Tag: اسکینر

  • دولہا بھی ڈیجیٹل، گلے میں رقم ادائیگی کا یو پی آئی اسکینر لٹکا لیا

    دولہا بھی ڈیجیٹل، گلے میں رقم ادائیگی کا یو پی آئی اسکینر لٹکا لیا

    دنیا تیزی سے ڈیجیٹل ہو رہی اور چیزوں کی شناخت ان کا کیو آر کوڈ بنتی جا رہی ہے مگر ایک نوجوان کو اس کے دوستوں نے ڈیجیٹل دولہا بنا دیا۔

    تیزی سے ڈیجیٹلائز ہوتی دنیا نے زندگی میں کئی سہولتیں بھی فراہم کی ہیں۔ اب کسی بھی چیز کی خریداری کے لیے نقد رقم کی ضرورت نہیں رہی فون سے اسکین کیجیے اور ادائیگی کر دیجیے لیکن یہ سب ضروریات زندگی کی چیزوں تک ہی محدود تھا۔ یہاں ایک دولہا چلتا پھرتا ڈیجیٹل انسان بن گیا۔

    یہ انوکھا دولہا بھارت میں سامنے آیا ہے جہاں ایک شادی کی تقریب میں اسٹیج پر دولہا اپنے گلے میں اسکینر لٹکائے نظر آتا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ہوا کچھ یوں کہ دولہا اپنی دلہن کے ساتھ اسٹیج پر موجود تھا کہ اسی دوران دولہا کے چند دوست اسٹیج پر آئے اور مذاق میں دولہاکے گلے میں یو پی آئی اسکینر ڈال کر چلتے بنے۔

    اس کے بعد باری باری ایک دوست اسٹیج پر آتا اور جیب سے فون نکال کر ایک روپیہ بطور مذاق تحفہ دیتا اور یہ ادائیگی اسکرین پر بھی سب کو دکھاتا۔

    دولہا کے دوستوں کی اس مزاحیہ حرکت سے تمام شرکا بہت محظوظ ہوئے اور قہقہے لگاتے رہے۔

  • مسجد الحرام میں زائرین کی آمد کا ریکارڈ رکھنے کیلیے دروازوں پر اسکینرز نصب

    مسجد الحرام میں زائرین کی آمد کا ریکارڈ رکھنے کیلیے دروازوں پر اسکینرز نصب

    مکہ مکرمہ مسجد الحرام میں زائرین کی آمد کا ریکارڈ رکھنے کے لیے داخلی دروازوں پر اسمارٹ اسکینرز لگا دیے گئے ہیں۔

    مکہ مکرمہ میں واقع مسجد الحرام دنیا میں مسلمانوں کا سب سے مقدس مقام ہے جہاں ہر سال کروڑوں زائرین حج وعمرہ کی سعادت حاصل کرنے آتے ہیں۔

    سعودی حکومت زائرین کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے اقدامات کرتی رہتی ہے اور اب مسجد الحرام میں آنے والے زائرین کی آمد کا ریکارڈ رکھنے کے لیے مسجد کے داخلی دروازوں پر اسمارٹ اسکینرز نصب کر دیے گئے ہیں۔

    سبق نیوز کے مطابق حرمین شریفین کے امور کے نگراں ادارے کی جانب سے یہ قدم مسجد الحرام میں آنے والوں کی تعداد کا درست ریکارڈ رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق حساس اور جدید ترین سسٹم کے اسکینرز مسجد کے دروازوں کے اوپر اور دہلیز کے نیچے نصب کیے گئے ہیں۔ جیسے ہی کوئی شخص مسجد الحرام میں داخل ہونے کے لیے دہلیز کو عبور کرتا ہے حساس سکینر فوری طورپر انسانی حرکت کو ریکارڈ کر لیتے ہیں۔

    ان جدید اسکینرز سے حاصل ہونے والا ڈیٹا مرکزی کنٹرول روم کو خود کار طریقے سے ارسال کیا جاتا ہے جہاں سے مسجد الحرام میں داخل ہونے والوں کی تعداد کو فوری ریکارڈ کر لیا جاتا ہے۔

    ان اسکینرز کا یہ فائدہ ہے کہ زائرین کی تعداد کو ریکارڈ کرنے کے علاوہ جہاں لوگوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے اس مقام پر موجود اہلکاروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ افراد کی تعداد مقررہ حد تک پہنچ چکی ہے۔ جس کے بعد زائرین کو متبادل دروازوں کی جانب بھیجا جاتا ہے جس سے لوگوں کے رش کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

  • 3 بڑے ایئرپورٹس پر برطانیہ سے آنے والے جدید اسکینرز نصب

    3 بڑے ایئرپورٹس پر برطانیہ سے آنے والے جدید اسکینرز نصب

    کراچی: ملک کے 3 بڑے ایئرپورٹس پر برطانیہ سے آنے والے جدید اسکینر نصب کردیے گئے جس کے بعد سیکیورٹی اور چیکنگ کا عمل مزید مؤثر ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی جانب سے پاکستانی ایئر پورٹس کے لیے جدید مشینیں فراہم کی گئی ہیں۔ جدید اسکینر سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے فراہم کی گئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق برطانوی سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے فی الحال 18 اسکینر فراہم کیے گئے ہیں جنہیں 3 بڑے ایئر پورٹس، کراچی کے قائد اعظم انٹرنیشل، لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نیو اسلام آباد انٹرنیشل ایئرپورٹ پر نصب کردیا گیا ہے۔

    مشینوں کے ذریعے نقصان دہ آلات اور بارودی مواد کی موجودگی جانچی جاسکے گی۔ مذکورہ اسکینر فی الحال کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے برطانیہ جانے والی پروازوں کے لیے استعمال کیے جارہے ہیں۔

    خیال رہے کہ رواں برس جولائی میں لاہور ایئرپورٹ کے اندر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 2 افراد قتل ہوگئے تھے، ابتدائی انکوائری رپورٹ میں ایئر پورٹ کے واحد اسکینر کے 2 سال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق ایئر پورٹ پر واحد اسکینر صرف ڈیپارچر لاؤنج تک جانے والی گاڑیوں کو اسکین کرتا رہا، پارکنگ ایریا میں جانے والی گاڑیوں کو چیک کرنے کے لیے کوئی اسکینر نہیں تھا۔

    اے ایس ایف ذرائع کے مطابق اسکینر خراب ہونے کے باعث گاڑیوں کی اسکیننگ نہیں ہو رہی تھی، سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو ہر ماہ اسکینر کی خرابی سے متعلق آگاہ کیا جاتا رہا، آگاہ کرنے کے باوجود اسکینر کو ٹھیک نہ کروایا گیا۔

  • لاہور ایئرپورٹ کے بعد کراچی ایئرپورٹ کا اسکینر بھی خراب ہونے کا انکشاف

    لاہور ایئرپورٹ کے بعد کراچی ایئرپورٹ کا اسکینر بھی خراب ہونے کا انکشاف

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گاڑیوں کو چیک کرنے کے لیے نصب کیا گیا اسکینر گزشتہ 1 سال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر جائیکا کے تعاون سے سنہ 2016 میں اسکینر (انڈر وہیکل انسپیکشن سسٹم) نصب کیا گیا تھا جو سال بھر کے زائد عرصے سے خراب پڑا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر اسکینر کی مدد سے گاڑیوں کی جامع تلاشی لی جاتی تھی تاہم اسکینر خراب ہونے کے باعث گاڑیوں کی اسکیننگ کا عمل رک گیا، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) مینوئل طریقے سے گاڑیوں کو سرچ کر رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق اسکینر مشین کے پرزہ جات نہ ہونے کی وجہ سے مرمت کا کام التوا کا شکار ہے، مذکورہ کمپنی پر امریکا نے پابندی عائد کی ہوئی ہے جس کی وجہ سے پرزہ جات پاکستان درآمد نہیں ہو پارہے۔

    سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ جائیکا سے مکمل طور پر رابطے میں ہیں تاکہ پرزہ جات جلد سے جلد دستیاب ہوں اور مشینوں کو فعال کیا جاسکے، جائیکا کا نمائندہ وفد بھی مشینوں کا دورہ کر کے جا چکا ہے۔

    خیال رہے کہ کل لاہور ایئر پورٹ کی پارکنگ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، بعد ازاں ابتدائی انکوائری رپورٹ میں ایئر پورٹ کے واحد اسکینر کے 2 سال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق ایئر پورٹ پر واحد اسکینر صرف ڈیپارچر لاؤنج تک جانے والی گاڑیوں کو اسکین کرتا ہے، پارکنگ ایریا میں جانے والی گاڑیوں کو چیک کرنے کے لیے کوئی اسکینر نہیں۔

  • لاہور ایئرپورٹ کا واحد اسکینر 2 سال سے خراب، گاڑیاں بغیر چیکنگ اندر جاتی رہیں

    لاہور ایئرپورٹ کا واحد اسکینر 2 سال سے خراب، گاڑیاں بغیر چیکنگ اندر جاتی رہیں

    لاہور: علامہ اقبال ایئرپورٹ کے واحد اسکینر کے 2 سال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ایئرپورٹ پر آج صبح پیش آنے والے فائرنگ واقعے کی رپورٹ ہوا بازی ڈویژن کو ارسال کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر فائرنگ کے واقعے کی ابتدائی انکوائری رپورٹ تیار کرلی گئی۔ رپورٹ میں ایئر پورٹ کے واحد اسکینر کے 2 سال سے خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکینر خراب ہونے کے باعث گاڑیوں کی اسکیننگ نہیں ہو رہی، سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو ہر ماہ اسکینر کی خرابی سے متعلق آگاہ کیا جاتا رہا، آگاہ کرنے کے باوجود اسکینر کو ٹھیک نہ کروایا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ پر واحد اسکینر صرف ڈیپارچر لاؤنج تک جانے والی گاڑیوں کو اسکین کرتا ہے، پارکنگ ایریا میں جانے والی گاڑیوں کو چیک کرنے کے لیے کوئی اسکینر نہیں۔

    ذرائع کے مطابق خراب اسکینر کی انسپکشن کے لیے آج ہی جاپان سے ٹیم لاہور پہنچی ہے، انسپیکشن ٹیم جانچ پڑتال کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

    واقعے کی ابتدائی رپورٹ ہوا بازی ڈویژن کو ارسال کردی گئی ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کراچی سے ٹیم لاہور ایئرپورٹ پہنچ گئی ہے۔ اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیم جائے حادثہ کا دورہ کرے گی، ٹیم دورے کے بعد اپنی مفصل رپورٹ بھی وزارت ہوا بازی کو ارسال کرے گی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔ ملزمان کی فوٹیج حاصل کر کے تحقیقات جاری ہیں۔ ملزمان اسلحے سمیت کیسے ایئر پورٹ میں داخل ہوئے اور ان کے ساتھ کتنے افراد تھے اس سےمتعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔

    خیال رہے کہ آج صبح لاہور ایئر پورٹ کی پارکنگ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ اے ایس ایف کے مطابق فائرنگ کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔