Tag: اشتہاری

  • انسانی اسمگلنگ کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم گرفتار

    انسانی اسمگلنگ کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم گرفتار

    اسلام آباد: ایف آئی اے امیگریشن نے انسانی اسمگلنگ کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری  اجمل محمد کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کو یو اےای سے اسلام آباد پہنچنے پر گرفتار کیا گیا، ملزم کا نام اسٹاپ لسٹ میں تھا، اینٹی ہیومن ٹریفکنگ لاہور کو مطلوب تھا۔

    ایف آئی اے ترجمان نے مزید کہا کہ ملزم کے خلاف 2023 میں مقدمہ درج ہوا تھا، ملزم ویزے کے نام پر بھاری رقوم وصول کر کے فرار ہو گیا تھا۔

  • اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے اشتہاری ہونے کے انکشاف پر سب حیران

    اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے اشتہاری ہونے کے انکشاف پر سب حیران

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے اشتہاری ہونے کے انکشاف پر سب حیران ہو گئے جب کہ جج نے اس پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک اشتہاری ملزم کی درخواست انٹرٹین کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ اپنی دائری برانچ پر برہم ہو گئی، جسٹس ارباب محمد طاہر نے دائری برانچ کے نمائندہ کو طلب کر لیا، اور اس کی سرزنش کی۔

    اشتہاری ملزم اعظم خان نے اپنے خلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست دائر کی تھی، جس پر جسٹس طارق محمود جہانگیری نے پہلی سماعت پر پولیس کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا، جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت میں سماعت کے دوران درخواست گزار کے اشتہاری ہونے کا علم ہوا۔

    جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ آفس کا جدھر دل چاہتا ہے پچاس پچاس اعتراضات لگا دیتے ہیں، اور جن درخواستوں پر اعتراض لگانا ہوتا ہے آفس اُن پر تو اعتراض لگاتا ہی نہیں۔

    نمائندہ دائری برانچ ہائیکورٹ نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار نے ٹیکسلا میں بائیومیٹرک کرائی، جج نے کہا تو کیا دوسرے شہر سے بائیومیٹرک کرانے پر درخواست انٹرٹین کر لی جاتی ہے؟ اگر کوئی لندن اور امریکا سے بائیومیٹرک کرائے گا تو درخواست انٹرٹین ہو جائے گی؟

    عدالت نے نمائندے سے استفسار کیا کہ اشتہاری کی درخواست انٹرٹین نہیں ہو سکتی، آپ نے کیسے کر لی؟ دائری برانچ کے نمائندے نے کہا میاں نواز شریف کا ای بائیومیٹرک کیا گیا تھا، جسٹس ارباب نے کہا نواز شریف کا ہوا تو آپ نے سب کا شروع کر دیا؟ نمائندے نے بتایا کہ اسسٹنٹ رجسٹرار نے اس کے بعد سب کا بائیومیٹرک لینے کا کہہ دیا تھا۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ کیا تحریری طور پر یہ آرڈر دیا گیا تھا؟ نمائندے نے کہا نہیں، زبانی طور پر کہا گیا تھا۔

    بعد ازاں، جسٹس ارباب طاہر نے کہا کہ اب جب کہ اشتہاری کی درخواست پر دوسری عدالت نے نوٹسز جاری کر دیے ہیں اور آج پتا چلا کہ اشتہاری ہے، تو چلیں اس معاملے کو دیکھ لیتے ہیں۔

  • عدالت نے منی لانڈرنگ میں ملوث مونس الہٰی کو اشتہاری قرار دے دیا

    عدالت نے منی لانڈرنگ میں ملوث مونس الہٰی کو اشتہاری قرار دے دیا

    لاہور: عدالت نے منی لانڈرنگ اور کرپشن سرکل کے مقدمے میں ملوث سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کو اشتہاری قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن عدالت نے منی لانڈرنگ میں ملوث سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کو ملک سے فرار ہونے کے باعث اشتہاری قرار دیا  ہے۔

    عدالت کا کہنا ہے کہ مونس الہٰی کیخلاف منی لانڈرنگ کے 2 مقدمے درج ہیں،جس میں سے ایک اربوں روپے غیر قانونی طریقے سے ملک سے باہر لے جانے کا مقدمہ ہے جبکہ دوسرا اینٹی کرپشن سرکل پنجاب میں بھی مونس الہٰی کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    مونس الہٰی سمیت دیگر 3 ملزمان کیخلاف چالان عدالت میں جمع کر دیا گیا، عدالت نے مونس الہٰی کی ٹریول ہسٹری، بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کرلیں۔

    عدالت نے مونس الٰہی کا شناختی کارڈ، پاسپورٹ، بینک اکاؤنٹ، تمام جائیداد کے منجمد ہونے کی کارروائی کا آغاز کردیا ہے، عدالت نے پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور رہائش گاہ کا درست ایڈریس بھی طلب کیا ہے۔

  • مفرور و اشتہاری ملزمان کو پکڑنے کے لیے پولیس کے خصوصی اقدامات

    مفرور و اشتہاری ملزمان کو پکڑنے کے لیے پولیس کے خصوصی اقدامات

    کراچی: صوبہ سندھ کے مختلف شہروں سے 500 کے قریب مفرور و اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا، آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ ٹول پلازہ پر چہرہ شناخت کے لیے خصوصی کیمروں کی تنصیب کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں مفرور اور اشتہاری ملزمان کے ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا۔

    آئی جی کا کہنا تھا کہ تلاش ایپ کے بعد ٹول پلازہ پر ٹریول آئیز لگانے کا معاہدہ کیا جا رہا ہے، چہرہ شناخت کے لیے خصوصی کیمروں کی تنصیب کی جائے گی۔ ڈیٹا موجودگی سے قانون کی گرفت مضبوط ہوجائے گی۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ مفرور ملزمان کو اشتہاری ملزمان قرار دینے کے اقدامات کیے جائیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی گئی ہے، مجموعی طور پر 476 مفرور اور 44 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ ویسٹ زون میں 208 مفرور اور 20 اشتہاری ملزمان گرفتار ہوئے، ایسٹ زون سے 143 مفرور اور 9 اشتہاری اور ساؤتھ زون سے 125 مفرور اور 15 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ حیدر آباد سے 277 مفرور اور 70 اشتہاری، سکھر سے 158 مفرور اور 45 اشتہاری، لاڑکانہ سے 129 مفرور اور 129 اشتہاری اور میرپور خاص سے 56 مفرور اور 4 اشتہاری گرفتار کیے گئے۔

  • عدالت نے علی امین گنڈاپور کی درخواست ضمانت خارج کر دی، اشتہاری قرار دینے کی کارروائی

    عدالت نے علی امین گنڈاپور کی درخواست ضمانت خارج کر دی، اشتہاری قرار دینے کی کارروائی

    اسلام آباد: عدالت نے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ کورٹ تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیس میں علی امین گنڈا پور کو مسلسل غیر حاضری پر اشتہاری قرار دینے جا رہی ہے۔

    اس کیس میں آج ہفتے کو راجہ خرم نواز عدالت میں پیش ہوئے جب کہ علی نواز اعوان پیش نہیں ہوئے، علی نواز اعوان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی گئی۔

    مقدمے میں علی امین گنڈا پور کو مسلسل غیر حاضری پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا، علی امین کی درخواست ضمانت بھی خارج کر دی گئی ہے۔

    سول جج رانا مجاہد رحیم نے اس کیس کی سماعت 12 اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔

  • بھارت: اشتہاری ملزم 30 سال تک فلموں میں کام کرتا رہا

    بھارت: اشتہاری ملزم 30 سال تک فلموں میں کام کرتا رہا

    نئی دہلی: بھارت میں جرائم میں ملوث ملزم اپنے شوق کی تکمیل کے لیے 30 سال تک فلموں میں کام کرتا رہا اور پولیس اس سے بے خبر رہی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی اسپیشل ٹاسک فورس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو اشتہاری اور مفرور تھا، 30 سال سے مفرور شخص اس دوران نہ صرف نام اور شناخت تبدیل کر کے چھپا رہا بلکہ فلموں میں اداکاری بھی کرتا رہا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ اوم پرکاش المعروف پاسا ماضی میں بھارتی آرمی سے وابستہ رہا اور 1988 میں اسے برطرف کر دیا گیا۔ ہریانہ پولیس کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ ملزم 2007 سے اتر پردیش کی مقامی فلموں میں کام کر رہا ہے اور اب تک 28 فلموں میں کام کر چکا ہے جن میں ٹکراؤ، دبنگ چوپڑا یو پی اور جھٹکا شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نارینا کے رہائشی اوم پرکاش قتل اور چوری سمیت بے شمار جرائم کے مقدمات میں مطلوب تھے۔

    اوم پرکاش کو غازی آباد سے گرفتار کیا گیا جہاں وہ پولیس سے بچنے کے لیے اپنی شناخت کو تبدیل کر کے رہائش پذیر تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اوم پرکاش نے 1984 میں جرم کی دنیا میں قدم رکھا اس وقت وہ فوج میں تھے، جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہو گئے اور 1988 میں ان کو برطرف کر دیا گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق انہوں نے 1992 میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران چاقو کے وار سے ایک شخص کو قتل کر دیا تھا، جس کے بعد بھوانی ڈسٹرکٹ میں ان کے خلاف مقدمہ درج ہوا۔

    تاہم انہوں نے اپنا نام اور پتہ تبدیل کرتے ہوئے نئی جگہ پر نئے نام کے ساتھ ہربنس نگر میں رہنا شروع کر دیا۔

    اسپیشل ٹیم کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش کے بعد ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا جائے گا۔

    اوم پرکاش کے خلاف درج کیسز میں کار چوری اور موٹر سائیکل چوری کے مقدمات بھی شامل ہیں جو ان کے خلاف 1986 اور 1990 میں راجستھان میں رجسٹرڈ ہوئے۔

  • نوازشریف اگر پاکستان نہیں آتے تو اشتہاری قرار دیےجائیں گے، فردوس عاشق

    نوازشریف اگر پاکستان نہیں آتے تو اشتہاری قرار دیےجائیں گے، فردوس عاشق

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نوازشریف اگر پاکستان نہیں آتے تو اشتہاری قرار دیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس میں اتار چڑھاؤ میڈیا کی زینت بنتا رہا، نوازشریف کی سرجری کے حوالے سے میڈیا میں کوئی خبر نہیں آ رہی۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ علاج کرانے کی بجائے ہوٹلز میں دعوتیں اڑائی جا رہی ہیں، نوازشریف کی جہاں سرجری ہونی ہے وہاں میڈیا کو رسائی دے دیں۔

    کرونا وائرس سے متعلق فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کروناوائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا، وزیراعظم نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہرممکن اقدامات کی ہدایت کی۔

    رانا ثنا اللہ کا نواز شریف کی واپسی سے متعلق بڑا اعلان

    اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نوازشریف کی ضمانت میں حکومت سے توسیع کی کوئی توقع نہیں تھی، ہم حکومت کے پاس توسیع کے لیے جانا نہیں چاہتے تھے عدالتی حکم پر گئے، ہم نے صرف عدالت کی ہدایت پر عمل کیا ہے۔

    سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ چاہے 16 ہفتے ہوں یا 600 ہفتے گرز جائیں، نواز شریف صحت مند ہوں گے تو ہی وطن واپس آئیں گے۔

  • حکومت سزا یافتہ قیدی سے سیکیورٹی بانڈ مانگ سکتی ہے، بابر اعوان

    حکومت سزا یافتہ قیدی سے سیکیورٹی بانڈ مانگ سکتی ہے، بابر اعوان

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما بابرا عوان کا کہنا ہے کہ حکومت سزا یافتہ قیدی سے سیکیورٹی بانڈ مانگ سکتی ہے، قانون کے مطابق اتھارٹی مشروط آرڈر جاری کرسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں صحافی نے پی ٹی آئی رہنما بابراعوان سے سوال کیا کہ کیا حکومت بیرون ملک جانے کے لیے سیکیورٹی بانڈ مانگ سکتی ہے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ حکومت سزا یافتہ قیدی سے سیکیورٹی بانڈ مانگ سکتی ہے۔

    بابراعوان نے کہا کہ قانون کے مطابق اتھارٹی مشروط آرڈر جاری کرسکتی ہے، حکومت اجازت دے سکتی ہے تو ساتھ شرائط بھی لگاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نوازشریف کی بیرون ملک علاج کی استدعا مسترد کرچکی ہے، اسحاق ڈار ڈیڑھ سال سے بھاگے ہوئے ہیں، کیا اسحاق ڈار لندن کے علاج سے صحت مند ہوگئے ہیں؟

    تحریک انصاف کے رہنما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف واپس نہیں آتے تو حکومت جواب دہ ہے، پھر یہی کہا جائے گا عمران خان نے این آر او کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیدی بھی وہ ہے جس کے 2 بیٹے سمیت متعدد رشتے دار اشتہاری ہیں۔

    بابراعوان نے کہا کہ نیب عدالتیں اور قانون اشتہاری رشتے داروں کو ڈھونڈ رہے ہیں، عدالت سے اشتہاری کہتے ہیں ہم نے پیش نہیں ہونا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشرف دور میں گئے تو ماڈل ٹاؤن سمیت کٹے اور بچھڑے بھی دے کر گئے تھے، اس وقت آئین معطل تھا اور کچھ بھی کیا جاسکتا تھا۔

  • کرنسی اسمگلنگ کیس: ایان علی اشتہاری قرار، دائمی وارنٹ گرفتاری جاری

    کرنسی اسمگلنگ کیس: ایان علی اشتہاری قرار، دائمی وارنٹ گرفتاری جاری

    راولپنڈی: کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کو اشتہاری قرار دے دیا گیا، ملزمہ کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت جج ارشدحسین بھٹہ نے کی، سماعت میں ایان علی کے وکیل آفتاب باجوہ، بیرسٹر سرفراز علی اور دونوں ضامن شوکت عباس اور محمد نواز پیش ہوئے۔

    دوران سماعت عدالت کی جانب سے کسٹمز افسران سے حلف لیا گیا۔ عدالت نے دریافت کیا کہ بتایا جائے کہ اشتہار ملزمہ کے گھر پر لگایا گیا یا نہیں؟ ملزمہ کے قابل ضمانت اور ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کیے گئے۔

    سماعت میں وکلا اور پراسیکیوٹر سے ملزمہ کے کیس کی تفصیلات اکٹھی کرنے کا آغاز کردیا گیا۔ جج نے ایان علی کے وکیل سے کہا کہ ماڈل ایان علی کو مسلسل طلب کیا جاتا رہا مگر وہ نہیں آئیں، ماڈل نے جو ایڈریس دیا وہ کراچی کی نجی سوسائٹی کا ہے۔

    کسٹم انسپکٹر نے عدالت کو بتایا کہ کراچی گیا تو بتایا گیا ماڈل بہت عرصے سے یہاں آئی ہی نہیں۔ عدالت نے کہا کہ تمام گواہ بلائے جائیں تاکہ شہادت قلمبند کی جائے۔

    عدالت نے کہا کہ سیشن جج کراچی کو خط لکھا جائے کہ مجسٹریٹ تعینات کیا جائے، مجسٹریٹ ملزمہ کے فلیٹ کی فروخت روکنے پر متعلقہ محکموں کو پابند کرے۔

    عدالت نے ایان علی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مزید کارروائی کے لیے تمام گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ کرنسی اسمگلنگ کیس کی مزید سماعت 16 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔

    یاد رہے کہ ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے دبئی جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا، کسٹم حکام نے جب ان کا سامان چیک کیا تو اس میں سے 5 لاکھ امریکی ڈالرز برآمد ہوئے تھے۔

    ایان علی کو مقدمہ درج کرنے کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا، ان کے کیس کی سماعت کسٹم عدالت میں ہوئی اور عبوری چالان میں ملزمہ کو قصور وار قرار دیا گیا۔

    بعد ازاں ایان علی نے لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی جس پر عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ سنایا اور بیرونِ ملک جانے کی اجازت بھی دی تھی۔

  • احتساب عدالت نے شہبازشریف کے داماد کواشتہاری قراردے دیا

    احتساب عدالت نے شہبازشریف کے داماد کواشتہاری قراردے دیا

    لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے داماد عمران علی کو احتساب عدالت نے اشتہاری قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے داماد علی عمران کو اشتہاری قرار دے دیا۔

    نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ عمران علی کوپنجاب پاورکمپنی اسکینڈل میں بارہا طلب کیا لیکن وہ نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔

    وارث علی نے احتساب عدالت کو آگاہ کیا کہ عمران علی یوسف بیرون ملک فرار ہوچکا ہے۔ نیب پراسیکیوٹرنے بتایا کہ چیئرمین نیب نےعمران علی یوسف کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے۔

    قومی احتساب بیورو (نیب) لاہورنے احتساب عدالت میں علی عمران کو اشہتاری قرار دینے کی درخواست دی تھی۔

    خیال رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے داماد عمران علی کو پہلے بھی متعدد بار طلب کیا گیا تاہم وہ ملک سے فرار ہوگئے۔

    عمران علی پرملزم اکرام نوید سے 13 کروڑ سے زائد رقم غیرقانونی طور پروصول کرنے کا الزام ہے۔

    قومی احتساب بیورو (نیب) نے عمران علی کو ملک میں واپس لانے کے لیے نیب وزارت داخلہ کو مراسلہ بھی لکھ چکا ہے۔

    پنجاب کمپنیزاسکینڈل: نیب نے شہباز شریف کو پھر طلب کرلیا

    واضح رہے کہ پنجاب کمپنیز اسکینڈل میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو رواں ماہ 20 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔