Tag: اشتہار

  • انسٹا گرام کا نیا فیچرصارفین کو ایک اور مشکل میں ڈال دے گا

    انسٹا گرام کا نیا فیچرصارفین کو ایک اور مشکل میں ڈال دے گا

    کیلیفورنیا : دنیا بھر میں مقبول ایپلی کیشن انسٹاگرام کی جانب سے ایک نئے فیچر کی آزمائش کی جارہی ہے جس میں صارفین کو اسکرولنگ کے دوران اشتہار دیکھنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق مذکورہ فیچر میں صارفین اشتہار کو اسکِپ کیے بغیر مکمل اشتہار دیکھنے پر مجبور ہوں گے۔

    اس حوالے سے ٹیکنالوجی ویب سائٹ ‘دی ورج’ کو انسٹا گرام انتظامیہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ایسے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے جو صارفین کے لیے اشتہارات کو اسکپ کرنا مشکل بنا دے گا۔

    instagram

    تاہم ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ انسٹاگرام کی جانب سے اس فیچر کو باقاعدہ طور پر متعارف کرانے کا ارادہ ہے یا نہیں۔ رپورٹ کے مطابق انسٹا گرام کے ’ایڈ بریک‘ نامی اس نئے فیچر کو بیٹا صارفین پر آزمایا جارہا ہے،

    صارفین کے مطابق اس نئے فیچر کے تحت نیوز فیڈ پر اسکرولنگ یا اسٹوریز دیکھنے کے دوران بھی ایڈ بریک سامنے آجاتا ہے۔ یہ فیچر انسٹاگرام فیڈ پر اسکرول کرتے ہوئے اچانک آپ کو مزید اسکرولنگ سے روک دیتا ہے پھر ایک چھوٹا سا نوٹیفکیشن نمودار ہوتا ہے جوکہ ‘ایڈ بریک’ کی نشاندہی کرتا ہے۔

    feature

    اِس ایڈ بریک کے دوران آپ کو اشتہار تلاش کرنے کے لیے اوپر یا نیچے اسکرول کرنا پڑے گا، جیسے ہی آپ اشتہار تلاش کرلیں گے تو 6 سیکنڈز کا ٹائمر شروع ہو جائے گا، اِن 6 سیکنڈز کے دوران آپ کو یہ اشتہار اسکِپ کیے بغیر مسلسل دیکھنا ہوگا۔

  • پشاور: 2 دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے اشتہار جاری

    پشاور: 2 دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے اشتہار جاری

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں 2 دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے اشتہار جاری کردیا گیا، دونوں دہشت گرد انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور نے 2 دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے اشتہار جاری کردیا۔

    مبینہ ملزمان حسن شاہ اور خالد کی گرفتاری کے لیے 20 لاکھ روپے کی رقم کا اعلان کیا گیا ہے۔

    دونوں دہشت گرد پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی کو مطلوب ہیں۔

    اشتہار میں اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھنے کا کہا گیا ہے، اشتہار کے مطابق دونوں دہشت گرد انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں اور عوام سے انہیں پکڑنے میں مدد کی اپیل کی گئی ہے۔

  • کراچی سرکلر ریلوے کی مکمل بحالی، پاکستان ریلوے نے اشتہار دے دیا

    کراچی سرکلر ریلوے کی مکمل بحالی، پاکستان ریلوے نے اشتہار دے دیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے شہریوں کی سہولت کے لیے چلائی گئی کراچی سرکلر ریلوے کی مکمل بحالی کے لیے ایک اور قدم اٹھا لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سرکلر ریلوے کی مکمل بحالی کے پروگرام کے تحت پاکستان ریلوے نے روٹ کی دیواروں کی تزئین و آرائش کروانے کے لیے اشتہار دے دیا۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اورنگی سے پپری اسٹیشن کی دیواروں پر رنگ و روغن اور شجر کاری کی جائے گی، محکمہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے ساتھ کام کرنے کا خواہشمند ہے۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ سرکلر ریلوے 5 لاکھ مسافروں کو سفری سہولت دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، خواہشمند افراد، کارپوریٹ ادارے، کمپنیاں اور آرٹس کالج ڈی سی او آفس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ کراچی کے شہریوں کو سفری سہولت دینے کے لیے چلائی گئی کراچی سرکلر ریلوے تاحال مکمل طور پر بحال نہیں ہو پائی، 20 روز میں ریلوے پر 1 کروڑ کی لاگت آچکی ہے جبکہ اس کی آمدن بمشکل 4 لاکھ روپے ہوئی۔

    ٹرین کو 14 کلو میٹر کے ٹریک پر ڈرگ روڈ سے لے کر براستہ گلستان جوہر، گلشن اقبال، لیاقت آباد، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، گلبائی، سٹی اسٹیشن تک جانا تھا تاہم یہ ٹرین ابھی تک ریلوے کی مین لائن پر ہی چل رہی ہے۔

    گنجان آبادی والے علاقوں میں ابھی تک ریلوے ٹریکس اور اسٹیشنز کلیئر نہیں کیے گئے اور یہاں پر تجاوزات قائم ہیں، اکثر مقامات پر ریلوے ٹریک ختم ہوچکا ہے۔

    مین لائن سے چلنے والی سرکلر ٹرین میں روزانہ 100 سے ڈیڑھ سو افراد ہی سفر کر رہے ہیں جبکہ اس کی گنجائش 500 افراد کی ہے۔

  • رقم کی عدم ادائیگی، پریانکا کا عدالت جانے کا اعلان

    رقم کی عدم ادائیگی، پریانکا کا عدالت جانے کا اعلان

    ممبئی: بالی وڈ کی مقبول اداکارہ پریانکا چوپڑا نے رقم کی عدم ادائیگی پر عدالت جانے کا فیصلہ کر لیا، اداکارہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اشتہار میں کام کیا جس کا معاوضہ ایک سال گزرنے کے بعد بھی نہیں ادا کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف تاجر نیرو مودی نے گزشتہ سال اپنی کمپنی کے اشتہار کے لیے اداکارہ پریانکا اور نوجوان اداکار سدھارتھ ملہوترا کاسٹ کیا مگر ایک سال گزر جانے کے بعد بھی دونوں کو معاوضہ ادا نہیں کیا۔

    پریانکا چوپڑا دنیا کی 100 بااثر خواتین میں شامل

    بھارتی میڈیا کے مطابق پریانکا چوپڑا نے متعدد بار مالک سے رقم کا مطالبہ کیا مگر انہیں معاوضہ نہ مل سکا جس پر  اداکارہ نے پروجیکٹ کے مالک پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عدالت جانے کا فیصلہ کیا۔

    واضح رہے کہ نیریو مودی پر پہلے ہی الزام ہے کہ وہ بھارت کے دوسرے سب سے بڑے پنجاب نیشنل بینک سے 11 ہزار کروڑ روپے کی دھوکا کرچکے ہیں۔

    بینک ترجمان کے مطابق نیریو مودی تین کمپنیوں کے مالک ہیں جس میں ان کے خاندان کے شیئرز بھی شامل ہیں، انہوں نے غیر قانونی اور دھوکا دہی سے آمدن سے زائد منافع کمایا اور بینک سے قرضہ بھی حاصل کیا جس کی اب تک ادائیگی نہیں کی گئی۔

    پریانکا چوپڑا زیادہ کمانے والے اداکاروں کی فہرست میں شامل

    واضح رہے کہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا یونیسیف کی خیر سگالی سفیر ہیں وہ دنیا بھر میں تعلیم کے فروغ کے لیے کام سرگرم ہیں اور گذشتہ سال شام سے اردن ہجرت کرنے والے مہاجرین کے کیمپس میں متاثرہ بچوں سے ملاقاتیں بھی کیں تھیں۔

    خیال رہے سال 2017 میں برطانوی جریدے فوربز کی جانب سے جاری کردہ دنیا کی 100 بااثر خواتین کی فہرست میں بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کا نام بھی شامل ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عمران فارق قتل کیس: انسداد دہشت گردی عدالت نےبانی ایم کیوایم کوطلب کرلیا

    اسلام آباد : عمران فاروق قتل کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی ایم کیو ایم کو 30 روز میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی اخبار میں انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کی جانب سے اشتہار شائع کرایا گیا ہے جس میں بانی ایم کیو ایم کو مخاطب کرکے کہا گیا ہے کہ وہ 30 دن کے اندر عدالت کے سامنے پیش ہوں۔

    برطانوی اخبار میں شائع ہونے والے اس اشتہار میں بانی ایم کیو ایم کے لندن اور کراچی کے پتے درج ہیں۔

    انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے نوٹس میں بانی ایم کیو ایم کو مجموعہ ضابطہ فوجداری کے سیکشن 87 کے تحت طلب کیا گیا ہے۔


    عمران فاروق قتل کیس: 3ملزمان کےریڈوارنٹ کےاجراکی منظوری


    خیال رہے کہ گزشتہ برس 29 دسمبرکو ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں وزارت داخلہ نے تین اہم ملزمان کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری دی تھی۔

    یاد رہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹرعمران فاروق کو 16 ستمبر2010 کو لندن کے علاقے ایج ویئر کی گرین لین میں ان کے گھر کے باہر قتل کیا گیا تھا۔

    ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں لندن پولیس اب تک 7697 دستاویزات کی چھان بین اور 4556 افراد سے پوچھ گچھ کرچکی ہے جبکہ 4323 اشیاء قبضے میں لی گئیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • گھریلو تشدد کے خلاف آگاہی کے لیے بنگلہ دیشی اشتہار وائرل

    گھریلو تشدد کے خلاف آگاہی کے لیے بنگلہ دیشی اشتہار وائرل

    ڈھاکہ: دنیا بھر میں مختلف تنظیمیں، ادارے اور افراد خواتین پر گھریلو تشدد کے خلاف آگاہی اور ان کے خاتمے کے لیے مختلف اقدامات میں مصروف ہیں، تاہم اس سلسلے میں بنگلہ دیش میں بنایا جانے والا ایک آگہی اشتہار سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

    اشتہار کا آغاز ایک دلہن سے ہوتا ہے جس میں اسے شادی کی تقریب کے لیے تیار ہو کر جاتا ہوا دکھایا گیا ہے۔

    اگلے منظر میں وہی خاتون اپنے بال کٹوانے کے لیے سیلون میں موجود ہیں۔

    ہیئر ڈریسر اس کی زلفیں دیکھ کر ان کی تعریف کرتی ہے مگر وہ اپنے بال چھوٹے اور مزید چھوٹے کروانے کے لیے اصرار کرتی ہے جس پر ہیئر ڈریسر ناگواری کا اظہار بھی کرتی ہے۔

    آخر میں جب وہ خاتون اپنے بال چھوٹے کرنے کی وجہ بتاتی ہے تو وہاں موجود تمام افراد کی سانسیں رک جاتی ہیں۔ وہ خاتون کہتی ہے، ’ان بالوں کو مزید کاٹ دو تاکہ دوبارہ کوئی انہیں جکڑ نہ سکے‘۔

    مزید پڑھیں: پاکستان میں 80 فیصد خواتین تشدد کا شکار

    اس اشتہار کا مقصد بنگلہ دیش میں گھریلو تشدد کے اذیت ناک مسئلے کی طرف توجہ دلانا ہے۔ اشتہار کے آخر میں دکھایا گیا ہے، ’زلفیں ایک عورت کا فخر ہیں، اس فخر کو اس کی کمزوری مت بنائیں‘۔

    بالوں کی آرائشی مصنوعات کی ایک کمپنی کی جانب سے بنائے جانے والے اس اشتہار کو 35 لاکھ افراد نے دیکھا۔

    ایک بین الاقوامی ادارے کی جانب سے کی جانے والی تحقیق کے مطابق بنگلہ دیش کی 87 فیصد خواتین گھریلو تشدد کا شکار ہیں۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ خواتین پر تشدد سے زیادہ تشویش ناک بات یہ ہے کہ اس تشدد کو ایک معمول کا عمل سمجھا جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: عورت کے اندرونی کرب کے عکاس فن پارے

    ادارے کی رپورٹس کے مطابق ترقی پذیر اور کم تعلیم یافتہ ممالک، شہروں اور معاشروں میں گھریلو تشدد ایک عام بات ہے۔ خود خواتین بھی اس کو اپنی زندگی اور قسمت کا ایک حصہ سمجھ کر قبول کرلیتی ہیں اور اسی کے ساتھ اپنی ساری زندگی بسر کرتی ہیں۔

    اقوام متحدہ کے مطابق خواتین پر تشدد ان میں جسمانی، دماغی اور نفسیاتی بیماریوں کا سبب بنتا ہے جبکہ ان میں ایڈز کا شکار ہونے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔