، بعض اداروں کو ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر بھی سیل کیا گیا ہے۔

  • بلوچستان میں پرائمری اسکول کھولنے کا فیصلہ مؤخر

    بلوچستان میں پرائمری اسکول کھولنے کا فیصلہ مؤخر

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں پرائمری اسکولوں کو مزید 15 دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصلہ کرونا وائرس کیسز بڑھنے کے باعث کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں پرائمری اسکول مزید 15 دن بند رہیں گے۔ فیصلہ کرونا وائرس کیسز بڑھنے کے باعث کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ یونیورسٹیز میں بھی کرونا وائرس کیسز سامنے آئے ہیں۔ تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد کیسز سامنے آئے ہیں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے باعث 6 ماہ سے بند تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھول دیے گئے تھے، پہلے مرحلے میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ ثانوی و اعلیٰ ثانوی اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں کھولی گئیں۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ایس او پیز کے مطابق ایک کلاس روم میں اگر 40 بچے پڑھتے ہیں تو ایک دن 20 بچے آئیں گے اور اگلے دن 20 بچوں کو اسکول بلایا جائے گا۔

    ایس او پیز کے مطابق بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر انہیں اسکول آنے سے روک دیا جائے گا۔

    حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کر رہی ہیں اور ایس او پیز پر عملدر آمد کا جائزہ لے رہی ہیں۔

    اگلے مرحلے میں سیکنڈری کلاسز 28 ستمبر اور اس کے بعد پرائمری کلاسز 30 ستمبر سے کھولی جانی تھیں تاہم کرونا وائرس کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیصلے میں تبدیلی کی جارہی ہے۔

  • اسکول کھولنے کے حوالے سے سعودی وزارت تعلیم کا اہم بیان

    اسکول کھولنے کے حوالے سے سعودی وزارت تعلیم کا اہم بیان

    ریاض: سعودی وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ جلد اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ مملکت میں اسکول کھول دیے جائیں یا آن لائن تدریس ہی جاری رکھی جائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت تعلیم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزارت آئندہ ہفتے طلبہ کی اسکولوں میں واپسی کے امکانات کا جائزہ لے گی۔

    وزارت تعلیم کا کہنا تھا کہ آن لائن تعلیم کے 5 ہفتے گزرنے کے بعد وزارت کے ماہرین آن لائن تدریس کے مثبت اور منفی پہلوؤں پر غور کریں گے۔ ماہرین کی ٹیم اس بات کے امکانات پر بھی غور کرے گی کہ آیا 7 ہفتے گزر جانے کے بعد طلبہ کو اسکولوں میں واپس آنا چاہیئے یا آن لائن تدریس جاری رکھی جائے۔

    دوسری جانب وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ کا کہنا ہے کہ آن لائن تدریس کا مستقبل انتہائی روشن ہے، ہمیں اس کے لیے مستقل بنیادوں پر منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔

    انہوں نے آن لائن تعلیم کو آسان بنانے اور طلبہ کو سہولتیں فراہم کرنے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

    وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ 60 لاکھ طالب علم اس وقت آن لائن تدریس سے مستفید ہو رہے ہیں، ہم مائیکرو سافٹ کے ساتھ مزید سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔